وحدت نیوز(کراچی) سانحہ مستونگ، کوئٹہ و پاراچنار سمیت ملک بھر میں جاری شیعہ نسل کشی، شیعہ علمائے کرام و جوانوں کے اغوا اور سندھ بھر میں مختلف سانحات میں گرفتار کالعدم تنظیموں کے دہشتگردوں کی رہائی کے خلاف مجلس وحدت مسلمین پاکستان کراچی دویژن کے زیر اہتمام جامع مسجد نور ایمان کے باہر مرکزی احتجاجی مظاہرہ کیا گیا، احتجاجی مظاہرے سے علامہ مرزا یوسف حسین، علامہ اظہر حسین نقوی، علامہ مبشر حسن و دیگر نے خطاب کئے۔ شرکائے احتجاج نے بینرز اور پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے، جن پر ملک بھر کی طرح بلوچستان میں بھی کالعدم دہشتگرد تنظیموں کے خلاف فوجی آپریشن اور سہولت کاروں کے خلاف بھرپور کارروائی کے مطالبات درج تھے۔ ایم ڈبلیو ایم کے تحت جامع مسجد و امام بارگاہ بو تراب عزیز آباد، جامع مسجد جعفریہ نارتھ کراچی سیکٹر 5D، جامع مسجد حسن مجتبیٰ گلشن معمار، جامع مسجد العباس وزیر بروہی گوٹھ کے باہر بھی احتجاجی مظاہرے کئے گئے۔جن میں میر تقی ظفر، ناصر حسینی، ثمر زیدی سمیت دیگر رہنما وں، کارکنان اور مومنین کی بڑی تعداد موجود تھی۔

احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے علمائے کرام نے کہا کہ گذشتہ 18 سالوں میں جس طرح ایک منظم سازش کے تحت کوئٹہ اور اسکے گرد و نواح میں شیعہ ہزارہ قوم کی ٹارگٹ کلنگ اور پھر منظم طور پر ہماری نسل کشی کا منصوبہ بنایا گیا، ملک بھر میں خصوصاً کوئٹہ، پارا چنار اور کراچی میں معصوم عوام کے قتل عام سے حکومت بالکل بیگانہ نظر آتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں پاکستان کی اقتصادی ترقی کے دشمن کالعدم شدت پسند ملک کو عدم استحکام سے دوچار کرنے کے درپے ہیں، بلوچستان حکومت امن قائم کرنے میں بری طرح ناکام ہوچکی ہیں، دہشتگردوں کے نرسری کالعدم شدت پسند گروہ کو بلوچستان میں مکمل آزادی دینا دہشتگردی کیخلاف جنگ کو ناکام بنانے کی سازش ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان دہشتگردوں گروہوں نے نام بدل کر پورے پاکستان کو یرغمال بنایا ہوا ہے، اب یہ سارے دہشتگرد گروہ داعش کے جھنڈے تلے منظم ہوکر پاکستان کو اپنی آماجگاہ بنانے کیلئے کوشاں ہیں، ہر سانحے کے بعد باقاعدہ طور پر داعش واقعے کی ذمہ داری نہ صرف قبول کرتی ہے، بلکہ آئندہ بھی اسی طرح کے حملوں کی دھمکیاں دیتی ہے۔ وزیر داخلہ بلوچستان سرفراز بگٹی اگر عوام کی جان و مال کی حفاظت نہیں کر سکتے یا پھر وزیر داخلہ کے پاس اختیارات نہیں ہے تو اپنے عہدہ سے مستعفی ہوجائیں۔انہوں نے کہا کہ آرمی چیف ملک بھر کی طرح بلوچستان میں بھی کالعدم تنظیموں کے خلاف فوجی آپریشن کا آغاز کریں۔

علمائے کرام نے کہا کہ ہمارے علماءو جوان مسلسل پنجاب سے اغواءہو رہے ہیں، ایک طرف تو ملک بھر میں محب وطن شیعہ مسلمانوں کو بدترین دہشتگردی کا نشانہ بنایا جا رہا ہے تو دوسری جانب محب وطن شیعہ علمائے کرام اور جوانوں کے اغوا کا سلسلہ تسلسل کے ساتھ جاری ہے، گزشتہ چند دنوں میں پنجاب سے ہمارے کئی بے گناہ علماءکرام اغوا ہو چکے ہیں، مسلم لیگ (ن) کی متعصب پنجاب حکومت سی ٹی ڈی کے ذریعے محب وطن ملت تشیع کیخلاف بدترین انتقامی کارروائیاں جاری رکھے ہوئے، اس سے پہلے کے ملت تشیع کے صبر کا پیمانہ لبریز ہو حکمران ہوش کے ناخن لیں، ورنہ ملت تشیع پنجاب حکومت کے خلاف احتجاجی تحریک چلانے پر مجبور ہوگی جو حکومت کے خاتمے تک جاری رہے گی، لہٰذا اعلیٰ عدلیہ اور ریاستی ادارے شیعہ دشمن پنجاب حکومت کی متعصبانہ انتقامی کارروائیوں کا نوٹس لیں اور دہشتگردوں کیخلاف بننے والی فورس سی ٹی ڈی کو اپنے شیطانی عزائم کیلئے استعمال کرنے کے پنجاب حکومت کے عمل کو روکا جائے۔ انہوں نے کہا کہ سندھ میں مختلف سانحات میں گرفتار کالعدم تنظیموں کے دہشتگردوں کو رہا کیا جا رہا ہے، سانحہ جیکب آباد و سیہون شریف میں ملوث دہشتگردوں کی رہائی باعث تشویش و اضطراب ہے، ایک طرف تو سندھ میں دہشتگردوں کو رہا کیا جا رہا ہے تو دوسری جانب سندھ بھر میں دہشتگردوں کے ہمدرد اور سہولت کار پیدا کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سندھ میں دہشت گردوں کے ٹھکانے پورے ملک کے امن کے لیے خطرہ ہیں، سندھ بھر سے دہشتگردی کے جن مراکز کی نشاندہی کی تھی ان کیخلاف بھرپور ایکشن لیا جائے، چیف جسٹس، آرمی چیف اور بلاول بھٹو سانحہ سہون و جیکب آباد کے دہشتگردوں کی رہائی کا فوری نوٹس لیں۔

وحدت نیوز(ملتان) سانحہ پارہ چنار کے خلاف مجلس وحدت مسلمین کے زیر اہتمام آج ملک بھر میں یوم احتجاج منایا گیا۔آئمہ مساجد نے جمعہ کے خطبات میں سانحہ پارہ چنار پر حکومتی بے حسی پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ پارا چنار کے معاملے پروزیر اعظم کی خاموشی تکفیری قوتوں کی خوشنودی حاصل کرنے کے لیے ہے۔ریاست کے شہریوں کے حقوق کا تحفظ حکومت کی ذمہ داری ہے۔جو حکومت عوام کو تحفظ فراہم نہیں کر سکتی اس کے پاس اقتدار میں رہنے کا کوئی جواز باقی نہیں رہتا۔اگر پارا چنار کے لوگوں کے مسائل کا سنجیدگی سے نوٹس لیا جاتا تو آج اس علاقے کو دہشت گردی کا المناک واقعات کاسامنا نہ کرنا پڑتا ۔پارہ چنار کے عوام سے حب الوطنی کی بھار ی قیمت وصول کی جا رہی ہے۔نماز جمعہ کے بعد اسلام آباد، لاہور،کراچی،کوئٹہ،ملتان اور پشاور سمیت ملک کے دیگر بڑے شہروں میں احتجاجی ریلیاں بھی نکالی گئیں جن میں سینکڑوں کی تعداد دمیں لوگوں نے شرکت کی۔شرکا نے بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر پارا چنار کی عوام کی حمایت اور حکومت کے خلاف نعرے درج تھے،جنوبی پنجاب کے اضلاع ملتان،مظفرگڑھ،ڈیرہ غازیخان،لیہ،چوک اعظم،رحیم یار خان ،علی پور اور اوچشریف میں احتجاجی مظاہرے اور ریلیاں نکالی گئیں، ملتان میں مرکزی ریلی نماز جمعہ کے بعد جامع مسجد الحسین سے نکالی گئی ،ریلی کی قیادت صوبائی سیکرٹری جنرل علامہ اقتدار حسین نقوی، علامہ قاضی نادر حسین علوی،صوبائی رہنما محمد عباس صدیقی،مہر سخاوت سیال اور ضلعی سیکرٹری جنرل سید ندیم عباس کاظمی نے کی۔

ریلی سے خطاب کرتے ہوئے علامہ اقتدار نقوی نے کہا نواز شریف نے پارا چنار کو نظر انداز کر کے وزارت عظمی کے عہدے سے غداری کی ہے۔وزیر اعظم کا تعلق کسی مخصوص فکر یا طبقے سے نہیں ہوتا بلکہ پورے ملک کی عوام سے ہوتا ہے۔پارا چنار کے لوگوں کی تضحیک ناقابل برداشت ہے پارا چنار کے لوگ مظلوم ہیں مگر حق کے لیے آواز بلند کرنا جانتے ہیں۔ ان مظلومین کی آواز کو طاقت یا اختیارات کے ناجائز استعمال سے دبایا نہیں جا سکتا۔انہوں نے کہا کہ عوام کے جان و مال کا تحفظ حکومت کی آئینی ذمہ داری ہے اور پارا چنار کے عوام اپنے آئینی حق کا مطالبہ کر رہے ہیں ۔ہم پورے عزم کے ساتھ ان کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں ۔ان کے مطالبات کی منظور ی بغیر ہم اپنے اصولی موقف سے ایک انچ پیچھے ہٹنے کے لیے تیار نہیں۔آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے پارا چنار جا کر یہ ثابت کیا ہے انہیں عوامی مسائل کا بخوبی درک ہے ۔دہشت گردی کے خلاف ان کی بلاتفریق کوششیں لائق ستائش ہیں۔آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی جانب سے پاراچنار کے شہریوں کے مطالبات ماننے پر اُن کے شکریہ ادا کرتے ہیں۔ ملتان کے علاوہ مظفرگڑھ میں نماز جمعہ کے بعد کچہری چوک سے پریس کلب تک احتجاجی ریلی نکالی گئی، ڈیرہ غازیخان میں نماز جمعہ کے بعد ٹریفک چوک پر احتجاجی دھرنا دیا گیا، رحیم یار خان میں پریس کلب کے سامنے احتجاجی دھرنا دیا گیا، لیہ اور چوک اعظم میں پریس کلب اور یادگار چوک پر احتجاجی دھرنا دیا گیا۔

وحدت نیوز(اسلام آباد) سانحہ پاراچنار کے خلاف مجلس وحدت مسلمین کے زیراہتمام اسلام آباد کے نیشنل پریس کلب کے باہر احتجاجی مظاہرہ کیا گیا اور ملوث عناصر کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا گیا۔ مظاہرین سے خطاب میں مجلس وحدت مسلمین کے رہنما علامہ اقبال حسین بہشتی نے مطالبہ کیا کہ پارا چنار میں ایف سی کی جگہ کرم ملیشیا کو واپس بلایا جائے اور جن ایف سی اہلکاروں نے پرامن مظاہرین پر فائرنگ کی ہے انہیں قانون کے مطابق سزا دی جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایک طرف دہشتگردی کے دو بڑے واقعات کے باعث ساٹھ سے زائد افراد شہید ہوئے تو دوسری جانب ایف سی اہلکاروں نے معصوم لوگوں پر فائرنگ کرکے مزید سات افراد کو موت کی نید سلا دیا۔ انہوں نے آرمی چیف سے نوٹس لینا کا مطالبہ بھی کیا۔ اس موقع پر مظاہرین نے حکومت مخالف نعرے بھی لگائے۔

وحدت نیوز(کراچی) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کراچی ڈویژن کے زیرِ اہتمام حکومت و ریاستی اداروں کی جانب سے ہزاروں شہریوں و سیکیورٹی اہلکاروں کے سفاک قاتل دہشتگرد عناصر کو معافی دینے، سانحہ پاراچنار اور شیعہ زائرین کو درپیش مسائل حل نہ کرنے کے خلاف احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا ہے کہ احسان اللہ احسان کو میڈیا پر معصوم ظاہر کرنا اور اس کیلئے معافی کی راہ ہموار کرنا آئین و قانون کے ساتھ بھیانک مذاق ہے، اگر اسے معاف کیا گیا، تو شہداء کے خاندانوں کو انصاف کی فراہمی تک تحریک چلائی جائے گی، بلاتاخیر احسان اللہ احسان سمیت تمام دہشتگردوں کو تختہ دار پر لٹکایا جائے، دہشتگردی کے خاتمے میں بڑی رکاوٹ حکومتی و ریاستی اداروں کی صفوں میں بیٹھے کالعدم تنظیموں اور انتہاپسند عناصر کے سہولت کار ہیں، پیمرا مسلسل کالعدم دہشتگردوں کی میڈیا کوریج کا نوٹس لیتے ہوئے فی الفور کارروائی کرے، پاراچنار کرم ایجنسی میں محدود عرصے کے دوران دہشتگردی کے تین بڑے سانحات کا رونما ہونا متعلقہ سکیورٹی اداروں کی کارکردگی پر سوالیہ نشانہ ہے، محب وطن شیعہ اکثریتی آبادی والے علاقے میں دہشتگردی کے واقعات پر قابو نہ پایا جانا ملت تشیع کیلئے تشویش کا باعث ہے، پاراچنار میں مسلسل دہشتگردی کے سانحات اور محب وطن اہل تشیع مسلمانوں کی نسل کشی میں ملوث کالعدم تنظیموں اور دہشتگرد عناصر اور انکے سہولت کاروں کی خلاف آپریشن کرکے انہیں جڑ سے اکھاڑ پھینکا جائے، دہشتگردوں کے خلاف پاک فوج کے آپریشن ردالفساد کی بھرپور حمایت کرتے ہیں، زائرین کی راہ میں حائل رکاوٹوں کو دور اور محکمہ حج و اوقاف کے شعبہ زائرین کو فعال کیا جائے۔ احتجاجی مظاہرہ بعد نماز جمعہ خوجہ جامع مسجد کھارادر کے باہر کیا گیا، اس موقع پر صوبائی سیکریٹری سیاسیات علی حسین نقوی، علامہ مبشر حسن اور علامہ احسان دانش نے خطاب کئے۔

مقررین نے کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج اور معصوم شہریوں کو نشانے بنانے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں، اعترافی بیان کے بعد انہیں سولی پر چڑھایا جانا ہی انصاف کا تقاضہ بنتا ہے، کالعدم تحریک طالبان پاکستان کی سالمیت و استحکام کے خلاف ملک دشمنوں کے ساتھ مل کر کام کرتی رہی، بھارتی خفیہ ایجنسی را اور افغان خفیہ ایجنسی این ڈی ایس کیلئے خدمات مہیا کرنے والے دہشتگرد عناصر ملک و قوم کے غدار ہیں، احسان اللہ احسان ملعون کے حمایت میں بولنے والوں کیخلاف بھی نیشنل ایکشن پلان کے تحت کارروائی عمل میں لائی جائے، اگر ان درندوں کے ہمدردوں کیخلاف کارروائی نہ کی گئی تو شہداء کے لواحقین یہ سمجھیں گے کہ حکومت اور مقتدر ادارے وارثان شہداء کو انصاف دلانے میں سنجیدہ نہیں، آج ہزاروں شہداء کے وارث قصاص کا مطالبہ کرتے ہیں، جبکہ پیمرا مسلسل کالعدم دہشتگرد وں کی میڈیا کوریج کا نوٹس لے۔ انہوں نے کہا کہ سانحہ پاراچنار سمیت دہشتگردی کے واقعات سے بچنے کیلئے آپریشن ردالفساد کے ساتھ ساتھ نیشنل ایکشن پلان پر بھی اسکی روح کے مطابق عمل کیا جائے، ملک کو دہشتگردوں سے پاک کرنے کیلئے سہولت کاروں کے خلاف بھرپور آپریشن وقت کی اہم ضرورت ہے۔ مقررین نے کہا کہ نواز حکومت جان بوجھ کر زائرین کیلئے مشکلات پیدا کر رہی ہے، کئی کئی روز تک تفتان بارڈر پر زائرین کو محصور رکھا جاتا ہے، بلوچستان میں داخل ہونے پر زائرین سے این اوسی طلب کیا جاتا ہے، مردم شماری کو بہانہ بنا کر زائرین کے قافلے روک دیئے گئے ہیں، حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ زائرین کے ساتھ بھرپور تعاون کیا جائے اور محکمہ حج و اوقاف کے شعبہ زائرین کو فعال کیا جائے۔

وحدت نیوز(ٹنڈومحمدخان) مجلس وحدت مسلمین ٹنڈو محمد خان کیجانب سے پارہ چنار سانحہ اور زائرین کربلا کو کانوائی کے نام پر پریشان کرنے کیخلاف احتجاجی مظاہرہ کیا گیا احتجاجی مظاہرے سے سیکریٹری جنرل محمودالحسن،محب بھٹو،مولانہ محمد بخش غدیری اور دیگر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پارہ چنار میں مسلسل شیعہ قتل عام آپریشن ضرب عضب اور آپریشن ردالفساد پر سوالیہ نشان ہے ۔انکا مزید کہنا تھا کے حکمران دہشتگردوں اور انکے سہولتکاروں کو تحفظ فراہم کرنے میں مصروف عمل ہیں ۔آپریشن ضرب عضب کیطرح آپریشن ردالفساد کو بھی ذاتی مفادات  کی خاطر استعمال کیا جا رہا ہے ہم پارہ چنار میں مسلسل شیعہ قتل عام کی سخت لفظوں میں مذمت کرتے ہیں اور پاکستان سے کربلا جانیوالے زائرین کو پریشان کیا جا رہا ہے جو کہ قابل مذمت عمل ہے۔ہم ریاستی اداروں اور حکمرانوں سے مطالبہ کرتے ہیں کہ زائرین کربلا کو سہولیات فراہم کی جائیں اور انہیں مکمل تحفظ فراہم کیا جائے۔

وحدت نیوز(ملتان) مجلس وحدت مسلمین ضلع ملتان کے زیراہتمام سانحہ پارہ چنار کے شہداء سے اظہار یکجہتی کے لیے ملتان پریس کلب کے سامنے شمعیں روشن کی گئی، اس موقع پر مجلس وحدت مسلمین کے صوبائی سیکرٹری جنرل علامہ اقتدار حسین نقوی، ڈپٹی سیکرٹری جنرل محمد عباس صدیقی، ضلعی سیکرٹری جنرل سید ندیم عباس کاظمی، علامہ قاضی نادر حسین علوی، مولانا ہادی حسین، سیدہ عابدہ حسین بخاری، سید مطلوب حسین بخاری، مرزا وجاہت علی، سید دلاور عباس زیدی، سید محمد علی کاظمی اور دیگر موجود تھے۔ اس موقع پر دہشتگردی، حکومت اور طالبان کے خلاف شدید نعرے بازی کی گئی، رہنمائوں نے سانحہ پارہ چنار کے زخمیوں کی مکمل دیکھ بھال اور شہداء کے لواحقین کے لیے معاوضہ کا مطالبہ کیا۔ علامہ اقتدار حسین نقوی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آپریشن ردالفساد کے باوجود دہشت گردوں کے سامنے حکومت بے بس اور لاچار ہے۔ صرف لفظی آپریشن اور نیشنل ایکشن پلان کا ہونا کافی نہیں بلکہ عملی طور پر دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کو قلع قلمع کرنے کی ضرورت ہے۔ حکمرانوں کی نااہلی اور عوام کے تحفظ میں بری طرح ناکامی نے عوام کو یہ سوچنے پر مجبور کر دیا ہے کہ دراصل یہ حکمرانوں کی خیانت کاری کا نتیجہ ہے۔ مفاد پرست اور عوامی امور سے لاپرواہ، کرپٹ گروہ ملک کو لوٹ کر بیرون ممالک اربوں ڈالر کے جائیداد بنانے کیلئے حکمران بن کر جھوٹے دعوئے کرنے والے ہیں۔ آرمی چیف اور سکیورٹی اداروں کے سربراہان کو خبردار کیا گیا کہ وہ عوامی امور میں اپنی ذمہ داریوں کو نبھانے میں مصلحت کا شکار نہ ہوں۔ مجلس وحدت مسلمین کے رہنما محمد عباس صدیقی نے کہا کہ پاراچنار میں نہتے شہریوں پر ایف سی کی طرف سے فائرنگ نے ثابت کر دیا کہ ان میں بھی ایسے عناصر شامل ہیں جو تکفیری دہشت گردوں کے ایما پر کچھ بھی کر گزرنے کیلئے تیار ہیں۔ آرمی چیف کو چاہئے کہ ان ذمہ داران کو عوام میں بے نقاب کریں اور انکو ایسی کڑی سزا دلائی جائے کہ پھر کوئی کالی بھیڑ عوام میں سکیورٹی اداروں کے بارے میں مایوسی پھیلانے والی حرکات کا سوچ بھی نہ سکیں۔ علامہ قاضی نادر حسین علوی نے اپنے خطاب میں ملک میں موجود دہشتگردوں کی پناہ گاہوں کے خلاف مزید کاروائیاں تیز کرنے کا مطالبہ کیا، اُنہوں نے کہا کہ حکومت دہشتگردوں کی پشت پناہی کی بجائے مظلوم عوام کا ساتھ دے۔ آخر میں زخمیوں کی صحت یابی کے لیے خصوصی دعا کرائی گئی۔

Page 11 of 21

مجلس وحدت مسلمین پاکستان

مجلس وحدت مسلمین پاکستان ایک سیاسی و مذہبی جماعت ہے جسکا اولین مقصد دین کا احیاء اور مملکت خدادادِ پاکستان کی سالمیت اور استحکام کے لیے عملی کوشش کرنا ہے، اسلامی حکومت کے قیام کے لیے عملی جدوجہد، مختلف ادیان، مذاہب و مسالک کے مابین روابط اور ہم آہنگی کا فروغ، تعلیمات ِقرآن اور محمد وآل محمدعلیہم السلام کی روشنی میں امام حسین علیہ السلام کے ذکر و افکارکا فروغ اوراس کاتحفظ اورامر با لمعروف اور نہی عن المنکرکا احیاء ہمارا نصب العین ہے 


MWM Pakistan Flag

We use cookies to improve our website. Cookies used for the essential operation of this site have already been set. For more information visit our Cookie policy. I accept cookies from this site. Agree