The Latest

وحدت نیوز(کوئٹہ) مجلس وحدت مسلمین بلوچستان کے سیکریٹری جنرل علامہ مقصود علی ڈومکی نے کراچی میں جعفریہ الائنس کے سربراہ علامہ عباس کمیلی کے صاحبزادے علامہ علی اکبرکمیلی اور یاسر ترمذی کے قتل کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اسے سندھ حکومت کی ناکامی قرار دیا ۔ انہوں نے کہا کہ آپریشن کے باوجود کراچی میں معصوم شہریوں کا قتل لمحہ فکریہ ہے۔ جو حکمران عوام کو تحفظ نہ دے سکیں انہیں اقتدار میں رہنے کا کوئی حق نہیں۔ ریاستی ادارے کراچی میں جاری قتل عام روکنے کے لئے اپنا کردار ادا کریں۔ ارباب اقتدار اور ریاستی اداروں کی نا اہلی سے تنگ عوام ،انقلاب کا پرچم لے کر اسلام آباد میں بیٹھے ہیں،قبل اس کے کہ عوام کے صبر کا پیمانہ لبریز ہوجائے ،نواز لیگ کی وفاقی اور پی پی کی صوبائی حکومت قیام امن کے سلسلے میں اپنا کردار ادا کرے اور کراچی میں جاری معصوم انسانوں کے قتل عام کا سلسلہ روکے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ سپریم کورٹ کراچی میں آئے روزمعصوم انسانوں کے قتل عام کا از خود نوٹس لیتے ہوئے مجرموں کو تختہ دار پر لٹکانے کا اہتمام کرے۔ انہوں نے کہا کہ بدقسمتی سے اس ملک میں نہ انصاف ہورہا ہے اور نہ ہوتا نظر آرہا ہے۔ دہشت گرد آزاد ہیں اور ان کی سرپرستی بھی ہورہی ہے۔

 

انہوں نے بارش اور سیلاب کے نتیجے میں وسیع پیمانے پر ہونے والے جانی و مالی نقصان پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ تین دن کی بارشوں نے خادم اعلیٰ پنجاب کی کارکردگی کو بے نقاب کر دیا کروڑوں روپے کی لاگت سے تیار کردہ انڈر پاس تالاب بن چکے ہیں۔ جہاں نکاسی آب کا کوئی بندوبست نہیں کچے بوسیدہ مکانات اور بجلی کی ننگی تاریں بھی موت کا پیغام لے کر آئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کی جانب سے پنجاب کے دریاؤں میں لاکھوں کیوسک پانی چھوڑنا افسوس ناک اور قابل مذمت ہے۔ انہوں نے کہا کہ نواز حکومت نے صرف ایک سال میں پانچ ہزار ارب روپے قرضہ حاصل کر کے پوری قوم کو مقروض بنا دیا ہے۔ ماضی کے تمام رکارڈ توڑتے ہوئے خطیر رقم قرضہ لے کر ارباب اقتدار نے اپنے شاہانہ اخراجات ، کرپشن اورعیاشی پر خرچ کیے ہیں۔

وحدت نیوز(کوئٹہ) 6ستمبر یوم دفاع کے موقع پر عسکری پارک کوئٹہ میں دفاعی نمائش کا انعقاد کیا گیا۔ دفاعی نمائش کا افتتاح کمانڈرساؤدرن کمانڈ، جنرل ناصرخان جنجوعہ نے کیا، جبکہ میزبانی کے فرائض میجر جنرل آفتاب خان نے انجام دئیے۔ دفاعی نمائش کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہاکہ ہم یوم دفاع کے موقع پر پاک وطن کے بہادر فوجی جوانوں کو سلام پیش کرتے ہیں، جو پاک وطن کی سربلندی اور دفاع کے لیے ملک دشمن ،عوام دشمن اور اسلام دشمن دھشت گردوں کے خلاف بر سرپیکار ہیں۔ پاک وطن کے باوفا بیٹے اپنی بہادر افواج کے ساتھ مل کر ،دشمنوں کا مقابلہ کریں گے۔ ہم آپریشن ضرب عضب کی کامیابی کے لئے دعاگو ہیں اور پاک فوج کو مکمل تعاون کایقین دلاتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہم پاک وطن کے شہداء کو سلام عقیدت پیش کرتے ہیں۔ اور ان مجاہدوں کو بھی سلام پیش کرتے ہیں جو دھشت گردوں کے خلاف بر سر پیکار ہیں۔

وحدت نیوز (اسلام آباد) چیئرمین خیرالعمل فائونڈیشن نثارعلی فیضی کی ہدایت پر پنجاب اور کشمیر میں سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں خیرالعمل فائونڈیشن کے رضا کاروں نے امدادی سرگرمیاں شروع کر دیں اوراس ساری صورتحال کی نگرانی کے لیے ہیڈ آفس میں کنٹرول روم  بھی قائم کر دیا گیا اس موقع پر نثار علی فیضی نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ماضی کی طرح اس بار بھی خیرالعمل فائونڈیشن سیلاب  سے متاثرہ افراد کو تنہا نہیں چھو ڑے گی اور اس مشکل سے باہر نکالنے میں اپنا بھر پور کردار ادا کرے گی ۔ بھارت کی طرف سے ڈیموں سے پانی کے اخراج میں حکومت پاکستان کو پیشگی اطلاع نہ دینا ظلم ہے اور حکومتی اداروںکی طرف سے بھی ایسے سانحات کے تدارک کے لیے منصوبہ بندی کا نہ ہونا مجرمانہ غفلت کا عندیہ دیتی ہے انہوں نے ملکی و بین الاقوامی مخیر اداروں اور شخصیات سے اپیل کی کہ وہ سیلاب سے متاثرہ لوگوں کی امدادی سر گرمیوں کے لیے دل کھول کر عطیات دیں اور اس سلسلے میں میڈیا سے بھی توقع کی کہ وہ پوری دنیا کی توجہ اس سانحہ کی طرف مبذول کرانے میں اپنا بھر پور کردار ادا کرے گا ۔ نثار علی فیضی نے کہا کہ خیرالعمل فائونڈیشن نے ماضی میں متاثرین سیلاب کے لیے کروڑوں مالیت کی امدادی مہم چلائی تھی اور اسوقت بھی ملک بھر کے  مختلف اضلاع میں مکانات ،سکول،کلینک، ہسپتال اور  پانی کے سینکڑوں منصوبوں پر کثیر فنڈز خرچ کر رہی ہے۔

وحدت نیوز (کراچی )علامہ عباس کمیلی کے فرزند علامہ علی اکبر کمیلی کی شہادت نے سندھ حکومت کے قیام امن کے دعوں کی قلعی کھول دی، سندھ حکومت اور قانون نافذ کرنے والے ادارے شہر قائد میں دہشت گردی کی روک تھام میں مکمل ناکام ہو چکے ہیں ، مدارس کے نام پر قائم دہشت گرد مراکز شہر یوں کے لئے ناصور بن چکے ہیں ،کراچی کا ضلع وسطی مذہبی و سیاسی طالبان کامضبوط گڑھ بن چکا ہے، علامہ علی اکبر کمیلی پر حملہ بھی ضلع وسطی میں ہی ہوا، حکومت اپنی ناکامی کا اعتراف کرتے ہوئے مستعفیٰ ہو جائے، کراچی میں دہشت گردوں کے ٹھکانوں پر فوری فوجی آپریشن ناگزیر ہے، ان خیالات کا اظہار مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکریٹری جنرل علامہ ناصر عباس جعفری نے علامہ عباس کمیلی کے فرزند کے قتل کے خلاف مرکزی سیکریٹریٹ سے جاری اپنے مذمتی بیان میں کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ مجلس وحدت مسلمین کراچی میں جاری ٹارگٹ کلنگ کے واقعات کی بھر پور مذمت کرتی ہے، شہر قائد میں جاری دہشت گرد کاروائیاں عوام میں خوف و ہراس پھیلانے اور فرقہ واریت کو ہوا دینے کی مضموم سازش ہے،شہر میں روزانہ کی بنیاد پر درجن بھر شہریوں کو گولیوں کا نشانہ بنایا جارہا ہے، سندھ حکومت اور قانون نافذ کرنے والے ادارے شہر میں قیام امن کے جھوٹے دعوے کررہے ہیں ، سندھ حکومت مکمل طور پر اپنی ناکامی کا اعتراف کرتے ہوئے ٹارگٹڈ آپریشن کے خاتمے کا اعلان کرے اور کراچی کو فوج کے حوالے کیا جائے ، ایک منظم پلاننگ کے تحت شہر قائد میں اہل تشیع تاجروں اور کاروباری شخصیات کو چن چن کر نشانہ بنایا جا رہا ہے، علی اکبر کمیلی کا قتل بھی اسی منظم سازش کا حصہ ہے، علاوہ ازیں علامہ ناصر عباس جعفری نے علامہ عباس کمیلی کو ٹیلی فون کیا اور ان کی فرزند کی خیریت دریافت کی جبکہ علی اکبرکمیلی کی جلد مکمل صحت یابی کی دعا بھی کی۔
وحدت نیوز(اسلام آباد)49ویں یوم دفاع پاکستان کے موقع پر مرکزی سیکریٹریٹ سے جاری اپنے تہنتی پیغام میں سربراہ مجلس وحدت مسلمین پاکستان علامہ ناصر عباس جعفری نے کہا ہے کہ آج 49برس بعد بھی شہدائے وطن کی قربانیاں ہمارے دلوں میں زندہ ہیں ،6 ستمبر1965کا عظیم دن پاکستان کی تاریخ میں سنہری حروف سے لکھا ہوا ہے، پاک افواج کے بہادر سپوتوں نے ہندوستان کے ناقابل تسخیر ہونے کے دعوے کو خاک میں ملا دیا، اپنی قیمتی جانوں کا نذرانہ پیش کرکے دشمن کے ناپاک عزائم کوخاک میں ملانے والے فوجی جوانوں کو سلام عقیدت پیش کرتے ہیں ، 1965سے شروع ہونے والی افواج پاکستان کی استقامت و ایثار آج ضرب عضب تک جاری ہے، افسوس آج ہمارے نا عاقبت اندیش حکمران دفاع وطن کی ضامن افواج پاکستان کے خلاف محاذآرائی میں مصروف ہیں ،افواج پاکستان لٹیرےسیاست دانوں سے زیادہ محب وطن ہیں ۔ ان کامذید کہنا تھا افواج پاکستان کی تاریخ جذبہ ایثار و فدا کاری سے عبارت ہے، بھارتی جارحیت ہو یا طالبانی لشکر کشی، ضرب عضب ہو یا سیلاب و زلزلہ فوجی جوان ہر لمحہ ملک و قوم کی خدمت میں پیش پیش نظر آتے ہیں ،حالیہ ملکی سیاسی حالات میں بھی پاک فوج کا کردار قابل تحسین ہے ، انتہائی درجے کی سازشوں کے باوجود افواج پاکستان نے سیاسی معاملات میں دخل اندازی سے گریز گیااور سیاسی مسائل کے حل کے لئے اپنا غیر جانبدار قابل ستائش قردار اد اکیا، لیکن دوسری جانب ملک دشمن ایجنڈے پر کاربند قومی وسائل ہڑپ کرجانے والے بعض حکمران صبح وشام افواج پاکستان کا استحقاق مجروح کرنے میں مصروف ہیں ، جن کا مقصد ملت پاکستان اور افواج پاکستان کے درمیان کشیدگی کو پروان چڑھا کر اپنے غیر ملکی آقائوں کے ایجنڈے کو عملی جامع پہنانا اورقومی دفاع کو کمزور کر نا ہے، لیکن ملت پاکستان بیدار اور ہوشیار ہے افواج پاکستان کے خلاف حکمران جماعت ، بعض ذرائع ابلاغ اورغیر ملکی ایجنسیوں کسی بھی سازش کو کسی صورت کامیاب نہیں ہونے دے گی۔
وحدت نیوز(اسلام آباد)پنجاب میں سیلاب کی تباہ کاریوں اور اس کے نتیجے میں ہونے والی انسانی جانوں کے ضیاع پر پوری قوم رنجیدہ ہے مشکل کی اس گھڑی میں اپنے بھائیوں کو تنہا نہیں چھوڑینگے پنجاب پر مسلط موجودہ بادشاہوں کی سات سالہ کارکردگی کے ثمرات منظر عام پر آنے شروع ہوگئے ہیں جو تخت لاہور کو پانی میں ڈوبنے سے نہیں بچا سکے وہ پنجاب کے 37 اضلاع کو کیسے بچا پائیں گے ان خیالات کا اظہارمجلس وحدت مسلمین پاکستان کے سربراہ علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے سیلاب کی تباہ کاریوں پر مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے فلاحی شعبہ خیرالعمل فاوُنڈیشن کی کور کمیٹی کےاجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ انہوں نے خیرالعمل فاوُنڈیشن کے تمام ضلعی مسئولین کو ہنگامی طور پر متاثرہ علاقوں میں پہنچنے کی ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ متاثرین سیلاب کی ہر ممکن مدد کی جائے علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے خیرالعمل فاوُنڈیشن کے مسئول نثار فیضی کو کنٹرول روم قائم کرنے اور سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں امدادی کاروایوں پر روزانہ کے بنیاد پر رپورٹ پیش کرنے کی ہدایات بھی جاری کردی، علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے گلگت بلتستان کے ذمہ داران کو بھی وہاں کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں کی تفصیلات طلب کرتے ہوئے کہا کہ مجلس وحدت مسلمین کاہر کارکن ہنگامی بنیادوں پر متاثرین کی مدد کیلئے ہمہ وقت تیار رہیں۔

وحدت نیوز(اسلام آباد) چیئرمین خیرالعمل فاﺅنڈیشن نثارعلی فیضی نے پنجاب اور کشمیر میں سیلاب کی تباہ کاریوں اور جانوں کے ضیاع پر گہرے غم و افسوس کا اظہار کیا اور اسکے ساتھ ساتھ اپنے رضا کاروں کو ہدایات جاری کی کہ وہ فوری طور پر امدادی سر گرمیوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں انہوں نے کہا یہ بات بھی کسی المیے سے کم نہیں کہ یہاں ہر سال سیلاب آتے ہیں لیکن حکمران اپنے خاندانوں اور اشرافیہ کے مفادات کو تحفظ دینے میں ہی تمام وسائل خرچ کر دیتے ہیں اور ایسے سانحات کے بعد صرف تصویر اور تقریر تک ہی کی منصوبہ بندی کرتے ہیں چاہے وہ سند ھ میں قحط سے بچوں کی اموات ہوں یا پنجاب میں ڈیموں کے پانی کے اخراج کو دیہاتوں میں آبادی کی طرف کھولنے کے مجرمانہ اقدامات ہوں جبکہ عوام کے ٹیکس کے پیسوں سے شہروں کی اکھاڑ پچھاڑ کر کے عام آدمی کی زندگی کو اجیرن بنانے کو اپنا فرض اولین سمجھ رہے ہیں نثار علی فیضی نے کہا کہ دنیا میں ترقی یافتہ ممالک میں قدرتی آفات کی مدیریت کر کے اسے عوام کی ضروریات کے لیے فائدہ مند بنایا جاتا ہے لیکن بد قسمتی سے پاکستان میں تمام تر وسائل ہونے کے باوجود بہتر اقدامات نہ ہونے کی وجہ سے بارشوں کے پانی سے فائدہ اٹھانا تو دور کی بات ہے اس پر قابو پانا بھی مشکل ہوتا چلا جا رہا ہے جسکی وجہ سے قوم بڑے بڑے سانحات میں تباہیوں کے دلدل میں ڈوب جاتی ہے انہوں نے کہا کہ خیرالعمل فاﺅنڈیشن نے اس صورت حال پر آج اپنی کور کمیٹی کا ہنگامی اجلاس بلا لیا جس میں امدادی سرگرمیوں کے حوالے سے حکمت عملی مرتب کی جائے گی۔

وحدت نیوز(کراچی) کراچی پاکستان کا معاشی حب ہے، شہر بھرمیں دہشت گرد مراکزقائم ہیں ، شہریوں کی جان ومال کو مذہبی وسیاسی طالبانوں کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا گیا ہے، قانون نافذکرنے والے ادارے اپنے گڈول ثابت کریں ، کراچی کا ضلع وسطی اہل تشیع کی مقتل گاہ بن چکا ہے، کراچی سمیت ملک بھر میں ہم پر یک طرفہ حملے ہو رہے ہیں ، پراکسی وار یا فرقہ واریت کا الزام مضحکہ خیز ہے، یوسف پلازہ میں شیعہ دکاندار محسن رضا کے قتل کی پر زور مذمت کرتے ہیں ، سندھ حکومت دہشت گردی کی روک تھام میں یکسر ناکام ہے، ان خیالات کا اظہار مجلس وحدت مسلمین کراچی ڈویژن کے پولیٹیکل سیکریٹری سید علی حسین نقوی نے وحدت ہاوس میں تنظیمی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیااس موقع پر حسن ہاشمی، انجینئر رضا نقوی ، مبشر حسن ، علامہ علی انور ،مدثر حسن اور اصغر زیدی بھی موجود تھے۔

 

ان کاکہنا تھا کہ پاکستان کے سب سے بڑے کاروباری مرکز، معاشی اور دفاعی فرنٹ لائن کراچی کے شہریوں کو دہشت گردوں کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا گیا ہے، عوام کو مذہبی وسیاسی دونوں قسم کے طالبانوں کا سامنا ہے، قانون نافذ کرنے والے ادارے تحقیق کے باوجود دہشت گردی کے سد باب میں ناکام نظر آتے ہیں ،گرفتار ٹارگٹ کلرز کو جیلوں میں سرکاری مہمان بنا کر رکھا گیا ہے، کسی مجرم کو آج تک تختہ دار پر لٹکا کر نشان عبرت نہیں بنایا گیا،عدل و انصاف کی قلت دہشت گردی کے پروان چڑھانے کا بڑا زریعہ ہے، کراچی کا ضلع وسطی گذشتہ تین سال سے مسلسل اہل تشیع ڈاکٹر ز، انجینئرز، علماء ، وکلاء اور تاجروں کامقتل گاہ بن چکا ہے، گلبہار، ناظم آباد، حسن کالونی، انچولی،سمیت دیگر علاقوں میں اہل تشیع دکانداروں کو چن چن کر گولیوں کا نشانہ بنایا جارہا ہے،انہوں نے سندھ حکومت خصوصاًوزیر اعلیٰ قائم علی شاہ، ڈی جی رینجرزمیجر جنرل رضوان اختراور ایڈیشنل آئی جی پولیس غلام قادر تہبو سے مطالبہ کیا کہ کراچی میں جاری شیعہ ٹارگٹ کلنگ میں ملوث دہشت گردوں کو جلد از جلد گرفتار کیا جائے اورگرفتار ٹارگٹ کلرز کو عوام کے سامنے پیش کر کے ان کی شناخت ظاہر کی جائے۔

وحدت نیوز (پشاور) مجلس وحدت مسلمین خیبر پختونخوا کی شوریٰ کا اجلاس 14 ستمبر 2014ء بروز اتوار پشاور میں طلب کرلیا گیا ہے، جس میں تمام اضلاع کی کابینہ اور صوبائی کابینہ کے اراکین شریک کریں گے، ایم ڈبلیوایم کے صوبائی سیکرٹری اطلاعات سید عدیل عباس زیدی نے ’’وحدت نیوز‘‘ کو بتایا کہ گذشتہ ماہ کوہاٹ میں منعقد ہونے والے ایم ڈبلیو ایم خیبر پختونخوا کابینہ کے اجلاس کے فیصلہ کی روشنی میں صوبائی سیکرٹری جنرل علامہ سید سبطین الحسینی نے 14 ستمبر بروز اتوار صوبائی شوریٰ کا اجلاس طلب کیا ہے، وحدت ہاوس پشاور میں منعقد ہونے والے اس اجلاس میں صوبائی کابینہ کے اراکین اور تمام اضلاع کے سیکرٹری جنرلز اپنی تمام کابینہ کے ہمراہ شریک ہوں گے، اور کارگردگی رپورٹس پیش کی جائیں گی، انہوں نے بتایا کہ اجلاس میں تنظیمی ڈھانچہ کو صوبہ بھر میں مضبوط اور فعال بنانے، شعبہ جاتی کارکردگی میں بہتری لانے اور ملک و صوبہ کی صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے اہم فیصلہ جات کئے جائیں گے۔

وحدت نیوز(کوئٹہ) مجلس وحدت مسلمین بلوچستان کے سیکریتری جنرل علامہ مقصود علی ڈومکی نے آپریشن ضرب عضب کی کامیابی کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشت گردی اور انتہا پسندی کے خلاف پاک فوج کے اقدامات کو پوری قوم کی تائید حاصل ہے۔ اس آپریشن سے جہاں پاک فوج کا حوصلہ بڑھا ہے، وہاں قوم کی نظر میں ان کی عزت و توقیر میں اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پوری قوم ان بہادر جوانوں کو سلام عقیدت پیش کرتی ہے۔ جنہوں نے ملک دشمن، اسلام دشمن اور انسانیت کے دشمن ،دہشت گردوں کے خلاف لڑتے ہوئے جام شہادت نوش کیا۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک آپریشن ضرب عضب جاری رہنا چاہیئے۔ بلوچستان میں فرقہ وارانہ دہشت گردوں کے تربیتی مراکز اور محفوظ ٹھکانے موجود ہیں جن کے خلاف آپریشن ناگزیر ہے۔ اس سے قبل ملک گیر دھرنوں کے موقع پرکروڑوں شہریوں نے دہشت گردی کے ان مراکز کے خلاف آپریشن کا مطالبہ کیا تھا۔

 

انہوں نے کہا کہ ملکی سیاسی قیادت لہجے کی تلخی اور بازاری زبان استعمال کئے بغیر لوگوں کی بہتر رہنمائی کر سکتی ہے۔ کسی کی توہین اور اخلاق سے گرا ہوا لہجہ، کسی قومی سطح کے لیڈر کو زیب نہیں دیتا۔ دلیل اور منطق کی سچائی اہم ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اراکین پارلیمنٹ ہوں یا انقلاب و آزادی کے قائدین، قوم ان سے اعلٰی کردار اور بہتر اخلاق کی توقع رکھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ انقلاب اور تبدیلی کی آواز اب ملک کی قسمت بدل کر رہے گی۔ اب ہمیں سنجیدگی سے اس ملک سے کرپشن، دہشت گردی، مہنگائی، بے روزگاری، غربت و افلاس کا خاتمہ کرکے یہ پیغام دینا ہوگا کہ یہ ملک فقط جاگیرداروں اور سرمایہ داروں کا نہیں بلکہ غریبوں اور مظلوموں کا بھی ہے۔

مجلس وحدت مسلمین پاکستان

مجلس وحدت مسلمین پاکستان ایک سیاسی و مذہبی جماعت ہے جسکا اولین مقصد دین کا احیاء اور مملکت خدادادِ پاکستان کی سالمیت اور استحکام کے لیے عملی کوشش کرنا ہے، اسلامی حکومت کے قیام کے لیے عملی جدوجہد، مختلف ادیان، مذاہب و مسالک کے مابین روابط اور ہم آہنگی کا فروغ، تعلیمات ِقرآن اور محمد وآل محمدعلیہم السلام کی روشنی میں امام حسین علیہ السلام کے ذکر و افکارکا فروغ اوراس کاتحفظ اورامر با لمعروف اور نہی عن المنکرکا احیاء ہمارا نصب العین ہے 


MWM Pakistan Flag

We use cookies to improve our website. Cookies used for the essential operation of this site have already been set. For more information visit our Cookie policy. I accept cookies from this site. Agree