وحدت نیوز (لاہور) مجلس وحدت مسلمین اور جمعیت علمائے پاکستان نیازی گروپ میں اتحاد کا باضابطہ اعلان سربراہ مجلس وحدت مسلمین پاکستان علامہ راجہ ناصر عباس جعفری اور جمعیت علمائے پاکستان کے صدر پیر معصوم شاہ نقوی کی دیگر رہنماوُں کے ہمراہ مجلس وحدت مسلمین پنجاب کے صوبائی سیکرٹریٹ میں مشترکہ پریس کانفرنس،پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے، علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کا کہنا تھا کہ شیعہ سنی اسلام کے دو بازو ہیں مملکت خداداد پاکستان کو دونوں مسلکوں نے مل کر بنایا تھا اور انشااللہ اس کی حفاظت بھی مل کر کریں گے،پاکستان کے دشمنوں نے اپنے ناپاک عزائم کی تکمیل کے لئے فرقہ واریت اور انتہا پسندی کو ہوا دی،آج الحمدللہ وہ ناکام ہوچکے ہیں پاکستان کے شیعہ سنی متحد ہیں ،علامہ راجہ ناصرعباس جعفری نے سعودی عرب فوج بھجوانے کی شدید مخالفت کرتے ہوئے اسے ملکی سلامتی کے لئے خطرہ قرار دیا ،انہوں نے کہا کہ اسلامی ایٹمی پاور ہونے کے ناطے ہمیں مسلمان ملکوں کی لڑائی میں فریق بننے کی بجائے مسلمانوں کو آپس میں ملانے اور ثالثی کا کردار ادا کرنا چاہیئے،پاکستان اپنی سلامتی کو مقدم رکھے،ہم اسلام میں اتحاد اور اخوت کا باعث بنیں نہ کہ کسی پراکسی وار کا حصہ بن کر ملک کو مزید کسی امتحاں سے دوچار کریں ۔حکمران ہوش کے ناخن لیں۔

 

پریس کانفرنس سے خطاب میں جمعیت علمائے پاکستان کے مرکزی صدر پیر معصوم نقوی کا کہنا تھا کہ پاکستان کے بانی قائد اعظم شیعہ اور پاکستان کا خواب دیکھنے والے علامہ اقبال سنی مسلک سے تھے اس وطن عزیز کو شیعہ اور سنی نے مل کر بنایا آج ہمارااتحاد اس بات کی غمازی ہے کہ ہم فرقہ واریت کے نام پر پاکستان کو کمزور نہیں کرنے دینگے،پاکستان کے شیعہ سنی متحد ہیں ہم دہشت گردی کے خلاف آپریشن کو خوش آئند اور پاکستان کی سلامتی وبقا کو ایک سنگ میل سمجھتے ہیں تکفریت اور دہشت گرد پاکستان کے دوست نہیں،ہمیں ان دشمنوں سے نجات کے لئے کمر بستہ ہو کر اپنی افواج کی پشت پر کھڑا ہونا ہوگا،سعودی عرب کی جانب سے مسلمان ملک یمن میں حملہ قابل مذمت ہے،پاکستان کو اس جنگ میں دھکیلنے والے دراصل آپریشن ضرب عضب کو متاثر کرنے کے درپے ہیں،ہمیں مسلمان ملکوں میں لڑائی پر ثالثی کا کردار ادا کرنا چاہیئے،ہم پاکستان کی سلامتی کو داوُ پر لگانے کی کسی خارجہ پالیسی کو تسلیم نہیں کریں گے دونوں جماعتوں کے سرابراہوں نے مشترکہ اعلامیہ پر دستخط بھی کیے۔

وحدت نیوز (قم المقدسہ) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکریٹری امور خارجہ وڈپٹی سیکریٹری جنرل ڈاکٹر علامہ سید شفقت حسین شیرازی نے قم المقدس سے جاری ایک بیان میں نے کہا کہ یمن پر سعودی جارحیت دراصل سعودیہ کی خطے میں تسلط قائم رکھنے کی سازش کا حصہ ہے۔ یمنی عوام اپنے حقوق کے لئے پرامن جدوجہد کر رہی تھی جو کہ ان کا بنیادی حق ہے۔ سعودی عرب یمن کی عوام کے خون سے ہولی کھیل رہا ہے جس کا خمیازہ اسے بھگتنا پڑے گا۔ علاوہ ازیں ڈاکٹر صاحب نے کہا کہ دنیا کے کسی بھی مسلمان سے کعبۃ اللہ کو خطرہ نہیں ہے خطرہ دارصل سعودی حکمرانوں کو اپنی شہنشایت اور محلات کا ہے جس کے لئے وہ مقدسات کی آڑ میں بے گناہ مسلمانوں کا قتل عام کر رہے ہیں۔ تاریخ گواہ ہے کہ سعودی شہزادوں نے ہمیشہ سے اپنے مخالفین اور حریت کے لئے اٹھنے والی تحریکوں کو دبانے کے لئے مقدس مقامات کا سہارہ لے کر ان کا بے دریغ قتل عام کیا ہے لہذا امت مسلمہ اور خاص طور پر سعودی عرب کے اتحادیوں کو جان لینا چاہیے کہ یہ جنگ مقدسات کی جنگ نہیں ہے بلکہ یہ شہنشایت کو دوام بخشنے کے لئے لڑی جانے والی جنگ ہے۔ اتحادیوں کو چاہیے کہ وہ خواہ مخواہ یمنی عوام کے خون سے اپنے ہاتھوں کو رنگین نہ کریں اور ملت یمن کی نفرت میں اضافہ نہ کریں۔

وحدت نیوز (کوئٹہ) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی رہنماعلامہ سید ہاشم موسوی نے اپنے بیان میں کہا گیا ہے کہ سعودی حکمران اپنی بادشاہت بچانے کی خاطر یمن پر حملہ کرکے بدترین ریاستی دہشتگردی اور سنگین جنگی جرائم کا مرتکب ہوا ہے۔ عرب عوام آمریت سے تنگ آچکی ہیں۔ وہ اپنے ممالک میں جمہوریت اور خود مختاری کے خواہاں ہیں۔ مغربی ممالک اور عرب حکمران عوام کی بیداری کا رخ فرقہ واریت کی طرف موڑ رہے ہیں جس کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے۔ اس صورتحال کے باوجود نواز حکومت کا قوم اور پارلیمنٹ کو نظر انداز کرنا اور سعودی آمر کے ظالمانہ اقدام کی حمایت کرتے ہوئے فوجی امداد کی یقین دہانی کرانا وطن عزیز سے ان کی وفاداری پر سوالیہ نشان ہے۔یمن کے خلاف جنگی فریق بن کر نواز حکومت ملک کی خودمختاری و سالمیت اور پاک فوج کی عزت کو داو پر لگا رہی ہے۔ حکومت حرمین شریفین کے مقدس نام پر سیاست کرتے ہوئے عوام کو فریب دینے کی کوشش کررہی ہے۔

 

انہوں نے مزید کہاکہ حرمین شریفین کو اگر آمروں سے خطرہ نہ ہو تو یمنی مسلمانوں سے کوئی خطرہ نہیں ہو سکتا کیونکہ یمنی مسلمان تو قبلہ اول کی آزادی کے بھی خواہاں ہیں۔ شریف برادران اور وزیر دفاع خواجہ آصف کے ایسے بیانات ان کے انتہا پسندانہ و تکفیری سوچ کی عکاسی کررہی ہیں۔ حکومت افغان جنگ کے بھیانک نتائج سے سبق سیکھتے ہوئے ہمیں اب یمنی عوام کا قاتل نہ بنائیں۔ قوم پہلے سے ہی نسلی ، لسانی، صوبائی اور مذہبی تعصبات کا شکارہیں۔ اب یمن کے معاملات میں مداخلت کرکے قوم میں مذید انتشار اور فرقہ واریت کو ہوا نہیں دینی چاہیے۔یمن کے خلاف جنگی فریق بننے کی بجائے حکومت مصالحانہ کردار ادا کرتے ہوئے وہاں جمہوری نظام قائم کرنے کا فارمولہ پیش کریں۔ تاکہ یمن میں امن و امان قائم ہو اور پاکستان کی ساکھ کو نقصان بھی نہ پہنچے۔

وحدت نیوز (پشاور) مجلس وحدت مسلمین خیبرپختونخوا کے سیکرٹری جنرل علامہ محمد سبطین حسینی نے کہا ہے کہ حرمین کی حفاظت اور ملکی سالمیت کے نام پر ایک اسلامی اور ہمسایہ ملک پر جارحیت علاقے کو آگ کی وادی میں دھکیلنا اور استعمار و استبداد کے مکروح عزائم کو عملی جامہ پہنانا ہے،بین الاقوامی خبر رساں ادارے سے خصوصی گفتگو کے دوران رہنما ایم ڈبلیو ایم کا کہنا تھا کہ آل سعود کے حکمرانوں نے 90 کی دہائی میں امریکی ایماء پر کفار کے نجس قدم حجاز مقدس پر رکھوانے کے علاوہ لاکھوں انسانوں کے خون میں برابر کے شریک ہو کر قدرتی وسائل سے مالامال ممالک، کویت و عراق کو بے تحاشہ نقصان پہنچایا اور لاکھوں انسانوں کو بے گناہ قتل کراوایا اور اب یمن میں مداخلت کرکے مشرق وسطیٰ بلکہ عالم اسلام میں تفرقہ ڈالنے کی مذموم کوشش کی ہے۔ یمن میں امن و استحکام کی بجائے بے گناہ عوام کا خون بہا کر کس کی خدمت کی جارہی ہے۔

وحدت نیوز (لاہور) امت مسلمہ اغیار کی سازشوں کا ادراک کرے اور مسلم امہ میں خونریزی بند کروائے،یمن کے مسلمانوں کے لئے حرمین شریفین کی حرمت اتنی عزیز ہے جتنی دیگر مسلم ممالک کو ہے،اقتدار اور بادشاہت کی جنگ کو حرمین شریفین کے ساتھ جوڑ کر مسلمانوں کے جذبات سے نہیں کھیلنا چاہیئے،پاکستان اس پراکسی وار سے دور رہ کر ثالثی کا کردار ادا کرے،پاکستان میں کالعدم جماعتوں کی جانب سے مسلمانوں کے جذبات بھڑکانے کا عمل بند ہونا چاہئے،مشرقی وسطیٰ کی اس پراکسی وار سے ہمیں دور رہنا ہوگا،میڈیا یمن کی سیاسی جنگ کو مذہبی رنگ دینے سے گریز کرے، حرمین شریفین کو خطرہ سعودی حکمرانوں سے ہے،ان خیالات کا اظہار مجلس وحدت مسلمین پنجاب کے سیکرٹری جنرل علامہ عبدالخالق اسدی نے صوبائی سیکرٹریٹ میں لاہور ڈویژن کے اراکین کے اجلاس سے خطاب میں کیا۔

 

انہوں نے کہا کہ ہمیں پاکستان کی سلامتی و استحکام کو سامنے رکھنا چاہیئے،تاریخ گواہ ہے کہ عرب ممالک نے اپنے مفادات کے لئے طالبان سمیت ہر انتہا پسند گروہ کی سرپرستی کی،وکی لیکس اور ہمارے انٹیلیجنس اداروں کی رپورٹس ہمارے سامنے ہیں،اب وقت آگیا ہے کہ ہمیں پاکستان کے لئے سوچنا ہو گا،پاکستان امت مسلمہ میں واحد ایٹمی ملک ہے،امریکہ اسرائیل،بھارت کی یہی خواہش ہے کہ پاکستان کو اس دلدل میں دھکیلے،حکمرانوں اور ریاستی اداروں نے دانشمندی کا ثبوت نہ دیا توملک کوایک نہ ختم ہونے والے بحران سے دوچار ہو نے سے کوئی بچا نہیں سکتاٍ،علامہ اسدی کا کہنا تھاپاکستان کی سیاسی و مذہبی جماعتوں کا امتحان ہے کہ وہ اس بحران سے ملک کو بچانے اور امت مسلمہ کے درمیاں ہم آہنگی برقرار رکھنے میں اپنا کردار ادا کریں۔اجلاس میں علامہ سید احمد اقبال رضوی،علامہ ابو زر مہدوی،علامہ محمد اقبال کامرانی،عمران علی شیخ،سید اسد عباس نقوی،رانا ماجد علی،سید حسین زیدی،اور زاہد حسین مہدوی نے شرکت کی۔

وحدت نیوز (کوئٹہ)  مجلس وحدت مسلمین کوئٹہ ڈویژن کے میڈیا سیل سے جاری کردہ بیان میں ایم ڈبلیوایم کے رکن بلوچستان اسمبلی سید محمد رضانے کہاہے کہ ہمیں ہر آزمائش میں صبر سے کام لینا ہوگا۔پاکستان اس وقت چاروں طرف سے مشکلات میں گھرا ہوا ہے ہمیں ایک ملت بن کر ان مشکلات سے نکلنا ہوگا،حکومت افواہوں پر کان دہرکر یمن کے بے گناہ عوام کے قتل عام میں شریک نہ ہو، اجتماعی ترقی اور خوشحالی کیلئے جن معاشرتی خوبیوں کی ضرورت ہوتی ہے ان میں ایک بنیادی بات یہ ہے کہ لوگ ایک دوسرے پر اور اپنے اداروں پر بھروسہ کر سکیں ہم اس دولت کی بات تو بہت کرتے ہیں جس کی ایک مادی حیثیت ہے لیکن ایک دولت وہ بھی ہوتی ہے جس کا رشتہ ہماری اجتماعی اور انفرادی زندگی سے ہوتا ہے جہاں تک اعتماد کا معاملہ ہے تو اس کا اطلاق صرف سیاست پر نہیں ہوتا ہماری اجتماعی زندگی میں بھروسے اور اعتماد کی کمی اتنی پھیل گئی ہے کہ ایماندار اور نیک لوگ اپنے اپنے شعبوں میں خود کو اس کیلئے موزوں نہیں سمجھتے ۔ پاکستان سے اگر کرپشن، بد عنوانی کے کلچر کو ختم کرنا ہے تو ہمیں مل کر اسکے خلاف کام کرنا ہوگا ہمارے معاشرے میں ہر طرح کی گندگی موجود ہے کیونکہ ہمارے معاشرے میں صرف بھروسے اور اعتماد کی ہی کمی نہیں ہے برداشت کی اس سے بھی زیادہ کمی ہے یہ سوچ کر دکھ ہوتا ہے کہ کیسی کیسی محرومیوں کو ہم قبول کر لیتے ہیں اور کیسی کیسی باتوں پر پورا ملک ،پورا معاشرہ غیظ و غضب کا شکار ہو جاتا ہے جس کیلئے سنجیدہ طرز عمل ضروری ہے ۔

مجلس وحدت مسلمین پاکستان

مجلس وحدت مسلمین پاکستان ایک سیاسی و مذہبی جماعت ہے جسکا اولین مقصد دین کا احیاء اور مملکت خدادادِ پاکستان کی سالمیت اور استحکام کے لیے عملی کوشش کرنا ہے، اسلامی حکومت کے قیام کے لیے عملی جدوجہد، مختلف ادیان، مذاہب و مسالک کے مابین روابط اور ہم آہنگی کا فروغ، تعلیمات ِقرآن اور محمد وآل محمدعلیہم السلام کی روشنی میں امام حسین علیہ السلام کے ذکر و افکارکا فروغ اوراس کاتحفظ اورامر با لمعروف اور نہی عن المنکرکا احیاء ہمارا نصب العین ہے 


MWM Pakistan Flag

We use cookies to improve our website. Cookies used for the essential operation of this site have already been set. For more information visit our Cookie policy. I accept cookies from this site. Agree