وحدت نیوز (لیہ) مجلس وحدت مسلمین ضلع لیہ کی جانب سے کارکنان، ممبران، علاقہ کی معزز شخصیات ،اور پاکستان تحریک انصاف کےنو منتخب اراکین قومی و صوبائی اسمبلی ملک نیاز احمد جکھڑ MNA،جناب سید رفاقت حسین گیلانی MPA، جناب شہاب الدین سیھڑ MPAکے اعزاز میں عید ملن پارٹی کا اہتمام کیا گیا۔مجلس وحدت مسلمین ضلع لیہ کی پوری کابینہ نے معززین کا استقبال کیا اور خوش آمدید کہا. عید ملن پارٹی سے مجلس وحدت مسلمین پاکستان صوبہ جنوبی پنجاب کے سیکرٹری جنرل حجتہ السلام مولانا اقتدار حسین نقوی صاحب نے خصوصی خطاب کیا، معزز پارلیمنٹیرینز نے مجلس وحدت مسلمین کی سیاسی پالیسی، الیکشن میں سپورٹ کرنے پر شکریہ ادا کیا۔

 آخر میں مجلس وحدت مسلمین ضلع لیہ کے ضلعی سیکرٹری جنرل مولانا رضوان جعفری الجنتی نے مختصر خطاب کے ساتھ ساتھ معزز مہمانان اور معزز پارلیمنٹیرینز کا شکریہ ادا کیا. پروگرام میں مجلس وحدت مسلمین صوبہ جنوبی پنجاب کے سیکرٹری سیاسیات انجنیئر مہر سخاوت علی، صوبائی سیکرٹری یوتھ مولانا ھادی حسین،ضلع لیہ کی ضلعی کابینہ ساجد حسین گشکوری، سیکرٹری سیاسیات صفدر حسین زنگیزہ، پیر آف دربار شہید عارف عباسی جناب میاں قیصر عباس عباسی، غلام رضا جغلانی، سید اجمل حسین نقوی ،برادر محسن عباس سواگ، مولانا اکبر حسین ترابی کے ساتھ ساتھ سینکڑوں کی تعداد میں معزز ممبران، کارکنان، شخصیات نے شرکت کی۔

وحدت نیوز (شکارپور) مجلس وحدت مسلمین ضلع شکارپور کے زیراہتمام گذشتہ عام انتخابات میں تنظیم کو سپورٹ کرنے والے مومنین اور ورکرز کے اعزاز میں عید ملن پارٹی کا اہتمام کیا گیا۔ عید ملن پارٹی سے خطاب کرتے ہوئے مجلس وحدت مسلمین سندھ کے سیکریٹری جنرل علامہ مقصودعلی ڈومکی نے کہا کہ نظام کی تبدیلی اور صالح الہی نظام کا قیام ہماری جدوجہد کا مرکزی نکتہ ہے۔ انقلاب اور انتخاب تبدیلی کے دو راستے ہیں۔ایک جمہوری ملک میں پرامن جدوجہد کے ذریعے تدریجی تبدیلی کے لئے الیکشن میں حصہ لینا ضروری ہے۔ملت جعفریہ کی نمائندہ جماعت کی حیثیت سے مجلس وحدت مسلمین مختلف محاذوں پر ملت کے حقوق کا دفاع کررہی ہے، پارلیمنٹ ایک اہم مورچہ ہے اس مورچے پر اہم اور موثرکردار ادا کرنے کے لئے پوری قوم مجلس وحدت مسلمین کا ساتھ دے۔

انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ میں قوم و ملک کی قسمت کے اہم فیصلے ہوتے ہیں ہم اسے کسی صورت نظر انداز نہیں کر سکتے بلکہ موثر حکمت عملی کے ذریعہ اپنے سیاسی کردار کو مزید تقویت دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہم ان تمام تنظیمی ساتھیوں کے صبر و استقامت کو سلام پیش کرتے ہیں جنہوں نے مشکل ترین حالات میں پارٹی امیدواروں کی الیکشن مہم چلائی اور حالات کا مقابلہ کیا، یہی لوگ ہمارا سرمایہ ہیں۔ الیکشن نتائج سے قطعا مایوس نہ ہوں بلکہ ابھی سے آئندہ بلدیاتی الیکشن کی تیاری کریں ۔ بلدیاتی الیکشن میں حلقے مختصر اور امیدوار زیادہ ہوتے ہیں اس لئے موثر حکمت عملی کے ذریعے بہتر نتائج حاصل کئے جاسکتے ہیں۔ تقریب سے ممتازعالم دین علامہ عبدالمجید بہشتی، علامہ عبداللہ مطہری، ضلعی سیکریٹری جنرل برادر فدا عباس و دیگر نے خطاب کیا۔

وحدت نیوز (جیکب آباد) مجلس وحدت مسلمین صوبہ سندہ کے سیکریٹری جنرل علامہ مقصودعلی ڈومکی نے کہا ہے کہ ملت جعفریہ کے لئے آئندہ انتخابات اہمیت کے حامل ہیں،وطن عزیز پاکستان کا استحکام،ملک سے دھشت گردی کا خاتمہ، شیعہ نسل کشی کا سد باب، اسلام دشمن تکفیری سوچ اور کرپشن کا خاتمہ، ملک سے امریکی مداخلت کا خاتمہ اور اپنے آئینی حقوق کا تحفظ ہمارے مشترکہ قومی اہداف ہیں۔ ملت جعفریہ اپنے ووٹ کی طاقت کو ان مقدس اہداف کے حصول کے لئے استعمال کرے۔ پاکستان میں بسنے والے چھ کروڑ شیعہ حکمت وتدبر سے منتشر ووٹ کوتشیع کی اجتماعی طاقت میں تبدیل کریں۔

انہوں نے کہا کہ ووٹ ایک قومی امانت ہے اسے درست استعمال کریں تویہ ہماری تقدیر بدل سکتا ہے، ہمیں پاکستان میں جن مسائل و مشکلات کا سامنا ہے ان سے نکلنے کے لئے ووٹ کی طاقت کا درست استعمال ضروری ہے۔ہمیں ووٹ کی طاقت کو ضائع کرنے کی بجائے اس کا درست استعمال کرنا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمن کا کردار ناقابل ستائش ہے، تکفیری سوچ کی حمایت کرکے مولانا نے ملت جعفریہ کے اعتماد کو کھو دیا ہے،کوئٹہ میں تشیع کے قتل عام کے بعد رئیسانی کی بدنام زمانہ حکومت کی بے جا حمایت کرکے فضل الرحمن نے اپنی تکفیری سوچ کا ثبوت دیا۔ جیکب آباد سانحے میں ملوث دھشت گردی کے اڈوں کو کھلوانے کے لئے حکومت پر دباؤ ڈالا، پاکستان کی ملت تشیع اور اہل تسنن تکفیری سوچ سے عظیم نقصان اٹھا چکے ہیں وہ ایم ایم اے کے نام پر تکفیری سوچ کی بالادستی قبول نہیں کریں گے۔

وحدت نیوز( کراچی )  مجلس وحدت مسلمین صوبہ سندھ کی کابینہ کا اہم اجلاس صوبائی سیکریٹری جنرل علامہ مقصودڈومکی کی زیر صدارت صوبائی سیکریٹریٹ سولجر بازارکراچی میں منعقد ہوا، جس میں مرکزی ڈپٹی سیکریٹری جنرل علامہ سید احمد اقبال رضوی اور مرکزی سیکریٹری امور تنظیم سازی سید مہدی عابدی نے خصوصی شرکت کی، اجلاس میںمرکزی سیکریٹری جنرل علامہ راجہ ناصرعباس جعفری کے دس روزہ دورہ سندھ کو حتمی شکل دی گئی، علامہ راجہ ناصرعباس جعفری کے دورہ سندھ کا آغاز 4مئی کو ٹھٹھہ اور دسجاول سے ہوگا جبکہ اختتام 13مئی کو کراچی میں ہوگا،اس اجلاس میں علامہ راجہ ناصرعباس جعفری کے دورہ جات کے حوالے سے کمیٹی بھی تشکیل دی گئی، جو کہ اضلاع کے ساتھ رابطہ سازی کا کام انجام دے گی۔

علامہ مقصودڈومکی نے اجلاس میں اعلان کیاکہ علامہ راجہ ناصرعباس جعفری کے حکم پر 13مئی کو ملک بھر کی طرح سندھ بھرکے تمام اضلاع میں یونٹ کی سطح پراحتجاجی مظاہرے کیئے جائیں گے اور ریلیاں نکالی جائیں گئی، کراچی ، حیدرآباد اور سکھر میں مرکزی احتجاجی اجتماعات منعقد کیئے جائیں گے، صوبائی سیکریٹری امور سیاسیات سید علی حسین نقوی نےاجلاس کے شرکاءکو انتخابی حکمت عملی اور الیکشن کمیشن کے ہدایات کے حوالے سے آگاہ کیا ، انہوں نے کہاکہ انشاءاللہ ایم ڈبلیوایم سندھ بھر کے منتخب حلقوں سے انتخابات میں بھر پور حصہ لے گی۔

مرکزی رہنمائوں نے سندھ کی تنظیمی فعالیت پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ ایم ڈبلیوایم صوبہ سندھ کی فعالیت مثالی ہے، امید ہے کہ 13 مئی کے یوم احتجاج میں سندھ کے تمام شہریوں ، قصبوں اور دیہاتوں میں بھرپور احتجاجی پروگرامات منعقد کیئے جائیں گے، اس حوالے سے تمام قومی وملی تنظیمات کو بھی ہم آہنگ کیا جائے اور انہیں بھی یوم مردہ باد امریکا میں شرکت کی دعوت دی جائے ۔

وحدت نیوز (پنجگرائین) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری ضلع بھکر کے دورے کے موقع پر دوسرے دن پیر اصحاب اور پنجگرائیں پہنچے، جہاں ایم ڈبلیو ایم کے کارکنوں نے اُن کا استقبال کیا، کارکنوں نے پھولوں کی پتیاں نچھاور کیں، علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے بستی چھینہ میں منعقدہ عوامی اجتماع سے خطاب کیا، اس موقع پر ایم ڈبلیو ایم کے مرکزی سیکرٹری تربیت ڈاکٹر یونس حیدری، معاون سیکرٹری سیاسیات سید محسن شہریار، صوبائی سیکرٹری جنرل جنوبی پنجاب علامہ اقتدار حسین نقوی، صوبائی رہنما مولانا ہادی حسین ہادی، ضلعی سیکرٹری جنرل بھکر سفیر حسین شہانی، اُمیدوار قومی اسمبلی احسان اللہ خان بلوچ، ظہیر عباس نقوی، مزمل عباس اور دیگر رہنما ہمراہ تھے، بعدازاں ایک قافلے کی صورت میں اُنہیں پنجگرائیں میں منعقدہ عوامی جلسہ عام میں لایا گیا، اس موقع پر عوام کی بڑی تعداد موجود تھی۔

علامہ ناصر عباس جعفری نے اپنے خطاب میں کہا کہ آئندہ الیکشن میں اپنے ووٹ کے ذریعے سے صالح اور دیانتدار اُمیدواروں کو اسمبلیوں میں پہنچانے کے لیے اپنا کردار ادا کریں، ایم ڈبلیو ایم بہت جلد اپنے سیاسی منشور کا اعلان کرے گی، اُنہوں نے کہا کہ ایم ڈبلیو ایم ملک دشمن عناصر کا ہر محاذ پر راستہ روکے گی، سیاست کو تجارت کے طور پر استعمال کرنے والے تاجروں کا راستہ روکنا ضروری ہوگیا ہے، پاکستان کی ترقی اور خوشحالی میں کرپٹ سیاستدان بڑی رُکاوٹ ہیں، عوام الیکشن میں ملک دشمن سیاستدانوں کا راستہ روکنے میں اپنا کردار ادا کریں، اُنہوں نے کہا کہ سیاستدان اپنے مخالفین سے سیاسی انتقام لیتے ہیں، غریب مزدور اور بے گناہ افراد کو شیڈول فورتھ میں ڈالا جاتا ہے، جس کی ہم بھرپور مذمت کرتے ہیں۔ ظالم اور کرپٹ سیاستدان جلد بے نقاب ہوں گے۔

وحدت نیوز (بھکر)  مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ راجہ ناصرعباس جعفری نے کہا ہے کہ پاکستان میں قانون بھی موجود ہے اور ادارے بھی موجود ہیں لیکن اپنا کردار ادا نہیں کر رہے، مرکزی حکومت شریف فیملی کے تحفظ کے لئے کوشاں ہے، مزدور کا استحصال ہوتا ہے تو ہو جائے، کسان مرتا ہے تو مر جائے، ہاری کی عزت برباد ہوتی ہے تو ہو جائے، لیکن شریف فیملی کو بچنا چاہیے۔ پاکستان کا المیہ یہ ہے کہ ملک کے تاجر سیاستدان بن گئے ہیں، اپنے مفادات کو ترجیح دیتے ہوئے ملک اور قوم کا استحصال کر رہے ہیں، ملک پر سیاسی فرعونوں، معاشی قارونوں اور مذہبی ملاں جو دنیا پرست اور بدکردار ہیں، قابض ہیں اور یہ معاشرے کا استحصال کرتے ہیں، اس وقت قانون پائوں تلے روندا جا رہا ہے، ہسپتالوں کی صورت حال ناگفتہ بہ ہے، سیاستدان اپنے اقتدار کے لئے عوام کو لڑاتے ہیں، شیعہ سنی تفرقہ پیدا کرکے اپنی حکومت کو مستحکم کرتے ہیں، ہماری ذمہ داری ہے کہ اس کے سدباب کی کوشش کریں۔ ان خیالات کا اظہار اُنہوں نے دورہ جنوبی پنجاب کے موقع پر بھکر میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ علامہ ناصر عباس جعفری نے مزید کہا کہ سرائیکی خطے کی محرومیاں ناقابل بیان ہیں، ہم سرائیکی صوبے کی مکمل حمایت کرتے ہیں، اس الیکشن میں ہم سرائیکی صوبے کے حوالے سے خصوصی مہم شروع کریں گے۔ زراعت ہماری معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے، کسان اس وقت بے حال اور اپنی فصلیں جلانے پر مجبور ہیں، شوگر ملوں کے مالکان تو طاقتور اور امیر ترین ہوتے جا رہے ہیں، لیکن گنے کی کاشت کرنے والا کسان خودکشی اور ٹھوکریں کھانے پر مجبور ہے، یہ قانون پر عملدرآمد نہ ہونے کی وجہ سے ہے، ادارے اپنا کام نہیں کر رہے ہے۔

اُنہوں نے کہا کہ بھکر میں 71 اہل تشیع اور 41 اہلسنت افراد کو شیڈول فورتھ میں ڈالا گیا ہے، جس میں اینٹ کے بھٹے پر کام کرنے والا مزدور، کسان اور غریب شامل ہیں، قانون شکن اور لٹیروں کو فورتھ شیڈول میں نہیں ڈالا جاتا، اگر قانون استعمال کرنے والے اچھے انسان نہ ہوں تو قانون کی دھجیاں اُڑائی جاتی ہیں، کاش ان غریبوں کی بجائے شوگر ملوں کے اُن مالکان کو ڈالا جاتا جو عوام کے پیسے کھاتے ہیں، کاش عوام کے ووٹ لے کر تفرقہ بازی پیدا کرنے والے سیاستدان کو شیڈول فورتھ میں ڈالا جاتا، شیڈول فورتھ میں دہشتگردوں کو ڈالا جائے اور محب وطن افراد کے خلاف اوچھے ہتھکنڈے استعمال کرنا بند کئے جائیں، مجلس وحدت مسلمین اتحاد اور وحدت کی علامت ہے، ہم اس اتحاد کے لئے ہر قسم کی قربانی دینے کے لئے تیار ہیں، یہ ملک کسی مسلک کا نہیں بلکہ تمام مذاہب اور مسالک کے پیروکاروں کا ہے، ہمیں آج قائداعظم اور علامہ اقبال کے بیانیے کو زندہ کرنے کی ضرورت ہے، ہمیں تعصب، تقسیم اور نفرتوں کی دیواروں کو گرانا ہوگا، ملک میں میرٹ کی حکمرانی ہونی چاہیے، جنرل ضیاء الحق کی پالیسی ملک کو بربادی کی جانب لے گئی ہے، ورنہ پاکستان آج ترقی کی منازل طے کر رہا ہوتا، آج نہ مسجد محفوظ ہے، نہ چرچ محفوظ ہے، نہ امام بارگاہ محفوظ ہے، نہ عبادت خانے محفوظ ہیں، اسلام آباد ہمارا دارالحکومت ہے لیکن وہاں کتنی چیک پوسٹیں ہیں؟ یہ تو ہمارے پایہ تخت کی صورتحال ہے، باقی حصوں کی کیا صورتحال ہوگی، ہم ضیاء الحق کی پالیسیوں کا خمیازہ بھگت رہے ہیں۔

علامہ ناصر عباس نے کہا کہ ایم ڈبلیو ایم جمہوری جدوجہد پر ایمان رکھتی ہے، اس ملک کو جمہوریت کی ضرورت ہے، اداروں کا احترام ضروری ہے، نواز شریف کی جانب سے اداروں پر حملے ملک کو کمزور کرنے کی سازش ہے، اس سے اداروں کا احترام ختم کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے، نواز شریف تین مرتبہ وزیراعظم رہے، کھربوں پتی ہیں، اُنہیں اپنے اقدامات پر نظرثانی کی ضرورت ہے، پنجاب میں سیاسی مخالفین کے خلاف جو اقدامات کئے جا رہے ہیں، ان سے ہمارے اداروں کی عزت میں کمی آئے گی، ایم ڈبلیو ایم انتخابات کے ذریعے ملک میں تبدیلی کی خواہاں ہے، آنے والے الیکشن میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں گے، محب وطن افراد کو پارلیمنٹ میں بھیجنے کے لئے اپنا کردار ادا کریں گے، آئندہ الیکشن میں اتحاد کے حوالے سے سوال کے جواب میں علامہ ناصر عباس نے کہا کہ ہمارے مختلف جماعتوں کے ساتھ رابطے جاری ہیں، الیکشن میں نواز شریف اور اُن کی جماعت کا راستہ روکیں گے، ان کے مقابلے میں کھڑے ہوں گے، ان کی شکست میں مرکزی کردار ادا کریں گے، اس موقع پر مرکزی سیکرٹری تربیت ڈاکٹر یونس حیدری، جنوبی پنجاب کے سیکرٹری جنرل علامہ اقتدار نقوی، مولانا ہادی حسین ہادی، مزمل حسین، سفیر حسین شہانی اور دیگر بھی موجود تھے۔

Page 2 of 12

مجلس وحدت مسلمین پاکستان

مجلس وحدت مسلمین پاکستان ایک سیاسی و مذہبی جماعت ہے جسکا اولین مقصد دین کا احیاء اور مملکت خدادادِ پاکستان کی سالمیت اور استحکام کے لیے عملی کوشش کرنا ہے، اسلامی حکومت کے قیام کے لیے عملی جدوجہد، مختلف ادیان، مذاہب و مسالک کے مابین روابط اور ہم آہنگی کا فروغ، تعلیمات ِقرآن اور محمد وآل محمدعلیہم السلام کی روشنی میں امام حسین علیہ السلام کے ذکر و افکارکا فروغ اوراس کاتحفظ اورامر با لمعروف اور نہی عن المنکرکا احیاء ہمارا نصب العین ہے 


MWM Pakistan Flag

We use cookies to improve our website. Cookies used for the essential operation of this site have already been set. For more information visit our Cookie policy. I accept cookies from this site. Agree