وحدت نیوز(ملتان) مجلس وحدت مسلمین جنوبی پنجاب کے سیکرٹری جنرل علامہ سید اقتدار حسین نقوی نے کہا ہے کہ فرزند رسول خدا (ص) امام زمانہ علیہ السلام کی شان میں گستاخی کرنے والے شخص کو فی الفور گرفتار کرکے قرار واقعی سزا دی جائے۔
ملتان سے جاری بیان کے مطابق ایم ڈبلیو ایم جنوبی پنجاب کے سیکرٹری جنرل کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت پر یہ ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ خاندان رسالت کے خلاف کی جانے والی توہین کا فوری نوٹس لے اورعبدالستار جمالی نامی شخص کے خلاف سخت ایکشن لے، تاکہ ملک کے امن کو خراب ہونے سے بچایا جاسکے۔
اُنہوں نے کہا کہ اس وقت پاکستان سمیت دنیا بھر سے عاشقان اہل بیتؑ کے دل زخمی ہیں اگر اس کے خلاف فوری کاروائی نہ کی گئی تو حالات کی ذمہ داری سندھ حکومت پر عائد ہوگی، ہم حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں اے ریاست مدینہ کے دعویداروں آج تاجدار مدینہ کا دل زخمی کردیا گیا ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ اگر اتوار تک اس گستاخ اہلیبیت کے خلاف کاروائی نہ کی گئی تو احتجاج کا سلسلہ شروع کریں گے۔
وحدت نیوز(ملتان) مجلس وحدت مسلمین جنوبی پنجاب کی نامزد صوبائی کابینہ کا پہلا اجلاس صوبائی سیکرٹری جنرل علامہ اقتدار حسین نقوی کی صدارت میں جامع مسجد الحسین نیو ملتان میں منعقد ہوا، اجلاس میں نامزد ڈپٹی سیکرٹری جنرل سلیم عباس صدیقی، ڈپٹی سیکرٹری غلام اصغر تقی، سیکرٹری شعبہ خواتین مولانا قاضی نادر حسین علوی، سیکرٹری تربیت عابس رضا ، سیکرٹری سیاسیات ہر سخاوت علی، سیکرٹری فلاح و بہبود سید زعیم حیدر، سیکرٹری عزاداری سیل صفدر حسین خان، قانونی مشیر فہیم جعفر سرائی، سیکرٹری شماریات علی رضا زیدی، سیکرٹری روابط سید ندیم عباس کاظمی اور صوبائی سیکرٹری اطلاعات ثقلین نقوی نے شرکت کی۔
اجلاس میں اضلاع کی تنظیم نو اور برسی شہید قائد علامہ عارف حسین الحسینی میں شرکت کے حوالے فیصلہ جات کیے گئے، اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ برسی شہید قائد کے موقع پر جنوبی پنجاب کے تمام اضلاع سے شرکت کرائی جائے گی، اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ محرم الحرام سے قبل عزاداروں کو درپیش مشکلات کے حل کے لیے کمیٹیاں تشکیل دی جائیں گی جو علاقائی سطح پر انتظامیہ سے ملاقات کے ذریعے ان مسائل کو حل کرائیں گی۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا 25اگست تک صوبے میں اضلاع کی تنظیم سازی کا مرحلہ مکمل کر لیا جائے گا اور محرم الحرام سے قبل صوبائی شوریٰ کا اجلاس منعقد کرایا جائے گا اور نامزد صوبائی کابینہ کی منظوری اور باقاعدہ تقریب حلف برداری منعقد ہوگی۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے علامہ اقتدار نقوی نے کہا کہ اُمید کرتے ہیں کہ اس سال بھی پی ٹی آئی ملک بھر میں عزاداروں کے ساتھ محرم الحرام میں تعاون کرے گی، حکومت اور انتظامیہ محرم الحرام سے قبل عزاداروں کو درپیش مشکلات کو حل کرنے میں اپنا کردار ادا کرے گی۔
اُنہوں نے وزیر ستان اور تربت میں سکیورٹی فورسزپر دہشت گردوں کے حملے کی سخت الفاظ میں مذمت کی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ دونوں دہشت گرد حملوں میں پاک فوج کے 10 جوانوں نے جام شہادت نوش کیا۔مادر وطن پر اپنی قیمتی جانیں قربان کرنے والے تمام شہداکو خراج تحسین پیش کرتے ہیں ۔
انہوں نے کہاکہ پاکستان کو اس وقت بارڈر کے اندر اور باہر دونوں جانب سے شدید خطرات کا سامناہے ۔ داعش کا منحوس سایہ ہماری سرحدوں پر منڈلارہا ہے ۔ پاکستان کے غیور عوام اپنے مسلح افواج کے شانہ بشانہ تمام خطرات کا مقابلہ کرنے کیلئے تیارہیں ۔ پاکستان کا دفاع مضبوط ہاتھوں میں ۔ بزدل دشمن پیچھے سے وار کرکے بہادری کے دعوے کرتا ہے ۔ بھارت اور این ڈی ایس پاکستان کو عدم استحکام سے دوچار کرنے کے درپہ ہیں ۔
وحدت نیوز(ملتان) مجلس وحدت مسلمین پاکستان جنوبی پنجاب کے سیکریٹری جنرل علامہ سید اقتدارحسین نقوی نے پہلے مرحلے میں ایم ڈبلیوایم جنوبی پنجاب کی 15 رکنی کابینہ کا اعلان کردیا ۔
صوبائی سیکرٹریٹ سے جاری اعلامیہ کے مطابق یا فث نوید ہاشمی، سلیم عباس صدیقی، اور اصغر تقی ڈپٹی سیکرٹری ، انجینئر مہر سخاوت علی سیکرٹری سیاسیات، صفدر عباس خان سیکرٹری عزاداری، ندیم عباس کاظمی سیکرٹری روابط، سید زعیم زیدی سیکرٹری خیر العمل، طاہر خورشید سیکرٹری تعلیم، اسد نوناری سیکرٹری فنانس، سید اجمل نقوی سیکرٹری شماریات ،فہیم جعفر لیگل ایڈوائزر، عابس رضا سیکرٹری تربیت، نیاز گل سیکرٹری میڈیا ،ثقلین نقوی سیکرٹری نشرواشاعت اور دل شیر خان سیکرٹری یوتھ کی ذمہ داریاں تفویض کی گئی ہیں ۔
وحدت نیوز(ملتان) مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے کہا ہے کہ شیعہ سنی پاکستان کے باوفا بیٹے ہیں، جو کبھی بھی ملک سے غداری اور بیوفائی نہیں کریں گے، پاکستان کو مستحکم کرنے کے لیے شیعہ سنی اتحاد اشد ضروری ہے، ان خیالات کا اظہار اُنہوں نے ملتان میں مجلس وحدت مسلمین کے زیراہتمام ''وحدت اسلامی کانفرنس'' سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ کانفرنس سے سابق وفاقی وزیر مذہبی صاحبزادہ حامد سعید کاظمی، مشیر وزیراعلیٰ پنجاب حاجی جاوید اختر انصاری، علامہ سید اقتدار حسین نقوی، سید اسد عباس نقوی، علامہ عبدالحق مجاہد، علامہ قاضی نادر حسین علوی، شفقت حسنین بھٹہ، خواجہ مدثر محمود، مہر مظہر جاوید سیال، رانا فراز نون، سلیم عباس صدیقی اور رائو عارف رضوی نے خطاب کیا جبکہ علامہ غلام مصطفیٰ انصاری، مخدوم حسن رضا مشہدی، علامہ ظفر حسین حقانی، مولانا طاہر عباس نقوی، مولانا سلطان نقوی، ثقلین نقوی، مہر سخاوت علی، پیر منظور حسین قادری، کاشف رضا زیدی، مولانا عسکری الہدایت، مولانا تقی دانش، قاری محمد افضل، مظہر عباس کات اور دیگر رہنما موجود تھے۔
علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کا مزید کہنا تھا کہ امریکہ، اسرائیل اور انڈیا پاکستان کے استحکام کے دشمن ہیں، اتحاد امت میں ہی پاکستان اور عالم اسلام کی بقا ہے، اگر ہم آپس میں لڑتے رہے تو دشمن اپنی سازشوں میں کامیاب ہو جائے گا، پاکستان میں اہل تشیع اور اہل سنت کو کمزور کیا گیا، کیونکہ وہ پاکستان کے حقیقی وارث تھے۔ اُنہوں نے کہا کہ تسلسل کے ساتھ ہمارے جوانوں کو غائب کیا جا رہا ہے، آج قوم کی مائیں بہنیں، بیٹیاں کراچی میں سڑکوں پر ہیں، اگر ہمیں انصاف نہ ملا تو راست اقدام اُٹھانے پر مجبور ہوجائیں گے۔ اُنہوں نے کہا کہ انڈیا پاکستان سے نفسیاتی جنگ ہار چکا ہے، اگر پاکستان امریکہ کے سامنے کھڑا ہوگیا تو اسے بھی شکست ہوگی، پاکستان میں قاتل اور مجرم پالے جاتے ہیں، ہماری مسلسل نسل کشی جاری ہے۔
وحدت نیوز(ملتان) سابق وفاقی وزیر مذہبی اُمور صاحبزادہ حامد سعید کاظمی نے کہا ہے کہ عالم اسلام کو اس وقت اتحاد کی ضرورت ہے، پاکستان میں اتحاد کی فضا کو عام کرنے میں مجلس وحدت مسلمین کا کردار قابل تعریف ہے، اس وقت پاکستان عالمی طاقتوں کی سازشوں کا مرکز بنا ہوا ہے، عالمی طاقتیں اپنے ایجنڈے کے ذریعے ملک کے حالات کو بگاڑ رہی ہیں، پاکستان میں امن و امان کی صورتحال کو بہتر بنانے کے لئے شیعہ سنی کردار قابل تعریف ہے، عالم اسلام میں پاکستان کا کردار اہم ہے۔ ان خیالات کا اظہار اُنہوں نے ملتان میں مجلس وحدت مسلمین کے زیراہتمام منعقدہ ''وحدت اسلامی کانفرنس'' سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ حامد سعید کاظمی کا مزید کہنا تھا کہ عالمی دہشت گردی کے پیچھے امریکہ اور اس کے حواری ہیں، پاکستان کو بنانے میں شیعہ سنی کردار مشترک ہے اور یہی مل کر پاکستان بچائیں گے، ملتان میں عزاداری اور میلاد کے جلوس امن اور اتحاد کی دعوت دیتے ہیں، شہر اولیاء نے ہمیشہ پورے پاکستان کو امن کا درس دیا ہے۔
وحدت نیوز(ملتان) مجلس وحدت مسلمین جنوبی پنجاب کے دو روزہ صوبائی کنونشن کا حیدریہ مسجد میں آغاز ہوگیا، کل انٹرا پارٹی الیکشن ہوں گے، نئے سیکرٹری جنرل کا انتخاب بھی ہوگا، کنونشن کے پہلے دن خطاب کرتے ہوئے ایم ڈبلیو ایم کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل سید ناصر عباس شیرازی نے کہا کہ مجلس وحدت مسلمین پاکستان میں اتحاد کی عملی مثال ہے، ہم نے اپنے عمل کے ذریعے پاکستان میں موجود کمزور طبقات کو مضبوط کیا ہے، اس وقت عالم اسلام کے متحد ہونے کی ضرورت ہے، اغیار ہمیں تقسیم کرکے حکومت کرنا چاہتا ہے، وزیراعظم پاکستان کا دورہ ایران مثبت رہا ہے، دورے سے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات مضبوط ہوں گے۔
ناصر عباس شیرازی نے مزید کہا کہ بدقسمتی سے کہنا پڑتا ہے کہ مسلمان ممالک اس وقت یہودیوں کے آلہ کار بنے ہوئے ہیں، امریکی اور اسرائیلی اشاروں پر ناچنے والے عیاش حکمران اسلامی تہذیب کو فراموش کرچکے ہیں، کنونشن سے صوبائی سیکرٹری جنرل علامہ اقتدار حسین نقوی، سلیم عباس صدیقی، مہر سخاوت علی، ثقلین نقوی، سفیر حسین شہانی، قیصر عباس ڈب، ساجد حسین گشکوری، محمد اصغر تقی اور دیگر رہنمائوں نے خطاب کیا۔ واضح رہے کہ مجلس وحدت مسلمین کے زیراہتمام وحدت اسلامی کانفرنس کل منعقد ہوگی، کانفرنس سے علامہ راجہ ناصر عباس جعفری، صاحبزادہ حامد سعید کاظمی، ملک عامر ڈوگر، رانا محمودالحسن، رائو عارف رضوی، ڈاکٹر صفدر اقبال ہاشمی سمیت دیگر رہنما خطاب کریں گے۔