وحدت نیوز(لاہور) کراچی میں جاری شیعہ نسل کشی کے خلاف مجلس وحدت مسلمین پنجاب کے زیراہتمام احتجاج اور ریلی نکالی گئی۔ لاہور میں پریس کلب کے سامنے ٹارگٹ کلنگ کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ صوبائی سیکرٹری جنرل مجلس وحدت مسلمین پنجاب علامہ عبدالخالق اسدی نے ریلی کی قیادت کی۔ شرکا سے خطاب کرتے ہوئے علامہ عبدالخالق اسدی نے کہا کہ شیعہ قوم کے خون سے ہولی کھیلنے والوں کے انجام کا وقت آ پہنچا ہے حکومت کو چاہئے کہ دہشت گردوں کیخلاف سخت کارروائی کرے وگرنہ ایسا نہ ہو کہ پورا ملک کراچی کا منظر پیش کرنے لگے اور پھر دہشت گردوں کے ساتھ ساتھ حکومت کو بھی بھاگنے کا راستہ نظر نہ آئے۔

 

علامہ عبدالخالق اسدی نے کہا کہ یہ ملک ہمارے خون سے معرض وجود میں آیا ہے اور ہم ہی اپنے خون سے اس کی حفاظت کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے مٹھی بھر دہشت گردوں کے سامنے سرنڈر کر کے اپنی نااہلی کا ثبوت دیا ہے، اگر شیعہ ٹارگٹ کلنگ نہ رکی تو حکمرانوں کو چلتا کریں گے، ہمیں اسلام کے قلعہ میں ایسے حکمران نہیں چاہیں جو شیر کی کھال پہن کر عوام کو دھوکا دے کر اقتدار کے ایوانوں میں گھس بیٹھے ہوں۔ ایم ڈبلیوایم لاہور کے سیکرٹری جنرل علامہ امتیاز کاظمی نے بھی احتجاجی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کراچی میں ہونے والی حالیہ دہشت گردی لمحہ فکریہ ہے اور اگر اس دہشت گردی کو روکنے کیلئے حکومت نے خاطر خواہ انتظامات نہ کئے تو یہ احتجاج گلی گلی کوچہ کوچہ سے ہوتا ہوا پورے ملک میں پھیل جائے گا۔

 

انہوں نے کہا کہ جب تک دہشت گردوں کو کیفر کردار تک نہیں پہنچایا جاتا شیعہ قوم سٹرکوں پر رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ شہادت ہمارا ورثہ ہے ہم اپنے پیارے ملک پاکستان کو دہشت گردی کے ناسور سے ہر حال میں پاک کر کے رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت ان دہشت گردوں کو مزید مہلت نہ دے ورنہ حکومت خود اپنے آپ کو بچانے کیلئے راستے تلاش کرے گی اور دہشت گردوں کے ناپاک ہاتھوں سے خود کو کسی صورت بچا نہ سکیں گے۔ انہوں نے کہا کہ مٹھی بھر شرپسندوں نے ملک کو یرغمال بنا رکھا ہے، دہشت گردوں کو لگام دی جائے۔ انہوں نے کہ دہشت گردوں کے خلاف آپریشن کیا جائے اور ان کے ٹھکانوں کو مکمل طور پر تباہ کر دیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب میں جہاں بھی طالبان کی پناہ گاہیں ہیں ان کے خلاف بھی آپریشن کیا جائے۔

وحدت نیوز(ملتان) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ راجہ ناصرعباس جعفری کی اپیل پر آج ملک بھر کی طرح ملتان میں بھی نماز جمعہ کے بعد چوک کمہارانوالہ پر کراچی میں جاری شیعہ ٹارگٹ کلنگ کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ مظاہرے کی قیادت مجلس وحدت مسلمین ملتان کے سیکرٹری جنرل علامہ سید اقتدارحسین نقوی، علامہ قاضی نادرحسین علوی، علامہ محمد حسین مہدوی، علامہ غلام مصطفی انصاری، مولانا عمران ظفر، محمد عباس صدیقی اور دیگر نے کی۔ مظاہرین نے نمازجمعہ کے بعد چوک کمہارانوالہ کو دونوں طرف سے ٹریفک کے لیے بند کردیا اور شیعہ نسل کشی کے خلاف بھرپورنعرے بازی کی۔ مظاہرین نے بینرز، پلے کارڈز اور جھنڈے اُٹھا رکھے تھے۔ مظاہرین نے حکومت کے خلاف نعرے بازی کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے صبر کا دامن اب لبریز ہورہا ہے اگر ہماری سیکیورٹی اور حقوق کو یقینی نہ بنایا گیا تو حالات کی ذمہ داری حکومت پر عائد ہوگی۔

 

مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے ایم ڈبلیو ایم ملتان کے سیکرٹری جنرل علامہ سید اقتدارحسین نقوی کا کہنا تھا کہ پاکستان کے حالات شام، بحرین اورلبنان کی طرح بنائے جارہے ہیں، دہشت گردوں کو لگام نہ دی گئی تو کوئی بھی محفوظ نہیں ہوگا۔ اُنہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کو اندر سے کھوکھلا کیا جارہا ہے جو کہ غیرملکی سازش کا حصہ ہے۔ اُنہوں نے وزیرستان میں میجر جنرل کی شہادت کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ حکومت ان دہشت گردوں کو تحفظ دے رہی ہے جو ملک کے کونے کونے میں پاک فوج، پولیس اور معصوم عوام کو شہید کررہی ہے۔ جب تک حکومت ان دہشت گردوں کے خلاف منظم کاروائی نہیں کرے کراچی سمیت پورا ملک جلتا رہے گا۔

وحدت نیوز(اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین ضلع اسلام آباد کے زیراہتمام جیو کے مارننگ شو میں توہین آمیز مواد نشر کرنے کیخلاف پیمرا آفس کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ مظاہرے میں شرکاء کی بڑی تعداد موجود تھی، مظاہرین نے ہاتھوں میں پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے، جن پر توہین آمیز نشریات کے خلاف نعرے درج تھے۔ اس موقع پر مقررین کا کہنا تھا کہ پیمرا اپنی ذمہ داریاں ادا کرنے میں ناکام رہا ہے، اگر پیمرا شروع دن سے اپنا کام ٹھیک انداز میں کرتا تو آج نوبت یہاں تک نہ پہنچتی۔ مقررین نے پیمرا کے تمام عہدیداروں کی برطرفی کا مطالبہ بھی کیا۔ مقررین کہنا تھا کہ توہین آمیز نشریات سے امت مسلمہ کی دل آزاری ہوئی ہے، وزارت اطلاعات کی خاموشی کی مذمت کرتے ہیں۔ مظاہرین نے حکومت سے فی الفور کارروائی کا مطالبہ کیا۔ رہنماوں نے کہا کہ حکومت اس بات کو لازمی بنائے کہ آئندہ کسی بھی ٹی وی چینل پر اس طرح کی نشریات نہ چل سکیں۔

وحدت نیوز(کراچی)11مئی 2013کا دن ملکی تاریخ کا سیاہ ترین دن تھا ، عوام کی امنگوں کا قتل ہوا ، عوامی مینڈیٹ کے چوری ہونے کا ایک سال مکمل ہونے پر مجلس وحدت مسلمین علامہ راجہ ناصرعباس جعفری کے حکم پر 11مئی کو ملک گیر یوم احتجاج منائے گئی، ملک بھر کی طرح سندھ بھر میں احتجاجی مظاہرے کئے جائیں گے۔ مرکزی احتجاجی مظاہرہ کراچی پریس کلب کے باہر ہو گا، موجودہ وفاقی اور تمام صوبائی حکومتوں کی ایک سالہ کارکردگی انتہائی مایوس کن ثابت ہوئی ، الیکشن مہم کے دوران ٹی وی اشتہاروں میں بلند و بانگ دعوے کرنے والے حکمران آج ایوانوں میں چھپ کے بیٹھے ہیں ، دہشت گرد عملی طور پر ملک پر حاکم جب کہ بیرونی امداد اور پریشر سے بر سر اقتدار آنے والی جماعتیں صرف نگران کی حیثیت سے ذمہ داری انجام دی رہی ہیں، پیپلز پارٹی مفاہمت کے نام پر نوازلیگ کی خیانتوں پر پر دے ڈال رہی ہے، عوامی حقوق کے استحصال اور ظالم نظام حکومت کے خلاف اٹھارہ مئی کو اسکردو سے بیداری امت و استحکام پاکستان کانفرنس کے ذریعے احتجاجی تحریک کا آغاز کریں گے۔ ان خیالات کا اظہار مجلس وحدت مسلمین پاکستان صوبہ سندھ کے سیکرٹری جنرل علامہ مختار امامی نے کراچی وحدت ہاؤس میں ہنگامی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ان کاکہنا تھا مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے حکومت کے ایک سال مکمل ہونے کے دن کو یوم سیاہ منانے کا اعلان کیا ہے جس کی ہم تائید کرتے ہیں ۔ اس موقع پر دیگر رہنماؤں میں علامہ صادق رضا تقوی، عالم کربلائی ،مولانا نشان حیدر،عبداللہ مطہری، آصف صفوی ،حیدر زیدی ،شفقت لانگاہ اور امتیاز شاہ بخاری بھی موجود تھے۔

 

علامہ مختار امامی کا کہنا تھا کہ ہمیں الیکشن سے قبل ہی الیکشن کے نتیجے کا اندازہ ہو چکا تھا ، عرب ممالک کی بیجا مداخلت اور پیسوں کی ریل پیل الیکشن کو مشکوک بنا رہی تھی، افسوس کے ساتھ کہنا پڑتا ہے کہ نا صرف حکمران جماعت بلکہ الیکشن کمیشن اور سپریم کورٹ کے بعض جج صاحبان بھی اس بیرونی سازش میں ملوث تھے، عوام اپنے گھروں سے جوق در جوق نظام کی تبدیلی اور خائن حکمرانوں سے نجات کی خاطر نکلے تھے،ملکی تاریخ میں ایک منفرد ٹرن آؤٹ سابقہ الیکشن میں آیا لیکن بیرونی سرمائے سب پر پانی پھیر دیا،پاکستان میں دہشت گردوں کو اسٹیک ہولڈر بنانے کے لئے الیکشن ہائی جیک ہوئے اور نواز لیگ کو ان دہشت گردوں کا نگہبان بنا کر ایوان میں بھیجا گیا۔ سعودی عرب بحرین اور بعض دیگر خلیجی ریاستیں پاکستان کے الیکشن پر براہ راست اثر انداز ہوئیں۔انہوں نے موجودہ حکومت کی ایک سالہ کارکردگی کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ عوامی مسائل ، لودشیڈنگ، دہشت گردی ، مہنگائی ، بے روزگاری کے خاتمے کے نعرے لگانے والی سیاسی جماعتیں ایک سال گذرنے کے باوجود تاحال کسی ایک مسئلے کے حل میں کامیاب نہ ہو سکیں ، لودشیڈنگ کو چند ماہ اور چند سال میں ختم کر نے کے دعوے دار میاں صاحبان آج کہتے ہیں، ہمارے تو ہاتھوں سے طوطے اڑ گئے، الیکشن کیمپین کے دوران اربوں روپئے کے ٹی وی کمرشلز میں صرف جوش خطابت اور عوام کو خوش کر نے کے لئے ایسے دل فریب نعرے لگائے گئے۔ آج عوام چودہ چودہ ، سولہ سولہ گھنٹے کی لودشیڈنگ بھگت رہے ہیں ، صنعتوں کا پہہ جام ہو چکا ، بے روز گاری میں اضافہ ہوا، لوگ بھوک و افلاس س خودکشیوں پر مجبور ہو ئے۔انہوں نے مزید کہا کہ مسلم لیگ ن اور پاکستان تحریک انصاف لوڈشیدنگ کے مسئلے پر سیاست چمکانے سے باز آئیں اور پاور پروجیکٹس کی تنصیب کے حوالے سے سنجیدہ اقدامات کریں۔باریاں لگانے والی پیپلز پارٹی اور نواز لیگ نے ایک دوسرے کے عیبوں اور خامیوں پر پردہ ڈالنے کا بھی معاہدہ کر رکھا ہے، زرداری صاحب نے بڑے بھائی کو پانچ سال پورے کروانے کی یقین دھانی کروارکھی ہے۔

 

انہوں نے کراچی سمیت ملک بھر میں جاری ٹارگٹ کلنگ بھتہ خوری ، دہشت گردی پر تشویش کا اظہار کر تے ہو ئے کہاکہ کراچی میں درجن بھر شہریوں کا قتل معمول بن چکا ہے، گذشتہ ایک سال میں وفاقی و صوبائی حکومت نے فقط ایک بوسیدہ ٹارگٹڈ آپریشن کے کچھ نہیں کیا، جس کا نتیجہ صفر نکلا ، ہزاروں دہشت گردو ں کی گرفتاری کے دعوے ہو ئے لیکن سزا کسی ایک مجرم کو بھی نہ ہوئی، وزیر اعظم صاحب فقط گرفتاریوں کی تعداد پوچھ کر کراچی سے واپس آجاتے ہیں۔کراچی کی طرح پنجاب بھر میں بھی لاء4 اینڈ آرڈر کی صورتحال قابل اطمنان نہیں لاہور، گجرانوالہ ،فیصل آباد،اسلام آباد، راولپنڈی ،ملتان اور دیگر شہروں میں دہشت گردوں کے مراکز موجود ہیں جو صوبے بھر میں دہشت گردی میں ملوث ہیں ، لیکن نواز لیگ ان دہشت گردوں کے خلاف کو ئی ٹھوس کاروائی کرنے میں سنجیدہ نہیں ،پاک فوج کے جوانوں ، ڈاکٹروں ، وکلاء، انجینئرز، علماء اور شیعہ کمیونٹی سے تعلق رکھنے والے افراد کے قاتل تاحال آزاد ہیں۔ انہوں نے اعلان کیا کہ مجلس وحدت مسلمین پاکستان بیرونی امداد پر برسر اقتدار آنے والی حکومت کے ایک برس مکمل ہونے پر گیارہ مئی کو ملک گیر یوم سیاہ منائے گی ، ملک بھر میں کی طرح سندھ بھر میں احتجاجی مظاہرے کیئے جائیں گے، جب کہ مرکزی احتجاجی مظاہرہ کراچی پریس کلب پر ہوگا، عوام سے پر زور اپیل کی جاتی ہے کہ ظالم اور کرپٹ حکومت کے خلاف گیارہ مئی کو اپنے گھروں سے باہر نکلیں اور ان بیرونی ایجنڈوں سے اپنی بھر پور نفرت کا اظہار کریں۔

وحدت نیوز(لاڑکانہ) گلگت بلتستان میں وفاقی وصوبائی حکومت کی نااہلی اور مہنگائی ، لوڈشیڈنگ میں ہو شربہ اضافے اور گندم پر دی جانے والی سبسڈی کے خاتمے کے خلاف علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کی اپیل پر لاڑکانہ میں بعد نماز جمعہ ایم ڈبلیو ایم کے زیر اہتمام مرکزی جامع مسجد و امام بارگاہ جعفریہ کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا، احتجاجی مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے ضلعی سیکریٹری جنرل طارق حسین بدوی نے کہاکہ گلگت بلتستان کے عوام کو بنیادی حقوق سے محروم رکھنا حکمرانوں کی فرعونیت کی عکاسی کرتا ہے، مہنگائی ، لوڈشیڈنگ،کرپشن اور گندم کی آسمان سے باتیں کر تی قیمتوں نے عوام کا جینا محال کر دیا ہے، مہدی شاہ گلگت بلتستان کے نااہل ترین وزیر اعلیٰ ثابت ہوئے ہیں ، جو کہ آج تک اپنے صوبے کے عوام کے مسائل سے حل کے لئے ایک قدم بھی نہ اٹھا سکے۔ طارق بدوی نے حکومت کو متنبہ کیا کہ اگر عوامی ایکشن کمیٹی کے چارٹر آف ڈیمانڈ کو جلد از جلد تسلیم نہ کیا تو مجلس وحدت مسلمین ملک بھر میں احتجاج کا دائرہ کار بڑھا دے گی۔واضح رہے کہ لاڑکانہ کی تحصیل رتوڈیرو اور ڈوکری میں بھی اہلیان گلگت بلتستان سے اظہار یکجہتی کے لئے احتجاج کیا گیا۔

وحدت نیوز(ملتان) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ راجہ ناصرعباس جعفری کی اپیل پر ملک بھر کی طرح ملتان میں بھی گلگت بلتستان کی عوام کی حمایت اور عوامی ایکشن کمیٹی کے ساتھ اظہاریکجہتی کے لیے پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ مظاہرے کی قیادت مجلس وحدت مسلمین ملتان کے سیکرٹری جنرل علامہ سید اقتدارحسین نقوی، ڈپٹی سیکرٹری جنرل محمد عباس صدیقی، سید دلاور عباس زیدی، مرزا وجاہت علی اور دیگر نے کی۔ مظاہرین نے بینرز اور پلے کارڈزاُٹھا رکھے تھے۔ مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے ایم ڈبلیو ایم ملتان کے سیکرٹری جنرل کا کہنا تھاکہ گلگت بلتستان کا کرپٹ وزیراعلی عوام کے غیض وغضب سے ڈرے اگر عوام کے حقوق نہ مانے گئے تو اس کی حکومت کا خاتمہ ہو جائے گا۔ اُنہوں نے مزید کہا کہ مجلس وحدت مسلمین عوامی ایکشن کمیٹی کے مطالبات کی مکمل حمایت کرتی ہے اور جب تک ان کے مطالبات تسلیم نہیں کیے جاتے ہم احتجاج کرتے رہیں گے۔

مجلس وحدت مسلمین پاکستان

مجلس وحدت مسلمین پاکستان ایک سیاسی و مذہبی جماعت ہے جسکا اولین مقصد دین کا احیاء اور مملکت خدادادِ پاکستان کی سالمیت اور استحکام کے لیے عملی کوشش کرنا ہے، اسلامی حکومت کے قیام کے لیے عملی جدوجہد، مختلف ادیان، مذاہب و مسالک کے مابین روابط اور ہم آہنگی کا فروغ، تعلیمات ِقرآن اور محمد وآل محمدعلیہم السلام کی روشنی میں امام حسین علیہ السلام کے ذکر و افکارکا فروغ اوراس کاتحفظ اورامر با لمعروف اور نہی عن المنکرکا احیاء ہمارا نصب العین ہے 


MWM Pakistan Flag

We use cookies to improve our website. Cookies used for the essential operation of this site have already been set. For more information visit our Cookie policy. I accept cookies from this site. Agree