وحدت نیوز (کراچی)  سکردو ضلع شگر کے نواحی گاؤں میں آسمانی بجلی گرنے سے 5افراد کی ہلاکت پر مجلس وحدت مسلمین کراچی ڈویژن کے سیکریٹری جنرل علامہ صادق جعفری نے دلی افسوس اور رنج وغم کا اظہار کیا ہے ۔ ڈویژنل سیکریٹریٹ سے جاری اپنے تعزیتی بیان میں انہوں نے کہاکہ قدرتی آفات خداکی جانب سے امتحان ہوتی ہیں۔صوبائی حکومت تمام جاں بحق افراد کے پسماندگان کے ساتھ مکمل تعاون کرے ۔ اس ناگہانی آفت کے نتیجے میں جاں بحق خواتین اور بچوں کی خدا مغفرت فرمائے اور تمام مرحومین کے پسماندگان کو صبر جمیل عطا فرمائے ۔

واضح رہے کہ ضلع شگر کے نواحی گاؤں میں آسمانی بجلی گرنے سے2خواتین اور 3بچے جاں بحق ہوگئے تھے جبکہ 7مکانات جل کر خاکستر ہوگئے تھے۔ اطلاعات کے مطابق ضلعی انتظامیہ شگر کے دور افتادہ علاقے میں امدادی سرگرمیوں میں مصروف عمل ہیں ۔

وحدت نیوز (کراچی) مجلس وحدت مسلمین ڈویژن کے سیکریٹری جنرل علامہ محمد صادق جعفری نے گلگت بلتستان یوتھ کے زیر اہتمام کراچی پریس کلب پر خطہ بے آئین گلگت بلتستان کو صوبائی خودمختاری دیئے بغیر غیر آئینی ٹیکس کے نفاذ کے خلاف احتجاجی مظاہرے  میں وفد کے ہمراہ خصوصی شرکت کی اور شرکاء سے خطاب کیا، انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان حکومت غیر آئینی ٹیکس لگاکر عوام کے غیض وغضب کو دعوت دے رہی ہے، صوبائی شناخت کے بغیر ٹیکسوں کا نفاذ حکومتی بدیانتی ہے ، مجلس وحدت مسلمین کے قیام کا ایک بنادی سبب اہلیان گلگت بلتستان پر ہونے والے مظالم تھے ، ایم ڈبلیوایم کل بھی گلگت بلتستان کے عوام کے حق  میں آواز بلند کرتی رہی ہے اور انشاءاللہ آخری دم تک کرتی رہے گی ،اس موقع پر صدر مجلس علمائے شیعہ پاکستان علامہ مرزا یوسف حسین سمیت ایم ڈبلیوایم کراچی ڈویژن کے رہنما علامہ مبشر حسن اور مختلف اضلاع کے کارکنان کی بڑی تعداد موجود تھی۔

وحدت نیوز (کراچی) مجلس وحدت مسلمین کراچی ڈویژن کے سیکرٹری جنرل علامہ صادق جعفری نے پہلے مرحلے میں اہم شعبہ جات کیلئے ڈویژن کابینہ کے اراکین کا اعلان کردیا ہے، ان خیالات کا اظہارایم ڈبلیو ایم کراچی ڈویژن کے سیکرٹری جنرل مولاصادق جعفری نے وحدت ہاوس انچولی میں جنرل ورکرز اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ان کا کہنا تھا کہ باقی شعبوں کا اعلان جلد کیا جائے گا۔ اعلان کردہ کابینہ اراکین میں ڈپٹی سیکٹری جنرل علامہ مبشر حسن، سیکرٹری تنظیم سازی ذیشان حیدر، سیکرٹری اطلاعات احسن عباس، سیکرٹری مالیات فاران رضوی، سیکرٹری سیاسیات میر تقی ظفر، سیکرٹری فلاح و بہبود سید ذین رضوی، سیکرٹری یوتھ کاظم عباس شامل ہیں، انہوں نے نئی کابینہ کے اراکین کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے نیک تمناوں کا اظہار کیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ حیثیت تشیع اجتماعی فرائض ادا کئے بغیر ہم اپنی ذمہ داری سے عہدہ برا نہیں ہوسکتے۔ ہمارے مکتب کے مطابق حضرت علی علیہ السلام سیاسی و مذہبی دونوں حوالوں سے امام ہیں۔ جب تک تشیع پاکستان کی تمام طاقتیں یکجا نہ ہوں گی، کامیابی سے ہمکنار نہیں ہوسکتے۔ ایک تشکل کی صورت میں اکٹھے ہو کر ہی ملت تشیع کی خاطر بہتر انداز میں کام کیا جاسکتا ہے۔ ایم ڈبلیو ایم قوم کو اکٹھا کرکے سیاسی طاقت بنانا چاہتی ہے۔ ملت کے لئے کئی طرح کے نظریات پیش کئے گئے، ایک یہ ہے کہ ہم اس پورے سسٹم سے قطع تعلق ہو جائیں، اس فکر پر عمل کرکے ہم بدترین حکمرانوں کو خود پر مسلط کرنے کے ذمہ دار ہوں گے، دوسرا یہ ہے کہ ہم مختلف سیاسی پارٹیوں کو ووٹ دیں، جس کا تجربہ ہم نے گذشتہ کئی دہائیوں میں کیا، کوئی خاطر خواہ نتیجہ نہ نکل سکا۔ کوئٹہ سے لیکر ڈی آئی خان اور پاراچنار کے لوگ بتا سکتے ہیں کہ گذشتہ 70سال تک ہم ان پارٹیوں میں رہے، یہ ہمیں اپنی جیب کا ووٹ سمجھنے لگیں، قوم کو جائز حق نہ مل سکا۔ اور سیاسی غلام بنا کر رکھ دیا گیا، جس کے اثرات ہماری نسلوں کے اذہان پر منتقل ہوتے چلے گئے۔ حقیقت تو یہ ہے کہ ایک نومولود کو بھی نام کی ضرورت ہوتی ہے۔ ہم نے شہید قائد کی فکر کو جاری رکھتے ہوئے، قوم کو سیاسی شناخت دی، ایم ڈبلیو ایم پہلا قدم ہے۔ سیاسی پارٹیاں جان چکی ہیں کہ تشیع کے حقوق کی وارث جماعت میدان عمل میں کود چکی ہے۔ ہمیں اب سیاسی جماعتوں کو باور کرانا ہوگا کہ پورے ملک میں پھیلا ہوا مومنین کا ووٹ ملت تشیع کا ووٹ بینک ہے، جس کا ملت تشیع کو فائدہ ہونا چاہیے۔ شہید قائد چاہتے تھے کہ اس پاک وطن کی خارجہ، داخلہ اور دیگر پالیسیز پر تشیع کا کردار موجود ہو۔ اس ملک کی تقدیر کے فیصلے ملت تشیع کی رضا مندی کے ساتھ ہوں۔ وہ ملت جو اپنے ملک میں اپنی شناخت پیدا نہ کرسکے، امام زمانہ (عجل) کی نصرت کی جانب کیسے قدم بڑھائے گی۔

وحدت نیوز (کراچی) مجلس وحدت مسلمین کراچی کے سیکرٹری جنرل میثم عابدی نے کہا ہے کہ بارہا متوجہ کرنے کے باوجود کراچی بھر میں جلوس عزا کی گزرگاہوں اور امام بارگاہوں و مساجد کے اطراف کچرے، گندگی کے ڈھیر، سیوریج کے پانی کی موجودگی، ٹوٹی ہوئی سڑکیں، گڑھوں کی بھرمار جیسے مسائل تاحال حل نہیں کئے جا سکے، محرم الحرام کے دوران ضلع ملیر میں کالا بورڈ، ملیر پندرہ، جعفر طیار سوسائٹی، غازی ٹاون، عمار یاسر سوسائٹی سمیت کراچی کی متعدد شاہرائیں ٹوٹی ہوئی اور گندگی و غلاظت سے بھری پڑی ہیں، سندھ بلدیات و شہری حکومتوں نے محرم سے پہلے یقین دہانی کرائی تھی کہ محرم الحرام سے قبل مجالس و جلوس عزاء کی گزرگاہوں بشمول شہر کی اہم شاہراوں سڑکوں کی ازسر نو تعمیرات و پیوند کاری سمیت صفائی ستھرائی اور لائٹنگ کے تمام مسائل حل کر دیئے جائیں گے، لیکن سندھ و شہری حکومت کے یہ دعوے محض طفل تسلی ثابت ہوئے۔ ان خیالات اظہار ایم ڈبلیو ایم کراچی کے سیکریٹری جنرل میثم عابدی سمیت عزاداری سیل میں شامل مولانا غلام محمد فاضلی، حسن عباس رضوی، احسن رضوی، عارف رضا سمیت دیگر رہنماوں نے نیشنل ہائی وے ملیر پندرہ پر جاری احتجاجی مظاہرے و علامتی دھرنے سے خطاب میں کیا۔ احتجاجی مظاہرے و علامتی دھرنے میں مظاہرین نے بینرز و پلے کارڈ اٹھائے ہوئے تھے، جس پر سندھ و شہری حکومت کے خلاف نعرے درج تھے، جبکہ مظاہریں نے سندھ حکومت و شہری حکومت کے خلاف شدید نعرے بازی بھی کی۔ رہنماوں نے کہا کہ بلدیہ اور کے ایم سی کی اس عدم توجہی کے باعث یکم محرم الحرام سے مختلف علاقوں سے نکلنے والے جلوسوں میں شریک مومنین، مستورات، بزرگوں اور بچوں کو سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے، ٹوٹی سڑکیں، گندگی کے ڈھیر او ر سوریج سے ابلتی ہوئی گندگی سندھ و شہری حکومت کی ”اعلی کارکردگی“ کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ انہوں نے کہا کہ متعلقہ حکام کی دانستہ غفلت نے شہریوں کی زندگی اجیرن کر رکھی ہے، متعدد بار اس حساس معاملے کی طرف توجہ مبذول کروائی گئی ہے لیکن متعلقہ حکام زبانی جمع خرچ سے کام چلا رہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ سندھ کے وزیراعلی و گورنر اور میئر نے عوامی مسائل سے خود کو بری الذمہ سمجھ رکھا ہے، حکومت کا یہ طرز عمل عوام سے انہیں دور کر دے گا۔ ایم ڈبلیو ایم کے رہنماوں نے حکومت سندھ سے مطالبہ کیا کہ کمشنر کراچی انتظامی حوالے سے نااہل ہیں، انہیں فوری طور پر اپنے عہدے سے برطرف کیا جائے، فرائض سے پیشہ وارانہ غفلت کے مرتکب افراد کے خلاف بھی کارروائی کی جائے اور کراچی کی تمام شاہراوں اورمحلوں کی ہنگامی بنیادوں پر صفائی کے احکامات جاری کئے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ کراچی سمیت سندھ بھر میں کالعدم دہشتگرد تنظیموں کی سرگرمیاں کھلے عام جاری ہیں، ان کے خلاف فوری آپریشن کیا جائے، صوبائی حکومت عزاداری و عزاداروں کیخلاف پرمٹ، لاوڈ اسپیکر ایکٹ کے نام پر عزاداروں کو تنگ کرنا بند کرے، محب وطن شیعہ علمائے کرام کو مجالس پڑھنے کی بیجا پابندیوں کو فوری ختم کیا جائے۔ دریں اثنا ایم ڈبلیو ایم کے احتجاجی مظاہرین سے ایم ڈی واٹر اینڈ سوریج بورڈ ہاشم رضا اور ڈی ایم سی چیئرمین نیئر رضا نے مذاکرات کئے اور انہیں یقین دھانی کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کی جانب سے ضلع ملیر کے ترقیاتی کاموں کو بہتر بنانے اور مسائل کے حل کیلئے 23 کروڑ روپے کے فنڈ سے انشاءاللہ یہ مسائل رواں ماہ میں جلد از جلد مکمل کر لئے جائیں گے اور 5 محرم الحرام کے جلوس سے قبل گندے پانی اور خستہ حال سڑکوں کی پیوند کاری کو بھی مکمل کر لیا جائے گا، حکومتی یقین دہانی اور مذاکرات کے بعد ایم ڈبلیو ایم کے پر امن احتجاجی مظاہرے و علامتی دھرنے کو ختم کر دیا گیا اور ٹریفک کی روانی کو بحال کر دیا گیا۔

وحدت نیوز (کراچی) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کراچی ڈویژن کے رہنماءعلامہ مبشر حسن نے کہا ہے کہ عزاداری امام حسین ؑ کے راستے میں کسی بھی قسم کی رکاوٹ کو ہم ملت جعفریہ کی توہین سمجھتے ہیں اور اس قسم کے سازشوں کو ہم آئینی قانونی اور جمہوری جدوجہد سے شکست دینگے، ملک بھر میں ایک دفعہ پھر محرم سے قبل ایک منظم منصوبے کے تحت عزاداروں کو ہراساں کرنے کا عمل جاری ہے، سندھ سمیت پاکستان بھر کے جیلوں میں مکتب تشیع سے تعلق رکھنے والے قیدیوں کو محرم الحرام میں ان کے مذہبی دینی عبادت سے روکا جا رہا ہے، جبکہ کراچی سمیت پاکستان بھر میں کالعدم دہشتگرد تنظیموں کو کھلے عام سرگرمیاں جاری رکھنے کی اجازت ہے، جو کہ نیشنل ایکشن پلان کی دھجیاں اڑانے مترادف ہے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے محرم الحرام سے قبل کراچی کے مختلف اضلاع میں دورہ جات کے دوران مختلف امام بارگاہوں اور مساجد کے ٹرسٹیز، انجمنوں، اداروں کے رہنماو ¿ں کے ساتھ ملاقاتوں کے موقع پر کیا۔ علامہ مبشر حسن نے کہا کہ ہم حکمرانوں سے یہ سوال کرتے ہیں کہ محب وطن ملت تشیع کے ساتھ ایسے سلوک کا مقصد اور ہدف کیا ہے؟ ان کو یہ احکامات کہاں سے ملتے ہیں؟ ہم مادرِوطن میں منافرت پھیلانے والوں سے بخوبی واقف ہیں، پاکستان کے شیعہ سنی متحد ہیں اور چند مٹھی بھر انتہا پسند سوچ کے حامل لوگ جن کے سبب آج ہم دنیا بھر میں مسائل و مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں، ان کی خوشنودی کیلئے پرامن محب وطن ملت تشیع کو ہراساں کیا جا رہا ہے، جو کسی بھی صورت قابل قبول نہیں۔

انہوں نے کہا کہ عزاداری نواسہ رسول حضرت امام حسینؑ ہماری شہ رگ حیات ہے، کراچی سمیت ملک بھر میں کسی بھی حصے میں عزاداری کو محدود کرنے کی کسی بھی سازش کو کامیاب نہیں ہونے دینگے، سندھ کے مختلف اضلاع میں ہماری اطلاعات کے مطابق متعصب انتظامیہ عزاداروں اور بانیان مجالس کیخلاف بلا جواز کارروائیوں میں مصروف ہیں، ہم انتظامیہ اور حکومت وقت کو یہ بتا دینا چاہتے ہیں کہ عزاداری امام حسین ؑ ہمارا آئینی و قانونی حق ہے اور ہم اپنے اس آئینی حق پر قدغن لگانے کی کسی کو اجازت نہیں دینگے، چاردیواری کے اندر مجالس عزاءپر کسی سے اجازت لینے کی ضرورت نہیں، ہم بانیان پاکستان کے وارث ہیں، ہمارے ساتھ مقبوضہ کشمیر والوں جیسا سلوک سے انتظامیہ باز رہے۔انہوں نے کہا کہ محرم الحرام کے آغاز میں دو دن رہ گئے ہیں، سندھ حکومت اور شہری انتظامیہ کو بارہا متوجہ کرانے کے باوجود بلدیاتی و سیکیورٹی مسائل کے حل کیلئے کوششیں انتہائی سست روی کا شکار ہیں، شہر بھر میں جلوس عزا کی گزر گاہوں اور امام بارگاہوں و مساجد کے اطراف کچرے اور سیوریج کے پانی کی موجودگی تاحال برقرار ہے، روٹس پر استرکاری کا کام تقریباً نہ ہونے کے برابر ہے، اس کے ساتھ ساتھ کراچی سمیت سندھ بھر میں کالعدم دہشتگرد تنظیموں کی سرگرمیاں کھلے عام جاری ہیں، لیکن امن و امان کے دعوو ¿ں میں مصروف صوبائی حکومت بلدیاتی و سیکیورٹی مسائل کے حل کیلئے سنجیدہ نظر نہیں آتی۔ انہوں نے وزیراعلیٰ سندھ سے مطالبہ کیا کہ کراچی سمیت سندھ بھر میں بلدیاتی و سیکیورٹی مسائل کو حل کرائیں، عزاداری امام حسین ؑ کے راستے میں رکاوٹیں پیدا کرنے اور عزاداروں کو ہراساں کرنے کی سازشوں کا نوٹس لیکر حکومت اور انتظامیہ میں کالی بھیڑوں کے خلاف کارروائی فی الفور کریں۔

وحدت نیوز (کراچی) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کراچی ڈویژن کے سیکریٹری جنرل سید میثم رضا عابدی و دیگر رہنماؤں نے کہا ہے کہ شہر قائد میں پولیس اہلکاروں کی ٹارگٹ کلنگ اور دہشتگردی کی عدم گرفتاری نے کراچی آپریشن کی کامیابی کے دعوؤں پر سوالیہ نشان عائد کر دیا ہے، ایک طرف تو شہر بھر میں پولیس اہلکاروں کی ٹارگٹ کلنگ جاری ہے تو دوسری جانب صوبائی حکومت اور آئی جی سندھ کے درمیان جاری لڑائی، جس کے باعث عوام میں شدید تشویش میں مبتلا ہے، ضروری ہے کہ کراچی سمیت سندھ بھر میں ملکی سلامتی کے خلاف سرگرم کالعدم دہشتگرد تنظیموں کیخلاف سندھ حکومت و سیکیورٹی ادارے ایک پیج پر آکر مؤثر حکمت عملی کے تحت کارروائی عمل میں لائیں، ان خیالات کا اظہار رہنماؤں نے وحدت ہاؤس کراچی میں کابینہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر علامہ مبشر حسن، علامہ صادق جعفری، علامہ علی انور، علامہ اظہر نقوی، علامہ سجاد شبیر رضوی، علامہ احسان دانش، تقی ظفر و دیگر رہنماء بھی موجود تھے۔کابینہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے رہنماؤں نے کہا کہ کراچی سمیت سندھ بھر میں کالعدم تنظیموں اور دہشتگرد عناصر کے ٹریننگ کیمپس اور اڈے بدستور موجود ہیں، دہشتگردی کی نرسریاں قائم ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ کالعدم دہشتگرد تنظیموں کی سرگرمیاں جاری ہیں، بجائے اسکے کہ کالعدم تنظیموں اور دہشتگردی کے اڈوں کے خلاف کارروائی کرکے ان کا سدباب کیا جاتا، سندھ حکومت اور قانون نافذ کرنے والے ادارے دہشتگردی کی کارروائیوں کو نئی نام نہاد تنظیموں پر تھوپ کر اپنی جان چھڑا رہے ہیں، جس کے باعث عوام کے ساتھ ساتھ خود قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکار و افسران بھی غیر محفوظ ہو گئے ہیں، جنہیں کالعدم تنظیموں کے دہشتگرد جب جہاں چاہے باآسانی نشانہ بنا رہے ہیں۔ رہنماؤں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی اعلیٰ قیادت، سندھ حکومت اور قانون نافذ کرنے والے ادارے ایک پیج پر آکر شہر قائد میں بڑھتی ہوئی دہشتگردی کو سنجیدگی سے لیں اور کالعدم تنظیموں، دہشتگرد عناصر اور انکے مذہبی و سیاسی سہولت کاروں کے خلاف بے رحمانہ بھرپور آپریشن کا آغاز کیا جائے، کیونکہ کالعدم تنظیمیں ہی ملکی سلامتی کیلئے سب سے بڑا خطرہ ہیں، سیکورٹی ادارے کراچی سمیت سندھ بھر میں کالعدم تنظیموں اور انکے سہولت کار نام نہاد مدارس کیخلاف موثر حکمت عملی کے تحت کارروائی عمل میں لائیں۔

Page 1 of 2

مجلس وحدت مسلمین پاکستان

مجلس وحدت مسلمین پاکستان ایک سیاسی و مذہبی جماعت ہے جسکا اولین مقصد دین کا احیاء اور مملکت خدادادِ پاکستان کی سالمیت اور استحکام کے لیے عملی کوشش کرنا ہے، اسلامی حکومت کے قیام کے لیے عملی جدوجہد، مختلف ادیان، مذاہب و مسالک کے مابین روابط اور ہم آہنگی کا فروغ، تعلیمات ِقرآن اور محمد وآل محمدعلیہم السلام کی روشنی میں امام حسین علیہ السلام کے ذکر و افکارکا فروغ اوراس کاتحفظ اورامر با لمعروف اور نہی عن المنکرکا احیاء ہمارا نصب العین ہے 


MWM Pakistan Flag

We use cookies to improve our website. Cookies used for the essential operation of this site have already been set. For more information visit our Cookie policy. I accept cookies from this site. Agree