وحدت نیوز(لاہور) اسرائیل نے غزہ پر حملہ کرکے ثابت کردیا ہے وہ ایک دہشتگرد ملک ہے جو جب چاہے کسی بھی وقت مظلوم فلسطینیوں پر حملہ آور ہوسکتا اور کوئی پوچھنے والا نہیں، کتنے افسوس کی بات ہے کہ ایک طرف سے مظلوم فلسطینیوں پر رمضان المبارک میں فضائی حملے جاری ہیں تو دوسری جانب امت مسلمہ خاموش تماشائی کا کردار ادا کررہی ہے،او آئی سی مردہ گھوڑا بن چکی ہے، اب تک اسرائیلی حملوں میں درجنوں مرد،خواتین اور معصوم بچے شہید ہوچکے ہیں۔ عراق میں داعش کے تکفیری دہشت گرد بھی امریکی ، سعودی اور اسرائیلی ایماء پر بربریت پھیلا رہے ہیں ، جمعہ کو اسرائیل اور داعش کی بدترین جارحیت اوردہشت گردی کے خلاف یوم احتجاج منائیں گے اور اس حوالے سے بعد از نماز جمعہ احتجاجی مظاہرے کیے جائیں گے  ان خیالات کا اظہار مجلس وحدت مسلمین کے سربراہ علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے لاہور کے مقامی ہوٹل میں صحافیوں کے اعزاز میں دیے گئے افطار ڈنر سے خطاب کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر ایم ڈبلیوایم کے رہنما علامہ احمد اقبال رضوی ، علامہ عبد الخالق اسدی،علامہ امتیاز کاظمی ،اسد عباس نقوی ، مظاہر شگری اور دیگر رہنما بھی موجود تھے۔

 

 اُن کا کہنا تھا کہ حکومت پاکستان مظلوم فلسطینیوں پر مسلط کی جنگ پر عالمی سطح پر کردار ادا کرے،ایک سوال کے جواب انہوں نے کہا کہ داعش اور دیگر دہشتگرد تنظیموں کا چہرہ کھل کر سامنے آگیا ہے کہ ان تنظیموں اور گروہوں کا جہاد فقط معصوم مسلمان ہیں، عراق و شام میں جاری ان گروہوں کی جنگ دراصل اسرائیل کے دفاع کی جنگ لڑی جارہی ہے، پوری دنیا نے دیکھ لیا ہے کہ ان دہشتگردوں کا نشانہ فقط مسلمان ہی بن رہے ہیں، اگر یہ حقیقی جہادی ہوتے تو آج اسرائیل کو غزہ پر حملہ کرنے کی جرات نہ ہوتی لیکن انہوں نے اپنے عمل سے ثابت کیا ہے کہ ان کے اقدامات سے اسرائیل مضبوط ہوا ہے۔ رمضان المبارک کے آخری جمعہ کو یوم القدس کے طور پر منائیں گے اور ملک گیر احتجاجی ریلیاں نکالی جائیں گی اور تاریخی اجتماعات کیے جائیں گے۔ نواز حکومت جعلی مینڈیٹ لیکر آئی ہے اسے حکومت کرنے کا کوئی حق نہیں،طاہرالقادری کی مشروط حمایت کا اعلان کیا ہے،جلد عوامی ضرب عضب نواز شریف کی جعلی حکومت کو اپنے منطقی انجام تک پہنچائے گا، ملک میں شیعہ سنی وحدت کے فروغ کیلئے کام کررہے ہیں، چند مٹھی بھر تکفیری ہیں جو ملک کے امن کو خراب کررہے ہیں، فوجی آپریشن ضرب عضب کی مکمل حمایت کرتے ہیں اور مطالبہ کرتے ہیں کہ دہشتگردوں کے شہروں میں موجود نیٹ ورک کو بھی ختم کیا جائے اور ان دہشتگردوں کو لاجسٹک سپورٹ فراہم کرنیوالوں کے خلاف بھی کارروائی کی جائے۔ آئی ڈی پیز کی بحالی کیلئے پوری قوم کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔

وحدت نیوز ( حیدر آباد) اس ملک کی جڑوں کو کمزور اور کھوکلا کرنے میں وہ طاقتیں مصروف ہیں جنہیں ہماری سول ، فوجی لیڈر شپ اور عدلیہ بخوبی پہچانتی ہے ، اگر اس ملک کو بچانا ہے تو ریاست کے تمام اداروں کو اپنا وطن دوست کردار ادا کرنا ہو گا ، وقت کم ہے ، مذید کوتاہی کسی بڑے قومی سانحے اور المیئے کا سبب بن سکتی ہے ، فوج ، پولیس، رینجرز، عدلیہ ، سیاستدان ، اور عام انسان کوئی اس ملک میں محفوظ نہیں، بولان اور لیاری کے سانحات نے کوئٹہ اور کوہستان کے سانحات کی یاد تازہ کر دی ، زرائع ابلاغ کے نمائندے اس دور میں اگر اپنی پیشہ ورانہ ذمہ داریوں سے با حسن و خوبی عہدہ براں ہوں تو معاشرے میں مثبت تبدلیاں رونماء ہوں سکتیں ہیں۔ان خیالات کااظہار مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے سربراہ علامہ راجہ ناصر عباس جعفری (حفظ اللہ) نے دیال داس کلب حیدرآباد میں پرنٹ و الیکٹرک میڈیا کے نمائندوں ، سیاسی و سماجی شخصیات ، معززین شہر ، قومی و ملی تنظیموں کے نمائندگان کے اعزاز میں دی گئی دعوت افطار سے خطاب کر تے ہو ئے کیا ۔

ان کا کہنا تھا کراچی سے خیبر تک اور گلگت سے گوادر پاکستانی حکومت اور سکیورٹی اداروں کی رٹ ختم ہو چکی ہے، دہشت گردوں ، خودکش حملہ آوروں اور کالعدم گروہوں کی عملی حکمرانی کا نفاظ ہو چکا ہے ، ماہ رمضان ماہ امان ہے ان درندہ صفت دہشت گردوں نے اس ماہ کے تقدس اور احترام کوبھی ماپال کیااور پورے ملک میں دہشت گردی اپنے عروج پر رہی ، جب خلق خدا پر ظلم ہو اور قوم خاموش رہے تو خدا کا قہر کی نازل ہو تا ہے ، یہ سیلابی بارشیں اور اس کی نتیجے میں تباہی بھی شاید اسی کانتیجہ ہو ۔عوام تو عوام ہمارے حکمران اور سکیورٹی ادارے بھی پتہ نہیں کس کی زنجیروں میں جکڑے گئے ہیں کہ روز حملے سہنااور روز لاشیں اٹھانا تو قبول ہے لیکن دہشت گردوں کے خلاف سخت اور مثالی کاروائی کرنا منظور نہیں ۔

ان کا کہنا تھا میں بارہا سول اور ملٹری انتظامیہ کو مخاطب کر تے ہو ئے یہ بات کہہ چکا ہوں اور آج پھر تکرار کر رہا ہوں کہ اگر اس وطن کو کو ئی شدیدنقصان پہنچا تو اس میں وزیر اعظم پاکستان ، چیف آف آرمی اسٹاف اور چیف جسٹس صاحب برابر کے ذمہ دار ہو نگے ، کیوں کہ یہ تمام شخصیات دہشت گردوں کو شناخت کے باوجود کیفر کردار تک پہنچانے کے لئے اپنی زمہ داری ادا نہیں کر رہے ۔

ان کا کہنا تھا کہ عید الفطر کے قریب قریب بلوچستان کے علاقے بولان میں بیگناہ مسافروں کو بسوں سے اتار کرگولیوں سے بھون ڈالا گیا ، لیاری میں فٹ بال میچ کے دوران معصوم بچو ں کو بیدردی سے بم دھماکے میں ٹکڑے ٹکڑے کر دیا گیا ، اور ہمارے ریاستی ادارے رویتی خاموشی اور مصلحت پسندی کے مظاہرے میں مصروف ہیں ۔

انہوں نے میڈیا کے نمائندگان کو مخاطب کر تے ہو ئے کہا کہ میڈیا ریاست کا چوتھا اہم اور بااختیار ستون ہے ، لیکن افسوس کے ساتھ کہنا پڑتا ہے کہ ہمارے بعض نجی ٹی وی چینلز قومی پالیسی پر بیرونی پالیسیوں کا ترجیح دیتے ہیں ، اور ایسے پروگرامات نشر کر تے ہیں جن کے سیاق وسباق سچائی پر مبنی نہیں ہو تے جس کی وجہ سے عوام الناس میں سے حب الوطنی کا جذبہ ختم ہو تا جا رہا ہے ، اگر آج کے معاشرے میں آپ جیسے باعمل صحافی حضرات اپنی پیشہ وارانہ ذمہ داریوں کو قربتہً الاللہ انجام دیں تو معاشرے جنت نظیر بن سکتا ہے ۔

وحدت نیوز (اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین کے سربراہ علامہ ناصر عباس جعفری نے کہا ہے کہ وہ اس بات پر حیران ہیں کہ پاک فوج کے سربراہ جنرل کیانی کو نیند کیسے آجاتی ہے، جس کے ہر روز دس سے پندرہ فوجیوں کو شہید کیا جا رہا ہے، انہوں نے استفسار کیا کہ جنرل کیانی صاحب قوم اور اپنے فوجی جوانوں کو بتائیں کہ آپ کی تین سال کی توسیع سے انہیں کیا ملا ہے۔؟ ڈی آئی خان جیل پر حملہ نے پاک فوج سمیت تمام اداروں کے رسپانس نہ کرنے پر انہیں سوالیہ نشان بنا دیا ہے۔ ریاستی اداروں کے اس عمل سے قوم اور فوجی جوانوں میں دن بدن مایوسی بڑھتی جا رہی ہے۔ غیر ریاستی عناصر حملے جاری رکھنے کا اعلان کر رہے ہیں تو دوسری جانب خاموشی چھائی ہوئی ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد کے ایک مقامی ہوٹل میں ایم ڈبلیو ایم میڈیا سیل کی جانب سے صحافیوں کے اعزاز میں دیئے گئے افطار ڈنر سے خطاب کر تے ہو ئے کیا۔

ایم ڈبلیو ایم کے سربراہ کا کہنا تھا کہ دشمن یہی چاہتا ہے کہ پاکستان میں مایوسی دن بدن پروان چڑھے، کیونکہ طاقتور پاکستان کسی صورت امریکہ، بھارت، اسرائیل اور عرب ممالک کو سوٹ نہیں کرتا، جبکہ فوج کو بھی طاقتور سیاسی قوت سوٹ نہیں کرتی ہے، جتنا پاکستان کمزور ہوگا اتنا ہی ان طاقتوں کا فائد ہوگا۔ دشمن پاکستان کی ایٹمی صلاحیت سے خوفزدہ ہے، کیونکہ اگر اس ملک میں طاقتور لیڈرشپ وجود میں آگئی تو ایٹمی صلاحیت کا حامل پاکستان دنیا بھر میں اہم کردار ادا کرنا شروع کردیگا، لہٰذا اسی وجہ سے اسے کمزور کرنے کی سازشیں بنی جا رہی ہیں۔

مرکزی سیکرٹری جنرل کا کہنا تھا کہ ڈاکٹر، انجنیئرز، وکلاء، کسان اور صحافی حضرات سمیت مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد دراصل مختلف صلاحتیوں اور ضرورتوں کا نام ہیں، ان تمام صلاحیتوں کو آپس میں اکٹھا کیا جائے تو معاشرہ وجود میں آتا ہے، اگر ان کے درمیان بہترین تعلق قائم ہو اور ہر فیلڈ کا بندہ اپنے دائرہ کار میں رہتے ہوئے کام کرے تو بہترین معاشرہ وجود میں آتا ہے، اگر افراد اور ادارے اپنے دائرہ کار سے تجاوز کریں اور انہیں روکنے والا قانون عمل میں نہ آئے تو معاشرہ کمزور ہوتا ہے اور ملک میں انارکی جنم لیتی ہے۔ معاشرے کے ان طبقات کو اپنی حدود میں رکھنے کیلئے قانون بنایا جاتا ہے، عدلیہ اپنا کام کرتی ہے اور مجریہ اپنا کام، ان کے فنکشنل ہونے سے ہی ریاست کا ماں جیسا روپ سامنے آتا ہے۔
 
لیکن آج افسوس کیساتھ کہنا پڑتا ہے کہ ہماری ریاست ماں جیسا کردار ادا کرنے میں مکمل طور پر ناکام ہوتی جا رہی ہے، صورتحال سب کے سامنے ہے کہ اس ملک میں کوئی بھی محفوظ نہیں رہا۔ قاتل آزاد ہیں، شیعہ ہو، سنی ہو یا صحافی کوئی بھی اب دہشتگردوں سے محفوظ نہیں رہا۔ اگر یہی صورتحال برقرار رہی تو آئند چند ماہ پاکستان کیلئے انتہائی بھاری ثابت ہونگے۔ ان کا کہنا تھا کہ نواز شریف اور عمران خان کی خاموشی نے قوم کو مایوس کیا ہے۔ ایک وفاق میں بیٹھا ہوا ہے تو دوسرا صوبائی حکومت چلا رہا ہے۔ لیکن ڈی آئی خان واقعہ کے بعد دونوں اطراف سے خاموشی چھائی ہوئی ہے۔ نواز حکومت کے پہلے دو ماہ نے ثابت کر دیا ہے کہ ان کے الیکشن سے پہلے کے تمام دعوے دم توڑ چکے ہیں۔

raja iftarوحدت نیوز (لاہور)  مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے زیراہتمام لاہور کے صحافیوں کے اعزاز میں خصوصی افطار ڈنر کا اہتمام کیا گیا، جس میں لاہور بھر کے سینئر صحافیوں، کالم نگاروں، اینکر پرسنز اور صحافتی تنظیموں کے رہنماؤں نے شرکت کی۔ تقریب کی صدارت مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے سیکرٹری جنرل علامہ ناصر عباس جعفری نے کی جبکہ ایم ڈبلیو ایم پنجاب کے سیکرٹری جنرل علامہ عبدالخالق اسدی، ایم ڈبلیو ایم لاہور کے سیکرٹری جنرل علامہ سید امتیاز کاظمی، ایم ڈبلیو ایم کے سینئر رہنما سید اسد عباس نقوی، سیکرٹری اطلاعات مظاہر شگری، رائے ناصر عباس، رائے ماجد علی سمیت دیگر رہنماء بھی شریک ہوئے۔ صحافیوں کی جانب سے صدر لاہور پریس کلب ارشد انصاری اور سینئر صحافی امتیاز راشد مہمان خصوصی تھے۔

اس موقع پر مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ ناصر عباس نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ امریکہ زوال پذیر ہوچکا ہے اور بہت جلد دنیا اس کی تباہی دیکھے گی۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ ورلڈ پاور تو ہے لیکن سپر پاور نہیں رہا، کیونکہ مظلوموں کا استحصال کرنے والے کو فنا ہونا پڑتا ہے، باطل مٹ جانے کیلئے ہی ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جس طرح روس کے غبارے سے ہوا نکلی تھی اسی طرح امریکہ کے غبارے سے بھی ہوا نکلنے والی ہے۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ جہاں بھی گیا اس نے شکست کھائی، ویت نام سے عراق اور عراق سے افغانستان تک ہر جگہ اسے ہزیمت اٹھانا پڑی اور آج امریکہ اعتراف کر رہا ہے کہ پاکستان کے تعاون کے بغیر وہ دہشت گردوں کا مقابلہ نہیں کرسکتا۔

انہوں نے کہا کہ امریکہ اندر سے کھوکھلا ہوچکا ہے یہی وجہ ہے کہ وہ ڈیوائیڈ اینڈ رول کی پالیسی پر عمل پیرا ہے، امریکہ شیعہ کو شیعہ سے اور سنی کو سنی سے لڑا رہا ہے۔ علامہ ناصر عباس جعفری نے کہا کہ مستقبل ایشیاء کا ہے، ایشیاء تمام وسائل سے مالا مال ہے، اب امریکی زوال کے بعد دنیا کی رہنماؤں کا تاج ایشیاء کے سر پر سجنے والا ہے۔ انہوں نے شام میں حضرت زینب (س) کے روضہ مبارک پر حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ مخصوص ٹولے نے بنت علی (ع) کے مزار کو نشانہ بنا کر ثابت کر دیا ہے کہ ان کا اسلام سے کوئی تعلق نہیں، اس سے قبل اسی دہشت گرد تکفیری گروہ نے صحابی رسول حضرت حجر بن عدی (رض) کے مزار کی بھی توہین کی اور ان کے جسد خاکی کی قبر سے نکال کر بے حرمتی کی گئی۔

انہوں نے کہا کہ ہم جناب زینب (س) کے روضے پر مارٹر حملے کی مذمت کرتے ہیں اور واضح کرتے ہیں کہ پاکستانی حکومت اور عالمی ادارے اس دہشت گردی کا نوٹس لیں۔ انہوں نے کہا کہ شام میں بدامنی پھیلانے والا گروہ امریکہ کا ہی پیدا کردہ ہے، جس کو پہلے افغانستان میں استعمال کیا گیا اور اب اسے شام میں لڑایا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ کی ترجیح اسرائیل کا تحفظ ہے، اسی لئے مصر میں عوام کی منتخب حکومت کو گرا دیا گیا، جس ملک سے اسرائیل تنگ ہوگا امریکہ کی اسی سے دشمنی ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کا سب سے بڑا مسئلہ دہشت گردی اور بدامنی ہے، جب تک ملک سے دہشت گردی کا خاتمہ نہیں ہوتا ملک میں نہ معاشی بہتری ہوسکتی ہے اور نہ توانائی بحران ختم ہوسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک سے دہشت گردی کا خاتمہ حکومت کی ترجیح ہونی چاہئے۔ اس کے علاوہ تمام سیاسی و مذہبی جماعتوں کو بھی ملک کیلئے سوچنا ہوگا، ہمیں جماعتوں اور مسلکوں کے حصاروں سے نکل کر صرف پاکستان کیلئے سوچنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ افسوس کا مقام ہے کہ کراچی میں فوج اور رینجرز نے ایم کیو ایم کو دھاندلی سے الیکشن میں جتوایا ہے، یہی وجہ ہے کہ کراچی میں قتل و غارت کا بازار گرم ہے۔

مجلس وحدت مسلمین پاکستان

مجلس وحدت مسلمین پاکستان ایک سیاسی و مذہبی جماعت ہے جسکا اولین مقصد دین کا احیاء اور مملکت خدادادِ پاکستان کی سالمیت اور استحکام کے لیے عملی کوشش کرنا ہے، اسلامی حکومت کے قیام کے لیے عملی جدوجہد، مختلف ادیان، مذاہب و مسالک کے مابین روابط اور ہم آہنگی کا فروغ، تعلیمات ِقرآن اور محمد وآل محمدعلیہم السلام کی روشنی میں امام حسین علیہ السلام کے ذکر و افکارکا فروغ اوراس کاتحفظ اورامر با لمعروف اور نہی عن المنکرکا احیاء ہمارا نصب العین ہے 


MWM Pakistan Flag

We use cookies to improve our website. Cookies used for the essential operation of this site have already been set. For more information visit our Cookie policy. I accept cookies from this site. Agree