وحدت نیوز(ملتان) مجلس وحدت مسلمین جنوبی پنجاب کے سیکرٹری جنرل علامہ اقتدار حسین نقوی نے کہا ہے کہ 12ربیع الاول تا17ربیع الاول ہفتہ وحدت و اخوت منائیں گے، مجلس وحدت مسلمین کے تمام صوبائی و ضلعی دفاتر میں تقریبات منعقد کی جائیں گی اور میلاد کے جلوس میں شریک ہوں گے۔ملت تشیع کی طرف سے میلاد کے جلوسوں کے راستوں میں سبیلوں کا بھی اہتمام کیا جائے گا۔ علامہ اقتدار حسین نقوی نقوی نے کہا کہ آج بارہ ربیع الاول کو امام بارگاہ حسین آباد دولت گیٹ کے سامنے استقبالیہ کیمپ، شربت اور چائے کی سبیل لگائی جائے گی، استقبالیہ کیمپ میں تمام مذہبی رہنما اور سیاسی شخصیات شرکت کریں گے، قبل ازیں اسلام آباد میں مجلس وحدت مسلمین کے سربراہ علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جشن عید میلاد النبی(ص)میں تمام مسلمانوں خصوصا تمام مومنین اور تنظیمی عہدیداران سے اپیل کرتا ہوں کہ پورے پاکستان میں جشن عید میلاد النبی ص کو شایان شان طریقے سے منائیں جلوس کے رستوں میں سبیلیں اور نیاز کا اہتمام کریں ساری دنیا دیکھ لے کہ نبی ص کے عاشق متحد اور خوش ہیں۔انہوں نے کہا کہ اس وقت ملک میں حکومت نام کی کوئی چیز نہیں۔آئین پاکستان کو ہر طریقے سے پامال کیا جا رہا ہے۔مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل سید ناصر شیرازی کولاہور واپڈا ٹان سے پولیس کی وردی پہنے افراد نے یکم نومبر کی شب اغوا کیا۔ اس واقعہ کو ایک ماہ گزر چکا ہے اور ان کا تاحال سراغ نہیں لگایا جا سکے۔حکومت الزام لگاتی ہے کہ انہیں ہمارے مخالف اداروں نے اغوا کیا ہے ہمارا اس واقعہ سے کوئی تعلق نہیں جبکہ اداروں کی طرف سے بھی مسلسل لاعلمی کا اظہار کیا جا رہا ہے۔ناصر شیرازی کے معاملے میں ہم حکومت کا تعاقب کرنا نہیں چھوڑیں گے۔ 10دسمبر کو لاہور میں بھرپوردھرنا دیا جائے گا۔

ملتان (وحدت نیوز) مجلس وحدت مسلمین جنوبی پنجاب کے سیکرٹری جنرل علامہ اقتدار حسین نقوی نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف اور وزیرقانون رانا ثناء اللہ کے ایماء پر مجلس وحدت مسلمین کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل ناصر عباس شیرازی کا اغوا قابل مذمت ہے، ان خیالات کااظہار اُنہوں نے ملتان میں ہنگامی پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ علامہ اقتدارنقوی کا مزید کہنا تھا کہ ناصر شیرازی نے صوبائی وزیر قانون رانا ثنا اللہ کے خلاف آئینی پیٹیشن لاہور ہائی کورٹ میں دائر کر رکھی ہے جس کی سماعت دو رکنی بینچ کر رہا ہے، پنجاب حکومت اپنی موت سامنے دیکھ کر راستے سے ہٹانا چاہتی ہے،پریس کانفرنس میں ایم ڈبلیو ایم جنوبی پنجاب کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل سلیم عباس صدیقی،سیکرٹری سیاسیات مہر سخاوت علی،سرائیکستان ڈیموکریٹک پارٹی کے رہنما مطلوب بخاری،سرائیکستان نوجوان تحریک کے سربراہ مہر مظہر عباس کات، سیدہ عابدہ بخاری،مولانا ہادی حسین ہادی،مولانا قاضی نادر حسین علوی، علی حیدر اور دیگر بھی موجود تھے۔  اُنہوں نے کہا کہ ناصر شیرازی کے اغوا کے ذمہ دار شہباز شریف اور رانا ثنا اللہ ہیں، اگر انہیں کسی بھی قسم کا نقصان پہنچا تو حالات کی ذمہ دار پنجاب حکومت ہو گی ۔ علامہ اقتدار نقوی کا مزید کہنا تھا کہ آرمی چیف،چیف جسٹس اور سیکیورٹی ایجنسیاں اس واقعے کا جلد ایکشن لیں ، اگر ناصر عباس شیرازی کو رہا نہ کیا گیا تو جمعہ کو ملک گیر احتجاجی مظاہرے ہیں، لاہور میں وزیراعلی ہائوس کا گھیرائوکریں گے، فیصل آباد میں صوبائی وزیر قانون رانا ثناء اللہ کے گھر کا گھیرائو کریں گے۔ اُنہوں نے کہا کہ ملک میں قانون کو سیاست دانوں نے گھر کی لونڈی سمجھ رکھا ہے، ایک طرف ہمارے جوانوں کو لاپتہ کیا جارہا ہے دوسری طرف ہمارے رہنمائوں کا اغواء اس حکومت کو لے ڈوبے گا، وزیراعلی پنجاب اس وقت قاتل اعلی بن چکا ہے، سانحہ ماڈل ٹائون سے لے کر کل کے واقعے تک ایک ایک ظلم کا حساب لیں گے، اُنہوں نے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے مطالبہ کیا کہ مجلس وحدت مسلمین کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل کو فی الفور رہا کرایا جائے، علامہ اقتدار نقوی نے کہا کہ کل جمعہ کو ملتان،مظفرگڑھ،لیہ،بھکر،ڈیرہ غازیخان،میانوالی،بہاولپور،رحیم یار خان میں احتجاجی مظاہرے ہوں گے۔

وحدت نیوز (ملتان) مجلس وحدت مسلمین جنوبی پنجاب کی صوبائی پولیٹیکل کونسل کا اجلاس صوبائی سیکرٹری جنرل علامہ اقتدار حسین نقوی کی زیرصدارت جامع مسجد الحسین نیو ملتان میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں خصوصی طور پر معاون مرکزی سیکرٹری سیاسیات سید محسن شہریار نے شرکت کی، علاوہ ازیں اجلاس میں صوبائی سیکرٹری سیاسیات مہر سخاوت علی، ڈپٹی سیکرٹری جنرل سلیم عباس صدیقی، غلام اصغر تقی، وسیم عباس زیدی، زعیم حیدر زیدی، رکن پولیٹیکل کونسل یافث نوید ہاشمی، علامہ قاضی نادر حسین علوی، سید نعیم حیدر کاظمی، رحمت علی کھوسہ، صفدر خان، سید ظہیر الحسن نقوی اور ثقلین نقوی موجود تھے۔ اجلاس میں جنوبی پنجاب بھر کی سیاسی صورتحال کا جائزہ لیا گیا، تمام اراکین کونسل نے اپنے اپنے اضلاع کے اہم موثر حلقوں کے حوالے سے رپورٹ پیش کی، بعدازں اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے معاون سیکرٹری سیاسیات سید محسن شہریار نے کہا کہ انشاء اللہ باقی اضلاع کی طرح جنوبی پنجاب میں بھی منتخب حلقوں میں اپنے نمائندے کھڑے کریں گے، انہوں نے کہا کہ اس وقت مختلف جماعتیں مجلس وحدت مسلمین کے ساتھ الائنس کی خواہشمند ہیں اور مسلسل مجلس کے ساتھ رابطے میں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بہت جلد الیکشن کی تیاریوں کے حوالے سے ورکرز کی ٹریننگ کا آغاز کیا جائے گا۔

وحدت نیوز (ملتان) مجلس وحدت مسلمین جنوبی پنجاب کے سیکرٹری سیاسیات مہر سخاوت علی نے صوبائی پولیٹیکل کونسل کا اعلان کردیا، جس کے مطابق موصوف کے علاوہ جامعتہ شہید مطہری ملتان کے پرنسپل علامہ قاضی نادر علوی، سابق سیکرٹری تعلیم ایم ڈبلیو ایم پاکستان سید یافث نوید ہاشمی، سید ظہیر عباس نقوی، صفدر خان، سید نعیم عباس کاظمی، سید فرحت عباس شاہ، رحمت علی کھوسہ شامل  ہیں۔ مہر سخاوت علی نے وحدت نیوز سے ٹیلی فونک گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کونسل کا پہلا اجلاس 29 اکتوبر بروز اتوار ملتان میں منعقد ہوگا۔

وحدت نیوز (ملتان) مجلس وحدت مسلمین جنوبی پنجاب کے سیکرٹری جنرل علامہ اقتدار حسین نقوی نے کہا ہے کہ خدا کے فضل و کرم اور انتظامیہ کے تعاون سے اس سال ملک بھر میں محرم الحرام پُرامن رہا، لیکن جنوبی پنجاب میں عزاداروں کے خلاف بے بنیاد مقدمات تشویشناک ہیں، آئندہ جمعہ سے پہلے اگر تمام مقدمات ختم نہ کیے گئے تو اگلے لائحہ عمل کا اعلان کیا جائے گا، علامہ اقتدار نقوی نے مزید کہا کہ جنوبی پنجاب سمیت ملک بھر میں عزاداران امام حسین علیہ السلام کی جانب سے سیکیورٹی اداروں کے ساتھ مکمل تعاون کیا گیا لیکن اس کے باوجود پولیس کی جانب سے مختلف اضلاع میں انتقامی کاروائیاں حکومت کے لیے نقصان دہ ہیں، اُنہوں نے کہا کہ اگر آئندہ جمعتہ المبارک تک لاپتہ شیعہ نوجوانوں کے حوالے سے معاملہ حل نہ کیا گیا تو مرکزکے فیصلے پر لائحہ عمل کا اعلان کیا جائے گا۔ حکومت ہمارے صبر کو کمزوری نہ سمجھے، عزاداری سیدالشہداء نہ کبھی رُکی ہے اور نہ کوئی روک سکتا ہے۔

وحدت نیوز (ملتان) مجلس وحدت مسلمین پاکستان جنوبی پنجاب کے زیراہتمام ٹی ہائوس ملتان میں ''محسن انسانیت کانفرنس''کا انعقاد کیا گیا، کانفرنس میں مجلس وحدت مسلمین مرکزی سیکرٹری سیاسیات سید اسد عباس نقوی، علامہ اقتدار حسین نقوی، ممبر صوبائی امن کمیٹی شفقت حسنین بھٹہ، مخدوم عباس رضا مشہدی، امیر جماعت اسلامی ملتان میاں آصف محمود اخوانی،جمعیت علمائے پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل ڈاکٹر امجد چشتی، آصف چشتی، پاکستان سنی تحریک کے رہنما ڈاکٹر عمران مصطفی قادری، متحدہ میلاد کونسل کے صدر زاہد بلال قریشی، سنی اتحاد کونسل کے رہنما حافظ اللہ ڈیوایا لاشاری،خواجہ عاشق سعیدی، قومی امن کمیٹی پاکستان کے چیئرمین پیر عمر فاروق بہلوی،کوارڈینیٹر ڈاکٹر غضنفر ملک، سید محمد علی رضوی، پاکستان عوامی تحریک کے ترجمان رائو محمد عارف رضوی، تحریک منہاج القرآن کے رہنما جوادصادق، خانہ فرہنگ اسلامی جمہوریہ ایران کی ڈائریکٹر خانم زاہدی بخاری، میاں عامر محمودنقشبندی، ایم ڈبلیوایم کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل سلیم عباس صدیقی، محمد اصغر تقی، مہر سخاوت علی سیال اور قلب عابد خان نے شرکت کی۔ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے رہنمائوں کا کہنا تھا کہ  ماہ محرم الحرام ظلم و باطل کے خاتمے اور دین و شریعت کی بالا دستی کیلئے تجدید عہد کا مہینہ ہے، رہنمائوں نے ماہ محرم الحرام کے دوران اخوت اسلامی کا بھرپور مظاہرہ کرنے کی اپیل کرتے ہوئے مفاد خصوصی رکھنے والے عناصر کی سرگرمیوں پر کڑی نظر رکھنے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ محرم جلوسوں میں شرکت کرکے اتحاد و یکجہتی کا مظاہرہ کرنے کے ساتھ ساتھ اتحاد ملی کی دشمن قوتوں کو واضح پیغام دے۔ رہنمائوں نے کہا کہ دشمنان اسلام کسی نہ کسی بہانے سے وحدت اسلامی کے مضبوط قلعے پر وار کرنا چاہتے ہیں اور وہ مذہبی لبادہ اوڑھ کر مسلمانوں کے صفوں کے درمیان پھوٹ ڈالنے کی تاک میں لگے رہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کربلا درسگاہ اتحاد اور درسگاہ مساوات ہے، لہذا ہمیں چاہئے کہ ایام عزا میں ان تمام چیزوں کو مدنظر رکھ کر عزادری کے مراسم انجام دیئے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ علمائے کرام دانشور مفکرین اور ذاکرین حضرات پر ذمہ دارای عائد ہوتی ہے کہ وہ مراسم عزاداری کے ساتھ ساتھ قیام حسینی کا اصل ہدف اور مقصد بیان کریں۔علامہ اقتدار حسین نقوی نے کہا کہ عزاداری کے جلوسوں پر پابندی عائد کرنا آئین پاکستان اور ہمارے حقوق کی خلاف ورزی ہے، جس کو کسی بھی صورت میں برداشت نہیں کیا جائے گا۔ سید اسد عباس نقوی نے کہا کہ پابندیوں اور بندشوں کے باوجود عزادارن مظلوم کربلا ان جلوسوں کو بڑی شان و شوکت جوش و جذبہ کے ساتھ بر آمد کریں گے اور مذہبی معاملات میں کسی حکومتی اجازت اور امداد کے محتاج نہیں رہیں گے۔آخر میں عالم اسلام اور بالخصوص پاکستان،برما،فلسطین،کشمیر،بحرین،عراق،شام،یمن کے مسلمانوں کے لیے دُعاکرائی گئی۔

Page 1 of 2

مجلس وحدت مسلمین پاکستان

مجلس وحدت مسلمین پاکستان ایک سیاسی و مذہبی جماعت ہے جسکا اولین مقصد دین کا احیاء اور مملکت خدادادِ پاکستان کی سالمیت اور استحکام کے لیے عملی کوشش کرنا ہے، اسلامی حکومت کے قیام کے لیے عملی جدوجہد، مختلف ادیان، مذاہب و مسالک کے مابین روابط اور ہم آہنگی کا فروغ، تعلیمات ِقرآن اور محمد وآل محمدعلیہم السلام کی روشنی میں امام حسین علیہ السلام کے ذکر و افکارکا فروغ اوراس کاتحفظ اورامر با لمعروف اور نہی عن المنکرکا احیاء ہمارا نصب العین ہے 


MWM Pakistan Flag

We use cookies to improve our website. Cookies used for the essential operation of this site have already been set. For more information visit our Cookie policy. I accept cookies from this site. Agree