The Latest

وحدت نیوز (ملتان) یمن پر سعودی عرب کی سربراہی میں مصر،قطر، کویت،امریکہ ، یواے ای اور دیگر استعماری قوتوں کے حملے کے خلاف مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے سربراہ علامہ راجہ ناصرعباس جعفری کی کال پر ملک کے دیگر شہروں کی طرح ملتان میں بھی نماز جمعہ کے بعد جامع مسجد الحسین نیو ملتان کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ریلی کی قیادت مجلس وحدت مسلمین ملتان کے سیکرٹری جنرل علامہ قاضی نادر حسین علوی نے کی۔ جبکہ ریلی میں صوبائی ڈپٹی سیکرٹری جنرل علامہ اقتدار حسین نقوی نے بھی شرکت کی۔اس موقع پر مظاہرین نے بینرز اور پلے کارڈز اُٹھارکھے تھے جن پر سعودی عرب، امریکہ اور اُس کے اتحادیوں کے خلاف نعرے درج تھے۔ مظاہرین نے اقوام متحدہ اور عالم اسلام سے سعودی جارحیت کے خاتمے کا مطالبہ کیا ۔

 

ایم ڈبلیو ایم ملتان کے سیکرٹری جنرل علامہ قاضی نادر حسین علوی نے مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سعودی عرب نے یمن پر حملہ کر کے اپنی بوکھلاہٹ کااعلان کیا ہے۔ سعودی عرب دنیا میں پراکسی وار کھیلنا چاہتا ہے جس کے نتائج بہت جلد منظرعام پر آئیں گے ۔ یہ نام نہاد اسلامی ملک اسلام کے نام پر مسلمانوں کے خون کی بولی لگارہا ہے ۔ اس سے پہلے مصر میں اس نے جو کیا وہ مسلمانوں کے لیے باعث شرم ہے مسلمانوں کے خلاف استعمار کی مددکی گئی اور ہزاروں بے گناہوں مصریوں کا قتل عام کیا گیا۔سعودی عرب امریکہ کے ساتھ مل کر خطے میں اسرائیل کے مفادات کاتحفظ کررہا ہے، سعودی عرب نے مصر میں محمد مرسی کی حکومت کے خاتمے کے لیے امریکہ کاساتھ دیا، سعودی عرب وہ ملک ہے جس نے امریکہ کے ساتھ مل کر شام کو تقسیم کرنے کی ناکام کوشش کی۔ پاکستان کو ہرگز یمن کے داخلی معاملات میں مداخلت نہیں کرنی چاہیے۔ علامہ اقتدار حسین نقوی نے خطاب کرتے ہوئے حکومت پاکستان کو متنبہ کیا کہ سعودیہ اور امریکہ کی جنگ میں کودنے سے باز رہے پہلے پاکستان کے اندرونی مسائل کو حل کریں ۔ سعودیہ عرب کی چاپلوسی بند کریں ورنہ پاکستان کی عوام سڑکوں پر ہوگی۔ اس موقع پر اُنہوں نے پاکستانی سیاسی اور مذہبی جماعتوں اور عوام سے اپیل کی کہ وہ اپنی طاقت کے ذریعے پاکستان حکومت کو باور کرائیں کہ ہماری پاک فوج کرائے کی قاتل نہیں کہ جہاں چاہے استعمال کردیا۔ اُنہوں نے کہا کہ اگر نواز حکومت نے سعودیہ کی چاکری کرتے ہوئے پاکستانی فوج کو یمن میں اُتارا تو پوری قوم سراپا احتجاج ہوگی۔ اس موقع پر اُنہوں نے آرمی چیف جنرل راحیل شریف سے بھی اپیل کی کہ خدارا ان مفاد پرستوں کی خاطر اپنے ہاتھوں کو بے گناہ مسلمانوں کے خون سے رنگین نہ کیا جائے ۔ مظاہرین سے ڈپتی سیکرٹری جنرل محمد عباس صدیقی، غلام حسنین انصاری ودیگر نے خطاب کیا۔

وحدت نیوز (اسلام آباد) یمن کے اندر سعودی عرب کی جارحیت انسانی حقوق ،عالمی قوانین اور پڑوسی ملک کی سرحدوں کی خلاف ورزی ہے،سعودی عرب اسرائیل کے ایماء پر پاکستان کو اس جنگ میں گھسیٹنا چاہتا ہے جو انتہائی خطرناک ہے،پاکستان کے غیرت مند اور شجاع افواج رینٹ اے آرمی نہیں جو کوئی بھی پیسوں کے بل بوتے پر خرید سکے،ان خیالات کا اظہار مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے سربراہ علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے ایم ڈبلیو ایم کے شعبہ  امور خارجہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا،انہوں نے یمن میں نہتے عوام پروحشیانہ حملوں میں قتل عام کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ غزہ میں مسلمانوں کی نسل کشی پر خاموش رہنے والے عرب حکمران آج اسرائیل کے مفادات کے دفاع کے لئے مسلمانوں کا قتل عام کر رہے ہیں،انہوں نے کہا کہ پاکستانی وزیر اعظم کو شہزادہ مکرم کا فون پاکستانی امور میں کھلی مداخلت ہے۔وزیرستان میں دہشت گردی کے مراکز کے بعد عالمی دہشت گردی کے لئے سعودی عرب کا پاکستان سے فوج بلانے کی کوشش پاکستان کی قومی سلامتی کے لئے بڑا خطرہ ہے،سعودی عرب بتائے کہ اس کے اتحادیوں نے داعش کی مکمل حمایت کیوں کی؟اور عالمی دہشت گرد تنظیم القاعدہ سے برسر پیکار یمنی عوام کے خلاف اس کی وحشیانہ کاروائی کا کیا جواز ہے؟پاکستان دہشت گردی کے خلاف جنگ میں مصروف ہے اور اس کی مشرقی سرحد پر انڈیا سے جھڑپیں چل رہی ہیں ملک میں امن عامہ کی صورت حال مخدوش ہیں،ایسے میں ایک بھی فوجی کا ملک سے باہر بھیجنا دہشت گردوں کی حوصلہ افزائی ہے۔

 

علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کا کہنا تھاکہ مجلس وحدت مسلمین تمام سیاسی و مذہبی جماعتوں سے رابطہ کرکے ن لیگ کی ملک دشمن پالیسیوں کے خلاف مشترکہ حکمت عملی بنائے گی افواج پاکستان وطن عزیز کا سرمایہ ہے اسے متنازعہ بنانے کی سازشوں کو کامیاب نہیں ہونے دینگے،ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ پاکستانی  دفتر خارجہ سعودی میڈیا میں چھپنے والی خبروں کی وضاحت کرے اور فوری طور پر یمنی عوام کی نسل کشی کے لئے سعودی عرب فوج نہ بھیجنے کا اعلان کرے،کل یوم جمعہ مجلس وحدت مسلمین ملک بھر میں ن لیگ کی ملک دشمن پالیسیوں کے خلاف یوم سیاہ کے طور پر منائے گی۔

وحدت نیوز (کوئٹہ) مجلس وحدت مسلمین کے میڈیا سیل سے جاری کردہ بیان میں ایم ڈبلیوایم کے رکن بلوچستان اسمبلی سید محمد رضانے کہا ہے کہ ہمیں ملک کی ترقی اور خوشحالی اور آنے والی نئی نسلوں کے لیے پر امن اور خوشحال پاکستان کے قیام کے لیے ملی یکجہتی کو فروغ دینا ہوگا۔آج ذاتی پسند اور ناپسند سمیت اقربا پروری ، کرپٹ معاشرے کی وجہ سے نئی نسل کے مستقبل کو داو پر لگا دیا گیا۔ جب تک معاشرتی کرپشن ،ذاتی اقربا پروری کا سدباب نہیں کیا جاتا ہم بہتری کی جانب گامزن نہیں ہو سکتے ۔ عوام کی حالت زار بدلنے کے تمام تر دعوے صرف لفاظی ہیں۔ ان دعووں میں اگر ذرا برابر بھی صداقت ہوتی تو اس کے ثمرات منظرعام پر بھی آنا شروع ہوجاتے۔

 

انہوں نے کہا کہ حقیقت یہ ہے کہ حکومت نے عوام پر عرصہ حیات اس قدر تنگ کر دیا ہے کہ وہ اب معاشی بدحالی کے ہاتھوں چھوٹی چھوٹی خوشیوں سے بھی محروم ہوچکے ہیں۔ حکمرانوں کو اپنا سیاست و طرز عمل بدلنا ہوگا۔ حکمرانوں کو اپنے قبلے کی درستگی کے بعد عوام کے مسائل کے حل کے لیے عملی کاوشیں کرنا ہو گی۔ تا کہ عوام کو ریلف مل سکے اور وہ معاشی آسودگی کے بعد ملک کی ترقی و خوشحالی میں اپنا کلیدی کردار ادا کرتے ہوئے استحکام پاکستان میں اپنا حصہ ڈال سکیں۔ کیونکہ معاشی طور پر خوشحال عوام ہی ریاست کی ضمانت فراہم کر سکتے ہیں۔ ہم سب اس ملک کے مقروض ہیں۔ ہمیں اپنے فرائض ادا کرکے ملک کو ترقی و خوشحالی کی راہ پر گامزن کرنا ہوگا۔ پاکستان کا تقدس بحال کرکے ملی یکجہتی کا فروغ نا گزیر ہے۔

وحدت نیوز(گلگت) گلگت بلتستان اسمبلی کے الیکشن چرانے کیلئے مسلم لیگ نے سیاسی رشوتوں کا بازار گرم کیا ہے، سیاسی پارٹیوں کے مزے لینے والی ماروی میمن کے جھوٹے وعدوں کی کوئی اہمیت نہیں۔گلگت بلتستان کے عوام ضمیر فروش نہیں ، پیسوں کے عوض ان کی وفاداری کو خریدا نہیں جاسکتا۔بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے تحت وظیفوں کو دوگنا کرنے کا محترمہ کا وعدہ پری پول رگنگ کے زمرے میں آتا ہے ۔ان خیالات کا اظہار مجلس وحدت مسلمین گلگت بلتستان کے سیکریٹری سیاسیات غلام عباس نے اپنے ایک بیان میں کیا ہے۔

 

انہوں نے کہا کہ نواز لیگ کی حکومت کو دو سال کا عرصہ پورا ہونے کو ہے انہیں بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے تحت وظائف کو دوگنا کرنے کا خیال گلگت بلتستان اسمبلی الیکشن کے وقت یاد آگیا جو صرف اور صرف الیکشن کو ہائی جیک کرنے کی سازش ہے۔نواز لیگ کی گلگت بلتستان کے عوام سے بدنیتی کسی سے پوشیدہ نہیں ،جب بھی نواز لیگ برسراقتدار آئی ہے گلگت بلتستان کے عوام کے حقوق غصب کئے گئے ہیں۔ انہیں صرف اپنے اقتدار سے غرض ہے عوام سے کوئی غرض نہیں،برجیس طاہر کی بطور گورنر گلگت بلتستان تعیناتی سے صاف واضح ہوگیا ہے کہ ان کی نظر میں گلگت بلتستان میں کوئی شخص اس عہدے کا اہل نہیں ۔پاکستان کے عوام کو لوڈشیڈنگ سے نجات دلانے کے جھوٹے وعدوں اور نعروں سے برسر اقتدار آنے والی جماعت سے کیا توقع کی جاسکتی ہے کہ وہ گلگت بلتستان کے عوام کے ساتھ کئے گئے وعدوں کو وفا کرسکے۔انہوں نے کہا کہ نواز لیگ گلگت بلتستان کو پاکستان کا حصہ سمجھنے سے انکاری ہے اور علاقے کو متنازعہ بناکر آئینی حقوق سے محروم رکھنے کا جواز تلاش کررہے ہیں ۔

وحدت نیوز (اسلام آباد) یمن پر سعودی و اتحادیوں کی فضائی جارحیت کی مزمت کرتے ہوئےمجلس وحدت مسلمین پاکستان  کے مرکزی سیکریٹری امور خارجہ اورڈپٹی  سیکریٹری جنرل علامہ ڈاکٹر سید شفقت حسین شیرازی  نے کہا کہ سعودی سلفی افواج کا یمن پر حملہ دراصل یمنی عوام کے ارادے اور آزادی پر حملہ ہے ،جب کہ یمنی عوام کو حق حاصل ہے کہ وہ اپنے مستقبل کا فیصلہ خود کریں اور خالصتا عوامی تحریک انصاراللہ  اور یمنی افواج کا سعودی و اسرائیلی پٹھو ہادی عبد الرب منصور کے خلاف حریت پسند تحریک چلانا عوامی ارادیت ہے اور اس کو دبانے کے لئے سعودی عرب نے یمنی عوام کو ٹارگٹ کیا ہے اور کل رات یمنی علاقوں میں جو شب خون مارا گیا اس سے سعودی سفاکیت کا واضح چہرہ دیکھا جا سکتا ہے کہ سعودی عرب اپنے اقتدار کو بچانے کے ہمسایہ ممالک میں کس حد عوامی قتل عام کر سکتا ہے، عالمی اداروں کو چاہیے کہ وہ سعودی اور عرب ممالک کی اس بے جا مداخلت اور شب خون مارنے کے خلاف کاروائی کریں کیونکہ یہ یمن کے تشخص پر حملہ ہے، ہم اقوام متحدہ سے مطالبہ کرتے ہیں کہ سعودی عرب کی اس بڑھتی ہوئی جارحیت کو لگام دے اور یمنی عوام کو اپنے مستقبل کا فیصلہ کرنے کا پورا حق دیا جائے تاکہ وہ اپنے مستقبل کا بہتر فیصلہ کر سکیں۔

وحدت نیوز (اسلام آباد) بین المذاہب ہم آہنگی کے بغیرانتہا پسندی کو شکست دینا ممکن نہیں،شیعہ سنی اسلام کے دو بازو ہیں،ان کے درمیان تفریق ڈالنے والے دراصل استعمار کے ایجنٹ ہیں،ہم اپنے اہل سنت بھائیوں کے ساتھ مل کر ملک سے انتہا پسندی اور فرقہ واریت کا خاتمہ کریں گے،دشمن مسلمانوں کے اتحاد سے خوفزدہ ہیں،ان خیالات کا اظہار مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے سربراہ علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے مرکزی کابینہ کے اراکین سے خطاب میں کیا ،انہوں نے کہا کہ اسلام مخالف طاقتیں مسلمانوں کو آپس میں لڑا کر دنیا میں اسلامی تشخص کو پامال کر رہی ہیں،بعض ناداں مسلم حکمران ان اسلام دشمنوں کے ہاتھوں یرغمال ہیں،پاکستان میں انتہا پسندوں کو پرموٹ کرنے میں انہی طاقتوں نے اہم کردار ادا کیا،جہاد کے نام پر مغربی مفادات کا دفاع کیا گیا،دنیا بھر سے انتہا پسندوں کو پاکستان امپورٹ کرکے ملکی سلامتی کو داوُ پر لگایا گیا،قوم پرستی،لسانیت اور فرقہ واریت کو ہوا دے کر معصوم لو گوں کا قتل عام کیا گیا،مٹھی بھر یہ شرپسند وہ بھیڑیے ہیں جو اس کو پالیں گے کل اسی کو چیر پھاڑ کر رکھ دینگے،علامہ راجہ ناصر کا کہنا تھا کہ پاکستان کے ریاستی اداروں اور عوام کے پاس اب یہ آخری موقع ہے کہ وہ ان شرپسندوں اور ان کے ہمدروں کو معاشرے سے الگ کریں بصورت دیگر اس کا خمیازہ ہماری نسلیں بھگتیں گی۔

وحدت نیوز (چنیوٹ) پاکستان بھر کی طرح مجلس وحدت مسلمین کے شعبہ وحدت اسکاوٹس کے زیراہتمام چنیوٹ میں رجوعہ سادات کے مقام پر، خاکی، سیاہ اور نیلی وردیوں میں ملبوس وحدت اسکاوٹس کے چاک و چوبند دستوں نے، یوم پاکستان کی مناسبت سے پاکستان کے خاکی سبز ہلالی پرچم کو سلامی دی۔ پریڈ کے مہمان خصوصی مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ راجہ ناصرعباس اور ضلع چنیوٹ کے ڈی پی او تھے۔ سلامی کے چبوترے پر ڈی پی او چنیوٹ اور علامہ راجہ ناصرعباس کے ساتھ وحدت یوتھ ونگ کے انچارج سید فضل عباس نقوی اور مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی سیکرٹری  امور سیاسیات سید ناصر عباس شیرازی موجود تھے۔ وحدت اسکاوٹس کے پانچ سو رضاکاروں کے کئی دستوں نے سلامی کے چبوترے سے گذرتے ہوئے قومی پرچم کو سلامی دی۔ سلامی دینے والے ایک دستے کی قیادت جامعہ بعثت رجوعہ سادات کے سربراہ مولانا مظہر کاظمی کر رہے تھے، جبکہ جامعہ بعثت کے نائب سربراہ مولانا مہدی کاظمی پریڈ کمانڈر کی حیثیت سے اپنے فرائض انجام دے رہے تھے۔ واضح رہے کہ پریڈ کی تیاریوں کی سلسلے میں علما کی سرپرستی میں وحدت اسکاوٹس کی طرف سے ملک گیر سطح پر تیاریاں کی گئی تھیں، پریڈ کے کامیاب انعقاد میں ایم ٹی آئی رجوعہ سادات نے کلیدی کردار ادا کیا۔ یوم پاکستان کی مناسبت سے منعقد ہونے والی تقریب میں اہل علاقہ، طلاب اور علمائے کرام کی کثیر تعداد ایم ٹی آئی رجوعہ سادات کے پریڈ گراونڈ میں موجود تھی۔ مہمانوں نے یوم پاکستان کے موقع پر وطن عزیز کے ساتھ تجدید عہد کیا اور تقریب کے انعقاد کے لیے جامعہ بعثت کے تعاون اور وحدت اسکاوٹس کے ذمہ داروں اور کارکنوں کی کاوشوں کو داد تحسین دی۔

وحدت نیوز (کراچی) وحدت یوتھ کراچی ڈویژن ضلع جنوبی کے زیر اہتمام فوارہ چوک سے کراچی پریس کلب تک احتجاجی ریلی کا انعقاد کیا گیا اور شمعیں روشن کی گئی ۔سعودی عرب میں سعودی متعصب حکومت کی جانب سے انسانی حقوق کے علمبردار عالم دین آیت اللہ شیخ باقر نمر کو کئی ماہ سے قید و سلاسل میں رکھنے کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا گیا اور سعودی حکومت کے متعصبانہ اقدامات کی شدید مذمت کی گئی، احتجاجی مظاہرے میں کراچی کے مختلف تعلیمی اداروں سمیت بزنس کمیونٹی سے تعلق رکھنے والے سینکڑوں نوجوانوں نے شرکت کی ، شرکائے مظاہرہ نے ہاتھوں میں بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر آیت اللہ شخ نمر کی آزاد ی سمیت مردہ باد امریکہ، اسرائیل نامنظور اور شیخ نمر کو فوری رہا کیا جائے سمیت آیت اللہ باقر نمر کی رہائی کے لئے اقوام متحدہ ، ایمنسٹی انٹر نیشنل ، سمیت عالمی انسانی حقوق کے اداروں سے شیخ نمر کی رہائی کا مطالبہ کیا گیا تھا۔

 

سعودی عالم دین آیت اللہ شیخ باقرنمر کی رہائی کیلئے وحدت یوتھ پاکستان کراچی ڈویڑن کے زیر اہتمام منعقدہ احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے مجلس وحدت مسلمین کراچی ضلع جنوبی کے رہنما مولانا محمد حسین کریمی ،مولانا احسا ن دانش ،رضوان پنجوانی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سعود ی حکومت کی جانب سے انسانی حقوق کے لئے جد وجہد کرنے والے شیعہ سنی وحدت کے علمبردار عالم دین آیت اللہ باقر نمر کو قید میں رکھا جانا انسانی حقوق کی پامالی اور مہذب دنیا کے لئے لمحہ فکریہ ہے۔ مقررین کاکہنا تھا کہ آیت اللہ باقر کا گناہ صرف اور صرف یہ ہے کہ انہوں نے عرب دنیا میں اٹھنے والی اسلامی بیداری کی لہر پر لبیک کہا اور دنیا کے تمام طاغوتی نظاموں کے خلاف صدائے حق بلند کی ، انہوں نے سعودی عرب میں انسانی حقوق سے محروم عوام کے لئے بنیادی انسانی حقوق کی فراہمی کے لئے صدا بلند کی اور اس جرم کی پاداش میں انہیں سعودی متعصب حکومت کی جانب سے سزائے موت کا حکم سنا دیا گیا جو یقیناًقابل شرم اور قابل مذمت فعل ہے۔

 

احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے اقوام متحدہ ، عالمی عدالت انصاف اور انسانی حقوق کے عالمی ادارے ایمنسٹی اور ہیومن رائٹس واچ سمیت دنیا کے مہذب معاشروں اور حکومتوں سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ سعودی شیعہ عالم دین آیت اللہ باقر نمر کو سعودی حکومت کی جانب سے گرفتاری کے خلاف سراپا احتجاج ہوں اور سعودی متعصب انتظامیہ پر دباؤ ڈالا جائے کہ وہ فی الفور آیت اللہ باقر نمر کو رہا کریں ، اس موقع پر شرکاء نے آیت اللہ باقر نمر کی رہائی کے لئے نعرے لگائے اور مردہ باد امریکہ اور اسرائیل نا منظور کے فلک شگاف نعرے بھی لگائے۔

ہر آنکھ اشک بار تھی !!

وحدت نیوز (آرٹیکل) وحد ت اسکاؤٹس کے مرکزی اسکاؤٹس کیمپ کی آخری رات کو ہونے والے اسکاؤٹ کیمپ فائر کی یاد گار داستان ۔
وحدت اسکاؤٹس پاکستان جو کہ وحدت یوتھ پاکستان کا ذیلی شعبہ ہے اور پاکستان بھر میں انسانیت کی بے لوث خدمت کرنے میں مصروف عمل ہے، 23مارچ یوم پاکستان کی مناسبت سے وحدت اسکاؤٹس کی جانب سے مرکزی اسکاؤ ٹ کیمپوری بعنوان ’’پیام امن ‘‘ کا انعقاد چنیوٹ میں رجوعہ سادات کے مقام پر کیا ، اس کیمپوری میں ملک کے گوش وکنار بشمول سندھ، پنجاب، بلوچستان،خیبر پختونخواہ، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان سے وحدت اسکاؤٹس جوانوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

 

وحدت اسکاؤٹس کے مرکزی اسکاؤٹ کیمپ ’’پیام امن‘‘ میں نوجوانوں کی ذہنی ، جسمانی و روحانی نشو نما اور بہترین تربیت کے لئے منعقد کئے جانے والے پروگراموں میں نوجوانوں میں روزانہ صبح سویرے ورزش کرنے ، ابتدائی طبی امداد ، فائر فائٹنگ (ہنگامی صورتحال میں آگ بجھانے کی تربیت)، میسنجر آف پیس ، مہارت تیر اندازی ، باکسنگ، ہائیکنگ، خیمہ باشی،سیکورٹی کے بارے میں آگاہی ، بغیر برتن کے کھانا پکانے کی مہارت، پاکستان کے اندر پائی جانے والی مختلف ثقافتوں کے بارے میں ثقافتی فیسٹیول کا اہتمام جبکہ ماحول کو آلودگی سے پاک رکھنے کے لئے شجر کاری اور مملکت پاکستان کے شہداء سمیت شہدائے ملت جعفریہ پاکستان کے ساتھ تجدید عہد وفا کرتے ہوئے شب شہداء کا اہتمام اور دینی علوم کی مناسبت سے عقائد ، احکام، ولایت فقیہ، درس قرآن، کربلائی نوجوان، غیبت ممنوع ہے، خلقت انسان میں ہدایت و رہبری، مدیریت جیسے اہم موضوعات پر دروس کا اہتمام بھی کیا گیا، نوجوانوں کی روحانی نشو نما کے لئے نماز با جماعت ، دعائیہ اجتماعات جس میں دعائے کمیل، دعائے عہد، دعائے توسل، دعائے ندبہ سمیت مناجات کے خصوصی پروگرام منعقد کئے گئے، وحدت اسکاؤٹس کے مرکزی اسکاؤٹس کیمپ کو جہاں ’’پیام امن ‘‘ کا عنوان دیا گیا تھا وہاں وحدت اسکاؤٹس نے اس مرکزی کیمپ کو ’’غیبت ممنوع ‘‘ کا شعار دیا اور اسی شعار کے تحت سال بھر اسکاؤٹس اپنے پروگراموں کو ترتیب دیں گے۔

 

واضح رہے کہ 23مارچ یوم پاکستان کی مناسبت سے وحدت اسکاؤٹس کے خصوصی دستوں نے یوم پاکستان پر مختلف انداز میں پاسنگ آؤٹ پریڈ کا عملی نمونہ پیش کرنے کے ساتھ ساتھ پرچم کشائی کا مظاہرہ بھی کیا اور شہر میں فلیگ مارچ بھی کیا گیا۔

 

دنیائے اسکاؤٹنگ ایک منفرد اور انوکھی دنیا کا نام ہے، جو لوگ اسکاؤٹنگ سے واقفیت رکھتے ہیں یقیناًوہ اس بات سے بخوبی آگاہ ہیں کہ کسی بھی اسکاؤٹ کیمپ کی جان اس اسکاؤٹ کیمپ کے اختتام سے ایک رات قبل اسکاؤٹس کیمپ فائر کے عنوان سے ایک پروگرام کرتے ہیں اسکاؤٹس کے اس خاص پروگرام میں اسکاؤٹ کیمپ میں گزار ے گئے تمام دنوں کا احوال اور اس کا خلاصہ کچھ مزاحیہ لطیفوں، خبروں ، مزاحیہ و درس آمیز خاکوں کے ساتھ کیا جاتا ہے، اس رات کو تمام اسکاؤٹس اپنی اپنی مہارتوں کا عملی نمونہ پیش کرتے ہیں اور یہ اسکاؤٹس کا ایک خاص پروگرام ہوتا ہے جسے اسکاؤٹس خاص طریقے سے ہی مناتے ہیں۔

 

وحدت اسکاؤٹس کے پانچ روزہ مرکزی اسکاؤٹ کیمپ ’’پیام امن ‘‘ کے اختتا م پر بھی وحدت اسکاؤٹس نے کیمپ فائر کا انعقاد کیا اور اس رات کو بھرپور انداز سے منایا ، کیونکہ اس موقع پر پاکستان بھر سے آئے ہوئے اسکاؤٹس نے مختلف موضوعات پر مزاحیہ و درس آمیز خاکے بھی پیش کئے، جبکہ اپنے سینئرز کی پیروڈی بھی بنائی گئی اور اس کے ساتھ ساتھ مزاحیہ خبروں اور لطیفوں سے اسکاؤ ٹس کو لطف اندوز کیا جاتا رہا، لیکن اس کیمپ فائر کی سب سے عمدہ اور انوکھی بات یہ رہی کہ اچانک کیمپ فائر کے چار سو سے زائد شرکاء کہ جن میں مہمان خصوصی پنجاب بوائے اسکاؤٹس ایسوسی ایشن کے سیکرٹری طارق قریشی سمیت تما م افراد کی آنکھیں اشک بار ہو گئیں، آخر ایسا کیا ہوا تھا؟

 

جی ہاں ! یہ واقعاً ایسے لمحات تھے کہ درد دل رکھنے والے تمام افراد کی آنکھیں تر ہو چکی تھیں، اسٹیج پر گلگت اور بلتستان نے تعلق رکھنے والے ننھے معصوم بچے اپنا خاکہ پیش کر رہے تھے اور اس خاکے کا عنوان رکھا گیا تھا ’’سانحہ آرمی پبلک اسکول پشاور‘‘۔مجھے یقین ہے کہ یہ پڑھنے کے بعد یقیناًآپ کی آنکھوں میں بھی آنسو آ جائیں گے۔

 

خاکے کے آغاز میں ایک معصوم بچہ اپنی والدہ کو صبح اسکول جانے سے پہلے گذشتہ رات کو دیکھا ہوا اپنا ایک خواب کچھ اس طرح سناتا ہے کہ ’’پیاری امی جان ! امی جان بڑی محبت سے اپنے لخت جگر کو سلام کا جواب دیتے ہوئے پیار کرتی ہیں اور کہتی ہیں جی میری جان!تب یہ معصوم بچہ گویا ہوتا ہے ک امی جان میں نے کل رات ایک خواب دیکھا ہے کہ میں اپنے اسکول کے تمام دوستوں کے ساتھ ایک دریا کے کنارے کھیل رہا ہوں اور اچانک دریا میں طغیانی شروع ہوتی ہے اور ہم سب بچے دریا میں پھنس گئے ہیں اور اس دریا میں بہنے والے پانی کا رنگ سرخ ہے ، میں آپ کو آواز دیتا ہوں لیکن آپ میری آواز نہیں سن پا رہی ہوتی، آخر اس خواب کی تعبیر کیا ہو گی؟ ماں اپنے بیٹے کو ماتھے پر پیار کرتے ہوئے کہتی ہے پیارے بیٹا اسکول جاؤ آپ کو دیر ہو رہی ہے۔

 

تمام بچے اسکول پہنچ چکے ہیں، کلاس میں بیٹھے استاد کا انتظار کرتے ہیں، استاد کلاس روم میں تشریف لاتے ہیں، بچے احترام میں کھڑے ہو جاتے ہیں استاد صاحب کو سلام کرتے ہیں، استاد انہیں بیٹھنے کوکہتے ہیں ان سے حال احوال دریافت کرتے ہیں، اور کہتے ہیں کہ کل ہم نے علم کے موضوع پر گفتگو کی تھی کیاکوئی بچہ کل کی کلاس کا خلاصہ کر سکتا ہے، ایک طالب علم کھڑا ہو کر بتانا شروع کرتا ہے، ہم نے کل پیغمبر اکرم (ص) کی ایک حدیث کہ جس میں فرمایا گیا ہے، ’’علم نور ہے‘‘پر گفتگو کی تھی، ابھی علم کے حصول کے بارے میں یہ بچہ گفتگو کر رہا ہے کہ اچانک پاکستان اور اسلام کے دشمن طالبان ظالمان دہشت گرد کمرہ کلاس میں بھاری اسلحہ کے ساتھ داخل ہوتے ہیں اور استاد سمیت تمام بچوں کو پکڑ پکڑ کر گولیوں کا نشانہ بنانا شروع کر دیتے ہیں اور اعلان کرتے ہیں کہ اگر کوئی زندہ بچ گیا ہے تو اسے دوبارہ اٹھا کر سر میں گولی مار دی جائے، خاکے میں تھوڑی دیر بعد افواج پاکستان بھی پہنچ جاتی ہیں جو دہشت گردوں کا قلع قمع کر دیتی ہیں اور پھر اس طرح ریسکیو آپریشن کا آغاز ہو جاتا ہے ،لیکن افسوس کے بچوں میں سے کوئی نہیں بچ سکا، سب کے سب بچے شہید ہو چکے ہیں، استاد بھی شہید ہو چکے ہیں، انہیں تو خبر بھی نہیں ہوئی کہ آخر ہم معصوم بچوں کو یہ طالبان دہشت گرد کیوں مار رہے ہیں؟

 

بہر حال یہ درد بھرے مناظر آنکھوں کے سامنے دیکھ کر ہر آنکھ اشک بار تھی، ماحول پر رقت آمیز مناظر کا قبضہ ہو چکا تھا، یہ وہی ماحول تھا جو ابھی چند لمحات پہلے قہقہوں اور مزاحیہ خاکوں کی وجہ سے پر رونق تھا لیکن اچانک اس خاکے نے سب کو سنجیدہ کر دیا، ان معصوم بچوں نے ایک مرتبہ پھر سانحہ آرمی پبلک اسکول پشاور کی یاد کو زندہ کر دیا، ہر با ضمیر کو جھنجھوڑ کر رکھ دیا، آہوں اور سسکیوں کے آوازیں گونج رہی تھیں،سمجھ میں نہیں آتا تھا کہ خاکہ کے اختتام پر بچوں کو تالیوں کی گونج میں داد تحسین پیش کی جائے یا پھر کھڑے ہو کر اسٹیج سے اترنے والے ان معصوم ہونہاروں کو داد تحسین دی جائے، بہر حال یہ لمحات گزر گئے ، فضا سوگوار رہی اور وحدت اسکاؤٹس کے ان شاہینوں نے ثابت کر دیا کہ یہ ملک و ملت شہداء کو یاد رکھنے والوں میں سے ہیں اور ملک وملت و اسلام کے دشمنوں کے سخت دشمن ہیں۔

 

یہاں ان سب باتو ں سے بڑھ کر ایک نقطہ اور بھی ہے جسے شاید بیان کرنا میں ضروری سمجھتا ہوں، یہ جو معصوم بچے شہدائے سانحہ پشاورا سکول کی یاد تازہ کر رہے تھے ، یہ بھی ایسی قوم کے بچے تھے کہ جس قوم کو روزانہ مساجد اور امام بارگاہوں میں بم دھماکوں کا نشانہ بنایا جاتا ہے ، ان کے والدین کو ٹارگٹ کلنگ کا نشانہ بنایا جاتا ہے، ان بچوں کے اسکولوں کو بھی بم دھماکوں سے اڑایا جاتا رہاہے، یہ ایسی قوم کے بچے ہیں جن کو کافر کا لیبل لگا کر اس ملک میں قتل کرنا جیسے حلال قرار دے دیا گیا ہے، یہ ایسی قوم کے بچے ہیں کہ جس قوم میں روزانہ جنازہ اٹھایا جاتا ہے، یہ اس قوم کے بچے ہیں کہ جہاں ایک ایک دن میں ایک سو جنازے بھی اٹھائے گئے ہیں، یہ ایسی قوم کے بچے ہیں کہ جو خود کش بم دھماکوں کی زد میں آ کر اتنے ٹکڑوں میں تقسیم ہوئے ہیں کہ ان کے جسموں کو ڈھونڈھا نہیں جا سکا، یہ ایسی قوم کے بچے ہیں کہ دشمن ان سے خوفزدہ ہے، یہ اس قوم کے بچے ہیں کہ جنہوں نے پاکستان کے شہداء کو ہمیشہ اپنی یادوں میں یاد رکھا ہے، اپنی خوشیوں میں اور اپنے دکھوں میں ہر موقع پر ان شہداء کو یاد رکھا ہے، میرا دل کرتا ہے کہ ان تمام بچوں کا ماتھا چوم لوں، انہیں اپنے کاندھوں پر اٹھا لوں،ان کے والدین پر درود و سلام ہوکہ جنہوں نے اپنے بچوں کی اس طرح تربیت کی ہے کہ آج ان کی معصومانہ سوچوں میں سانحہ پشاور اسکول کے شہداء کی یاد زندہ و تابندہ ہے اور آج انہوں نے ہمیں بھی اشک بار کر دیاہے ، شاید انہی کی بدولت ہمیں بھی یاد آ گیاہے کہ یہ کوئی پرانی بات نہیں ہے، یہ تو ابھی کی بات ہے جب اسکول میں خون کی ہولی کھیلی گئی تھی، لیکن ہم نے کیوں فراموش کر دیاہے؟ہم ابھی تک ان معصوم بچوں کے قاتلوں سے انتقام نہیں لے سکے اور کہیں ایسا نہ ہو کہ وقت کے گزرنے کے ساتھ ساتھ ہم اپنے معصوم بچوں کی شہادتوں کے ساتھ ساتھ ان کے ظالم اور سفاک قاتلوں کو بھی فراموش کر بیٹھیں، میری آنکھیں پھر امڈ آئی ہیں، دل پھٹ رہاہے، مزید قلم میں بھی طاقت نہیں رہی، بس یہی دعا کرتا ہوں کہ میرے وطن تیری توقیر سلامت رہے۔کیونکہ میں ایسی قوم سے ہوں جس کے وہ بچو ں سے ڈرتا ہے ، بڑا دشمن بنا پھرتا ہے جو بچوں سے لڑتا ہے، میں ایسی قوم سے ہوں جس میں ہر روز جنازہ اٹھتا ہے۔


تحریر:تنصیر حیدر شہیدی

وحدت نیوز (لاہور) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے سیاسی سیل مرکزی سیکرٹری سیاسیات سید ناصر شیرازی کے زیر صدارت کا مشاورتی اجلاس،کنٹونمنٹ بورڈ کے انتخابات میں بھر پور کردارادا کرنے کا اعلان ، تمام ڈسٹرکٹ سیکریٹری سیاسیات سے کنٹونمنٹ ایریاز کی تفصیلات طلب ،اتحادی جماعتوں سے بھی مشاورت کا فیصلہ ،اجلاس میں گلگت بلتستان میں امیدواروں کے درخواستوں پر غور،4 اپریل کومرکزی کنونشن کے بعد گلگت بلتستان میں باصلاحیت ،محب وطن،بے داغ ماضی اور تعلیم یافتہ امیدواروں میں ٹکٹ تقسیم کرنے کا اعلان،گلگت بلتستان میں مجلس وحدت مسلمین 15 حلقوں سے الیکشن میں حصہ لے گی،اجلاس میں سنی اتحاد کونسل کے رہنماوں کے خلاف پنجاب حکومت کی انتقامی کاروائی کی مذمت،سنی اتحاد کونسل کے گرفتار کارکنان کی رہائی کا مطالبہ ،اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سید ناصر شیرازی کا کہنا تھا کہ دہشت گرد مخالف قوتوں کے خلاف کاروائی دراصل آپریشن ضرب عضب کو متاثر کرنے کی سازش ہے،پنجاب حکومت دہشت گردوں کے سرپرستوں کی خوشنودی کے لئے اوچھے ہتھکنڈے استعمال کر رہی ہے،ان کے صوبائی وزیر نہ صرف کالعدم دہشت گردوں کے ترجمان ہے بلکہ سانحہ ماڈل ٹاوُن کے ماسٹر مائنڈ بھی ہے،ہم اس مشکل وقت میں سنی اتحاد کونسل کے کارکنان اور ان کے قائد صاحبزادہ حامد رضا کے ساتھ ہیں،ملک دشمن عناصر کے سازشوں کو انشااللہ ہم وحدت و اتحاد سے ناکام بنائیں گے۔

مجلس وحدت مسلمین پاکستان

مجلس وحدت مسلمین پاکستان ایک سیاسی و مذہبی جماعت ہے جسکا اولین مقصد دین کا احیاء اور مملکت خدادادِ پاکستان کی سالمیت اور استحکام کے لیے عملی کوشش کرنا ہے، اسلامی حکومت کے قیام کے لیے عملی جدوجہد، مختلف ادیان، مذاہب و مسالک کے مابین روابط اور ہم آہنگی کا فروغ، تعلیمات ِقرآن اور محمد وآل محمدعلیہم السلام کی روشنی میں امام حسین علیہ السلام کے ذکر و افکارکا فروغ اوراس کاتحفظ اورامر با لمعروف اور نہی عن المنکرکا احیاء ہمارا نصب العین ہے 


MWM Pakistan Flag

We use cookies to improve our website. Cookies used for the essential operation of this site have already been set. For more information visit our Cookie policy. I accept cookies from this site. Agree