Print this page

علامہ راجہ ناصرعباس ،سابق وفاقی وزیر مذہبی اُمور حامد سعید کاظمی ودیگر رہنما وحدت اسلامی کانفرنس سے خطاب کریں گے، علامہ اقتدار نقوی

26 اپریل 2019

وحدت نیوز(ملتان) مجلس وحدت مسلمین جنوبی پنجاب کے سیکرٹری جنرل علامہ سید اقتدار حسین نقوی نے کہا ہے کہ سری لنکا میں ہونے والے عیسائیوں کے قتل عام کو مسلمانوں کے ساتھ نہیں جوڑنا چاہیئے، مسلمان خود دہشت گردی کا شکار ہیں، کوئی بھی مسلمان دہشتگردی میں ملوث نہیں، جو لوگ اسلام کو بدنام کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، اُن کا اسلام سے کوئی تعلق نہیں ہے۔ ان خیالات کا اظہار اُنہوں نے ایم ڈبلیو ایم کے زیراہتمام 28 اپریل کو ملتان میں منعقد ہونے والی وحدت اسلامی کانفرنس کی تیاریوں کے حوالے سے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ علامہ اقتدار نقوی نے مزید کہا کہ سری لنکا میں ایسٹر کے موقع پر ہونے والے حملوں کی ذمہ داری قبول کرنے والی جماعتیں داعش، جماعت التوحید اور اسی طرح طالبان اور بوکوحرام جیسے دہشتگرد گروہوں کا اسلام سے کوئی تعلق نہیں ہے۔

اُنہوں نے کہا کہ اس وقت پاکستان سمیت دنیا بھر میں مسلمانوں کے درمیان اتحاد کی فضا پیدا کرنے کی ضرورت ہے، مجلس وحدت مسلمین اسی سلسلے میں 28 اپریل کو ملتان میں ''وحدت اسلامی کانفرنس ''منعقد کروا رہی ہے، اُنہوں نے کہا کہ وحدت اسلامی کانفرنس میں خصوصی طور پر علامہ راجہ ناصر عباس جعفری، سابق وفاقی وزیر مذہبی اُمور حامد سعید کاظمی، ڈاکٹر صفدر ہاشمی، رائو محمد عارف رضوی، قاری محمد افضل سمیت دیگر رہنما خطاب کریں گے۔ اس موقع پر صوبائی ترجمان ثقلین نقوی نے کہا کہ مجلس وحدت مسلمین کے دو روزہ تنظیمی کنونشن کا آغاز کل سے حیدریہ مسجد ملتان میں ہوگا، کنونشن میں جنوبی پنجاب بھر کے اضلاع کے قائدین شریک ہوں گے، اُنہوں نے کہا کہ دوسرے دن صبح نو بجے انٹرا پارٹی الیکشن ہوگا، جس میں نئے صوبائی سیکرٹری جنرل کا انتخاب عمل میں لایا جائے گا۔

مماثل خبریں

We use cookies to improve our website. Cookies used for the essential operation of this site have already been set. For more information visit our Cookie policy. I accept cookies from this site. Agree