وحدت نیوز (لاہور) حضور سرورکائنات ۖکے تعلیمات اور سنت کے پیروکار کبھی بھی انتہا پسندی اور تشدد کو فروغ نہیں دے سکتے،اسلام دین محمد ۖ جبر کا دین نہیں،پیغمبر اعظم ۖ نے امت کو اخلاق حسنہ اور انسانیت سے محبت کا درس دیا،رحمت العالمینۖ کے ماننے والوں سے دنیا کو امن اور محبت کا پیغام جانا چاہیئے،دہشت گردی کے ذریعے اسلام دشمن استعمار کے آلہ کاروں نے جہاد اور اسلام کے روشن چہرے کو مسخ کر کے رکھ دیا ہے،ان خیالات کا اظہار مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے سربراہ علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے رائیونڈ لاہور میں امامیہ سٹوڈنٹس آرگنائزیشن کے زیر اہتمام ہفتہ وحدت کانفرنس سے خطاب میں کیا۔

 انہوں نے کہا شہدائے آرمی پبلک اسکول اورشہدائے ارض وطن کی قربانیوں کو فراموش نہیں ہونے دیں گے،دہشتگردوں کے سہولت کار اور سیاسی سرپرست ایک دفعہ پھر دہشتگردی کیخلاف جنگ اور نیشنل ایکشن پلان کو متنازعہ بنانے کی مذموم سازشوں میں مصروف ہیں،دنیا بھر میں تکفیری سوچ کو شکست اور دہشتگردوں کے سرپرست رسوا ہو رہے ہیں،انشااللہ وطن عزیز سے بھی اس ناسور کے خاتمے کے لئے ہمیں مصلحت پسندی اور سیاسی مفادات کو پس پشت ڈالنا ہوگا،علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے اپنے خطاب میں کہا کہ کچھ نام نہاد اسلام کے ٹھیکیدار مشرق وسطیٰ کے پراکسی وار کو پاکستان ایمپورٹ کرنے کے لئے میداں میں نکل آیا ہے،ہماری حکومت اور قومی سلامتی کے ادارے ہوش کے ناخن لیں اور ایسے شرپسندوں کا محاسبہ کریں۔

انہوں نے کہا کہ مغربی ممالک  انڈیا اور اسرائیل پاکستان میں فرقہ واریت کو ہوا دے کر خانہ جنگی کرانے کی سازشوں میں مصروف ہیں،ہمیں دشمن کے ناپاک عزائم کو باہمی وحدت اور اتحاد کے ذریعے ناکام بنانا ہے،علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے کنٹرول لائن پر بھارتی جارحیت کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی جنگی جنون کا جواب دینے کے لئے قوم کا ہر فرد سربکف تیار ہیں،ملکی سلامتی اور دفاع کو ہم اپنا ایمانی فریضہ سمجھتے ہیں،اور دشمن کے ہر قسم کی جارحیت کا بھرپور جواب دینے کے لئے پوری قوم پاک فوج کے پشت پر کھڑی ہے۔

وحدت نیوز(اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے سربراہ علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے کہا ہے کہ گلگت بلتستان میں تعلیمی اداروں کی بندش اور طلباء کے خلاف ناروا اقدامات وزیراعلٰی کے متعصبانہ رویہ پر دلالت کرتے ہں۔ نااہل وزیر اعلٰی نان ایشو کو ایشو بنا کر حساسیت پیدا کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایک طرف ہماری اعلٰی سیاسی شخصیات دیوالی، کرسمس اور دیگر غیر اسلامی رسومات میں شرکت کرکے یہ ثابت کرنے کی کوشش کرتی ہیں کہ پاکستان مذہبی آزادی پر یقین رکھتا ہے، جبکہ دوسری طرف نواسہ رسول حضرت امام حسین علیہ السلام کا یوم منانے کو قابل تعزیر ٹھہرایا جا رہا ہے۔ گلگت بلتستان کی حکومت اپنے نظریات پوری قوم پر مسلط کرنے کی کوشش نہ کرے۔

 انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان میں گذشتہ کئی دنوں سے دھرنے اور احتجاج جاری ہیں، لیکن وہاں کی حکومت مسلسل عدم توجہی کا مظاہرہ کرکے بےحسی کا ثبوت دے رہی ہے۔ جی بی کے وزیراعلٰی کا یہ طرز عمل اس کے اقتدار کی بقاء کو خطرے میں ڈال سکتا ہے۔ گلگت بلتستان میں کسی بھی سنگین صورتحال کی تمام تر ذمہ داری وزیراعلٰی پر ہوگی۔ کراچی کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے ایم ڈبلیو ایم کے سیکرٹری جنرل نے کہا کہ ٹارگٹ کلنگز کے واقعات پر قابو پانے میں انتظامیہ ناکام دکھائی دے رہی ہے۔ حکومت کی طرف سے بلند و بانگ دعووں کے کچھ ہی دیر بعد کوئی نیا واقعہ رونما ہو جاتا ہے، جو بےیقینی اور عدم تحفظ کی فضا کو تقویت دے رہا ہے۔

ایم ڈبلیو ایم کے سربراہ کا کہنا تھا کہ بزرگ عالم دین مرزا یوسف حسین کے خلاف جھوٹی اور بےبنیاد ایف آئی آر کا اندراج انتقامی کاروائی ہے۔ ایک پُرامن اجتماع میں ان کی محض شرکت کو تقریر کا نام دے کر بےبنیاد مقدمے کا اندراج کیا گیا ہے، جو قابل مذمت اور افسوسناک ہے۔ وزیراعلٰی سندھ سید مراد علی شاہ ایف آئی آر واپس لینے کے احکامات صادر کریں اور اختیارات سے تجاوز کرنے والے انتظامیہ کے افسران کے خلاف کاروائی کی جائے، تاکہ اس تاثر کو زائل کیا جاسکے کہ وفاقی و صوبائی حکومتوں نے دہشت گردوں کو آزاد چھوڑ رکھا ہے اور نیشنل ایکشن پلان کا رُخ محب وطن علماء اور باکردار شخصیات کی طرف موڑ رکھا ہے۔

 انہوں نے کہا کہ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں کالعدم جماعتوں کو اجتماع کی اجازت دیا جانا حیران کن ہے، جس میں شرکاء فرقہ وارانہ تقریروں اور تکفیری نعروں سے نیشنل ایکشن پلان کی افادیت و اہمیت کو کھلم کھلا چیلنج کر رہے تھے۔ علامہ ناصر عباس کا کہنا تھا کہ ایک طرف ان شرپسند مذہبی رہنماؤں کو کھلی چھوٹ دی جا رہی ہے، جو خود کو سرعام طالبان کا باپ کہتے ہیں اور ان کے لئے نرم گوشہ رکھتے ہیں جبکہ دوسری طرف علامہ امین شہیدی اور علامہ شیخ محسن نجفی جیسی قابل قدر اور بزرگ شخصیات کو شیڈول فور میں ڈال دیا گیا ہے، جن کی بےانتہا علمی کاوشیں ہیں۔ عدل و انصاف کا یہ معیار کسی باشعور کے لئے قابل قبول نہیں۔ ہم اس کی شدید مذمت کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر میں بھارت کی بڑھتی ہوئی جارحیت و بربریت پر اقوام عالم کی خاموشی حیران کن ہے۔ کشمیریوں کی جدوجہد رائیگاں نہیں جائے گی۔ موجودہ حکومت کو کشمیر پر دوٹوک موقف اختیار کرنا ہوگا۔ ہمارے حکمرانوں کو چاہیے کہ وہ اپنی قوت اقتدار بچانے کی بچائے ملک بچانے پر صرف کریں۔

وحدت نیوز(لاہور) امامیہ سٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کے نو منتخب مرکزی صدر سرفراز نقوی کے اعزاز میں مجلس وحدت مسلمین پنجاب کے سیکرٹری جنرل حجتہ الاسلام و المسلمین علامہ مبارک علی موسوی کی طرف سے پر تکلف استقبالیے کا اہتمام کیا گیا۔ اس موقع پر علامہ مبارک علی موسوی نے سرفراز نقوی کو آئی ایس او پاکستان کا مرکزی صدر منتخب ہونے پر مبارکباد پیش کی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ دونوں رہنماؤں نے قومی و ملی امور پر تبادلہ خیال بھی کیا۔ استقبالیہ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے علامہ مبارک موسوی کا کہنا تھا کہ آئی ایس او کی ملت تشیع کیلئے خدمات قابل قدر ہیں، تنظیم کو ملت تشیع کی مضبوطی کیلئے تربیتی امور پر عملی کوششوں میں اضافہ کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ آئی ایس او نے ہمیشہ نوجوانوں کی تربیت میں اہم کردار ادا کیا ہے اور آئی ایس او نوجوانوں کیلئے کسی نعمت سے کم نہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملت جعفریہ کیلئے بالخصوص اور ملت پاکستان کیلئے بالعموم آئی ایس او کی خدمات لائق تحسین ہیں، تعلیم کا شعبہ ہو یا خدمت کا آئی ایس او کے کارکن ہمیشہ پیش پیش رہے ہیں۔ آئی ایس او پاکستان کے مرکزی صدر کا کہنا تھا کہ آئی ایس او سے ملت جعفریہ کو بہت سے امیدیں وابستہ ہیں، آئی ایس او ہمیشہ کوشش کرتی ہے کہ ملت کو مایوس نہ کرے اور ہمیشہ ہم نے تعلیم کا میدان ہو یا ملت جعفریہ کے معاملات نوجوانوں کی مثبت انداز میں رہنمائی کی ہے اور آئی ایس او نے ہمیشہ اپنے فیصلے خود کئے ہیں کسی کے آلہ کار کے طور پر کبھی کام نہیں کیا۔ انہوں نے کہا کہ آئی ایس او اپنی روایت برقرار رکھے گی اور تعلیمی و ملی میدان میں ہمیشہ نمایاں کردار ادا کرتی رہے گی۔ تقریب کے آخر میں شہدائے ملت جعفریہ کے درجات کی بلندی کیلئے فاتحہ خوانی بھی کی گئی۔

وحدت نیوز(اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے سربراہ علامہ ناصر عباس جعفری نے سید سرفراز حسین نقوی کو آئی ایس او پاکستان کا پینتالیسواں صدر منتخب ہونے پر مبارکباد دی ہے اور نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔ اپنے تاثرات میں علامہ ناصر عباس کا کہنا تھا کہ امید ہے کہ سرفراز نقوی آئی ایس او کی ترقی اور تنظیمی اسٹرکچر کی مضبوطی کیلئے بہتر انداز میں کام کر سکیں گے اور دین مبین کی سربلندی کیلئے اپنی توانائیاں صرف کریں گے۔ علامہ ناصر عباس کا کہنا تھا کہ ملت کی بیداری کیلئے آئی ایس او پاکستان کی خدمات لائق تحسین ہیں، اس شجرہ طیبہ نے مسئلہ فلسطین اور القدس سمیت ملی مسائل کے حل اور نظریہ ولایت فقیہ کو پاکستان بھر میں متعارف کرانے میں بنیادی اور کلیدی کردار ادا کیا ہے۔ نو منتخب صدر کو اس شجرہ طیبہ کی ذمہ داریاں سبھالنے پر مبارکباد پیش کرتے ہیں اور اپنے مکمل تعاون کرنے کے عزم کو ایک بار پھر دہراتے ہیں۔ ایم ڈبلیو ایم کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل ناصر عباس شیرازی، علامہ احمد اقبال رضوی، علامہ مختار امامی سمیت دیگر ذمہ داران نے بھی دل کی اتھاہ گہرایوں سے نو منتخب مرکزی صدر کو مبارکباد پیش کی ہے۔

وحدت نیوز(لاہور) امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کے سالانہ مرکزی کنونشن میں نئے میر کارواں کا انتخاب مکمل ہوگیا، سابق نائب صدر سید سرفراز کو نیا میر کارواں منتخب کر لیا گیا۔ کنونشن کے آخری روز نئے میر کارواں کے انتخاب کیلئے اجلاس عاملہ ہوا، جس میں سید احسن نقوی اور سید سرفراز کے نام سامنے آئے، جس کے بعد ووٹنگ کروائی گئی اور سید سرفراز کامیاب قرار پائے۔ سید سرفراز کا تعلق فیصل آباد ڈویژن سے ہے اور وہ گومل یونیورسٹی ڈی آئی خان میں زیر تعلیم ہیں۔ وہ پہلے مرکزی نائب صدر بھی رہ چکے ہیں۔ آئی ایس او کے کارکنوں، علماء کرام اور سینیئر رہنماؤں نے سید سرفراز کو نئی ذمہ داری ملنے پر مبارکباد دی ہے۔ علامہ سید حیدر موسوی نے نئے میر کارواں کا اعلان کیا جبکہ علامہ ہاشم موسوی نے نئے مرکزی صدر سے حلف لیا۔ نو منتخب مرکزی صدر نے شرکاء کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ آج دنیا کو نظام ولایت کی طرف پلٹنے کی ضروت ہے، رہبر معظم سید علی خامنہ ای جو اس نظام ولایت کے امین بھی ہیں اور علمبردار بھی، وہ اسلام ناب کی نمائندگی کر رہے ہیں اور عالم کفر کیخلاف ڈٹے ہوئے ہیں، آج مسلمانان عالم کی مشکلات کا حل اور ان کی کامیابی کا راز اسی نظام ولایت کو سمجھنے اور اسکی پیروری کرنے میں ہے۔ نو منتخب مرکزی صدر سید سرفراز نقوی نے کہا کہ وطن عزیز کی جغرافیائی اور فکری سرحدوں کا تحفظ ہمارا منشور ہے اور ہم وطن کی جانب اٹھنے والی ہر میلی آنکھ پھوڑنے کا جذبہ رکھتے ہیں، آئی ایس او ملک کی نظریاتی و جغرافیائی سرحدوں کی محافظ ہے اور اپنے وطن کے دفاع کیلئے مصروف عمل ہے۔

وحدت نیوز(لاہور) وحدت امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن شعبہ طالبات کے سالانہ مرکزی نوید سحر کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی سیکریٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے کہا کہ ایک الٰہی معاشرہ کی تشکیل کیلئے تنظیم کی بہت ضرورت ہوتی ہے ۔ کیونکہ جب تک ہم منظم نہیں ہونگے ترقی ممکن نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ ہمیں چاہیئے کہ تنظیم میں رہ کر ہم اپنے اندر الٰہی اقدار کو اجاگر کریں ہم تنظیم میں رہ کر اپنے اخلاق و کردار کو نمونہ عمل بناکر معاشرے میں پیش کریں،انہوں نے مزید کہا کہ ہمیں چاہیئے کہ ہم قرآن کی تلاوت کو معمول بنائیں ہماری نماز و عبادات اعلیٰ ہوں اسکے ساتھ ساتھ فرامین معصومین علیہم السلام کی خود بھی پابندی کریں اور اسکو معاشرے میں نافذ العمل کرنے کی کوشش کریں ۔    

انہوں نے بصیرت اور دشمن شناسی کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ ہمیں  اسلامی معاشرے کی تشکیل کیلئے بابصیرت افراد تیار کرنے ہیں اور ہمیں دشمن شناس ہونا چاہیئے آج معاشرے میں استعمار و اسکتبار جس طرح معاشرے کو آلودہ کررہے ہیں ہم پر ایک الٰہی تنظیم سے وابستہ ہونے کے ناطے یہ ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ ہم ہر مومن و مسلمان کو دشمن کےشر سے محفوظ رکھیں اور دشمن کی سازشوں سے ان کو آگاہی دیں تاکہ ایک مہذب معاشرے کی تشکیل ممکن ہوسکے۔آخر میں انہوں نے کہا کہ ایک عورت کی تربیت گویا پورے معاشرے کی تربیت ہوتی ہے اس کیلئے آپ خواہران کو بہترین کردار ادا کرنا ہوگا جوفریضہ جناب زینب سلام اللہ علیہا نے انجام دیا آپ خواہران کو بھی اسی پر عمل پیرا ہو کر بامقصد عزاداریٔ سید الشہداء علیہ السلام کا انعقاد کرنا ہوگا۔

Page 12 of 20

مجلس وحدت مسلمین پاکستان

مجلس وحدت مسلمین پاکستان ایک سیاسی و مذہبی جماعت ہے جسکا اولین مقصد دین کا احیاء اور مملکت خدادادِ پاکستان کی سالمیت اور استحکام کے لیے عملی کوشش کرنا ہے، اسلامی حکومت کے قیام کے لیے عملی جدوجہد، مختلف ادیان، مذاہب و مسالک کے مابین روابط اور ہم آہنگی کا فروغ، تعلیمات ِقرآن اور محمد وآل محمدعلیہم السلام کی روشنی میں امام حسین علیہ السلام کے ذکر و افکارکا فروغ اوراس کاتحفظ اورامر با لمعروف اور نہی عن المنکرکا احیاء ہمارا نصب العین ہے 


MWM Pakistan Flag

We use cookies to improve our website. Cookies used for the essential operation of this site have already been set. For more information visit our Cookie policy. I accept cookies from this site. Agree