وحدت نیوز(گلگت) مجلس وحدت مسلمین جی بی اور اسلامی تحریک کا مشترکہ اجلاس گلگت میں ہوا، جس میں اہم فیصلے کیے گئے۔ اجلاس میں لینڈ ریونیو ایکٹ، آئندہ عام انتخابات سمیت دیگر اہم امور پر بھی غور کیا گیا۔ اجلاس میں ایم ڈبلیو ایم کے صوبائی سیکریٹری جنرل آغاسید علی رضوی، آئی ٹی پی کے رہنما شیخ مرزا علی، الیاس صدیقی، رکن جی بی اسمبلی حاجی رضوان، عارف قنبری، غلام عباس سمیت دیگر رہنمائوں نے شرکت کی۔

 ایم ڈبلیو ایم کے رہنما علی حیدر نے ایک خبر رساں ادارے سے بات چیت کرتے ہوئے کہاکہ اجلاس کا ایجنڈا بنیادی طور پر تین نکات پر مشتمل تھا، جس میں لینڈ ریونیو ایکٹ، جی بی میں کرپشن اور میرٹ کی پامالی، پری پول دھاندلی کے حوالے سے حکومت کی جانب سے حالیہ تبادلے اور تقرریاں شامل تھیں۔

اجلاس میں آغاسید علی رضوی نے آئی ٹی پی کے رہنمائوں کو گزشتہ روز چیف سیکرٹری سے ہونے والی ملاقات اور لینڈ ریونیو ایکٹ کے حوالے سے اپنے موقف پر اعتماد میں لیا۔ اجلاس میں کہا گیا کہ حالیہ تبادلے اور تقرریاں پری پول دھاندلی ہیں جس کو فوری طور پر روکنے کی ضرورت ہے۔

عام انتخابات کے حوالے سے پوچھے گئے سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ جی بی الیکشن کے حوالے سے الائنس اور سیٹ ایڈجسٹمنٹ کا قوی امکان ہے گوکہ اس حوالے سے باقاعدہ طور پر ابھی بات چیت نہیں ہوئی تاہم یہ اجلاس اس حوالے سے اہم پیشرفت ضرور ہے۔

وحدت نیوز(گلگت) اسلامی تحریک پاکستان (شیعہ علماءکونسل) کے نومنتخب اپوزیشن لیڈر برائے گلگت بلتستان اسمبلی کیپٹن(ر)محمد شفیع  نے اپوزیشن لیڈر کی حیثیت سے اپنی کامیابی کا نوٹیفکیشن جاری ہونے کے بعد اپوزیشن لیڈر کے انتخاب میں غیر مشروط حمایت پرسب سے پہلے مجلس وحدت مسلمین کا شکریہ اداکرنے کیلئے صوبائی سیکریٹریٹ وحدت ہاوس  کا دورہ کیا،جہاں انہوں نے  ایم ڈبلیوایم کے صوبائی ڈپٹی سیکریٹری جنرل عارف قنبری، صوبائی ترجمان الیاس صدیقی ، صوبائی سیکریٹری اطلاعات علی حیدر سمیت دیگر سے ملاقات اور ایم ڈبلیوایم کے اراکین اسمبلی ڈاکٹر حاجی رضوان اور بی بی سلیمہ کی جانب سے اپوزیشن لیڈر کے انتخاب میں انہیں  ووٹ کاسٹ کرنے پر شکریہ ادا کیا ، انہوں نے کہا کہ انشاء اللہ ایم ڈبلیوایم کے تعاون کے ساتھ حقیقی اپوزیشن کا کردار اداکروں گا اور حکومتی ناانصافیوں کے خلاف ہمیشہ ایوان میں آواز بلند کروں گا ، اس موقع پر ایم ڈبلیوایم کے رہنماوں نے کیپٹن (ر) محمد شفیع کو اپوزیشن لیڈر منتخب ہونے پر مبارک باد پیش کی اور ان کے لئے نیک تمناوں کا اظہار کیا۔

وحدت نیوز(گلگت) امجد ایڈوکیٹ ایک خاص طبقہ فکر کی آشیر باد حاصل کرنے کیلئے اسلامی تحریک اور وحدت مسلمین پر بے جا تنقید کررہے ہیں۔مذہبی جماعتوں کا ایک دوسرے کے قریب آنے سے پیپلز پارٹی کا سیخ پا ہونا اپنی جگہ درست ہے کیونکہ اگر مذہبی جماعتوں کا اتحاد ہوجائے تو گلگت بلتستان میں پیپلز پارٹی کے جنازے کو کندھا دینے والا بھی کوئی موجود نہ ہوگا۔

مجلس وحدت مسلمین گلگت بلتستان کے ترجمان محمد الیاس صدیقی نے کہا ہے کہ بزرگ سیاستدان دیدار علی کے حوالے سے پیپلز پارٹی کے تضحیک آمیز بیانات قابل مذمت ہیں۔خودکو سیکولر کہنے والی جماعتوں کو دوسروں کا وجود گوارا نہیں اور ان کی ہمیشہ سے یہ کوشش رہی ہے کہ مذہب کو سیاست سے جدا کرکے صرف مساجد تک محدود کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ مذہبی جماعتوں کے اتحادسے پیپلز پارٹی خوفزدہ ہوچکی ہے اوران کے رہنما اپنی شکست کو سامنے دیکھ کر بوکھلاہٹ کا شکار ہوگئے ہیں۔جس طرح دوسری جماعتوں کو الیکشن لڑنے کا حق ہے اسی طرح مذہبی جماعتوں کو بھی سیاسی میدان میں پنجہ آزمائی کا حق ہے۔انہوں نے کہا کہ مذہبی جماعتوں کے الیکشن میں حصہ لینے سے پیپلز پارٹی کا سیخ پا ہونا سیاسی عدم برداشت کی علامت ہے۔

وحدت نیوز(گلگت) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکریٹری امور سیاسیات سید اسدعباس نقوی نےایم ڈبلیوایم ضلع نگر سیکریٹریٹ میں کارکنان اور تنظیمی عہدیداران سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ گلگت بلتستان کی موجودہ حکومت نےسابقہ حکومت کی طرح عوامی فلاح وبہبود نعروں کی حد تک ہی محدود رکھی ہوئی ہے، گذشتہ تین برسوں کی کارکردگی صفر ہے ،ایم ڈبلیوایم کا ہدف اقتدار کا حصول برائے سیاست نہیں بلکہ خدمت انسانیت ہے،ہمارا امتیاز ہے کہ  ہمارے تمام منتخب عوامی نمائندے دیگر جماعتوں کے نمائندگان سے زیادہ عوامی خدمت کے منصوبوں پر کام کررہے ہیں اور جہاں ہمارے نمائندگان ایوانوں میں موجود نہیں وہاں بھی اپنی مدد آپ کے تحت مختلف سطح کے فلاحی پروجیکٹس جاری وساری ہیں ، نگر کے ضمنی انتخاب کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ علاقہ عوام کے وسیع تر مفاد اور قومی وملی وحدت کی خاطر مجلس وحدت مسلمین کسی بھی قسم کا فیصلہ کارکنان کواعتماد میں لے کرکرے گی جس کے بہترنتائج آنے والے وقتوں میں عوام ملاحظہ کریں گے۔

وحدت نیوز(گلگت) حلقہ 4 نگر کے ضمنی الیکشن میں کسی بھی جماعت کے حق میں دستبردار ہونے کا کوئی حتمی فیصلہ نہیں ہوا ہے۔ اخبارات میں چھپنے والی خبروں کی کوئی صداقت نہیں۔ مجلس وحدت مسلمین گلگت بلتستان کے ترجمان محمد الیاس صدیقی نے کہا ہے تمام سیاسی جماعتوں کے ساتھ رابطے میں ہیں۔حلقہ 4 نگر کے ضمنی الیکشن میں حمایت لینے کیلئے پیپلز پارٹی اور اسلامی تحریک کے مرکزی قائدین نے مجلس وحدت مسلمین کے سیکرٹری جنرل راجہ ناصر عباس سے رابطہ کیا ہے اور صوبائی سطح پر بھی مسلسل رابطے ہورہے ہیںلیکن تاحال کسی بھی جماعت کی حمایت کا کوئی حتمی فیصلہ نہیں کیا گیاہے۔

وحدت ہائوس گلگت میں صوبائی عہدیداروں کے ساتھ اجلاس میں مرکزی سیکرٹری سیاسیات اسد عباس نقوی نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے نیئر حسین بخاری اور اسلامی تحریک کے علامہ عارف واحدی نے علامہ راجہ ناصر عباس سے حلقہ 4 نگر کے ضمنی الیکشن میں حمایت کی درخواست کی ہے ۔مجلس وحدت مسلمین حلقہ 4 نگر کے ضمنی الیکشن میں اپنے کارکنان اور عہدیداروں کو اعتماد میں لیکر ہی کسی حتمی نتیجے پر پہنچے گی۔اس سلسلے میں آج بعد نماز مغربین غلمت نگر میں پارٹی کارکنان کا اجلاس طلب کیا گیاہے ۔انہوں نے کہا کہ کارکنان کو اعتماد میں لیکر آئندہ چند روز میں الیکشن لڑنے یا دستبردار ہونے کا حتمی فیصلہ کیا جائیگا۔

وحدت نیوز(گلگت ) مجلس وحدت مسلمین اور تحریک اسلامی پاکستان کے مشترکہ وفدنے رہنما شیعہ علماء کونسل پاکستان شیخ مرزا علی کی قیادت میں وزیر مملکت برائے تعلیم بلیغ الرحمن سے ملاقات کی۔ وفد میں کیپٹن محمد شفیع، محمد علی شیخ،سابق وزیر برقیات دیدارعلی،ایم ڈبلیوایم کے صوبائی ترجمان الیاس صدیقی اورسخی احمد جان شامل تھے۔ایم ڈبلیو ایم اورتحریک اسلامی کے رہنماؤں نے گلگت بلتستان کیلئے نیا نصاب تعلیم مرتب کرنے کے فیصلے کو انتہائی خوش آئند قرار دیا ۔ان رہنماؤں نے مطالبہ کیا کہ گلگت بلتستان میں بسنے والے تمام مسالک کے پیروکاروں کیلئے قابل قبول نصاب تعلیم مرتب کیا جائے۔تمام اسلامی مکاتب کے مشترکات کو نصاب کا حصہ بنایا جائے اور فروعی اختلافات کو نصاب تعلیم میں شامل نہ کیا جائے۔

وفد میں شامل رہنماؤں نے مطالبہ کیا گلگت بلتستان میں نصاب تعلیم کا باقاعدہ بورڈ تشکیل دیا جائے جس میں تمام مسالک کی نمائندوں کو آن بورڈ رکھا جائے۔انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ جب تک نیا نصاب تعلیم رائج نہیں ہوتا تب تک 2009میں منظور شدہ عبوری فارمولے پر عمل درآمد کرایا جائے۔ وزیر موصوف نے تمام وفد کی جانب سے پیش کردہ تمام مطالبات کو جائز قراردیتے ہوئے یقین دلایاکہ حکومت تمام خدشات کو دور کرنے کی پوری کوشش کرے گی۔ انہوں نے صوبائی وزیر تعلیم کو ہدایت کی کہ عبوری فارمولے پر عمل درآمد کیلئے ضروری اقدامات کریں۔

وزیر مملکت نے کہا کہ پاکستان کا آئین اس بات کی اجازت نہیں دیتا کہ کسی ایک مسلک کے عقائد کو دوسرے مسلک کے پیروکاروں پر زبردستی پڑھایا جائے، ملک کے آئین کے تحت ہر شہری اپنے مسلک کے بنیادی عقائد کے مطابق زندگی گزارنے کا پورا اختیار رکھتا ہے۔انہوں نے کہا کہ نئے نصاب تعلیم کو مرتب کرنے میں تمام مسالک کے علماء کوآن بورڈ رکھا جائے گا اور ایسا نصاب تعلیم مرتب کیا جائیگا جو تمام مسالک کے پیروکاروں کیلئے قابل قبول ہو۔انہوں نے مزید کہا کہ گلگت بلتستان کی تاریخ و ثقافت، جغرافیہ اور جنگ آزادی گلگت بلتستان کے قومی ہیروز کے کارناموں کو زندہ رکھنے کیلئے انہیں نصاب تعلیم میں شامل کیا جائیگا۔وفد میں شامل رہنماؤں نے وزیر مملکت کے وژن اور مسائل کے حل کے لئے عملی اقدامات کرنے کی یقین دہانی کرانے پران کا شکریہ ادا کیا۔

Page 1 of 2

مجلس وحدت مسلمین پاکستان

مجلس وحدت مسلمین پاکستان ایک سیاسی و مذہبی جماعت ہے جسکا اولین مقصد دین کا احیاء اور مملکت خدادادِ پاکستان کی سالمیت اور استحکام کے لیے عملی کوشش کرنا ہے، اسلامی حکومت کے قیام کے لیے عملی جدوجہد، مختلف ادیان، مذاہب و مسالک کے مابین روابط اور ہم آہنگی کا فروغ، تعلیمات ِقرآن اور محمد وآل محمدعلیہم السلام کی روشنی میں امام حسین علیہ السلام کے ذکر و افکارکا فروغ اوراس کاتحفظ اورامر با لمعروف اور نہی عن المنکرکا احیاء ہمارا نصب العین ہے 


MWM Pakistan Flag

We use cookies to improve our website. Cookies used for the essential operation of this site have already been set. For more information visit our Cookie policy. I accept cookies from this site. Agree