وحدت نیوز(ملتان) مجلس وحدت مسلمین عباس پورہ یونٹ کے زیراہتمام سانحہ پارہ چنار کے خلاف چوک شاہ عباس پر احتجاجی مظاہرہ اور شہدائے پارہ چنار کی یاد میں شمعیں روشن کی گئیں۔ احتجاجی مظاہرہ کی قیادت حسنین علی کربلائی اور عشرت عباس نے کی۔ مظاہرین نے سانحہ پارہ چنار کے خلاف اور پاک فوج کے حق میں نعرے بازی کی۔ ایم ڈبلیو ایم کے رہنما حسنین کربلائی نے کہا کہ پاراچنار میں شیعہ نسل کشی جاری ہے، کرم ایجنسی کے پولیٹیکل ایجنٹ اور سکیورٹی فورسسز پاراچنار کے مظلوموں کو تحفظ دینے میں مکمل ناکام ہوچکے ہیں، ہم پاراچنار کے مظلوم عوام کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں، پاراچنار کے عوام پاکستان کی دفاعی فرنٹ لائن ہے، دشمن کی نظریں اس علاقے پر عرصے سے ہیں لیکن یہاں کے محب وطن غیور عوام نے ہمیشہ ملک دشمنوں کے ناپاک عزائم کا جواںمردی کے ساتھ مقابلہ کر کے خاک میں ملایا، یہاں کے باسیوں کو حب الوطنی کی سزاء دی جا رہی ہے، مظاہرے کے آخر میں شہدائے پارہ چنار کے لیے شمعیں بھی روش کی گئیں اور زخمیوں کی صحت یابی کے لیے خصوصی دعا کرائی گئی۔

وحدت نیوز (کراچی) سانحہ پاراچنار کے خلاف مجلس وحدت مسلمین پاکستان کراچی دویژن کے زیر اہتمام جامع مسجد نور ایمان کے باہر احتجاجی مظاہرہ کیا گیا، احتجاجی مظاہرے سے علامہ مرزا یوسف حسین، علامہ مبشر حسن اور علامہ اظہر نقوی نے خطاب کئے۔ شرکائے احتجاج نے بینرز اور پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے، جن پر کالعدم جماعتوں کے خلاف فوجی آپریشن اور سہولت کاروں کے خلاف بھرپور کارروائی کے مطالبات درج تھے۔

احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے علمائے کرام نے کہا کہ تکفیری دہشتگرد عناصر پارا چنار میں شیعہ مسلمانوں کے خلاف مسلسل دہشتگرد کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہیں، رواں سال جنوری میں بھی سبزی منڈی پاراچنار میں بم دھماکہ کیا گیا، لیکن آپریشن ضرب عضب اور آپریشن ردالفساد کے بعد بھی پاکستان میں حکومت اور سکیورٹی ادارے شیعہ مسلمانوں کے قتل عام کوروکنے میں ناکام ہیں، جس نے آپریشن ردالفساد پر سوالیہ نشان کھڑے کر دیئے ہیں، کرم ایجنسی میں ممکنہ دہشتگرد حملے کے حوالے سے نیکٹا کی جانب سے کئی الرٹ جاری کئے گئے، لیکن اس کے باوجود دہشتگرد کارروائیوں کو ناکام نہیں بنایا گیا، جس سے واضح ہوتا ہے کہ حکومت اور اداروں نے شیعہ مسلمانوںکو دہشتگروں کے رحم و کرم پر چھوڑ رکھا ہے، سانحہ پاراچنار حکومت اور اداروں کی نااہلی کا کھلا ثبوت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایک طرف تو پاراچنار میں شیعہ مسلمانوں کو دہشتگرد عناصر کی جانب سے مسلسل دہشتگردی کا نشانہ بنایا جا رہا ہے، جبکہ دوسری جانب سیکیورٹی فورسز کی جانب سے بھی ظلم کے خلاف پُرامن احتجاج کرنے والے شہریوں کو فائرنگ کا نشانہ بنایا جا رہا ہے، پارا چنار میں دہشتگرد عناصر تو کاررائی کرکے باآسانی سیکیورٹی فورسز سے بچ کر فرار ہو گئے لیکن عوام کی جان و مال کے تحفظ میں ناکام پیراملٹری فورسز نے پ ±رامن احتجاجی شہریوں پر ہی گولیاں برسانا شروع کر دیں، سیکویرٹی فورسز کی جانب سے پرامن شہریوں پر بلاجواز فائرنگ کے خلاف آرمی چیف سے مطالبہ کرتے ہیں کہ سیکیورٹی فورسز میں شامل ایسے شرپسند عناصر کیخلاف فوری تحقیقات کریں، جو نہتے شہریوں کو نشانہ بناتے ہیں، جبکہ سانحہ پارا چنار میں ملوث دہشتگرد عناصر اور ان کے سہولت کاروں کو فی الفور گرفتار کیا جائے۔

مقررین نے کہا کہ پاراچنار کے شیعہ مسلمانوں کو پاکستان سے وفاداری اور محبت کی سزا دی جا رہی ہے، مکمل منصوبہ بندی کے تحت مسلسل یہاں کے مظلوم محب وطن شیعہ مسلمانوں کو نشانہ بنایا جا رہا ہے، اگر پاراچنار میں ہونے والے دہشتگردی کے متعدد سانحات پر دہشتگرد عناصر اور انکے سہولت کاروں کو قانون کی گرفت میں لاکر کیفر کردار تک پہنچایا جاتا تو آج ایک بار پھر پاراچنار کی سرزمین مظلوم شیعہ مسلمانوں کے خون سے رنگین نہیں ہوتی۔ انہوں نے مزید کہا کہ سعودی نواز حکومت اور ادارے امریکی سرپرستی میں بننے والی نام نہاد غیر اسلامی سعودی فوجی اتحاد میں شامل ہو کر دوسرے ممالک کی تحفظ کیلئے بے چین ہونے کے بجائے پاکستان اور اسکی مظلوم عوام کے جان و مال اور عزت و آبرو کی حفاظت کو یقینی بنانے کی فکر کریں، جو کہ امریکی سعودی نمک خوار دہشتگرد عناصر کے ہاتھوں مسلسل دہشتگردی کا شکار ہو رہی ہے۔

وحدت نیوز(ملتان) پاراچنار میں مرکزی امام بارگاہ کے قریب ہونے والے دہشتگردانہ حملے کے خلاف مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عبا س جعفری کی اپیل پر نماز جمعہ کے بعد ملک بھر میں احتجاجی مظاہرے کیے گئے۔ ملتان میں بھی نماز جمعہ کے بعد جامع مسجد الحسین نیو ملتان کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا، مظاہرین نے پلے کارڈز اُٹھا رکھے تھے جن پر دہشتگردی کے خلاف نعرے درج تھے، احتجاجی مظاہرے کی قیادت صوبائی سیکرٹری جنرل علامہ اقتدار حسین نقوی، سیکرٹری سیاسیات مہر سخاوت علی، ضلعی سیکرٹری جنرل ملتان سید ندیم عباس کاظمی، مولانا عمران ظفر اور دیگر نے کی۔ مظاہرین کی حکومت کے خلاف شدید نعرے بازی، دہشتگردوں کے خلاف کاروائی کا مطالبہ کیا، مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے علامہ اقتدار حسین نقوی نے کہا کہ پاراچنار دھماکہ انتظامیہ اور سکیورٹی اداروں کی ناکامی کا ثبوت ہے، دہشتگردوں کا درجنوں چیک پوسٹوں سے گزر کر علاقے میں داخل ہونا سکیورٹی اداروں کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے۔

علامہ اقتدار نقوی نے کہا کہ ہمیں اپنے اندر چھپے دہشتگردوں کے ہمدرد کالی بھیڑوں کو بے نقاب کرنا ہوگا۔ پاراچنار میں ایک طرف دہشتگرد ہمیں نشانہ بنارہے ہیں تو دوسری طرف احتجاج کرنے پر سیکیورٹی فورسز ہمیں نشانہ بنارہی ہیں، ملک میں ہمیں مارا بھی جارہا ہے اور احتجاج بھی نہیں کرنے دیا جارہا، ہمیں پولیٹیکل انتظامیہ اور مرکزی حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ آئندہ جمعہ سے قبل متاثرین کے مطالبات کو مانا جائے علاوہ ازیں ملک بھر میں احتجاج کریں گے ۔ہم ملک میں امن کے داعی ہیں مگر حکومت ہمارے صبر کا امتحان لے رہی ہے ، پارہ چنار میں اس سے قبل بھی سیکیورٹی فورسز کی جانب سے شہریوں پر تشددکیا گیا ، ہمیں حکومت اور پولیٹیکل انتظامیہ کو متنبہ کرتے ہیں کہ اگر ہمارے اُوپر ہونے والے مظالم بند نہ کیے گے تو حالات کی ذمہ داری پولیٹیکل انتظامیہ اور حکومت پر عائد ہوگی۔ مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے مولانا عمران ظفر کا کہنا تھا کہ پاراچنار کے دیگر سانحات کے مجرموں کیخلاف فیصلہ کن کاروائی ہوتے تو آج کا واقعہ رو نما نہ ہوتا، ملت جعفریہ کو اس وقت ملک میں دہشتگردوں کیساتھ ساتھ حکومتی انتقامی کاروائیوں کا بھی سامنا ہے، دوسروں کی جنگ میں کودنے سے پہلے اپنے ملک کو محفوظ بنانے کی ضرورت ہے۔

وحدت نیوز (سکردو) مجلس وحدت مسلمین پاکستان تحصیل گمبہ اسکردو کے زیر اہتمام خالصہ سرکار کے نام پر گلگت بلتستان کی زمینوں پر انتظامیہ کے قبضے کےخلاف ایک عظیم الشان احتجاجی جلسہ مالک اشتر چوک گمبہ میں ہوا جس میں پاکستان پیپلز پارٹی، پاکستان تحریک انصاف، پاکستان مسلم لیگ نون کےرہنماوں نے بھی شرکت کی۔ آل پارٹیز احتجاجی جلسے سے پی پی پی کے سٹی صدر نثار سرباز، پی ایم ایل این کے سٹی صدر ریاض غازی، پاکستان تحریک انصاف کے رہنماء ذاکر حسین ایڈووکیٹ اور مجلس وحدت مسلمین کے رہنماء مولانامحمد علی واعظی اور شیخ علی محمد کریمی نے خطاب کیا۔

مقررین نے اپنے خطاب میں خالصہ سرکار قانون کی آڑ میں زمینوں پر قبضے کو غیر قانونی اور غیر انسانی عمل قرار دیتے ہوئے مطالبہ کیا کہ بلتستان کی زمینوں کی بندر بانٹ ختم کی جائے۔ اس موقع پراحتجاجی جلسے سے خطاب میں ایم ڈبلیو ایم تحصیل گمبہ کے سیکرٹری جنرل علامہ شیخ علی محمد کریمی نے کہا کہ حکومت اور انتظامیہ ہوش کے ناخن لے اور عوامی زمینوں پر قبضے کی کوشش ختم کرے۔ انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان کی زمینیں کسی سے خیرات میں نہیں لی اور نہ ہی خالصہ سکھ کی جائیداد ہے بلکہ اس زمین کو جانوں کا نذرانہ دیکر حاصل کیا ہے اوریہ یہاں کے عوام کی ملکیت ہے۔عوامی ملکیتی اراضی پر بلامعاوضہ قبضہ ظلم ہے جسے کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے مسلم لیگ نون کے رہنماء کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ یہاں کی زمینوں کو ہتھیانے کے جرم میں انتظامیہ اور صوبائی حکومت برابر کے شریک ہے۔ اس کی روک تھام کے لیےعملی اقدامات اٹھانا ہوگا۔ شیخ علی محمد کریمی نے کہا کہ انتظامیہ نے بلتستان میں بلامعاوضہ قبضے کی کوشش کی تو پورے خطے میں عوامی تحریک چلائی جائے گی اور عوام کو سڑکوں پر لے کے آئیں گے۔ انہوں نے کہا کہ عوام اپنے اندر اتحاد پیدا کریں اور کسی کے بھی عزائم کو کامیاب ہونے نہ دیں۔

وحدت نیوز (ڈی آئی خان) مجلس وحدت مسلمین اور امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن ڈیرہ اسماعیل خان کے زیراہتمام شرافت حسین اور پولیس وین پر ہونے والے حملے کے خلاف، نماز جمعہ کے بعد کوٹلی امام حسینؑ میں احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے ایم ڈبلیو ایم ڈی آئی خان کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل تہور عباس شاہ نے کہا کہ ہم شہر میں ہونے والی دہشتگردی کی بھرپور الفاظ میں مذمت کرتے ہیں، دہشت گردوں کی بزدلانہ کارروائیوں سے ہمارے حوصلے پست ہونے والے نہیں، ہم پویس اور فوج کے ساتھ ہیں، اس جنگ میں مکمل تعاون کا یقین دلاتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ دہشتگردی کا کوئی مذہب نہیں، ان کاروائیوں میں کبھی شیعہ کبھی سنی، کبھی پولیس اور فوج دہشتگردی کی بھینٹ چڑھتے ہیں، ہمیں مل کر جدوجہد کرنی ہوگی تاکہ اپنے شہر اور اپنے ملک کو امن کا گہوارہ بنا سکیں۔ کوٹلی امام حسینؑ کی اراضی کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ یہ زمین وقف امام حسینؑ ہے اور شیعہ قوم کی پراپرٹی ہے، اس کے ایک انچ پر بھی قبضہ نہیں کرنے دیں گے، اگر ہمیں جانوں کا نذرانہ بھی دینا پڑا تو ہم دریغ نہیں کریں گے۔ ایم ڈبلیو ایم اس حوالے سے ملک گیر احتجاج کرے گی۔ اجتماع سے آئی ایس او کے ڈویژنل صدر نے بھی خطاب کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہم حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ دہشتگردوں کو جلد سے جلد گرفتار کیا جائے اور ان کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے۔

وحدت نیوز (کراچی) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کراچی ڈویژن کے رہنما علامہ مبشر حسن نے کہا ہے کہ علامہ مرزا یوسف حسین کو جلد رہا نہیں کیا گیا تو سندھ حکومت کے خلاف چہلم امام حسین کے جلوس میں شدید احتجاج کیا جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جامع مسجد نورایمان کے باہر سندھ حکومت کی جانب سے بزرگ عالم دین علامہ مرزا یوسف حسین کی بے گناہ گرفتاری کیخلاف احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر علامہ بشیر انصاری، علامہ اظہار حسین نقوی، ناصر حسینی، شبیر حسین اور ثمر زیدی سمیت دیگر رہنما بھی موجود تھے۔ علامہ مبشر حسن نے مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ علامہ مرزا یوسف کا جرم دہشت گردوں کی مخالفت کرنا اور مظلوم کی حمایت کرنا ہے، ماضی میں ان پر کئی مرتبہ دہشت گردوں نے حملہ کیا تھا اور اس سے واضح ہوتا ہے کہ دہشت گرد انکے جانی دشمن ہیں، لیکن سندھ حکومت نے جس طرح کا سلوک ان سے کیا ہوا ہے، وہ بھی شرمناک عمل ہے، اس ضعیفی اور بیماری کی حالت میں پس زندان کرنا اور ضمانت دینے میں مشکلات کھڑی کرنا قابل مذمت ہے، وزیراعلیٰ سندھ بتائیں کہ سندھ حکومت کو علامہ مرزا یوسف سے کیا دشمنی ہے، نواز حکومت سے کچھ بھی بعید نہیں، لیکن جمہوریت کا نعرہ لگانے والی جماعت کے اس رویے کو کیا سمجھا جائے۔

علامہ مبشر حسن نے سندھ حکومت سے مطالبہ کیا کہ اتحاد بین المسلمین کے داعی بزرگ شیعہ عالم دین علامہ مرزا یوسف حسین کے خلاف درج کی گئی جعلی ایف آئی آر ختم کرکے انہیں فی الفور رہا کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ کالعدم دہشت گرد تنظیمیں کراچی سمیت ملک بھر میں دندنانی پھر رہی ہیں، وفاقی وزیر داخلہ کالعدم تنظیموں کے سربراہوں سے ملاقاتیں کرکے انہیں فعالیت کی اجازت دے رہے ہیں، ارباب اختیار ان سب کا نوٹس لیں۔انہوں نے کہا کہ اگر حکومت ہمارے مطالبات تسلیم نہیں کرتی تو ہم احتجاج کا دائرہ وسیع کر دینگے اور ملک بھر میں چہلم شہدائے کربلا کے جلوسوں میں سراپا احتجاج ہونگے کیونکہ کربلا نے ہمیں ظلم و خبر کے خلاف قیام کرنا سکھایا ہے، ہماری امن پسند قوم کو زبردستی فرقہ واریت کی آگ میں نہ دھکیلا جائے۔

Page 12 of 21

مجلس وحدت مسلمین پاکستان

مجلس وحدت مسلمین پاکستان ایک سیاسی و مذہبی جماعت ہے جسکا اولین مقصد دین کا احیاء اور مملکت خدادادِ پاکستان کی سالمیت اور استحکام کے لیے عملی کوشش کرنا ہے، اسلامی حکومت کے قیام کے لیے عملی جدوجہد، مختلف ادیان، مذاہب و مسالک کے مابین روابط اور ہم آہنگی کا فروغ، تعلیمات ِقرآن اور محمد وآل محمدعلیہم السلام کی روشنی میں امام حسین علیہ السلام کے ذکر و افکارکا فروغ اوراس کاتحفظ اورامر با لمعروف اور نہی عن المنکرکا احیاء ہمارا نصب العین ہے 


MWM Pakistan Flag

We use cookies to improve our website. Cookies used for the essential operation of this site have already been set. For more information visit our Cookie policy. I accept cookies from this site. Agree