وحدت نیوز (لاہور) لاہور کے علاقے واہگہ بارڈر کے قریب خودکش دھماکے میں 54 افراد کے جاں بحق جبکہ 120 سے زائد زخمی ہوگئے ہیں، دھماکے میں ایک ہی خاندان کے 8 افراد بھی شامل ہیں، جاں بحق افراد میں 3 رینجرز اہلکار بھی شامل ہیں۔ دہشتگرد گروہ جنداللہ نے دھماکے کی ذمہ داری قبول کرلی۔ لاہور کے علاقے واہگہ بارڈر کے قریب دھماکے سے خواتین، بچوں اور رینجرز اہلکاروں سمیت 55 افراد کے جاں بحق جبکہ 120 سے زائد افراد زخمی ہوگئے۔ اندوہناک واقعے میں ایک ہی خاندان کے 8 افراد کے جاں بحق ہونے کی بھی اطلاعات ہیں۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 کا عملہ اور دیگر امدادی ٹیمیں جائے حادثہ پر پہنچ گئیں اور ایمبولینسوں کے ذریعے زخمیوں کو گھرکی ٹرسٹ ہسپتال منتقل کروا دیا گیا، جہاں انھیں طبی امداد دی جا رہی ہے۔ میڈیا نیوز کے مطابق شہریوں نے اپنی امداد آپ کے تحت بھی حادثے میں زخمی افراد کو ہسپتال منتقل کیا، تاہم گھرکی ہسپتال میں ناکافی سہولیات کے باعث میڈیکل اسٹاف کو مشکلات کا سامنا ہے۔

 

ایدھی اور ریسکیو کی ایمبولینسوں کے ذریعے متعدد زخمی افراد کو شالیمار اور سروسز ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے، جہاں انھیں طبی امدادی دی جا رہی ہے۔ ہسپتالوں میں ہنگامی حالت کے نفاذ کا اعلان کرتے ہوئے ڈاکٹروں اور دیگر عملے کو ڈیوٹی پر فوری پہنچنے کے احکامات جاری کر دیئے گئے ہیں جبکہ شہریوں سے خون کے عطیات دینے کی بھی اپیل کی گئی ہے۔ قانون نافذ کرنے والے اداروں اور رینجرز کے اہلکاروں نے واہگہ بارڈر کے علاقے کو گھیرے میں لے کر تحقیقات شروع کردی ہیں۔ ذرائع کے مطابق واہگہ بارڈر کے نزدیک ہونے والا دھماکہ خودکش تھا۔ دھماکے میں بڑی تعداد میں بال بیرنگ اور کیل استعمال کئے گئے تھے۔ خودکش حملہ آور کا سر اور دیگر اعضاء بھی ملنے کی اطلاعات ہیں۔ واضع رہے کہ واہگہ بارڈر کے قریب قومی پرچم اتارنے کی تقریب میں روزانہ ہزاروں افراد شرکت کرتے ہیں۔ شہریوں کی آمد کے پیش نظر قریب ہی کھانے پینے کی دکانیں بھی بڑی تعداد میں موجود ہیں جہاں خودکش دھماکہ ہوا۔

 

عینی شاہدین کے مطابق پریڈ جیسے ہی ختم ہوئی اس کے فوری بعد دھماکہ ہوگیا۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے آئی پنجاب مشتاق سکھیرا کا کہنا تھا کہ اطلاعات کے مطابق واہگہ بارڈر کے نزدیک ہونے والا دھماکہ خودکش تھا۔ اندوہناک سانحے میں 55 افراد کے جاں بحق ہونے کی اطلاعات ہیں۔ جاں بحق افراد میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔ خودکش دھماکہ پریڈ کے دوسرے بیریئر کے قریب ہوا۔ وزیراعظم میاں محمد نواز شریف اور وزیراعلٰی پنجاب میاں محمد شہباز شریف نے دہشتگردی واقعے کی فوری طور پر رپورٹ طلب کرلی ہے۔ دوسری جانب دہشتگرد گروہ جنداللہ نے خودکش دھماکے کی ذمہ داری قبول کرلی ہے۔

مجلس وحدت مسلمین پاکستان

مجلس وحدت مسلمین پاکستان ایک سیاسی و مذہبی جماعت ہے جسکا اولین مقصد دین کا احیاء اور مملکت خدادادِ پاکستان کی سالمیت اور استحکام کے لیے عملی کوشش کرنا ہے، اسلامی حکومت کے قیام کے لیے عملی جدوجہد، مختلف ادیان، مذاہب و مسالک کے مابین روابط اور ہم آہنگی کا فروغ، تعلیمات ِقرآن اور محمد وآل محمدعلیہم السلام کی روشنی میں امام حسین علیہ السلام کے ذکر و افکارکا فروغ اوراس کاتحفظ اورامر با لمعروف اور نہی عن المنکرکا احیاء ہمارا نصب العین ہے 


MWM Pakistan Flag

We use cookies to improve our website. Cookies used for the essential operation of this site have already been set. For more information visit our Cookie policy. I accept cookies from this site. Agree