حکومت پاکستان امریکی و سعودی ایماء پر شام کی جنگ میں دخل اندازی سے باز رہے ، اہل سنت ایکشن کمیٹی

06 مارچ 2014

وحدت نیوز(کراچی) کراچی آپریشن کے باوجود کالعدم طالبان اوراس کے ذیلی دہشت گرد گروہوں کی کارروائیوں اور دہشت گردوں سے مذاکرات اور شام پر امریکاو سعودی نواز پالیسی اپنانے پر حکومت کے خلاف جمعہ کو یوم احتجاج منانے کا اعلان کردیا۔ جمعیت علماء پاکستان کراچی کے صدر اور اہل سنت ایکشن کمیٹی کے سرپرست اعلیٰ علامہ قاضی احمد نورانی نے کراچی پریس کلب میں اہم پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کے پے درپے واقعات حکومت کی ناکامی کا ثبوت ہیں۔ کراچی آپریشن کی کامیابی کا دعویٰ بھی مضحکہ خیزہے،عوام اہل سنت ریاست کے اہم ستونوں کوکمزورکرکے ملک کوتباہ کرنے کی سازش ناکام بنادیں گے، ایک طرف مذاکرات مذاکرات اور دوسری طرف مساجد،مدارس،خانقاہوں ،مزارات اور علماء ومشائخ پر حملے اور دھمکیاں ناقابل برداشت ہیں، ملک شام کے حوالے سے حکومت اپنی سابقہ پالیسی برقراررکھے،یہ وقت بیرونی معاملات میں الجھنے کے بجائے ملک سنبھالنے کاہے،رابطہ عالم اسلامی کے مردہ گھوڑے کوامریکا کے انجکشن لگاکرزندہ کرنے کی کوشش کی جارہی ہے،اس موقع پر اہل سنت ایکشن کمیٹی کے چیئرمین نسیم احمدسحر،جماعت اہل سنت پاکستان کراچی کے نائب ناظم اعلیٰ علامہ محمدناصرخان قادری ترابی، اہل سنت ایکشن کمیٹی کے سینئروائس چیئرمین بابافخرالدین نورانی،جماعت اہل سنت بلدیہ ٹاؤن کے ناظم اعلیٰ علامہ غلام شبیرقادری، اہل سنت ایکشن کمیٹی کے وائس چیئرمین صاحبزادہ عارف رشیدفاروقی،شیخ عبدالوحیدیونس اور دیگر علماء ومشائخ اور عہدیداران موجودتھے۔

 

علامہ قاضی احمدنورانی نے حکومت کی جانب سے مذاکرات میں فوج کوشامل کرنے پرواشگاف الفاظ میں کہاکہ جنگجوؤں سے حکومت اورفوج نے دسیوں بارمذاکرات کئے لیکن دس سال کے عرصے میں انسانی شکل میں ان بھیڑیوں نے ریاست کے اندرریاست قائم کرکے حکومتی رٹ کوہمیشہ چیلنج کیا۔جاہلانہ نظریات کواسلام قراردیااور اختلاف کرنے والوں کو بے دریغ درندگی کانشانہ بنایامزارات پر دھماکے کئے،مساجداورمدارس بھی ان کے ظلم کانشانہ بنے ،علماء اور مشائخ کوقتل کیااور کراچی میں جاری آپریشن کے باوجودان ظالمان کی دھمکیاں اور بھتہ خوری جاری ہے۔ اب محترم وزیراعظم نوازشریف کو فیصلہ کرناہوگاکہ وطن عزیز کوبچاناہے یااپنی جلاوطنی کے دوران میزبانی کرنے والوں کے اشارے پرملکی امن وسلامتی کو داؤ پرلگاناہے ۔

 

انہوں نے شام کے حوالے سے کہاکہ مناسب یہ ہوگاکہ شام کے حوالے سے حکومت اپنی سابقہ پالیسی برقراررکھے ،رابطہ عالم اسلامی ایک مخصوص نظریہ رکھنے والوں کاگروپ بن گئی ہے،حالیہ مکہ کانفرنس میں ملک کے سواداعظم اہل سنت کی کوئی نمائندگی نہ تھی۔امریکاخطرناک چال چل کر شام میں موجودحماس کے دفاتر ودیگر مراکزتباہ کرکے اسرائیل کے لئے خطرات کوکم سے کم کرناچاہتاہے،اگرامریکہ کوشام میں بقول اس کے آمرانہ حکومت سے اختلاف ہے تواس نے آخر مصر میں جمہوریت کوکیوں پنپنے کاموقع نہ دیا،امریکاکی ہر کارروائی کامقصد صحیح العقیدہ مسلمانوں اور مسلمانوں کی جان ومال کاتحفظ کرنے والوں کونقصان پہنچاناہوتاہے ۔

 

علامہ قاضی احمدنورانی اور ان کے ساتھیوں نے مزیدکہاکہ شہرکراچی باالخصوص بلدیہ ٹاؤن ،اورنگی ٹاؤن اور منگھوپیر مسلسل مذہبی دہشتگردی کی زد میں ہیں، جامع مسجد خضرأ بلدیہ ٹاؤن پاورہاؤس کے امام قاری لیاقت کو شہید کرنے کے بعد انتظامیہ کی نگاہوں سے اوجھل دہشتگردوں نے علماء ومشائخ کو دھمکی آمیزخطوط لکھے ہیں،سانحۂ بلدیہ ٹاؤن جہاں ذکرالٰہی کرنے والوں کوشہید کیاگیاان کے قاتل ابھی تک گرفتارنہیں ہوئے ۔انہوں نے مطالبہ کیاکہ کراچی پولیس کا سربراہ کسی اہل اور نڈرافسر کو بنایا جائے جودہشتگردوں سے مرعوب ہونے کے بجائے آہنی ہاتھوں سے نمٹے۔انہوں نے کہاکہ ہم جمعیت علماء پاکستان کے پلیٹ فارم سے 29مارچ کونشترپارک میں عوام اہلسنت کومجتمع کرکے ایک بارپھر ثابت کردیں گے کہ شہر کراچی درودوسلام پڑھنے والے عاشقان رسولﷺ کاشہر ہے ،یہ اولیاء کاملین کے ماننے والوں کاشہر ہے یہاں خودساختہ اسلام اور دہشتگردی ہرگزنہیں چلے گی۔



اپنی رائے دیں



مجلس وحدت مسلمین پاکستان

مجلس وحدت مسلمین پاکستان ایک سیاسی و مذہبی جماعت ہے جسکا اولین مقصد دین کا احیاء اور مملکت خدادادِ پاکستان کی سالمیت اور استحکام کے لیے عملی کوشش کرنا ہے، اسلامی حکومت کے قیام کے لیے عملی جدوجہد، مختلف ادیان، مذاہب و مسالک کے مابین روابط اور ہم آہنگی کا فروغ، تعلیمات ِقرآن اور محمد وآل محمدعلیہم السلام کی روشنی میں امام حسین علیہ السلام کے ذکر و افکارکا فروغ اوراس کاتحفظ اورامر با لمعروف اور نہی عن المنکرکا احیاء ہمارا نصب العین ہے 


MWM Pakistan Flag

We use cookies to improve our website. Cookies used for the essential operation of this site have already been set. For more information visit our Cookie policy. I accept cookies from this site. Agree