The Latest

وحدت نیوز(اسلام آباد) وفاقی وزیرداخلہ چوہدری نثارعلی خان نے مقامی اسپتال میں علامہ راجہ ناصرعباس جعفری کی عیادت کی اور ان سے بھوک ہڑتال ختم کرنے کی درخواست کی۔ چوہدری نثار کا کہنا تھا کہ بہت سارے معاملات پر اتفاق رائے پیدا ہوچکا ہے۔ صوبائی حکومتوں کی مشاورت سے دیگر مطالبات کے حل کے لئے پوری کوشش کی جائے گی۔ تفصیلات کے مطابق وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے علامہ ناصر عباس کی عیادت کے لئے مقامی اسپتال کا دورہ کیا۔ انہوں نے علامہ ناصر عباس کی خیریت دریافت کی اور انکی جلد بحالی صحت کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ علامہ ناصر عباس سے بات چیت کرتے ہوئے وزیر داخلہ نے کہا کہ صوبائی حکومتوں کی مشاورت سے ان کے مطالبات کے حل کے لئے پوری کوشش کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ بہت سارے معاملات پر اتفاق رائے پیدا ہوچکا ہے۔ وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ میں آپ کی بیمار پرسی کے ساتھ ساتھ اس لئے بھی آیا ہوں کہ آپ کو آمادہ کر سکوں کہ بھوک ہڑتال ختم کرکے باقی ماندہ ایشوز پر بھی ہماری رہنمائی کریں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ملی یکجہتی کے حوالے سے علمائے کرام کا کردار انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔ ترجمان ایم ڈبلیو ایم کے مطابق علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے وزیر داخلہ کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ وہ مرکزی کابینہ سے مشاورت کے بعد ہی بھوک ہڑتال ختم کرنے سے متعلق آگاہ کرسکیں گے۔ اس موقع پر مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل ناصر عباس شیرازی اور مرکزی سیکرٹری سیاسیات اسد رضا تقوی بھی موجود تھے۔

وحدت نیوز(اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ترجمان علامہ مختار امامی نے کہا ہے کہ 7اگست شہید قائد عارف حسین الحسینی کی28ویں برسی کے سلسلے میں تمام انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔’’تحفط پاکستان کانفرنس‘‘ کے عنوان سے جناح ایونیو اسلام آباد میں منعقد ہونے والی تقریب میں ملک بھر سے ہزاروں کی تعداد میں کارکنان شرکت کریں گے۔شہید قائد حسینی کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے وفاقی دارالحکومت میں جگہ جگہ بینرز اور پینافلیکسز لگائیں گے ہیں جن پر ان کے اقوال اور نصحیت آموز اقتباس تحریر ہیں۔مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی رہنماوں نے تقریب کو عظیم الشان انداز میں منعقد کرنے کے لیے ضلعی و صوبائی عہدیداروں کو رابطہ مہم تیز کرنے کی ہدایات جاری کر رکھی تھیں۔کراچی، کوئٹہ ،گلگت بلتستان اور ملک کے دور دراز علاقوں سے برسی میں شرکت کے لیے لوگ اسلام آباد کی طرف روانہ ہو چکے ہیں۔ایم ڈبلیو ایم کے ترجمان نے کہا ہے کہ مجلس وحدت مسلمین قائد شہید کی راہ پر گامزن ہے۔ہم وطن عزیز کی ترقی و استحکام اور وحدت کو عملی شکل دینے کے لیے عارف حسینی کے مشن کو لے کر میدان میں نکلیں ہیں۔ہم وطن عزیز کو مستحکم اور اپنی قوم کو سیاسی، معاشی،مذہبی ،اقتصادی میدان سمیت زندگی کے ہر شعبہ میں سرخرو دیکھنا چاہتے ہیں۔اس کے لیے ہماری عملی جدوجہد ہمیشہ جاری رہے گی۔

وحدت نیوز(اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے سربراہ علامہ راجہ ناصرعباس جعفری نے شہید قائد حضرت علامہ سید عارف حسین الحسینی ؒ کی28ویں برسی کے موقع پر اسلام آباد کے مقامی اسپتال سے جاری اپنے ایک تعزیتی پیغام میں کہا ہے کہ  آج 5 اگست کا دن ہے، آج اس شہید قائد کی شہادت کا دن ہے، اس شخص کی شہادت کا دن ہے جس نے اپنی قوم و ملت اور اپنے خدا کے ساتھ جو عہد کیا اسے نبھایا، اپنے راستے کے سچائی کی گواہی اپنے لہو سے دی، پاکستان کے تمام مومنین کو، پاکستان سے محبت کرنے والوں کو اور دنیا بھر میں اسلامی ممالک کی ان شخصیات کو جو شہید قائد کو تسلیم کرتی ہیں سے تعزیت و تسلیت پیش کرتا ہوں۔  امام خمینیؒ نے شہید کے چہلم پر پاکستانی قوم کے نام اپنا پیغام دیا تھا، اس پیغام میں شہید قائد کی عظمت اور ان کے مقام کو بیان کیا تھا کہ وہ امام حسین ؑ کے سچے بیٹے تھے، وہ فرزند صادق تھا، وہ واقعاً عارف حسین تھا،جنہوں نے محراب عبادت سےعروج اعلیٰ کی طرف سفر کیا۔ عروج ملوکیت کی طرف سفر کیا۔ امام خمینیؒ نے ان کے بارے میں کہا تھا کہ پاکستان کی ملت شہید قائد کے تفکر کو زندہ رکھے۔ امام خمینیؒ جانتے تھے کہ شہید قائد کا تفکر، شہید کی فکر، شہید کا نظریہ، شہید کا ویژن اسلام کے لیے، مسلمانوں کے لیے، پاکستان کے لیے نجات دہندہ ہے، صراط مستقیم ہے لہٰذا شہید قائد کا ہم سے بچھڑنا اور ہماری قوم و ملت کا شہید قائد کی قیادت سے محروم ہونا یہ بہت بڑا المیہ تھا اور بہت بڑا نقصان تھا۔ جو شاید مدتوں بعد بھی اس خلاء کو پر نہیں کیا جا سکتا۔ شہید قائد پاکستان کو ایک مستقل پاکستان دیکھنا چاہتے تھے۔ ایک ایسا پاکستان کہ جس میں پاکستان میں بسنے والے تمام طبقات کے درمیان بہترین عادلانہ تعلقات اور روابط ہوں۔ جہاں پر بھائی چارہ، اخوت ہو۔ مسلمانوں اور پاکستان میں بسنے والی تمام اقوام کے درمیان بھائی چارے کی بہترین مثال قائم ہو۔ شہید قائد چاہتے تھے کہ ہمارا وطن مستقل ہو، آزاد ہو، اس کی خارجہ و داخلہ پالیسی آزاد ہو۔ شہید قائد چاہتے تھے کہ پاکستان کو عالمی قوتوں کے سایہ سے نکالا جائے اور اسے خودمختار بنایا جائے۔ شہید قائد امریکہ کو شیطان بزرگ سمجھتے تھے۔ شہید قائد پاکستان کے امریکہ کے ساتھ روابط و تعلقات کو پاکستان کے حق میں نقصان دہ سمجھتے تھے بلکہ اس کو پورے خطے کے لیے نقصان دہ قرار دیتے تھے۔ شہید قائد شیعہ سنی کے تفرقے کے مقابلے میں شیعہ سنی وحدت پر یقین رکھتے تھے۔ آپ چاہتے تھے کہ پاکستان میں بسنے والے تمام مسلمان مل کر رہیں۔ شہید قائد یہ کہتے تھے کہ ہمارا نظام حکومت اسلامی ہو، یہاں اللہ کا دین غالب ہو۔ شہید قائد یہ کہتے تھے کہ علاقائی، قومی، لسانیت ہمارے وطن عزیز کے لیے نقصان دہ چیزیں ہیں۔ ہمیں وطن دوستی کی ترویج کرنی چاہیے۔ شہید بہت بڑی طاقتور شخصیت تھی۔ اگر پاکستان میں شخصیات کی فہرست دیکھیں تو شہید قائد جیسی شخصیت آپ کو نہیں ملے گی۔ شہید قائد کی روحانیت، معنویت، اخلاق، پاکیزگی، بصیرت، شجاعت، ہمت، صبر یہ سب ان میں کوٹ کوٹ کر بھرا ہوا تھا۔ ایسی جامعیت کی مالک شخصیت پاکستان کی تاریخ میں نہیں ملتی،آج ہم فخر کے ساتھ یہ بات کہہ سکتے ہیں کہ پاکستان کی سرزمین پر اگر آج اٹھائیس برس بعد کوئی جماعت شہید کے فکر وفلسفے اور آرزوئوں ارمانوں کے مطابق امورکی انجام دہی میں مصروف ہے تو وہ مجلس وحدت مسلمین ہے۔

وحدت نیوز(لاہور) مجلس وحدت مسلمین دعا کمیٹی کے زیر اہتمام سربراہ مجلس وحدت مسلمین علامہ راجہ ناصرعباس جعفری کی صحت یابی کے لئے آج شب جمعہ قومی مرکز خواجگان میں دعائے کمیل کا اہتمام کیا گیاجس میں مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل سید ناصر عباس شیرازی اور مرکزی سیکرٹری تعلیم نثار فیضی سمیت دیگر اہم عہدیداران اور کارکنان بڑی تعداد میں شریک ہوئے ، مرکزی سیکریٹری امور تعلیم نثارفیضی نے دعا ئے کمیل کی تلاوت کا شرف حاصل کیاجبکہ مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل سید ناصر شیرازی نے موجودہ قومی وملی صورت حال،علامہ راجہ ناصرعباس جعفری کی بھوک ہڑتالی احتجاجی تحریک کے ثمرات اور ۷اگست شہید قائد علامہ عارف حسین الحسینی کے عنوان پرشرکاءسےخطاب کیا۔

سید ناصرعباس شیرازی نے اپنے خطاب میں کہا کہ علامہ راجہ ناصرعباس جعفری نے ملت تشیع پر جاری ریاستی جبر وتشددکے خلاف پونے تین ماہ قبل جس طرح پر امن ، جمہوری اور آئینی انداز میں بھوک ہڑتال کرکے ناانصافیوں اورذیادتیوں کے خلاف صدائے احتجاج بلند کیا اس نے نا فقط پاکستان میں ملت تشیع کو بیدار کیا بلکہ ملک میں فعال تمام سیاسی ومذہبی جماعتوں اور قائدین اہل سنت اکابرین اور اقلیتی برادری نے بھی مجلس وحدت مسلمین کے چارٹر آف ڈیمانڈ کو پاکستان کے استحکام اور بقاءکے لئے انتہائی اہم قرار دیا ہے ، انہوں نے کہا کہ ایم ڈبلیوایم نے پاکستان میں ایک طولانی عوامی جدوجہد کا آغا ز کیا ہے انشاءاللہ اس میں مظلوموں اور محروموں کی فتح یقینی ہے، عزاداری سید الشہداءپر ریاستی پابندیوں کو نہ پہلے ملت تشیع خاطرمیں لائی ہے اور ہی آئندہ لائے گی، ہماری مسلسل استقامت کی بدولت حکمرانوں نے ہمارے جائز حق کو تسلیم کیا ہے ، انہوں نے کہا کہ شہید قائد علامہ عارف حسین الحسینی کی اٹھائیسویں برسی کے موقع پر حسب سابق ایم ڈبلیوایم نے شہر اقتدار اسلام آباد میں اس عظیم شہید کی یاد کو تازہ کرنے کیلئے قومی اجتماع کا اعلان کیا ہے جس میں ملک بھر سے ہزاروں کی تعداد میں عاشقان وپیروان شہید حسینی ؒ مضبوط عزم وحوصلے ساتھ شریک ہوں گے یہ اجتماع ملت تشیع کی شہید سے والہانہ محبت اور عشق کا عظیم مظہر ثابت ہو گی،جبکہ قائد وحدت علامہ راجہ ناصرعباس جعفری  احتجاجی تحریک کے حوالے سے اپنے آپنے آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کریں گے۔

وحدت نیوز(راولپنڈی) مجلس وحدت مسلمین ضلع راولپنڈی شعبہ خواتین کی سیکرٹری جنرل سیدہ قندیل زہرہ نے کہا ہے کہ 7 اگست کو تحفظ پاکستان کانفرنس اسلام آباد میں راولپنڈی سے خواتین کی بڑی تعداد شرکت کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ ایم ڈبلیو ایم کے سربراہ علامہ ناصر عباس کی جدوجہد ملت تشیع کے حقوق اور وطن عزیز کے استحکام کے لئے ہے۔ انہوں نے پاکستان کے پانچ کروڑ سے زائد اہل تشیع کے لئے آواز بلند کر رکھی ہے۔ پوری قوم ان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ خواتین ان کی جدوجہد میں ہراول دستے کا کردار ادا کریں گی۔ انہوں نے کہا کہ ہم زینبی کردار کی پیروکار ہیں۔ حق کے لئے اٹھنے والے ہمارے یہ قدم کبھی نہیں رکیں گے۔ ایم ڈبلیو ایم کے آئینی مطالبات کی منظوری میں پس و پیش حکمرانوں کے تعصب اور بدنیتی کو آشکار کر رہا ہے۔ حکومتی ہٹ دھرمی اور بےحسی کے باوجود ہم نے اپنے عمل اور کردار یہ ثابت کیا ہے کہ ملت تشیع پرامن جدوجہد پر یقین رکھتی ہے اور اپنے حقوق کے حصول کے لئے آئین و قانون کو ہی مقدم سمجھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہید قائد عارف حسینی کی برسی کے سلسلے میں ہونے والی کانفرنس میں بھرپور شرکت کے لئے ہماری رابطہ مہم اور تیاریاں آخری مراحل میں ہیں۔

وحدت نیوز(ملتان) ملت جعفریہ کا نمائندہ اجلاس مجلس وحدت مسلمین جنوبی پنجاب کے سیکرٹری جنرل علامہ اقتدار حسین نقوی کی زیرصدارت جامع مسجد الحسین نیو ملتان میں منعقد ہوا، اجلاس میں علامہ سید سلطان احمد نقوی، ریٹائرڈ کیپٹن سید ابوعبداللہ شوکت زیدی، سید اکبر علی کاظمی، سید شعیب حیدر نقوی، سید اشتیاق حسین عابدی، سید اقبال مہدی زیدی، اقبال حسین خان کشفی، غلام عباس خان، مجلس وحدت مسلمین ملتان کے سیکرٹری جنرل سید ندیم عباس کاظمی، سید قمر عباس زیدی، امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن ملتان کے ڈویژنل صدر قاسم شمسی، عاشق حسین، ملک عامر علی، محمد عباس صدیقی، مہر سخاوت علی، سید فرخ مہدی، سید جواد رضا، مرزا وجاہت علی اور دیگر رہنما موجود تھے۔ اجلاس میں متفقہ طور پر فیصلہ کیا گیا کہ ملتان کی ضلعی انتظامیہ فی الفور نئی جگہ پر امام بارگاہ اور مسجد کی تعمیر کا کام شروع کرے۔ اس موقع پر فیصلہ کیا گیا کہ اگر انتظامیہ نے سستی اور نااہلی کا مظاہرہ کیا تو حالات کی ذمہ داری انتظامیہ پر عائد ہوگی۔ قبل ازیں ضلعی انتظامیہ کی جانب سے ایڈیشنل ڈسٹرکٹ کلکٹر ملتان منظر جاوید نے مجلس وحدت مسلمین کی قیادت سے رابطہ کیا اور بعدازاں اجلاس کے نمائندہ افراد کے ہمراہ جگہ کا معائنہ کیا، اس موقع پر علامہ سید اقتدار حسین نقوی، علامہ سید سلطان احمد نقوی، محمد عباس صدیقی، سید ندیم عباس کاظمی، سید قمر عباس زیدی اور دیگر رہنما موجود تھے۔ ایڈیشنل ڈسٹرکٹ کلکٹر ملتان نے ملت جعفریہ کے نمائندوں کو یقین دہانی کرائی کہ بہت جلد نئی جگہ پر مسجد و امام بارگاہ کی تعمیر شروع کی جائے گی۔ اس موقع پر علامہ اقتدار حسین نقوی نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ کسی خام خیالی میں نہ رہے ہم حکومت کو متنبہ کرتے ہیں کہ اگر ضلعی انتظامیہ نے ہمارے مطالبات پر عملدرآمد نہ کیا تو احتجاجی تحریک شروع کی جائے گی۔ اجلاس میں موجود تمام رہنمائوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ نے اگر جلد ازجلد تعمیر شروع نہ کی تو اگست میں میٹر و بس کا افتتاح نہیں کرنے دیا جائے گا۔

وحدت نیوز(اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے سربراہ علامہ ناصر عباس جعفری کی علالت کے بعد ایم ڈبلیو ایم کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل علامہ احمد اقبال رضوی اور دیگر مرکزی رہنما بھوک ہڑتالی کیمپ میں احتجاج جاری رکھے ہوئے ہیں۔ علامہ احمد اقبال نے کہا ہے کہ علامہ ناصر عباس کی تحریک اصولی، آئینی اور ملت تشیع کے حقوق کے لئے ہے، اسے ادھورا نہیں چھوڑا جا سکتا۔ قائد وحدت جب تک زیر علاج ہیں، اس وقت تک اس کیمپ میں مرکزی کابینہ کے اراکین اور وہ خود موجود رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ملک سے دہشتگردی کا خاتمہ محض دعووں سے نہیں ہوگا بلکہ اس کے لئے فوری، موثر اور عملی اقدامات کی ضرورت ہے۔ ہمارا شروع دن سے یہی موقف اور اولین مطالبہ رہا ہے کہ دہشتگردوں کے خلاف ملک گیر آپریشن انتہائی ضروری ہے، اسے ہر حال شروع کیا جانا چاہیے، لیکن موجودہ حکومت اسے مصلحت اور سیاست کی نذر کرتی آئی ہے۔ اس میں مزید تاخیر وطن کی سالمیت و استحکام کو داؤ پر لگانے کے مترادف ہوگی۔

علامہ احمد اقبال کا کہنا تھا کہ 7 اگست کو وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں تحفط پاکستان کانفرنس کے انعقاد کی تیاریاں حتمی مراحل میں داخل ہوچکی ہیں۔ کانفرنس میں شرکت کے لئے ملک بھر سے قافلے ایک روز قبل ہی پہنچنا شروع ہوجائیں گے۔ وطن عزیز کے تحفط کے لئے ہم خیال اور محب وطن قوتوں کے یکجا ہونے کا وقت آگیا ہے۔ ملک دشمن طاقتوں کے عزائم خاک میں ملانے کے لئے مشترکہ سیاسی جدوجہد کی ضرورت ہے۔ علامہ ناصر عباس کی صحت کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ رپورٹس آنے کے بعد ہی اصل صورتحال واضح ہوگی، تاہم علامہ صاحب شدید نقاہت اور کمزوری کا شکار ہونے کے باوجود بھوک ہڑتال ختم کرنے پر ابھی تک آمادہ نہیں ہیں، جو ہم سب کے لئے انتہائی تشویش کا باعث ہے۔ سربراہ مجلس وحدت مسلمین نے بھوک ہڑتال کے خاتمے کو مطالبات کی منظوری سے مشروط کر رکھا ہے۔ حکومت تمام صورتحال سے بخوبی آگاہ ہونے کے باوجود تاخیری حربے اختیار کر رہی ہے، جو حکمرانوں کے لئے بھی نقصان دہ ثابت ہوں گے۔ علامہ ناصر عباس کی خیریت دریافت کرنے کے لئے مختلف مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے افراد کی آمد و رفت کا سلسلہ جاری ہے۔ مختلف سیاسی و مذہبی جماعتوں کے رہنماوں نے علامہ ناصر عباس کی خیریت دریافت کرنے کے لئے فون کیا اور کی صحت یابی کے لئے دعا کی۔

وحدت نیوز(کراچی) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے زیر اہتمام 7 اگست کو اسلام آباد میں ہونے والے تاریخی قومی اجتماع میں شرکت کیلئے ہزاروں کارکنان و عوام پر مشتمل کراچی ڈویژن کا قافلہ جمعہ کو روانہ ہوگا۔ تفصیلات کے مطابق مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے زیر اہتمام 7 اگست کو شہید قائد علامہ عارف حسین کی برسی کے سلسلہ میں تاریخی قومی اجتماع "تحفظ پاکستان کانفرنس" کا انعقاد اسلام آباد میں کیا جا رہا ہے، جس میں ملک بھر سے ایک لاکھ سے زائد افراد شریک ہونگے۔ تحفظ پاکستان کانفرنس میں شرکت کیلئے علامہ نشان حیدر کی سربراہ میں ہزاروں کارکنان و افراد پر مشتمل ایم ڈبلیو ایم کراچی کا قافلہ جمعہ کو روانہ ہوگا۔ اس حوالے سے انتظامات کو حتمی شکل دے دی گئی ہے۔ انتظامی امور کے حوالے سے وحدت ہاو ¿س کراچی میں ہونے والے ایک اجلاس سے خطاب میں علامہ نشان حیدر نے سندھ حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ اسلام آباد میںہونے والی تحفظ پاکستان کانفرنس میں شرکت کیلئے کراچی سمیت سندھ بھر سے جانے والے قافلوں کو فول پروف سیکیورٹی کی فراہمی کو یقینی بنائیں۔ انہون نے کہا کہ شہید قائد حسینی مسالک کے مابین اتحاد و یگانگت اور وطن کے استحکام کی علامت تھے، مجلس وحدت مسلمین انہی کے مشن کو لے کر آ گے بڑھ رہی ہے۔

وحدت نیوز(ملتان) مجلس وحدت مسلمین کے سربراہ علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کی علالت پر مختلف مذہبی حلقوں، ایم ڈبلیو ایم کے رہنماوں اور کارکنوں میں سخت تشویش پائی جاتی ہے۔ ان کی صحت یابی کے لیے ملک بھر میں یوم دعا کا انعقاد کیا گیا۔ جماعت کے صوبائی و ضلعی دفاتر اور کارکنوں نے گھروں میں علامہ ناصر عباس کی صحت یابی کے لیے خصوصی دعائیں کیں۔ ملتان سمیت جنوبی پنجاب میں مجلس وحدت مسلمین کے دفاتر اور مساجد میں قائد وحدت کی صحتیابی کے لیے دعائیں کی گئیں، ملتان میں جامع مسجد الحسین نیو ملتان میں اجتماعی دعائیہ تقریب منعقد کی گئی۔ جس سے مجلس وحدت مسلمین جنوبی پنجاب کے سیکرٹری جنرل علامہ سید اقتدار حسین نقوی اور ضلعی سیکرٹری جنرل سید ندیم عباس کاظمی نے خطاب کیا۔ واضح رہے کہ پاکستان میں جاری ٹارگٹ کلنگ، دہشت گردی اور ریاستی اداروں کے ذریعے ملت تشیع کو نشانہ بنانے کے خلاف علامہ ناصر عباس 80 روز سے بھوک ہڑتال پر تھے۔ ملک کی تمام بڑی سیاسی جماعتوں کے قائدین کی طرف سے ان کے ساتھ اظہار یکجہتی کیا گیا اور حکومت کو یہ باور کرایا گیا کہ قائد وحدت علامہ ناصر عباس کے مطالبات آئینی اور اصولی ہیں ان کو فوری طور پر تسلیم کیا جانا چاہیے لیکن وفاقی حکومت کی روایتی بے حسی قائم رہی جس کے نتیجے میں کم و بیش تین ماہ سے بھوک ہڑتال پر بیٹھے ہوئے علامہ ناصرعباس کی صحت اچانک بگڑ گئی۔ علامہ اقتدار حسین نقوی نے کہا کہ حکمرانوں کی یہ رعونت ان کے اقتدار کے زوال کا باعث بنے گی۔ اگر وفاقی حکومت اس بھوک ہڑتال کا فوری نوٹس لیتے ہوئے مثبت اقدامات کرتی تو آج ایک ملک گیر سیاسی و مذہبی جماعت کے سربراہ کی زندگی کو یوں خطرہ نہ ہوتا۔

وحدت نیوز(قم) قائد وحدت علامہ راجہ ناصر عباس جعفری اور علامہ حسن ظفر نقوی کی صحت وسلامتی کیلیے  دفتر مجلس وحدت مسلمین  قم کی جانب سے حرم حضرت معصومہ علیها السلام میں  ایک دعائیہ تقریب  کا انعقاد گیا جس میں قم کے طلبہ وعلما ءنے خصوصی شرکت کیاور ان قائدین کی صحت وسلامتی  اور بہوک ہڑتال کی کامیابی کے لیے خصوصی دعا  کی گئی، دعا کے اختتام پر امور خارجہ کے مسئول علامہ  ڈاكٹر سید  شفقت شیرازی نے شرکاء سے مختصر خطاب کیا.انهوں نے کها کہ قائد وحدت علامہ ناصر عباس جعفری کی ملت تشیع کے حقوق کے حصول کے خاطرپونے تین ماہ سے جاری بھوک ہڑتال سنگین دور میں داخل ہو چکی ہےجسکی وجہ سے انکی طبیعت ناساز ہوچکی ہے اور ہسپتال میں زیر علاج ہیں اور قوم وملت  کی خاطر انکا حوصلہ بہت  بلند ہے.

علامہ سید شفقت شیرازی نے مطالبات کے حوالے سے کها کہ ابهی تک اچهی پیش رفت ہوچکی ہے اور بعض علاقوں میں عملی طور پر مطالبات نافذ ہوچکے ہیں جیسا کہ ڈ ی آئی خان میں امن فوج کے ہاتهوں  میں دیا گیا اور آرمی چیف نے خود وہاں جاکر آپریشن کا حکم دیا ہےانهوں نے مزید کها کہ گلگت بلتستان کی زمینوں پر قبضے  کا مسئلہ بهی ہائی لائٹ ہو چکا ہے اور حکومت نے  خلاف ورزی کے اوراق مانگے ہیں جسکے ثابت ہونے پر عوام کی زمینیں واپس کی جائنگی.

 یاد ریے  کہ قوم وملت کے حقوق کی جنگ لڑنے والے مجاہد ملت علامہ ناصر عباس جعفری کی صحت   ۸۰ روز سے جاری مسلسل بهوک ہڑتال کی وجہ سے تیزی سے  گر رہی ہے اور وہ ہسپتال میں انتہائی نگہداشت کے وارڈ میں منتقل کر دئیے گئے ہیں۔

مجلس وحدت مسلمین پاکستان

مجلس وحدت مسلمین پاکستان ایک سیاسی و مذہبی جماعت ہے جسکا اولین مقصد دین کا احیاء اور مملکت خدادادِ پاکستان کی سالمیت اور استحکام کے لیے عملی کوشش کرنا ہے، اسلامی حکومت کے قیام کے لیے عملی جدوجہد، مختلف ادیان، مذاہب و مسالک کے مابین روابط اور ہم آہنگی کا فروغ، تعلیمات ِقرآن اور محمد وآل محمدعلیہم السلام کی روشنی میں امام حسین علیہ السلام کے ذکر و افکارکا فروغ اوراس کاتحفظ اورامر با لمعروف اور نہی عن المنکرکا احیاء ہمارا نصب العین ہے 


MWM Pakistan Flag

We use cookies to improve our website. Cookies used for the essential operation of this site have already been set. For more information visit our Cookie policy. I accept cookies from this site. Agree