وحدت نیوز (دادو) مجلس وحدت مسلمین سندھ کے سیکریٹری جنرل علامہ مقصود علی ڈومکی نے دادو میں بزرگ عالم دین علامہ محمد رضا نجفی کے چہلم کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ علامہ محمد رضا نجفی کی دینی اور تبلیغی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ دنیا بھرمیں فرعونی اور یزیدی طاقتوں کے مقابلے میں جو علمائے حق میدان عمل میں ہیں اور ایثار و قربانی اور شہادت و جہاد فی سبیل اللہ کی اعلی مثال پیش کر رہے ہیں علامہ ابراہیم زکزاکی، قائد مقاومت سید حسن نصر اللہ، آیت اللہ باقرالنم اور نائب امام رہبر معظم آیت اللہ خامنہ ای جیسے مجاہد و مبارز علمائے کرام کی جدوجہد کی بدولت آج دنیائے کفر و طاغوت پر لرزہ طاری ہے۔


وحدت نیوز(جہلم) مجلس وحدت مسلمین شعبہ خواتین ضلع جہلم کے زیر اہتمام  مقامی امامبارگاہ میں انقلاب اسلامی کی 39ویں سالگرہ کے پر مسرت موقع پر بانی انقلاب ، رہبر کبیر امام خمینی و شہدائے راہیان نظام ولایت و امامت کو خراج تحسین پیش کرنے کیلئےمحفل دعائےتوسل اور پروگرام کا انعقاد کیا گیا۔ جس میں مقامی بچیوں کے درمیان کوئز مقابلہ رکھا گیا تھا، اسکے علاوہ محترمہ مہک نے اپنی تقریر میں انقلاب کی ضرورت اور ثمرات ہر روشنی ڈالی ،انہوں نے کہاکہ انقلاب اسلامی جیسی عظیم کامیابی ولایت فقیہ کی مرہون منت ہے ، امام خمینی ایک فقیہ و مبارز اور مجاہد تھے جنھوں نے سب سے پہلے اپنے وجود پر اسلام نافذ کیا اور پھر اُس منزل پر پہنچے کہ خدا نے انھیں نہ فقط ایرانی قوم بلکہ تمام مسلم دنیا کے لئےنجات دہندہ بنادیا،خواتین  نے انقلابی ترانوں سے محفل کو رونق بخشی اور اسکے علاوہ کچھ مختصر کلپس پروجیکٹر کے ذریعے ناظرین و سامعین کو دکھائے گئے،آخر میں کوئز مقابلے کے نتائج  کا اعلان کیا گیااور بچیوں میں انعامات تقسیم کیےگئے، اس پُر رونق محفل کا اختتام دعائے امام زمانہ عج کے ساتھ کیا گیا۔

وحدت نیوز(مانٹرنگ ڈیسک) رہبر معظم انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمٰی سید علی خامنہ ای نے لبنان میں دوسری عالمی علماء کانفرنس کے نام اپنے پیغام میں غاصب صیہونی حکومت کے خلاف جدوجہد جاری رکھنے پر تاکید کی ہے۔ رہبر انقلاب اسلامی نے مزاحمتی تحریک کی عالمی علماء یونین کے سربراہ شیخ ماہر حمود کے نام اپنے پیغام میں اسرائیل کے خلاف جدوجہد اور جہاد پر تاکید کرتے ہوئے کہا کہ فلسطین کی آزادی اور نجات کے مقدس جہاد کے سلسلے میں اللہ تعالٰی کا وعدہ قطعی اور یقینی ہے۔ رہبر معظم انقلاب اسلامی نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ فلسطین کی آزادی اور نجات کے سلسلے میں اسلامی ممالک کے علماء، دانشوروں اور سیاستدانوں پر اہم ذمہ داری عائد ہوتی ہے۔ اس مقدس جہاد میں اسلام اور مسلمانوں کی فتح یقینی ہے اور آج علماء اور دانشوروں کی کانفرنس اس سلسلے کی اہم کڑی ہے۔ لبنان میں دوسری عالمی علماء کانفرنس بیروت میں فلسطین کے عنوان سے آج شروع ہوئی، جو کل تک جاری رہے گی۔ شیخ ماہر حمود نے کہا ہے کہ مزاحمتی تحریک کی عالمی علماء یونین کی کانفرنس بالفور اعلامیے کے سو سال پورے ہونے کے موقع پر منعقد ہو رہی ہے اور اس کا مقصد یہ بتانا ہے کہ فلسطین علاقے کا اہم ترین مسئلہ ہے۔ واضح رہے کہ بالفور اعلامیہ یا ڈکلیریشن  1917ء میں اس وقت کے برطانوی وزیر خارجہ آرٹر جیمز بالفور نے صیہونی سیاستدان اور برطانوی رکن پارلیمنٹ والٹرروٹشیلڈ کو خطاب کرتے ہوئے جاری کیا تھا۔ جس میں سرزمین فلسطین میں اسرائیلیوں کو بسانے کی بات کی گئی تھی اور یہ اعلامیہ قدس کی غاصب اور جابر صیہونی حکومت کی تشکیل کا نقطہ آغاز شمار ہوتا ہے۔

وحدت نیوز (اسلام آباد) مرجع تقلید جہان تشیع، سابق چیف جسٹس آف اسلامی جمہوریہ ایران اورمجلس خبرگان رہبری سمیت دیگر اہم اداروں کے رکن  آيت اللہ العظمٰی سید عبدالکریم موسوی اردبیلی ؒکی پرسوزرحلت پر مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی قائدین علامہ راجہ ناصرعباس جعفری ، علامہ سید حسن ظفرنقوی، علامہ سید احمد اقبال رضوی، علامہ ڈاکٹر شفقت شیرازی ودیگر نے مرکزی سیکریٹریٹ سے جاری اپنے مشترکہ تعزیتی بیان میں آيت اللہ العظمٰی سید عبدالکریم موسوی اردبیلی ؒکے انتقال پر ملال کو امت مسلمہ کیلئے بالعموم  اور ملت تشیع کیلئے بالخصوص عظیم نقصان قرار دیا ہے، رہنمائوں نے کہا کہ مرحوم آیت اللہ امام خمینیؒ کے قریبی رفقاءمیں سے ہونے کے ساتھ ساتھ انقلاب اسلامی کے ہر اول دستے میں بھی شامل تھےجنہوں نے انقلاب اسلامی کی کامیابی کے بعد اہم سرکاری عہدوں پر فرائض منصبی باحسن وخوبی انجام دیئے ، مرحوم نے اپنی وراثت میں بہترین تعلیفات امت مسلمہ کی رہنمائی کے لئے چھوڑی ہیں ،اس جانگزارسانحے پر مجلس و حدت مسلمین پاکستان رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ خامنہ ای  ،  تمام ملت ایران  اور جہان تشیع کی خدمت اقدس میں ہدیہ تعزیت اور تسلیت پیش کرتی ہے ، خدا بحق چہاردہ معصومین ؑ ہمیں مرحوم آیت اللہ موسوی اردبیلی ؒکی سیرت کی پیروی کی توفیق عنایت فرمائے اور ان کے طفیل ہماری بخشش فرمائے ۔

وحدت نیوز(تہران) رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمٰی سید علی خامنہ ای نے کہا کہ غدیر کا اہم ترین پیغام اسلام میں حکومت کے قاعدے اور ضابطے کے عنوان سے امامت کا تعیّن ہے۔ منگل کو عید سعید غدیر کے موقع پر ایران کے زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد نے رہبر انقلاب اسلامی سے ملاقات کی۔ اس موقع پر رہبر انقلاب اسلامی نے عید غدیر کی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ واقعہ غدیر اسلامی معاشرے میں حکومت کے قاعدے اور ضابطے کی بنیاد ہے اور یہ واقعہ ثابت کرتا ہے کہ دین اسلام ضابطہ امامت و ولایت کے علاوہ، شاہی اور موروثی حکومتوں یا زور و زر، شہوت پرستی اور اشرافی حکومتوں جیسے کسی بھی حکومتی ماڈل کو قبول نہیں کرتا۔ آیت اللہ العظمٰی سید علی خامنہ ای نے امیرالمومنین حضرت علی علیہ السلام کی بے مثال خصوصیات خاص طور پر ان کی حکومتی خصوصیتوں منجملہ ان کے عدل و انصاف، تقویٰ کی جانب معاشرے کی ہدایت اور دنیوی باتوں سے دوری اور اجتناب کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ایمان کامل، اسلام میں سبقت، راہ اسلام میں فداکاری، اخلاص، ایثار، عفو و درگذر حضرت علی علیہ السلام کی اہم ترین معنوی اور انسانی خصوصیات ہیں۔ رہبر انقلاب اسلامی نے غدیر کے موضوع کی اہمیت کا ذکر کرتے ہوئے پیغمبر اسلام کے لئے خداوند عالم کے اس حکم کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہ امامت کے تعین کے حوالے سے رسالت کا کام مکمل کر دیا جائے، کہا کہ یہ اسلامی عقیدہ محکم اور ناقابل انکار استدلال اور ماخذ پر استوار ہے، لیکن اس عقیدے کو اس طرح سے بیان نہیں کیا جانا چاہئے کہ جس سے اہل سنت بھائیوں کے جذبات مشتعل ہوں، کیونکہ کسی کے جذبات کو ٹھیس پہنچانا آئمہ معصومین علیھم السلام کی سیرت کے خلاف ہے۔

رہبر انقلاب اسلامی نے عالم اسلام میں اتحاد کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ شیعہ کے نام سے دیگر اسلامی فرقوں کے جذبات کو جو لوگ مشتعل کرتے ہیں، درحقیقت وہ برطانوی شیعیت کے پیروکار ہیں، جس کے نتیجے میں داعش اورجبہہ النصرہ جیسے امریکہ اور برطانیہ کی خفیہ ایجنسی سے وابستہ خبیث اور آلہ کار گروہ  وجود میں آئے ہیں، جنھوں نے علاقے میں بے شمار جرائم کا ارتکاب کرتے ہوئے بڑے پیمانے پر تباہی مچائی ہے۔ آیت اللہ العظمٰی خامنہ ای نے کہا کہ ایران کے اقتصادی نظام میں دشمن اس لئے مشکلات پیدا کرنے کی کوشش کر رہا ہے، تاکہ ایرانی عوام اسلامی جمہوری نظام سے ناراض ہوجائیں۔ انہوں نے استقامتی معیشت پر عمل پیرا ہونے کے بارے میں اپنی بار بار کی تاکید کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ان حالات میں حکومت، پارلیمنٹ اور مختلف  شعبوں کے حکام اور عوام کے ہر فرد  کی ذمہ داری ہے کہ وہ دشمن کے مقصد کو ناکام بنانے کے لئے اقدام اور منصوبہ بندی کریں۔ آیت اللہ العظمٰی سید علی خامنہ ای نے کہا کہ ان بے شمار نوجوانوں کی برکت سے جو اسلام اور دین کے احیا کے لئے مسلسل کوششوں میں لگے ہوئے ہیں، اسلامی جمہوریہ ایران مجموعی طور پر صحیح راستے پر گامزن ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ نوجوان امریکہ اور صیہونی حکومت جیسے ہر دشمن کو گھٹنے ٹیکنے پر مجبور کر دیں گے۔

وحدت نیوز (مانٹرنگ ڈیسک) رہبر معظم انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمٰی خامنہ ای نے بانی انقلاب اسلامی حضرت امام خمینی (رہ) کی ستائیسویں برسی کے موقع پر امام خمینی (رہ) کے مزار پر ایک عظیم الشان اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ امام راحل (رہ) نے انقلاب اسلامی کے ذریعے ملک کو سامراجی طاقتوں اور مشکلات کی دلدل سے نجات عطا کی۔ رہبر انقلاب اسلامی نے کہا کہ حضرت امام خمینی (رہ) مؤمن کامل، اللہ تعالٰی کے عبد خاص اور انقلابی تھے، جنھوں نے اپنی گہری بصیرت کے ساتھ اسلامی انقلاب برپا کیا اور یہ انقلاب فوجی کودتا کے ذریعے نہیں بلکہ عوامی طاقت، عوام کی اسلام پسندی اور حضرت امام خمینی (رہ) کی بصیرت کی بدولت وجود میں آیا۔ رہبر انقلاب اسلامی نے کہا کہ انقلاب اسلامی نے ایرانی قوم کو سیاسی، اقتصادی، ثقافتی وابستگی و پسماندگی سے نجات عطا کی اور ایرانی قوم کو مشکلات اور سامراجی طاقتوں کے دلدل سے نکال لیا۔

رہبر معظم انقلاب اسلامی نے کہا کہ ہمیں امریکہ اور برطانیہ نے ہر لحاظ سے پسماندہ بنا دیا تھا، ہم سامراجی طاقتوں سے وابستہ تھے، ہمارے سر پر امریکہ اور برطانیہ جیسی منحوس اور ظالم و جابر طاقتیں مسلط تھیں، ہمیں علمی، سیاسی، ثقافتی اور ترقی و پیشرفت کے لحاظ سے پسماندہ بنا دیا گیا تھا، ہماری قسمت کا فیصلہ امریکہ اور برطانیہ کے ہاتھ میں تھا۔ لیکن حضرت امام خمینی (رہ) نے ایرانی قوم کو نجات عطا کرنے کا فیصلہ کیا، قوم نے ان کا ساتھ دیا، اللہ تعالٰی نے ایرانی قوم اور امام خمینی (رہ) کی مدد و نصرت کی اور خداوند متعال نے حضرت امام خمینی کی تلاش و کوشش کے نتیجے میں اس قوم کو امریکہ اور سامراجی طاقتوں کے شر سے نجات عطا کی۔ ان کا کہنا تھا کہ آج ایرانی قوم علاقائی اور عالمی سطح پر سیاسی، اقتصادی، ثقافتی استقلال اور علم و دانش کے میدان میں ترقی و پیشرفت کی شاہراہ پر گامزن ہے۔

رہبر انقلاب اسلامی نے کا مزید کہنا تھا کہ آج بھی انقلاب اسلامی کے چھوٹے بڑے دشمن موجود ہیں، لیکن ہمارے اصلی دشمن امریکہ، اسرائیل اور برطانیہ ہیں اور ہمیں اپنے اصلی دشمنوں کو فراموش نہیں کرنا چاہیے۔ رہبر انقلاب اسلامی نے کہا کہ امریکہ قابل اعتماد نہیں، امریکہ بڑا شیطان ہے اور ہمیں بڑے شیطان کے مکر و فریب کے بارے میں ہمیشہ ہوشیار رہنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ خود بھی ظالم ہے اور دنیا کے ظالموں کی حمایت بھی کرتا ہے۔ امریکہ، فلسطین پر ظلم اور اسرائیل کی مدد کر رہا ہے۔ امریکہ، یمن میں جاری بمباری کی حمایت کر رہا ہے۔ امریکہ یمن میں اپنے اتحادیوں کی مدد میں ممنوعہ ہتھیاروں کا استعمال کر رہا ہے۔ امریکہ یمن کے شہروں، اسپتالوں، مدارس، مساجد اور ثقافتی مراکز پر بمباری میں بھرپور تعاون فراہم کر رہا ہے۔ امریکہ شیطنت اور شرارت کا محور ہے اور وہ اسلام اور مسلمانوں کا اصلی دشمن ہے، مسلمانوں کو امریکہ کے مکر و فریب میں نہیں آنا چاہیے، مسلمانون کو ایسے حکمرانوں سے نفرت و بیزاری کا اظہار کرنا چاہیے جو امریکہ کے طرفدار اور اس کے غلام ہوں۔

Page 1 of 2

مجلس وحدت مسلمین پاکستان

مجلس وحدت مسلمین پاکستان ایک سیاسی و مذہبی جماعت ہے جسکا اولین مقصد دین کا احیاء اور مملکت خدادادِ پاکستان کی سالمیت اور استحکام کے لیے عملی کوشش کرنا ہے، اسلامی حکومت کے قیام کے لیے عملی جدوجہد، مختلف ادیان، مذاہب و مسالک کے مابین روابط اور ہم آہنگی کا فروغ، تعلیمات ِقرآن اور محمد وآل محمدعلیہم السلام کی روشنی میں امام حسین علیہ السلام کے ذکر و افکارکا فروغ اوراس کاتحفظ اورامر با لمعروف اور نہی عن المنکرکا احیاء ہمارا نصب العین ہے 


MWM Pakistan Flag

We use cookies to improve our website. Cookies used for the essential operation of this site have already been set. For more information visit our Cookie policy. I accept cookies from this site. Agree