وحدت نیوز (کوئٹہ) عام شہریوں کے پاس تمام دستاویزات موجود ہوتے ہیں مگر اسکے باوجود انہیں پاسپورٹ کے حصول میں دشواریوں کا سامنا ہوتا ہے۔ حکومت کو پاسپورٹ کے حوالے سے مسلسل شکایات موصول ہو رہی ہیں مگر اسکے باوجود حکومت کوئی خاص اقدام اٹھاتی نظر نہیں آرہی ہے۔ مجلس وحدت مسلمین کوئٹہ ڈویژن کے سیکریٹری جنرل عباس علی نے اپنے بیان میں شہریوں کو بے وجہ تنگ کرنے پر پاسپورٹ آفس کی انتظامیہ کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاسپورٹ آفس کے اعلیٰ افسران کا رویّہ ناقابل برداشت ہوتا جا رہا ہے، تمام ثبوت و کوائف مکمل ہونے اور کئی مرتبہ ویریفکیشن کے باوجود بھی عوام بالخصوص ہزارہ قوم کو بلاوجہ تنگ کیا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ محرم اور چہلم کے ایام میں لوگ بڑی تعداد میں نواسہ رسول صلی اللہ علیہ و آل وسلم کی زیارت کے لئے کربلا جاتے ہیں۔ ان ایام میں حکومت اور پاسپورٹ آفس خصوصی طور پر آسانی پیدا کرنے کے بجائے تعصب سے کام لیتے ہوئے حصول پاسپورٹ میں مزید سختیاں پیدا کر دیتے ہیں۔  دوسری طرف پاسپورٹ آفس کے عملے کا متعصبانہ رویہ پاکستانی قوم اور اداروں کے درمیان نفرتیں پیدا کرنے کا سبب بن رہا ہے۔ عباس علی کا کہنا تھا کہ پاسپورٹ کے اعلیٰ حکام نے افسر شاہی کا نظام قائم کر رکھا ہے اور عوام کوذلیل کرنا اور انکی عزت نفس کو مجروح کرنا اپنا حق سمجھنے لگے ہیں انہوں نے مزید کہا کہ ان حرکات پر حکومت کی خاموشی سے لگتا یہی ہے کہ شاید یہ اسٹیٹ کی پالیسی کا حصہ ہے کہ عوام کوذلیل و خوار رکھا جائے تا کہ عوام ملکی معاملات میں اپنا کردار نہ کر سکے۔ ورنہ پاسپورٹ آفس کے اعلیٰ افسر کے آمرانہ سلوک اور افسر شاہی نظام قائم کرنے کا نوٹس ضرور لیا جاتا۔ بیان میں انہوں نے کہا کہ اب تو یوں لگنے لگا ہے کہ اس ملک میں عوام کی فریاد سننے والا کوئی بھی ادارہ موجود نہیں ہے جو ان کے مشکلات کو حل کر سکے۔ تا ہم حکومت وقت، عدلیہ اور انتظامیہ کی یہ ذمہ داری بنتی ہے کہ سنجیدگی کے ساتھ ان معاملات کا نوٹس لیتے ہوئے پاسپورٹ آفس کے افسران کے خلاف کارروائی کریں۔ بیان کے آخر میں کراچی کے علاقے ناظم آباد میں مجلس پر حملے کی مذمت کی گئی اور وفاقی حکومت سے دہشتگردوں کے خلاف کاروائی شروع کرنے کا مطالبہ کیا گیا۔

وحدت نیوز (اسکردو) مجلس وحدت مسلمین پاکستان بلتستان ڈویژن نے گلگت بلتستان قانون ساز اسمبلی انتخابات کے لیے امیدواروں کو درخواستیں جاری کرنے کا عمل شروع کر دیا ہے۔ مجلس وحدت مسلمین کا سیاسی شعبہ مکمل جانچ پڑتال کے بعد تنظیمی طریقہ کار کے مطابق کامیاب ٹکٹ ہولڈرز کا اعلان جلد کرے گا۔ مجلس وحدت نے امیدوارں کے لیے ضروری قرار دیا ہے کہ ان پر کوئی اخلاقی یا کرپشن کا داغ نہ ہو، سیاسی فہم، تعلیم اور تجربے کے حامل ایسے دیندار افراد جو حب الوطنی کے جذبے سے سرشار ہوں درخواستیں لے سکتے ہیں۔ اس سلسلے میں مجلس وحدت مسلمین بلتستان ڈویژن نے قانون ساز اسمبلی کے لیے امیدوراوں کو درخواستیں دینا شروع کر دیا ہے۔ پہلے مرحلے میں مجلس وحدت مسلمین کی طرف سے ٹکٹ کے لیے درخواست لینے والوں میں اسکردو حلقہ 3سے معروف عالم دین حجتہ الاسلام آغا مظاہر حسین موسوی، اسکردو حلقہ پانچ سے معروف سماجی شخصیت سید مبارک موسوی اور معروف نوجوان رہنما ڈاکٹر شجاعت حسین میثم، اسکردو حلقہ 2سے معروف نوجوان رہنما محمد سعید اور سماجی شخصیت کاچو امتیاز علی خان، اسکردو حلقہ چار سے معروف سماجی شخصیت صوبیدار محمد علی اور راجہ ناصر علی خان مقپون، اسکردو حلقہ چھ سے لیکچرار فدا علی اور لیکچرار شیخ مبارک علی عارفی شامل ہیں۔تفصیلات کے مطابق درخواست موصول کرنے والے دو دن تک فارمز جمع کریں گے۔ مجلس وحدت مسلمین پاکستان بلتستان ڈویژن میں ٹکٹ کے لیے ہر حلقے سے درجنوں امیدوار ٹکٹ کے لیے درخواستیں جمع کریں گے اور آج اس سلسلے کی پہلی کڑی ہے۔ کل بھی مختلف حلقوں سے مزید امیدواروں کو درخواستیں جاری کر دی جائیں گی۔

مجلس وحدت مسلمین پاکستان

مجلس وحدت مسلمین پاکستان ایک سیاسی و مذہبی جماعت ہے جسکا اولین مقصد دین کا احیاء اور مملکت خدادادِ پاکستان کی سالمیت اور استحکام کے لیے عملی کوشش کرنا ہے، اسلامی حکومت کے قیام کے لیے عملی جدوجہد، مختلف ادیان، مذاہب و مسالک کے مابین روابط اور ہم آہنگی کا فروغ، تعلیمات ِقرآن اور محمد وآل محمدعلیہم السلام کی روشنی میں امام حسین علیہ السلام کے ذکر و افکارکا فروغ اوراس کاتحفظ اورامر با لمعروف اور نہی عن المنکرکا احیاء ہمارا نصب العین ہے 


MWM Pakistan Flag

We use cookies to improve our website. Cookies used for the essential operation of this site have already been set. For more information visit our Cookie policy. I accept cookies from this site. Agree