وحدت نیوز(لاہور) امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان اور مجلس وحدت مسلمین کے زیراہتمام لاہور میں اسلام پورہ تا اسمبلی ہال القدس ریلی کا انعقاد کیا گیا۔ ریلی کی قیادت آئی ایس او کے مرکزی نائب صدر سرفراز نقوی، مجلس وحدت مسلمین کے رہنماءعلامہ امین شہیدی ،علامہ جواد موسوی،علامہ حیدر موسوی، اسد نقوی، مولانا حسن رضا ہمدانی اور ڈویژنل صدر آئی ایس اور علی کاظمی، امامیہ آرگنائزیشن اور علماء مدارس جعفریہ کے رہنمائوں نے کی۔ ریلی کے شرکا نے فلسطین کے پرچم، بینرز، پلے کارڈ، امریکی صدر اوباما اور اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو کے پتلے بھی اٹھا رکھے تھے جبکہ جگہ جگہ اسرائیلی اور امریکی پرچم سٹرک پر بچھائے گئے تھے، جن کو شرکا ریلی اپنے پیروں تلے روند کر امریکہ و اسرائیل کیساتھ اظہار برات کرتے رہے۔ ریلی کے شرکا امریکہ اور اسرائیل کیخلاف جبکہ حماس، حزب اللہ اور فلسطینیوں کے حق میں نعرے بازی کرتے رہے۔ فضاء مسلسل ساڑھے 5 گھنٹے مردہ باد امریکہ، مردہ باد اسرائیل کے فلک شگاف نعروں سے گونجتی رہی۔

مجلس وحدت مسلمین کے رہنماءعلامہ امین شہیدی نے شرکا ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ فلسطین کے مسئلہ پر امت مسلمہ بالخصوص عرب ممالک نے گذشتہ 68 برسوں میں متحد ہو کر کوئی آواز بلند نہیں کی، جب بھی فلسطین کی غیور مسلمانوں کو ضرورت پڑی مسلمان ممالک نے بجائے ان کی مدد کے اپنے بارڈر بند کرکے اسرائیل کی درندگی میں اس کا بھرپور ساتھ دیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ امام خمینی نے آج سے 37 سال قبل دنیا کو متوجہ کیا تھا کہ اسرائیل کا ناپاک وجود اس سرزمین پر ایک ناسور ہے، عالم اسلام کو چاہئے کہ اس ناسور کو جڑ سے اکھاڑ دے۔ یوم القدس کے دن امریکہ اور مغربی ممالک کی حمایت یافتہ صیہونی حکومت اور نام نہاد انسانی حقوق کے کھوکھلے دعوے داروں کی مار دھاڑ اور غارت گری اس دن کے منانے سے بے نقاب ہوتی ہے اور اسی لئے وہ اس دن کی مخالفت اور بیخ کنی میں کوئی کسر باقی نہیں چھوڑتے ہیں۔ امام خمینی نے فلسطینیوں کی حمایت میں ماہ مبارک رمضان کے آخری جمعہ کو یوم القدس منانے کی داغ بیل ڈالی اور تب سے یہ دن فلسطینیوں کی حمایت اور استکباری طاقتوں کے مظالم کیخلاف دنیا بھر میں منایا جا رہا ہے۔

علامہ حسن رضا ہمدانی نے  کہاکہ صیہونی حکومت آج دہشتگردی، بچوں کے قتل، غاصبانہ قبضے، جارحیت اور نسل کشی کی علامت ہے۔ یوم القدس، دہشتگردی کے مظہر صیہونزم کے شر سے نجات پانے کے عزم کا اظہار ہے، امام خمینی نے اپنی عالمانہ نظر اور دور اندیشی سے رمضان المبارک کے آخری جمعے کو یوم القدس قرار دیا اور دنیا کے تمام مسلمانوں اور حریت پسندوں کو اس موقع پر مظاہروں کی دعوت دے کر مسئلہ فلسطین کو دبانے اور بیت المقدس پر قبضہ کرنے کی پالیسیوں کو خاک میں ملا دیا۔ بیت المقدس کی نجات کا واحد راستہ مسلمانوں کے درمیان اتحاد و یکجہتی ہے، صیہونی حکومت، امریکہ کی حمایت سے اس بات کی کوشش کر رہی ہے کہ مسلمانوں کے درمیان تفرقہ پیدا کرے اور انھیں آپس میں الجھائے رکھے جبکہ عالمی یوم قدس کے مارچ اس طرح کی مذموم سازشوں کو ناکام بناتے ہوئے مسلمانوں کے درمیان اتحاد و یکجہتی کی راہ ہموار کر سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مغرب خاص طور پر امریکہ داعش اور طالبان کی حمایت کرکے، قدس کی آزدای کو مسلمانان عالم کے ایجنڈے سے نکالنا اور صیہونی حکومت کو گوشہ امن میں قرار دینا چاہتا ہے، عالمی یوم القدس کی ریلیوں میں شرکت کیلئے عوام ایک بار پھر سڑکوں پر آئے اور صیہونی حکومت کی جارحیت اور امریکہ کی حمایت کی مذمت کی۔

ریلی میں جماعت اسلامی، جے یو پی نیازی گروپ، پاکستان عوامی تحریک اور تحریک منہاج القرآن کے رہنماؤں نے بھی شرکت کی۔ مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عالمی یوم القدس، صیہونی حکومت کے غاصبانہ قبضے اور اس کی جارحیتوں کیخلاف تمام مسلم قوموں کے متحد ہونیکا دن ہے اور یہ سال ایک منفرد خصوصیت کا حامل ہے۔ اس لئے کہ داعش دہشتگرد گروہ اپنی جارحانہ کارروائیوں کے سبب مسلمانوں کی توجہ اپنی جانب مرکوز کئے ہوئے ہے اور وہ غاصب اسرائیل کے جارحانہ اقدامات سے عالمی رائے عامہ کی توجہ ہٹا رہا ہے دشمنوں کو یہ بات ذہن نشین رکھنی چاہے کہ بیت المقدس تمام مسلمانوں کا قبلہ اول ہے، جسے فراموشی اور گم نامی کے اندھیروں میں گم نہیں کیا جاسکتا ہے، بیت المقدس تمام مسلمانوں کی عظیم اور مقدس جگہ ہے اور دشمنان اسلام اس مقدس جگہ سے مسلمانوں کے انخلا کی ناکام سازش پر عمل پیرا ہے۔

ریلی کے آخر میں شرکاء کی طرف سے مظلوم فلسطینی مسلمانوں پر اسرائیلی و صیہونی جارحیت کی بھرپور مذمت اور مظلوم فلسطینوں سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے اعلامیہ پیش کیا گیا جس میں مطالبہ کیا گیا کہ او آئی سی میں شامل تمام اسلامی ممالک مسئلہ قدس کو حل کرانے میں ذمہ دارانہ کردار ادا کریں اور اقوام متحدہ اور اکثر عرب ممالک کی مسئلہ قدس پر مجرمانہ خاموشی کی بھی مذمت کی گئی۔

وحدت نیوز(ملتان) مجلس وحدت مسلمین اور امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن کے زیراہتمام عالمی یوم القدس کے موقع پر امام خمینی کے فرمان پر عمل کرتے ہوئے ملک بھر میں فلسطینی مسلمانوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کے طور پر احتجاجی مظاہرے اور ریلیاں نکالی گئیں۔ ملتان میں یوم القدس کی مرکزی ریلی نماز جمعہ کے بعد امام بارگاہ شاہ گردیز سے چوک گھنٹہ گھر تک بیتالمقدس کی آزادی کے حوالے سے ریلی نکالی گئی، ریلی میں خواتین، بچے، بوڑھے اور نوجوان شامل تھے۔ ریلی کا آغاز امام بارگاہ شاہ گردیز سے ہوا، ریلی کے شرکاء نے فلسطینی پرچم، بینرز اور پلے کارڈز اُٹھا رکھے تھے جن پر بیتالمقدس کی آدازی کے نعرے درج تھے۔ ریلی کی قیادت مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی رہنما علامہ ابوذر مہدوی، جنوبی پنجاب کے صوبائی سیکرٹری جنرل علامہ سید اقتدار حسین نقوی، ضلعی آرگنائزر علامہ قاضی نادر حسین علوی،علامہ غلام مصطفی انصاری اور ملتان کے ڈویژنل صدر قاسم شمسی نے کی۔ ریلی چوک گھنٹہ گھر پہنچنے پر جلسے کی شکل میں تبدیل ہوگئی۔ جہاں پر خطاب کرتے ہوئے رہنمائوں کا کہنا تھا کہ آج قبلہ اول بیت المقدس کے صیہونیت کے قبضے میں ہے جو کہ نام نہاد مسلمانوں کے لیے لمحہ فکریہ ہے۔ اگر پوری دنیا کے مسلمان یوم القدس کے دن اپنا شرعی فریضہ ادا کرتے تو آج فلسطین نہ جل رہا ہوتا۔ رہنمائوں نے کہا کہ اوآئی سی اور اقوام متحدہ کی مجرمانہ خاموشی اسرائیل کو طاقتور بنا رہی ہے۔ مسلمان ممالک کی جانب سے اسرائیل کے ساتھ پینگیں بڑھانا فلسطینی شہداء کے ساتھ مذاق ہے۔

آئی ایس او کے رہنمائوں کا کہنا تھا کہ ہم پاکستانی حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ مسئلہ فلسطین کو عالمی اداروں میں اُٹھائے اور ٹھوس موقف اختیار کرے، دنیا میں موجود نام نہاد مسلم ممالک کی جانب سے اسرائیل کے ساتھ تعلقات اور فلسطین کے مسئلے پر چشم پوشی کرنا اُن کے منافقانہ چہرے کا عکاس ہے۔ ہم رہبر انقلاب اسلامی امام خمینی کو سلام پیش کرتے کہ جنہوں نے اس دن کو منانے کا اعلان کیا اور فلسطینی مظلوموں کی آواز بنے آج دنیا بھر میں یوم القدس منایا جا رہا ہے۔ مجلس وحدت مسلمین کے رہنمائوں کا کہنا تھا کہ فلسطینی مظلوموں کی تحریک، حماس اور اسلامی مزاحمتی تحریک حزب اللہ کا کردار اسرائیل، امریکہ اور عالمی طاقتوں کی آنکھ کا کانٹا بن چکا ہے۔ اسلام دشمن عناصر فلسطینی تحریک کو کمزور کرنے کے لیے حماس اور حزب اللہ پر پابندیاں لگانے کی سازش کر رہی ہیں۔ اُنہوں نے مزید کہا کہ ہم قائد وحدت علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کی جانب سے بھوک ہڑتال کی بھرپور حمایت کرتے ہیں بلکہ آج کا یہ اجتماع اعلان کرتا ہے کہ اگر ہمارے جائز مطالبات نہ مانے گئے تو عید کے بعد احتجاجی تحریک کا رُخ تبدیل کر دیں گے۔ حکومت ہمارے صبر اور خاموشی کو کمزوری نہ سمجھے ہم پاکستان کے حقیقی فرزند ہیں اور اپنے حقوق کے لیے کسی حد تک بھی جانے سے دریغ نہیں کریں گے۔ ریلی کے آخر میں اسرائیلی پرچم نذرآتش کیا گیا اور عالم اسلام اور بالخصوص پاکستان کی سلامتی کے لیے دعائیں کی گئیں۔

وحدت نیوز(اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان اور آئی ایس او کے زیراہتمام یوم القدس کی مرکزی ریلی کا آغاز امام بارگاہ اثناء عشری جی سکس ٹو سے ہوا، جس کی قیادت مجلس وحدت مسلمین کے سربراہ علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے کی۔ ریلی میں علامہ اعجاز بہشتی، علامہ اصغر عسکری، علامہ عبد الخالق اسدی، علامہ علی شیر انصاری، علامہ ثمر عباس نقوی، علامہ عقیل خان بلوچ، علامہ علی اکبر کاظمی، علامہ ضیغم عباس اور ملک اقرار سمیت دیگر مرکزی و صوبائی رہنما بھی موجود تھے۔ ریلی میں بڑی تعداد میں کارکنوں کی بڑی تعداد کے علاوہ خواتین اور بچوں نے بھی شرکت کی۔ یوم القدس کے مرکزی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے ایم ڈبلیو ایم کے سربراہ علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے کہا کہ جو اسرائیل دجلہ و فرات تک اپنی سرحدیں پھیلانے کے خواب دیکھ رہا تھا، اسے کربلائی فکر نے شکست سے دوچار کر دیا۔ ہماری جدوجہد مظلوموں کی حمایت میں قرآنی حکم کی تائید ہے۔ ہم فلسطین، بحرین، شام، افغانستان سمیت دنیا بھر کے مظلوموں کے ساتھ ہیں۔ یوم القدس فداکاری، حریت اور بصیرت کا دن ہے۔ فلسطین پر اسرائیل بربریت اور قبل اول کی آزادی کے لئے عالم اسلام کو متحد ہونا ہوگا۔ یہود و نصاریٰ اپنے منافقانہ طرز عمل سے عالم اسلام کو دنیا بھر میں ذلت کا شکار کرنا چاہتے ہیں۔

علامہ ناصر عباس کا کہنا تھا کہ مسلم ممالک کے خلاف اتحاد بنانے کی بجائے مسلم حکمرانوں کو صیہونی مظالم کے خلاف اور قبلہ اول کی آزادی کے لئے متحد ہونے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا استعماری قوتیں زندگی کے ہر میدان میں عالم اسلام کو پسپا کرنے پر تُلی ہوئی ہیں۔ فلسطین کے مسلم مکینوں کو ان کی املاک سے بےدخل کرکے مہاجر بنایا جا رہا ہے جب کہ باہر سے آکر آباد ہونے والے یہودی اس مسلم ریاست پر قابض ہوگئے ہیں۔ اس مسلم ریاست کو یہودی تسلط سے چھڑانا امت مسلمہ کا اولین فریضہ ہے۔ انہوں نے صیہونی مظالم پر شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے بیت المقدس کی آزادی کے لئے امت مسلمہ کی مشترکہ جدوجہد کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ قبلہ اول پر اسرائیل کا غاصبانہ قبضہ امت مسلمہ کی قوت ایمانی پر کاری ضرب ہے۔ عالم اسلام کو اپنے مقدسات کی حفاظت کو مقدم رکھنا چاہیے۔ اس وقت عالم اسلام استعماری قوتوں کے نشانے پر ہے۔ یہود و نصاریٰ کے مفادات اور اہداف مشترک ہیں۔ تاریخ کے اس نازک دور میں مسلمان حکمرانوں کو اعلٰی بصیرت اور دور اندیشی کا مظاہرہ کرنے کی ضرورت ہے۔

ایم ڈبلیو ایم کے سیکرٹری جنرل کا کہنا تھا کہ اسرائیل نے فلسطین کے مسلمانوں پر عرصہ حیات تنگ کر رکھا ہے، لیکن مسلمان ممالک اسرائیل کے اس جارحانہ طرز عمل کے خلاف کسی غیر معمولی ردعمل کا اظہار کرنے کی بجائے اس کے ساتھ کاروباری رابطے استوار کرنے میں مصروف ہیں جو نہ صرف اخلاقی تنزلی ہے بلکہ حکم ربانی سے بھی صریحاََ انحراف ہے۔ اسرائیل کی بجائے مسلمان ممالک کے خلاف عرب ممالک کا اتحاد ان کی ترحیجات اور اہداف کو سمجھنے کے لئے کافی ہے۔ انہوں نے کہا کہ امام خمینی کے حکم کے مطابق یوم القدس مظلوموں کی حمایت کا عالمی دن ہے۔ دنیا کا ہر ذی شعور جو ظلم کو انسانی تقاضوں کی توہین سمجھتا ہے، وہ اس دن کی حمایت میں آواز بلند کرتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ فلسطین کے مظلوم مسلمانوں اور بیت المقدس پر اسرائیلی جارحیت کے خلاف آج ملک بھر میں مجلس وحدت مسلمین کے زیر اہتمام مظاہروں کا سلسلہ جاری ہے۔

وحدت نیوز(اسلام آباد) نیشنل پریس کلب اسلام آباد کے باہر گذشتہ چارروز سے جاری مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے سربراہ علامہ راجہ ناصرعباس جعفری کےبھوک ہڑتالی کیمپ میں امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کے مرکزی صدربرادر علی مہدی نے مرکزی کابینہ کے اراکین کے ہمراہ علامہ راجہ ناصرعباس جعفری سے ملاقات کی اور اظہار یکجہتی کیا، اس موقع پر مرکزی رہنما ایم ڈبلیوایم علامہ سید حسن ظفرنقوی، علامہ احمد اقبال رضوی ، سید اسد عباس نقوی، آصف رضا اور دیگر بھی موجود تھے، آئی ایس او کے مرکزی صدر نے ضعیفی اور ناسازی طبع کے باوجود چارروز سے جاری علامہ راجہ ناصرعباس کی بھوک ہڑتال پر خراج عقیدت  پیش کیا ،انہوں نے کہا کہ ملت تشیع کی نسل کشی کے خلاف آپ کا یہ اقدام لائق صد تحسین ہے، علی مہدی نے کہاکہ پاراچنار ، ڈی آئی خان ، پشاور اور کراچی میں شیعہ نسل کے خلاف آپ کی بھوک ہڑتالی تحریک کی آئی ایس اومکمل حمایت کرتی ہے اس کے ساتھ ہی انہوں نے پورے پاکستان کے کارکنان کو ہدایات جاری کیں کہ ملک بھر جہاں جہاں ایم ڈبلیوایم کے بھوک ہڑتالی کیمپ قائم کیئے گئے ہیں وہاں وہاں آئی ایس او بھر پور شرکت کرے اور اظہار یکجہتی کرے، علامہ راجہ ناصرعباس اور دیگر مرکزی قائدین نے مرکزی صدرآئی ایس او پاکستان علی مہدی کا آمد پر شکریہ ادا کیا۔

وحدت نیوز (اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکریٹری جنرل علامہ ناصرعباس جعفری نے سفیر انقلاب شہید ڈاکٹر محمد علی نقوی ؒکی اکیسویں برسی کے موقع پر وحدت سوشل میڈیا ٹیم کو جاری ویڈیوپیغام میں کہا ہے کہ پاکستان میں عدالت خواہی کے عظیم علمبردار شہید قائد حسینی ؒ اور ڈاکٹر شہید محمد علی نقوی تھے،جتنے بھی انبیاءآئے ان کی تحریک عدل خواہی کی تحریک تھی کہ لوگوں کو بیدار کریں باشعور کریں تاکہ انسان عدل کے نفاذکے لئے اُٹھیں،انبیا ءکی تحریک کو  دو لفظوں میں اگر خلاصہ کیا جائے تو یہ کہیں گئے کہ انبیا کی جدوجہد عدالت خواہی ، عدل کے نفاذ کے لئے تھی اور ظلم مٹانے کے لئے تھی ،یہ سلسلہ آگے بڑھتا گیا،انبیا کے ساتھ اولیا ءاللہ اس رستے پر چلتے رہے آئمہ اہل بیت ؑ نے اسی رستے کو اپنایااور اس جدوجہد میں کربلا ایک اہم موڑ ہے کربلا ایک اہم مرحلہ ہے عدالت خواہی کی تحریک کا ظلم ستیزی کا ظلم سے ٹکرانے کی تحریک کا !

ان کا کہنا تھا کہ شہید ڈاکٹر نقویؒ اور قائد شہید ؒاس سرزمین پرعظیم رہنما تھے،شہیدڈاکٹر نقویؒ،انبیاءکی عدالت خواہی اور ظلم ستیزی کی تحریک کے روحِ رواں تھے،انبیاء، آئمہ اور اولیاءکی تحریک عدل خواہی کو آگے بڑھانے کیلئے یہ دونوں شخصیات نمونہ عمل ہیں اور دونوں نے اس راستے میں قربانی دی شہید ہوئے،ڈاکٹر شہید میڈیکل کالج میں پڑھتے رہے تھے تو اس کے ساتھ وہ اپنی اجتماعی ذمہ داریوں سے بھی غافل نہیں تھے ،جب انقلاب اسلامی نہیں آیا تھا ۔جب دنیا اس طرح کے افکار سے زیادہ آشنا نہ تھی انہوں نے پاکستان کی سرزمین پر اس تحریک کو شروع کیا لوگوں کو منظم کیا ان کی تربیت کرنا شروع کی۔،ڈاکٹر نقوی ،عدالت خواہی اور ظلم ستیزی کی تحریک کا شجرہ طیبہ تھے ، جس کے پھل آج تک ہم دیکھ رہے ہیں،آج پاکستان میں اور دنیا بھر میں جہاں چلے جائیں آپ کو ڈاکٹر شہید محمد علی نقوی رح کے تربیت شدہ لوگ ملیں گے ، ہمیں شہید ڈاکٹر کے مشن کی تکمیل کے لئے خود کو آمادہ وتیار کرنا ہوگا۔

وحدت نیوز (کراچی) آیت اللہ شہید باقرالنمر کے چہلم کی مناسبت سے کل بروز ہفتہ امروہہ گرائونڈ انچولی میں منعقدہ حمایت مظلومین کانفرنس سے  مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے سربراہ علامہ راجہ ناصرعباس جعفری خصوصی خطاب کریں گے، کانفرنس کا انعقاد امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن ، مجلس وحدت مسلمین سمیت مختلف دینی مذہبی جماعتوں اورماتمی انجمنوں کے تحت کیا جا رہا ہے،جس میں سنی اتحاد کونسل کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضاکی  بھی خصوصی شرکت متوقع ہے۔

Page 5 of 7

مجلس وحدت مسلمین پاکستان

مجلس وحدت مسلمین پاکستان ایک سیاسی و مذہبی جماعت ہے جسکا اولین مقصد دین کا احیاء اور مملکت خدادادِ پاکستان کی سالمیت اور استحکام کے لیے عملی کوشش کرنا ہے، اسلامی حکومت کے قیام کے لیے عملی جدوجہد، مختلف ادیان، مذاہب و مسالک کے مابین روابط اور ہم آہنگی کا فروغ، تعلیمات ِقرآن اور محمد وآل محمدعلیہم السلام کی روشنی میں امام حسین علیہ السلام کے ذکر و افکارکا فروغ اوراس کاتحفظ اورامر با لمعروف اور نہی عن المنکرکا احیاء ہمارا نصب العین ہے 


MWM Pakistan Flag

We use cookies to improve our website. Cookies used for the essential operation of this site have already been set. For more information visit our Cookie policy. I accept cookies from this site. Agree