وحدت نیوز(لاہور) مجلس وحدت مسلمین پاکستان بلوچستان کے رہنما و رکن صوبائی اسمبلی بلوچستان سید محمد رضا المعروف آغا رضا نے امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کے مرکزی صدر اطہرعمران طاہر سے آئی ایس او پاکستان کے مرکزی دفتر لاہور میں ملاقات کی۔ اس موقع پر مجلس وحدت مسلمین پنجاب کے سیکرٹری جنرل علامہ عبدالخالق اسدی، آئی ایس او پاکستان کے مرکزی میڈیا کوارڈینیٹر کمیل جعفری، لاہور کے سابق ڈویژنل صدر علی فیاض اور ماہنامہ افکار العارف کے ایڈیٹر ارشاد حسین ناصر موجود تھے۔ ملاقات کے دوران آئی ایس او پاکستان کے مرکزی صدر اطہر عمران نے رکن صوبائی اسمبلی کو مرکزی دفتر آنے پر خوش آمدید کہا۔ اس موقع پر اطہر عمران نے کہا کہ محرم الحرام کے دوران اتحاد و وحدت کی فضا قائم کر کے دشمن کو ناکام کیا جا سکتا ہے، ہمارا دشمن بزدل ہے اور یقیناً جب ہم باہم متحد ہونگے تو وہ ہمیں کوئی نقصان نہیں پہنچا سکتا۔

 

رُکن صوبائی اسمبلی سید محمد رضا نے کہا کہ کیونکہ میرا تعلق کوئٹہ سے ہے اور جہاں تک ممکن ہے ہم بلوچستان اسمبلی میں آواز حق بلند کر رہے ہیں۔ اُنہوں نے کہا کہ کل جب میں لاہور آ رہا تھا تو اُس وقت بھی کوئٹہ میں ایک دھماکہ ہوا جس میں کچھ لوگ شہید اور زخمی بھی ہو گئے ہیں۔ اُنہوں نے کہا کہ بلوچستان سمیت پورے پاکستان میں ہمارا ایک دشمن نہیں بلکہ ہمیں مختلف محاذوں کا سامنا ہے۔ سید محمد رضا نے مزید کہا کہ ملی اور قومی اُمور میں آئی ایس او پاکستان کی خدمات قابل تحسین ہیں، آئی ایس او پاکستان کے نوجوانوں نے ہر میدان میں ملک قوم اور مذہب کی بھرپور خدمت کی ہے۔ میری دعا ہے کہ یہ قافلہ اسی طرح رواں دواں ہے۔ آخر میں آئی ایس او پاکستان کے مرکزی صدر نے سید محمد رضا کی نیک خواہشات پر اُن کا شکریہ ادا کیا۔

وحدت نیوز (لاہور )امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کے بیالیسویں کنونشن بعنوان امید مستضعفین جہان سے خطاب کرتے ہوئے مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ ناصر عباس جعفری نے کہا ہے کہا آئی ایس او شہید قائد علامہ عارف حسین الحسینی اور شہید ڈاکٹر محمد علی نقوی کے خون کا صدقہ ہے ، جس نے ہر مشکل گھڑی میں ملت کو مسائل کی گرداب سے نکالنے میں کلیدی کردار ادا کیا ، آج پاکستان میں میں امریکہ مخالف جذبات کی موجد آئی ایس او ہی ہے۔

دہشت گردی کے حوالے سے گفتگو کرتے ہو ئے انہوں نے کہا کہ حالیہ اے پی سے وقت کے ضیاع کے سوا کچھ نہیں،مذاکرات اپوزیشن اور سیاسی قوتوں کے ساتھ کئے جاتے ہیں دہشت گردوں اور قاتلوں کیساتھ نہیں۔ انہوں نے کہاکہ حالیہ اے پی سی بزدل اورڈرے ہوئے لیڈروں کا اجتماع تھا، جس میں ان سے مذاکرات کی باتیں کرکے قوم کو بھی خوفزدہ کرنے کی کوشش کی گئی۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کا آئین بھی دہشت گردوں کے ساتھ مذاکرات کی اجازت نہیں دیتا ،دہشت گردوں کیساتھ مذاکرات دراصل ریاست کی شکست ہے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کنفیوژ لیڈر ہیں، جب وہ بیان دیتے ہیں توان کی پارٹی کے رہنما پریشان ہوجاتے ہیں اوروضاحتیں کرنا شروع دیتے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ عمران خان نے پاکستان میں طالبان کے دفتر کے قیام کی بات کرکے اپنے ووٹرز اور پارٹی رہنماؤں کو مایوس کیا ہے۔عمران خان کو ووٹ دینے والے ملک میں امن چاہتے ہیں اوراسی بنیاد پرانہوں نے عمران خا ن کو ووٹ دیئے لیکن عمران خان نے ان کی امیدیں پرپانی پھیر دیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ آنے والے بلدیاتی الیکشن میں عمران خان کو اس بیان کا بہت بڑا نقصان ہوگا۔ہم اپنی ہم خیال جماعتوں کیساتھ مل کر بلدیاتی الیکشن میں حصہ لیں گے۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں کیساتھ مذاکرات کی باتیں ہو رہی ہیں دوسری جانب سے وہ انہیں لاشیں بھیج رہے ہیں۔ہمارا مطالبہ ہے کہ ان کے خلاف آپریشن کیا جائے ہم ملک میں دہشت گردی کے سب سے بڑے متاثرین ہیں، ہم کبھی سرندر نہیں کریں گے۔انہوں نے کہا کہ اگر آپریشن نہ کیا گیا توہم حکومت مخالف تحریک چلائیں گے۔مذاکرات کے ڈول سے پانی نہیں نکلے گا حکومت اپنے فیصلے پر نظر ثانی کرئے۔

وحدت نیوز (لاہور) امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کا بیالیسواں سالانہ مستضعفین جہاں کنونشن لاہور کے جامعۃ المنتظر میں شروع ہو گیا ہے۔ کنونشن کی تقریبات کا باقاعدہ آغاز اسکاﺅٹس کی سلامی سے ہوا، امامیہ اسکاﺅٹس کے چاک و چوبند دستے نے سلامی پیش کی۔ اس موقع پر مجلس وحدت مسلمین پنجاب کے سیکرٹری جنرل علامہ عبدالخالق اسدی، مرکزی صدر آئی ایس او پاکستان اطہر عمران طاہر، سینئر بردار فدا حسین اور نثار ترمذی بھی موجود تھے۔ علامہ عبدالخالق اسدی نے اپنے خطاب میں کہا کہ آئی ایس او صالح، باکردار اور باشعور طلباء کی تنظیم ہے، جس نے اصلاح معاشرہ میں بھرپور انداز میں کام کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج یہ بات فخر کے ساتھ کہی جا سکتی ہے کہ معاشرے میں جتنے بھی فلاحی منصوبے ہیں یا جو معاشرے کی بہبود اور ملت کے مفاد میں کام کئے جا رہے ہیں، ان کے پیچھے آئی ایس او کی سوچ کار فرما ہے۔

وحدت نیوز (لاہور) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے ایک وفد کے ہمراہ امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کے مرکزی سیکرٹریٹ المصطفی ہائوس لاہور میں آئی ایس او پاکستان کے مرکزی صدر اطہر عمران طاہر سے ملاقات کی۔ مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے وفد میں مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل وسیکرٹری اُمور خارجہ علامہ سید شفقت حسین شیرازی، مرکزی سیکرٹری سیاسیات سید ناصر عباس شیرازی، مرکزی سیکرٹری تربیت علامہ احمد اقبال رضوی، ڈپٹی سیکرٹری جنرل پنجاب سید اسد عباس نقوی شامل تھے۔ جبکہ امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن کی جانب سے مرکزی صدر اطہر عمران کے علاوہ سیکرٹری نظارت روزی علی، مرکزی نائب صدر ابوذر مہدی، مرکزی سیکرٹری مالیات ناصر عباس، مرکزی سیکرٹری نشرواشاعت انیس الحسن، مرکزی سیکرٹری اطلاعات زین زیدی موجود تھے۔

آئی ایس او پاکستان کے مرکزی صدر نے مجلس وحدت مسلمین کے رہنمائوں کو مرکزی سیکرٹریٹ میں خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ اس طرح کی ملاقاتوں کاسلسلہ جاری رہنا چاہیے تاکہ ملت کے اجتماعی معاملات بطریق احسن آگے بڑھ سکیں۔ اُنہوں نے کہا کہ ملت کو درپیش مسائل کا حل باہمی وحدت میں ہے۔ اطہر عمران نے مزید کہا کہ دشمن انقلابی حلقوں کے خلاف سازشیں کر کے نظریاتی وانقلابی لوگوں کے مابین دوریاں پیدا کرکے اپنے مذموم ایجنڈے کو آگے بڑھانا چاہتا ہے۔ پاکستان میں موجود انقلابی قوتوں کو ایک دوسرے کی تقویت کا سبب بن کر دشمن کی سازش کو ناکام بنانا ہوگا تاکہ پاکستان میں رہبریت کی آرزو (وحدت) پوری ہوسکے۔ اس موقع پرعلامہ ناصر عباس جعفری اور اطہر عمران نے ملی وقومی اُمور پر تبادلہ خیال کیا۔

ایم ڈبلیو ایم کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل وسیکرٹری اُمور خارجہ علامہ سید شفقت حسین شیرازی نے کہا کہ مجلس وحدت مسلمین پاکستان اور امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن ملت تشیع کی دو آنکھیں ہیں۔ پاکستان میں دونوں انقلابی قوتیں شہید قائد کے ارمانوں کو پورا کرنے کے لیے کوشاں ہیں۔ اُنہوں نے کہا کہ آج ہم جو کچھ بھی ہیں آئی ایس اوپاکستان کی مرہون منت ہیں۔ اس موقع پر شہید ڈاکٹر محمد علی نقوی کا تذکرہ کرتے ہوئے علامہ شفقت شیرازی کا کہناتھا کہ ڈاکٹر محمد علی نقوی ایک چراغ کی مانند تھے۔ جس سے ہزاروں چراغ روشن ہوئے اور معاشرے میں نورپھیلا۔

وحدت نیوز ( لاہور ) امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کے مرکزی صدر اطہر عمران طاہر نے پنجاب یونیورسٹی سے حساس ادارے کی جانب سے سر سید ہاسٹل کے کمرہ نمبر 237 سے ایک غیر ملکی دہشت گرد کو گرفتار کیے جانے کے بعد یونیورسٹی کا دورہ کیا۔ اس موقع پر مرکزی سیکرٹری تعلیم انیس الحسن، مرکزی میڈیا کوارڈینیٹر کمیل جعفری اور ڈویژنل صدر لاہور عابد حسین بھی ان کے ہمراہ تھے۔ آئی ایس او پنجاب یونیورسٹی یونٹ کے رہنمائوں نے مرکزی صدر اطہر عمران کو بتایا کہ گذشتہ روز حساس ادارے کی ایک ٹیم نے پنجاب یونیورسٹی کے سر سید ہاسٹل کے کمرہ نمبر 237 سے ایک غیر ملکی دہشت گرد کو گرفتار کیا ہے، جو کالعدم تنظیم القاعدہ کا اہم کمانڈر بتایا جا رہا ہے۔ پکڑے جانیوالے دہشت گرد کو ایک مذہبی جماعت کی ذیلی طلبہ تنظیم سے تعلق رکھنے والے ایک عہدیدار نے پناہ دے رکھی تھی۔

مرکزی صدر کو بتایا گیا کہ یہ غیر ملکی دہشت گرد گذشتہ کئی روز سے پنجاب یونیورسٹی کے ہاسٹل میں مقیم تھا، القاعدہ سے تعلق رکھنے والے اس غیر ملکی کی ہٹ لسٹ پر اہم شخصیات تھیں، ملزم کو پنجاب میں تخریب کاری کی کارروائیوں کی قیادت کرنی تھی، وہ پہلے بھی قبائلی علاقوں سے ملک میں تخریبی کارروائیوں کی کمانڈ کر چکا تھا۔ کمانڈر کی گرفتاری کے سلسلے میں ہوسٹل انتظامیہ نے قانون نافذ کرنیوالے ادارے سے تعاون نہیں کیا جبکہ ایک طالب علم نے اپنا تنظیمی عہدہ بتا کر قانون نافذ کرنے والے ادارے کے اہلکاروں کو خوف زدہ کرنے کی کوشش بھی کی۔

اس موقع پر آئی ایس او پاکستان کے مرکزی صدر نے پنجاب یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر مجاہد کامران سے مطالبہ کیا کہ اس مادر علمی کو دہشت گردوں کی جائے پناہ بنانے سے روکا جائے۔ اُنہوں نے کہا کہ اس طرح کے واقعات سے لگتا ہے شرپسند عناصر اور غیر ملکی ایجنسیاں ایک بار پنجاب یونیورسٹی کا ماحول خراب کرنے کیلئے سازش کر رہی ہیں۔ اطہر عمران نے مزید کہا کہ ایسے واقعات مادر علمی کی بدنامی کا باعث ہیں، حکومت کو اس حوالے سے راست اقدام کرتے ہوئے یونیورسٹی میں دہشت گردوں اور غیر ملکیوں کو پناہ دینے والوں کے خلاف آپریشن کرنا چاہئے اور دہشت گردی کے واقعات میں ملوث کارکنوں کو یونیورسٹی بدر کیا جانا چاہئے۔

اُنہوں نے آئی ایس او کے نوجوانو ں کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ آپ سب کی ذمہ داری ہے کہ جب بھی کوئی مشکوک شخص یونیورسٹی کی حدود میں دیکھیں تو فوری طور پر انتظامیہ کو اطلاع کریں، تاکہ یونیورسٹی کا ماحول خراب کرنے کی سازش کو ناکام بنایا جاسکے۔ اُنہوں نے کہا کہ بہت جلد آئی ایس او پاکستان کا ایک وفد وائس چانسلر سے ملاقات کرے گا اور پنجاب یونیورسٹی میں قابض ایک مذہبی تنظیم کے کردار اور ان کے حوالے سے اپنے تحفظات سے آگاہ کرے گا۔

وحدت نیوز (لاہور) امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کے مرکزی صدر اطہر عمران طاہر نے کہا ہے کہ مصر میں اخوان المسلمین کے رہنماؤں کی گرفتاری، مظاہرین پر مظالم اور شام میں تکفیریوں کی جانب سے امن عامہ کو نقصان میں اور مزارات مقدسہ کی بے حرمتی جیسے گھناؤنے جُرم میں امریکہ اور اسرائیل کے ساتھ عرب ممالک بالخصوص سعودی عرب کی پُرزور مذمت کرتے ہیں۔ آئی ایس او پاکستان کے مرکزی دفتر سے مصر اور شام کے حوالے سے جاری مرکزی صدر کے بیان کے مطابق اطہر عمران طاہرنے کہا کہ رسول اکرم صلی اللہ علیہ والہ وسلم کی حدیث کے مطابق مسلمان وہ ہے کہ جس کے ہاتھ اور زبان سے دوسرے مسلمان محفوظ ہوں۔ یہ کیسے مسلمان ہیں جو مصر میں بے گناہ افراد کے خون میں نہ صرف شریک ہیں بلکہ امریکہ واسرائیل کے ہر اوچھے ہتھکنڈے کا ساتھ دے رہے ہیں۔
 
اُنہوں نے کہا کہ آج سعودی عرب اور بعض دیگر عرب ممالک کا منافقانہ چہرہ پوری دنیا پر آشکار ہوگیا ہے کل تک جو لوگ سعودی بادشاہت کے گن گاتے تھے وہ بروز محشر نبی اکرم (ص) کو کیا منہ دکھائیں گے۔ اطہر عمران نے مزید کہا کہ ہم رہبر مسلمین جہاں کی دوراندیش بصیرت کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں جنہوں نے کھل کر مصر میں اخوان المسلمین کی مکمل حمایت اور صیہونی طاقتوں کی واشگاف الفاظ میں مخالفت کی ہے۔ شام کے حوالے سے اپنے بیان میں اطہر عمران نے مزید کہا کہ مسلمانوں پر ظلم وستم کرنے والا خارجی ٹولہ مصر کی طرح شام میں بھی بے نقاب ہوگا اور جلد اپنے انجام کو پہنچے گا۔ اُنہوں نے کہاکہ شام میں بھی وہی قوتیں آل محمد (ص) اور اصحاب رسول (ص) کے مزارات کی بے حرمتی کررہی ہیں جو مصر میں مسلمانوں کے خلاف اور امریکہ وصیہونیت کا ساتھ دے رہی ہیں۔

Page 3 of 4

مجلس وحدت مسلمین پاکستان

مجلس وحدت مسلمین پاکستان ایک سیاسی و مذہبی جماعت ہے جسکا اولین مقصد دین کا احیاء اور مملکت خدادادِ پاکستان کی سالمیت اور استحکام کے لیے عملی کوشش کرنا ہے، اسلامی حکومت کے قیام کے لیے عملی جدوجہد، مختلف ادیان، مذاہب و مسالک کے مابین روابط اور ہم آہنگی کا فروغ، تعلیمات ِقرآن اور محمد وآل محمدعلیہم السلام کی روشنی میں امام حسین علیہ السلام کے ذکر و افکارکا فروغ اوراس کاتحفظ اورامر با لمعروف اور نہی عن المنکرکا احیاء ہمارا نصب العین ہے 


MWM Pakistan Flag

We use cookies to improve our website. Cookies used for the essential operation of this site have already been set. For more information visit our Cookie policy. I accept cookies from this site. Agree