وحدت نیوز(کراچی) مجلس وحدت مسلمین رہنماؤں کے وفد نے صوبائی سیکرٹری جنرل علامہ مقصود علی ڈومکی کی قیادت میں شہید امجد صابری کے جنازہ میں شرکت کی اور لواحقین سے اظہار تعزیت کیا اس موقع پر علامہ باقر عباس زیدی, علامہ علی انور, علامہ صادق جعفری ,سیکرٹری سیاسیات علی حسین نقوی موجود تھے رہنماؤں شہید امجد صابری کہ جنازہ کے بعد میڈیا گفتگو میں کہنا تھا کہ وفاقی و سندھ حکومت نے کراچی آپریشن کے نام پر اربوں روپے جھونک دیے مگر نتائج حاصل کرنے میں بری طرح ناکام رہی۔ملک بھر میں دہشتگردی کے خلاف بنائے جانے والا نیشنل ایکشن پلان بھی ناکام نظر آتا ہے دوسری جانب جس آپریشن کا کپتان اپنی ٹیم منتخب کرنے کا اختیار نہ رکھتا ہو وہ آپریشن کو کس طرح منطقی انجام تک پہنچا سکتا ہے۔ شہر قائد کو اجرتی قاتلوں اور شدت پسند مذہبی تنظیم کے غنڈوں نے یر غمال بنا رکھا ہے۔ جب تک اداروں اور حکومت میں موجود ذمہ داران اپنی آنکھوں سے تعصب کی عینک نہیں اتاریں گے اسوقت تک کراچی آپریشن سے مثبت نتائج حاصل نہیں کیئے جاسکتے۔

اس موقع پر علی حسین نقوی نے کہا کہ کراچی میں کالعدم مذہبی تنظیم کے دھشتگرد کھلے عام دندناتے پھرتےہیں جب کہ قانون کا اطلاق صرف امن پسند مظلوم عوام پر ھورھا ھے۔ کراچی میں چیف جسٹس کے بیٹے کو دن دھاڑے اغوا کرلیا جاتا ہے مگر تین دن گزرجانے کے باوجود کوئی سراغ نہیں ملتا اگر یہ نا اہلی نہیں تو اور کیا ہے۔ رہنماؤں نیامجد صابری کی شہادت پر انکے اہل خانہ سے تعزیت کا اظہار کیا اور کہا کہ امجد صابری پاکستان کا ایک اثاثہ تھے یہ محب وطن عاشق رسول (ص) و اہلبیت علیہ السلام تھے اور امجد صابری وحدت مسلمین کے داعی تھے جن کی کمی ہمیشہ محسوس ہوگی. رہنما ؤں نے سندھ حکومت سے مطالبہ کیا کہ امجد صابری کے قتل میں ملوث سفاک دہشتگردوں کو فلفور کرفتار کیا جائیاور کالعدم ملک دشمن مذہبی شدت پسند تنظیموں بھر پور کاروائی کرکے انہیں کیفر کردار تک پہنچایا جائے۔

وحدت نیوز(اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین اور شیعہ ایکشن کمیٹی کے زیراہتمام اسلام آباد میں نیشنل پریس کلب کے سامنے احتجاجی ریلی نکالی گئی جس کا مقصد علامہ ناصر عباس جعفری کی حمایت اور کراچی میں معروف قوال امجد صابری کے بیہمانہ قتل کی مذمت کرنا تھا۔ ریلی میں خواتین اور بچوں نے بھی بڑی تعداد میں شرکت کی۔ اس موقع پر امجد صابری کی یاد میں شمعیں روشن کی گئی اور ریلی کے شرکاء نے ہاتھوں میں مشعلیں اٹھا رکھیں تھی۔ ریلی کی قیادت علامہ حسن ظفرنقوی نے کی۔ شرکاء سے خطاب میں علامہ سید حسن ظفر کا کہنا تھا کہ ہماری پرامن جدوجہد مثالی ہے اور تاریخ میں ہم نے نام رقم کردیا ہے کہ ملت تشیع ایک پرامن قوم ہے، کوئٹہ میں 150 سو جنازے پڑے تھے تب بھی ہم نے ایک پتہ تک نہیں توڑا تھا اور آج بیالیس روز سے بھوک ہڑتال پر ہیں تو کوئی امن و امان کی صورتحال کا مسئلہ نہیں بننے دیا۔

وحدت نیوز (کراچی) عالمی شہرت یافتہ پاکستانی قوال امجد صابری کی ٹارگٹ کلنگ اور دہشت گردی پر قابو پانے میں حکومتی ناکامی کے خلاف مجلس وحدت مسلمین کراچی ڈویژن کی جانب سے مسجد شاہ خراسان سے نمائش چورنگی تک احتجاجی ریلی نکالی گئی اور علامتی دھرنہ دیا گیا۔ اس موقع پر علماء کرام، عہدداران اور کارکنان کی بڑی تعداد شریک تھی۔ شرکاء نے امجد صابری کے مظلومانہ قتل اور حکومتی نااہلی کے خلاف بینر اٹھا رکھے تھے۔ مظاہرے کی قیادت ایم ڈبلیو ایم کے صوبائی سیکرٹری جنرل علامہ مقصود علی ڈومکی، علامہ عقیل موسیٰ، علامہ نشان حیدر، صغیر عابد رضوی، سہیل عباس، ناصر حسینی سمیت دیگر نے کی۔ مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ امجد صابری کو حب اہلبیت اطہار علیہم السلام کی سزا دی گئی ہے، دہشت گردوں نے اس ملک کو تختہ مشق بنا رکھا ہے، آئے دن بے گناہ مظلوم شہریوں کو دن دیہاڑے قتل کر دیا جاتا ہے، حکومت اور قومی سلامتی کے ذمہ دار ادارے خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں، کراچی جیسے پررونق شہر کو دہشت گردوں نے اپنی محفوظ پناہ گاہ بنایا ہوا ہے، اسی طرح پنجاب بھر میں لشکر جھنگوی سمیت دیگر دہشت گرد تنظیمیں آزادانہ طور پر اپنی کارروائیوں میں مصروف ہیں۔

علامہ مقصود ڈومکی نے کہا کہ نیشنل ایکشن پلان کو حکومت اپنے مخالفین کے خلاف ہتھیار کے طور پر استعمال کر رہی ہے، حاکمیت کے شوقین حکمران عوامی مشکلات سے انجان بنے بیٹھے ہیں، دہشت گردی کے خلاف جنگ میں حکومت بدنیتی کا مظاہرہ کر رہی ہے، اگر کالعدم مذہبی تنظیموں کے خلاف ملک بھر میں بھرپور کارروائی کی جاتی تو آج وطن عزیز میں کافی حد تک امن قائم ہو جاتا، یہ حقیقت روز روشن کی طرح آشکار ہے کہ ملک میں دہشت گردی کی مسلح کارروائیوں کی پیچھے کالعدم مذہبی تنظیموں کا ہاتھ ہے، جب تک یہ ہاتھ نہیں کاٹے جاتے، تب تک بے گناہ لاشیں گرتی رہیں گی۔ انہوں نے کہا کراچی میں جسٹس سجاد علی شاہ کے صاحبزادے اویس شاہ کا اغوا اور امجد صابری کا قتل قانون نافذ کرنے والے اداروں کے منہ پر طمانچہ ہے، دہشت گرد عناصر نے حکومت پر واضح کر دیا ہے کہ وہ اپنی کارروائیوں میں مکمل طور پر آزاد ہیں۔ صوبائی رہنما ایم ڈبلو ایم نے مطالبہ کیا کہ کراچی سمیت ملک بھر میں کالعدم مذہبی تنظیموں کی سرگرمیوں پر مکمل پابندی لگائی جائے، ان مدارس کو بند کیا جائے، جہاں تکفیر کا درس اور وطن عزیز کے خلاف نفرت کا سبق پڑھایا جاتا ہے۔ مظاہرین نے امجد صابری کے قاتلوں کی فوری گرفتاری کا مطالبہ کیا۔

وحدت نیوز (سکردو) مجلس وحدت مسلمین پاکستان بلتستان ڈویژن کے سربراہ آغا علی رضوی نے اپنے ایک مذمتی بیان میں کہا ہے کہ ملک کے نامور نعت خواں، منقبت خواں اور قوال امجد صابری کی شہادت دہشتگردوں، کلعدم جماعتوں کو کھلی چھوٹ دینے اور ان تکفیری دہشتگردوں کے خلاف ملک گیر آپریشن نہ کرنے کا نتیجہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ماہ مبارک رمضان میں کراچی جیسے اہم شہر میں اس شخصیت کا قتل ہونا سکیورٹی اداروں کی ناکامی اور دہشتگردوں کے خلاف جاری آپریشن پر کی کامیابی پر سوالیہ نشان ہے۔ امجد صابری جو کہ عاشق رسولؐ اور محب اہلبیتؑ تھے ان کی شہادت تکفیری دہشتگردوں کی سیاہ کاریوں کا تسلسل ہے، جو ملک کو تباہی کے دہانے پر پہنچانے پر تلے ہوئے ہیں۔

آغا علی رضوی کہا کہ سکیورٹی ادارے کب بے گناہوں کے قاتلوں اور تکفیری دہشتگردوں کے خلاف کارروائی کریں گے۔ ملک بھر میں دہشتگردی میں ملوث کلعدم جماعتوں کی پشت پناہی کا سلسلہ حکومت کی جانب سے کب ختم ہوگا۔ کب دہشتگردوں کے لیے پاکستان کی زمین تنگ کی جائے گی اور کب ان کے خلاف ملک گیر آپریشن کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ امجد صابری کو شہید کر کے مدحت محمد و آل کو روکنے کی یزیدی کوشش ہے جو کبھی کامیاب نہیں ہوگی۔ امجد صابری نے نہ صرف نعت گوئی، منقبت خوانی اور قوالی کو معراج عطا کی بلکہ وہ میڈیا پر عملی طور پر امن و محبت کی پرچار کرتے رہے اور تکفیری نظریات کی بیخ کنی کرتے رہے۔ انہوں نے ہمیشہ دہشتگردوں اور تکفیریوں کے نظریات کی مخالفت کرتے رہے۔ ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ انکے قاتلوں کو تختہ دار پر لٹکایا جائے۔

وحدت نیوز(کراچی)شہر قائد کے علاقے لیاقت آباد میں گاڑی پر موٹر سائیکل سوارتکفیری  دہشتگردوں کی فائرنگ سے عالمی شہرت یافتہ قوال امجد صابری شہید  ہوگئے۔ تفصیلات کے مطابق لیاقت آباد نمبر 10 میں نامعلوم موٹر سائیکل سواروں نے امجد صابری کی گاڑی پر فائرنگ کر دی۔ فائرنگ کے نتیجے میں امجد صابری زخمی ہوئے، جنہیں تشویشناک حالت میں عباسی شہید ہسپتال منتقل کیا گیا، مگر وہ جانبر نہ ہو سکے۔ امجد صابری کو چہرے اور سینے پر گولیاں لگی ہیں، تاہم سینے پر لگنے والی گولی انکے لیے جان لیوا ثابت ہوئی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ قوال امجد صابری ٹی وی پروگرام میں شرکت کیلئے جا رہے تھے کہ گھات میں بیٹھے نامعلوم حملہ آوروں نے انکی گاڑی پر اندھا دھند فائرنگ کی۔

فائرنگ کے بعد پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا ہے اور سرچ آپریشن جاری ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ امجد صابری کی رہائش بھی اسی علاقے میں واقع ہے اور وہ ایک ٹی وی پروگرام میں شرکت کیلئے ڈرائیور کے ہمراہ جا رہے تھے کہ گھر سے 2 کلو میٹر دور ہی فائرنگ کا نشانہ بن گئے۔ گاڑی میں امجد صابری کے ہمراہ انکے بیٹے اور بھتیجے بھی موجود تھے، تاہم وہ فائرنگ سے محفوظ رہے۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ امجد صابری کی گاڑی پر 11 گولیاں فائر کی گئیں، جبکہ ہسپتال انتظامیہ کا کہنا ہے کہ امجد صابری کو 6 گولیاں لگی ہیں۔

وحدت نیوز(کراچی) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے نامور قوال امجد صابری کی ٹارگٹ کلنگ کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے کالعدم جماعتوں کی کارستانی قرار دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ کراچی میں دہشت گردی کے حالیہ واقعات حکومت کی دہشت گردوں کے خلاف کاروائی میں تساہل پسندی کا نتیجہ ہیں۔ کراچی میں قانون نافذ کرنے والے ادارے مکمل طور پر بے بس دکھائی دے رہے ہیں۔حکومتی صفوں میں دہشت گردوں کے لیے نرم گوشہ رکھنے والوں کی موجودگی ایسے واقعات کا باعث ہے جب تک ریاستی اداروں میں موجود کالی بھیڑوں کا صفایا نہیں ہوتا تب تک دہشت گرد اسی طرح معصوم جانوں کو نشانہ بناتے رہیں گے۔انہوں نے کہا امجد صابری کو محب اہلبیت ہونے کی سزا دی گئی ہے۔ایک مصروف شاہراہ پر قتل کی یہ واردات قانون نافذ کرنے والوں کی نا اہلی اور لاپرواہی کی بدترین مثال ہے۔انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ امجد صابری کے قاتلوں کو فوری طور پر گرفتار کر کے عبرت ناک سزا دی جائے۔علامہ ناصر عباس نے مرحوم کی بلندی درجات اور پسماندگان کے لیے صبر جمیل کی دعا کی ہے۔

مجلس وحدت مسلمین پاکستان

مجلس وحدت مسلمین پاکستان ایک سیاسی و مذہبی جماعت ہے جسکا اولین مقصد دین کا احیاء اور مملکت خدادادِ پاکستان کی سالمیت اور استحکام کے لیے عملی کوشش کرنا ہے، اسلامی حکومت کے قیام کے لیے عملی جدوجہد، مختلف ادیان، مذاہب و مسالک کے مابین روابط اور ہم آہنگی کا فروغ، تعلیمات ِقرآن اور محمد وآل محمدعلیہم السلام کی روشنی میں امام حسین علیہ السلام کے ذکر و افکارکا فروغ اوراس کاتحفظ اورامر با لمعروف اور نہی عن المنکرکا احیاء ہمارا نصب العین ہے 


MWM Pakistan Flag

We use cookies to improve our website. Cookies used for the essential operation of this site have already been set. For more information visit our Cookie policy. I accept cookies from this site. Agree