Print this page

ایم ڈبلیوایم ملتان کے زیر اہتمام جشن میلاد النبیؐ ریلی کا انعقاد شیعہ سنی اکابرین کی شرکت

23 نومبر 2018

وحدت نیوز(ملتان) مجلس وحدت مسلمین ملتان کے زیراہتمام نماز جمعہ کے بعد جامع مسجد الحسین نیوملتان سے جشن عید میلادالنبی(ص) ریلی نکالی گئی، ریلی کی قیادت مجلس وحدت مسلمین جنوبی پنجاب کے سیکرٹری جنرل علامہ سید اقتدار حسین نقوی، علامہ غلام، مصطفیٰ انصاری، سلیم عباس صدیقی مہر سخاوت علی ،ضلعی سیکرٹری جنرل مرزاوجاہت علی، مولانا عمران ظفر، مولانا ہادی حسین ہادی،متحدہ میلاد کونسل کے رہنمائوں زاہد بلال قریشی، رکن الدین حامدی، رائو محمد عارف رضوی، پاکستان عوامی تحریک کے رہنما میجر اقبال چغتائی، سید وسیم عباس زیدی، سید محمدعلی کاظمی سمیت دیگر نے کی۔ ریلی کا جگہ جگہ پر گل پاشی کے ذریعے استقبال کیا گیا، ریلی اپنے سابقہ راستوں سے ہوتی دولت گیٹ چوک پہنچی جہاں پر عوام کی جانب سے شاندار استقبال کیا گیا، ریلی میں خانہ کعبہ اور مسجد نبوی کے ماڈل توجہ کا مرکز رہے،۔

ریلی کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے علامہ اقتدار نقوی نے کہا کہ ملک کو اس وقت اتحاد ووحدت کی اشد ضرورت ہے، رسول خدا کی ذات تمام عالم اسلام کے لیے نقطہ اتحاد ہے ، ہمیں رسول خدا کی محبت میں ایک ہونے کی ضرورت ہے، آج دشمن نے پھر پاکستان کو لہو لہان کردیا، کراچی اور ہنگو میں 30سے زائد افراد شہید ہوئے ہیں، دہشتگرد کسی بھی صورت اسلام کی خدمت نہیں کررہے ہیں ، ہم کراچی میں شہید ہونے والے پولیس کے شہداء اور ہنگو میں شہید ہونے والی عوام کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں ۔

 ریلی سے خطاب کرتے ہوئے متحدہ میلاد کونسل کے رہنمائوں کا کہنا تھا کہ الحمداللہ ہر سال عاشقان مصطفی کے جوش و جذبے اور ولولے میں اضافہ نظر آرہا ہے، متحدہ میلاد کونسل ایم ڈبلیو ایم کی جانب سے میلادالنبی ریلی کے انعقاد پر مبارکباد پیش کرتی ہے، ہمیں اس شہر اور ملک کو خوبصورت بنانے کے لیے اسی اخوت اور محبت کی ضرورت ہے، ہم عاشقان مصطفی کے خادم ہیں ، 12ربیع الاول کے موقع پر اہلیان ملتان نے جس محبت اور عقیدت کا اظہار کیا ہے وہ لائق تحسین ہے۔ ریلی دولت گیٹ چوک،حسین آگاہی بازار سے ہوتی ہوئی چوک گھنٹہ پر اختتام پذیر ہوئی، ایم ڈبلیو ایم جنوبی پنجاب کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل سلیم عباس صدیقی کا کہنا تھا کہ شیعہ سنی وحدت وقت کی اہم ضرورت ہے، ہم اس ملک میں شیعہ سنی وحدت کے لیے اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے، حکومت کی جانب سے عیدمیلادالنبی کے موقع پر انتظامات قابل تحسین ہیں۔

We use cookies to improve our website. Cookies used for the essential operation of this site have already been set. For more information visit our Cookie policy. I accept cookies from this site. Agree