وحدت نیوز(تفتان) مجلس وحدت مسلمین کے رکن بلوچستان اسمبلی سید محمد رضا رضوی (آغارضا) زائرین امام حسین ؑ کے آخری قافلے کے ہمراہ کوئٹہ سے تفتان بارڈر پہنچ گئے ہیں جہاں سے وہ بذریعہ سڑک اربعین حسینی ؑمیں شرکت کیلئے کربلا روانہ ہوں گے، آغا رضا نے وحدت نیوزسے ٹیلی فونک گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ تفتان بارڈر پر اب تک پینتیس ہزار زائرین پہنچ چکے ہیں ،جن میں سے بیس ہزار سے زائد نے بارڈر کراس کرلیا ہے، جبکہ آئندہ دو روز میں باقی ماندہ زائرین بھی ایرانی حدودمیں داخل ہوجائیں گے،آغا رضا کے مطابق بلوچستان حکومت نے اربعین حسینی ؑ میں شرکت کیلئے پاکستان بھر سے فقط 140بسوں کی ایران میں داخلے کی اجازت دی تھی مگر اب تک 450کے قریب بسیں ایران میں داخل ہو چکی ہیں۔

 آغا رضا نے کہاکہ   میں نے خود ایک رات زائرین کے ہمراہ سڑک پر گزاری ان کے مسائل سنے اور ان مسائل کے حل کیلئے ایف آئی اے اور امیگریشن حکام سے ملاقات کی ، میں نے خود اپنی شناخت ظاہر کیئے بغیر لائن میں لگ کر امیگریشن کا عمل مکمل کروایاتاکہ زائرین کو درپیش مشکلات کا بخود ملاحظہ کرسکوں ، انہوں نے کہا کہ اس برس ریکارڈ زائرین زمینی راستے سے براستہ ایران کربلائے معلیٰ جا رہے ہیں، مختصرعملے اور سہولیات کی کمی کے باوجود ایف آئی اے کا عملہ شب وروز زائرین کو ایران روانہ کرنے میں مصروف ہے، جو کہ شفٹوں میں یہ ڈیوٹی انجام دے رہے ہیں ، ایک روز میں پینتیس ہزار افراد کو بارڈر کراس کروانا ناممکنات میں سے ہے۔

انہوں نے کہا کہ میرے لیئے کوئٹہ سے نجف براہِ راست فلائٹ لیکر جانا کوئی مشکل کام نہیں تھالیکن اپنی قوم کی مشکلات کو مدنظر رکھتے ہوئے گذشتہ برس کی طرح اس برس بھی میں نے زمینی سفر کو اہمیت دی تاکہ جس حد تک ممکن ہو زائرین کو درپیش مسائل کا حل نکال سکوں، اسی لیئے  میں کوئٹہ سے بلکل آخری قافلے کے ہمراہ تفتان بارڈر پہنچا ہوں، اس وقت کوئٹہ میں جو قافلے موجود ہیں یا تو ان کے ویزے کے مسائل ہیں یا بعض قافلہ سالار آگے جانا ہی نہیں چاہتے، انہوں نے کہا کہ قافلہ سالار اور زائرین گرامی قدر اگر نظم ضبط میں بہتری لائیں تو امیگریشن کے عمل میں تیزی آسکتی ہے جس طرح ایرانی امیگریشن میں زائرین نظم وضبط کا خیال رکھتے ہیں اس بات بھی خیال رہے کہ پاکستان سے زیادہ ایرانی امیگریشن حکام ایک زائرین پر وقت صرف کرتے ہیں ۔

وحدت نیوز (کوئٹہ) گزشتہ روز ایف آئی اے کے افسران نے پاسپورٹ آفس میں چھاپا مارا اور وہاں بدعنوانی کرنے والے ملازمین کو گرفتار کیا۔ مجلس و حدت مسلمین کوئٹہ ڈویژن کے سیکریٹری جنرل عباس علی نے اپنے ایک بیان میں پاسپورٹ آفس کوئٹہ میں ایف آئی اے کے چھاپے اور کرپٹ عناصر کی گرفتاری کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ اگر حکومت کرپشن کا خاتمہ کرنا چاہتی ہے تو اس کیلئے سب سے پہلے میرٹ کو یقینی بنائے۔ سرکاری اداروں میں با ایمان ملازمین کی آمد سے نظام میں تبدیلی آسکتی ہے۔ حکومت اور نیب مل کر ان افسران سے جواب طلب کرے جونوکریوں کا سودا کرتے ہیں یا جو کرسیوں کو اپنے رشتہ داروں میں بھانٹ کر دوسروں کی حق تلفی میں پیش پیش ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے بارہاں کہا تھا کہ نادرا اور پاسپورٹ آفس کے ملازمین عوام الناس کو تنگ کرتے ہیں اور بلآخر انتظامیہ کو بھی اس بات کا احساس ہو گیا اور کاروائی کی گئی۔ بیان میں مزید کہا گیا کہ وطن عزیز کی بقاء، سلامتی، ترقی اور خوشحالی کیلئے ہمیں کرپٹ نظام کو جڑ سے اکھاڑ کر پھینکنا ہوگا۔اس کرپٹ نظام کی وجہ سے ملک باہنر اور قابل لوگوں کی ایک بڑی تعداد سے محروم ہے۔ کرپشن کے خاتمے کے بغیر ملک میں ترقی کی راہ ہموار نہیں کی جاسکتی ، کیونکہ جوں جوں ہمیں ترقی کے مواقع ملیں گے یوں یوں اس نظام سے وابسطہ کرپٹ افراد کو بدعنوانی کے مواقع فراہم ہونگے اورنتیجتاً ملک اپنے مفاد کیلئے کئے گئے منصوبوں سے بھی فائدہ نہیں اٹھا سکے گا۔ بیان میں کہا گیا کہ صوبے کے زیادہ تر سرکاری ادارے کرپٹ افراد کا ٹھکانہ بن گئے ہیں اور وہاں عوام کیلئے کام نہیں کیا جاتابلکہ کئی اداروں میں تو صرف عوام کو تنگ ہی کیا جاتا ہے۔کرپشن کے نقصانات کو مدنظر رکھتے ہوئے جہاں اس چیز کا گلا گھوٹ دینا چاہئے وہی اس کے بر عکس یہ تیزی سے پھیل کر دوسروں کو اپنا نشانہ بنا رہا ہے اور دوسری طرف اس کے روک تھام پر حکومت بے بس نظر آتی ہے۔

وحدت نیوز (کوئٹہ) عام شہریوں کے پاس تمام دستاویزات موجود ہوتے ہیں مگر اسکے باوجود انہیں پاسپورٹ کے حصول میں دشواریوں کا سامنا ہوتا ہے۔ حکومت کو پاسپورٹ کے حوالے سے مسلسل شکایات موصول ہو رہی ہیں مگر اسکے باوجود حکومت کوئی خاص اقدام اٹھاتی نظر نہیں آرہی ہے۔ مجلس وحدت مسلمین کوئٹہ ڈویژن کے سیکریٹری جنرل عباس علی نے اپنے بیان میں شہریوں کو بے وجہ تنگ کرنے پر پاسپورٹ آفس کی انتظامیہ کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاسپورٹ آفس کے اعلیٰ افسران کا رویّہ ناقابل برداشت ہوتا جا رہا ہے، تمام ثبوت و کوائف مکمل ہونے اور کئی مرتبہ ویریفکیشن کے باوجود بھی عوام بالخصوص ہزارہ قوم کو بلاوجہ تنگ کیا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ محرم اور چہلم کے ایام میں لوگ بڑی تعداد میں نواسہ رسول صلی اللہ علیہ و آل وسلم کی زیارت کے لئے کربلا جاتے ہیں۔ ان ایام میں حکومت اور پاسپورٹ آفس خصوصی طور پر آسانی پیدا کرنے کے بجائے تعصب سے کام لیتے ہوئے حصول پاسپورٹ میں مزید سختیاں پیدا کر دیتے ہیں۔  دوسری طرف پاسپورٹ آفس کے عملے کا متعصبانہ رویہ پاکستانی قوم اور اداروں کے درمیان نفرتیں پیدا کرنے کا سبب بن رہا ہے۔ عباس علی کا کہنا تھا کہ پاسپورٹ کے اعلیٰ حکام نے افسر شاہی کا نظام قائم کر رکھا ہے اور عوام کوذلیل کرنا اور انکی عزت نفس کو مجروح کرنا اپنا حق سمجھنے لگے ہیں انہوں نے مزید کہا کہ ان حرکات پر حکومت کی خاموشی سے لگتا یہی ہے کہ شاید یہ اسٹیٹ کی پالیسی کا حصہ ہے کہ عوام کوذلیل و خوار رکھا جائے تا کہ عوام ملکی معاملات میں اپنا کردار نہ کر سکے۔ ورنہ پاسپورٹ آفس کے اعلیٰ افسر کے آمرانہ سلوک اور افسر شاہی نظام قائم کرنے کا نوٹس ضرور لیا جاتا۔ بیان میں انہوں نے کہا کہ اب تو یوں لگنے لگا ہے کہ اس ملک میں عوام کی فریاد سننے والا کوئی بھی ادارہ موجود نہیں ہے جو ان کے مشکلات کو حل کر سکے۔ تا ہم حکومت وقت، عدلیہ اور انتظامیہ کی یہ ذمہ داری بنتی ہے کہ سنجیدگی کے ساتھ ان معاملات کا نوٹس لیتے ہوئے پاسپورٹ آفس کے افسران کے خلاف کارروائی کریں۔ بیان کے آخر میں کراچی کے علاقے ناظم آباد میں مجلس پر حملے کی مذمت کی گئی اور وفاقی حکومت سے دہشتگردوں کے خلاف کاروائی شروع کرنے کا مطالبہ کیا گیا۔

وحدت نیوز(کوئٹہ) مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی سیکریٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری دورہ تفتان کے بعد باحفاظت کوئٹہ واپس پہنچ گئے۔ دورہ تفتان بارڈر میں مجلس وحدت مسلمین کے رکن بلوچستان اسمبلی آغا محمد رضا، رکن شوری عالی مولانا سید ہاشم موسوی، مولانا ولایت جعفری اور دیگر رہنما و مسئولین بھی انکے ہمراہ تھے۔ علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے حکومتی دباو اور سیکیورٹی کلیئرنس نہ ملنے کہ باوجود دو روز قبل کوئٹہ سے براستہ دالبندین اور تفتان بارڈر کا سفر کیا تھا تاکہ وہاں پر زائرین امام حسین (ع) و امام رضا (ع) کو درپیش مسائل کا بذات خودجائزہ لے سکیں اور انکے حل کیلئے وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان اور بلوچستان کی صوبائی حکومت کے ساتھ ملکر کوششیں کرسکیں۔ علامہ راجہ ناصر عباس نے ایک شب تفتان بارڈر پر زائرین کے ہمراہ بھی  گزاری۔

دوران قیام ایم ڈبلیو ایم کے سیکرٹری جنر ل علامہ راجہ ناصرعباس جعفری نے بلوچستان اسمبلی کے دالبندین تفتان سے منتخب رکن امان اللہ شادیزئی، کمشنر دالبندین، ڈپٹی کمشنر اور ونگ کمانڈر ایف سی کرنل قمر رشید سمیت ایف آئی اے اور امیگریشن آفس کے حکام سے اہم ملاقاتیں کیں۔ اس موقع پر علامہ راجہ ناصر عباس نے زائرین سے بھی ملاقات کی اور خطاب کیا۔ علامہ ناصر عباس نے دوران سفر مجلس وحدت مسلمین کے رکن اسمبلی آغا محمد رضا کی تجویز پر زائرین کے قیام وطعام کیلئےحکومت بلوچستان کی جانب سے زیر تعمیر "پاکستان ہاوس" کا بھی دورہ کیا۔ اس موقع پر انتظامیہ نے پاکستان ہاوس کو چند ماہ میں مکمل کرنے کی بھی یقین دہانی کروائی۔ ایف سی و ایف آئی اے کے حکام نے بھی علامہ راجہ ناصر عباس کو درپیش مسائل اورموجودسہولیات کے بارے میں آگاہ کیا۔ انتظامیہ نے علامہ ناصر عباس جعفری کوزائرین کو درپیش مسائل کے حل کے حوالے سے اپنے بھرپور تعاون کا یقین دلایا۔

وحدت نیوز(کوئٹہ) ایف آئی اے کے اہلکاروں نے نادرا آفس میں عام عوام کو رشوت کی خاطر تنگ کرنے اور غیر قانونی شناختی کارڈ فراہم کرنے والوں کو گرفتار کر لیا اور ان کے خلاف شدید کاروائی کا فیصلہ کیا ہے۔ مجلس وحدت مسلمین پاکستان کوئٹہ ڈویژن کے ترجمان محمد ہادی جعفری نے اس واقعے کو احسن اقدام قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ بدعنوانی کسی ملک میں پسماندگی کی بنیادی اسباب میں سے ایک ہیں۔ ہماری قوم کے بیشتر افراد کو گزشتہ کئی سالوں سے نادرا آفس میں ان کرپٹ عناصر کی وجہ سے بے شمار مشکلات کا سامنا تھا۔ جن افراد کے تمام دستاویزات مکمل اور عین قانونی ہوتے تھے انہیں رشوت کی وصولی کی خاطر ٹال مٹول کا سامنا ہوتا تھا اور جن افراد کے پاس قانونی دستاویزات موجود بھی نہیں ہوتے ان کے جعلی شناختی کارڈ روپوں کے عوض نادرا آفس سے ہی بن جاتی تھیں۔ محمد ہادی جعفری نے کہا کہ کرپشن نے مملکت خداداد پاکستان کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا ہے ، جس کی وجہ سے آج پاکستان عوام شدید ذہنی کوفت کا شکار ہے۔ پاکستا ن کی سا لمیت ،بقاء او ر ترقی کیلئے دہشت گردی کے ساتھ ساتھ کرپشن کے خلاف بھی اقدامات ناگزیر ہوچکی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت اور بااختیار اداروں کیلئے لازم ہے کہ اب کرپشن کے خلاف کاروائیاں بلاتفریق شروع کریں اور ملک سے بد عنوانی کا صفایا کرے۔ انکا کہنا تھا کہ کرپشن کے خلاف کاروائیوں میں ان سرکاری ، حکومتی وسیاسی عناصر کو کیفرکردار تک پہنچانا چاہئے جنہوں نے بدعنوانی کے میدان میں جتنے ہو سکے پیسے کھائے اور ملک کو نقصان پہنچانے کے ساتھ ساتھ عوام کو ہزاروں مشکلات سے آشنا کروایا۔ بیان کے آخر میں انہوں نے کرپشن کو ملک کو کھوکھلا کرنے والی شے قرار دیتے ہوئے کہا کہ جیسے جیسے کرپٹ افراد کی گرفتاریوں میں تیزی آئے گی ویسے ہی ملک کے مختلف شبعات میں بھی ترقی ہوگی اور کرپٹ افراد عبرت بن کر دوسروں کو بدعنوانی سے روکھنے میں اہم اور موثر کردار ادا کرے گی۔

وحدت نیوز (سرگودھا) متعصب ایف آئی اے اور پنجاب پولیس کے ہاتھوں لاہور ائیرپورٹ سے گرفتار ہونے والی پاکستانی شہری سیدہ مسرت بانو مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے سربراہ علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کی خصوصی کوششوں سےرہا ہوگئیں، زرائع کے مطابق ہفتے کودینی طالبہ  سیدہ مسرت بانو ایران کے شہر مشہد سے لاہور پہنچی ہی تھیں کہ متعصب ایف آئی اے انتظامیہ اور پنجاب پولیس نے انہیں دہشت گرد قرار دے کرگرفتار کرکے سی ٹی ڈی کے حوالے کر دیا تھا، جس کے بعد سیدہ مسرت بانو کو سرگودھا منتقل کر دیا گیا تھا۔اطلاعات کے مطابق سوشل میڈیا پر بلاجواز گرفتاری کی خبر آتے ہی پاکستانی اداروں پر شدید تنقید کی گئی تھی، جس کے بعد مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے سربراہ علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے اپنی خصوصی کوششوں سے سیدہ مسرت بانو کو رہائی دلائی، جس پر سیدہ مسرت بانو کے اہل خانہ نے اسلام آباد پریس کلب کے سامنے مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے بھوک ہڑتالی کیمپ پہنچ کر مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے سربراہ علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کا تہہ دل سے خصوصی شکریہ ادا کیا۔

مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی ڈپٹی سیکریٹری جنرل علامہ احمد اقبال رضوی نے سیدہ مسرت بانوکی بلاجواز گرفتاری پر اپنے ردعمل میں کہا تھا کہ اسلامی جمہوریہ ایران سے صرف تبلیغ کے لئے پاکستان آنے والی خاتون کو اس انداز میں ایئرپورٹ سے گرفتار کرنا سراسر ظلم و زیادتی ہے،  عالمہ اور مبلغہ جو اسلامی جمہوریہ ایران سے صرف تبلیغ کے لئے پاکستان آئیں تھیں، انہیں ایئرپورٹ پر ایف آئی اے نے گرفتار کیا اور انسداد دہشت گردی کے ادارہ (سی ٹی ڈی) کے حوالہ کر دیا،جنہیں بعد ازاں عدم ثبوتوں کی بنیاد پر رہا کرنا پڑا،اس عمل سے ریاستی اداروں کا تعصب ظاہر ہوتا ہے ، مقتدر حکمران اور عسکری قیادت اس متعصبانہ اقدام کا فوری نوٹس لیں سازش میں ملوث اہلکاروں کو فوری معطل کیا جائے ۔

Page 1 of 2

مجلس وحدت مسلمین پاکستان

مجلس وحدت مسلمین پاکستان ایک سیاسی و مذہبی جماعت ہے جسکا اولین مقصد دین کا احیاء اور مملکت خدادادِ پاکستان کی سالمیت اور استحکام کے لیے عملی کوشش کرنا ہے، اسلامی حکومت کے قیام کے لیے عملی جدوجہد، مختلف ادیان، مذاہب و مسالک کے مابین روابط اور ہم آہنگی کا فروغ، تعلیمات ِقرآن اور محمد وآل محمدعلیہم السلام کی روشنی میں امام حسین علیہ السلام کے ذکر و افکارکا فروغ اوراس کاتحفظ اورامر با لمعروف اور نہی عن المنکرکا احیاء ہمارا نصب العین ہے 


MWM Pakistan Flag

We use cookies to improve our website. Cookies used for the essential operation of this site have already been set. For more information visit our Cookie policy. I accept cookies from this site. Agree