وحدت نیوز(ڈی آئی خان) سید آغا شاہ کو مجلس وحدت مسلمین تحصیل پہاڑپورضلع ڈیرہ اسماعیل خان کا سیکرٹری جنرل منتخب کرلیا گیا ہے۔ پہاڑ پور میں ایم ڈبلیوایم خیبر پختونخوا کے سیکرٹری جنرل علامہ سید سبطین الحسینی کے زیر صدارت اجلاس منعقد ہوا، جس میں صوبائی مسئول ارشاد حسین بنگش، ضلع ڈیرہ اسماعیل خان کے سیکرٹری جنرل علامہ زاہد علی جعفری اور دیگر نے شرکت کی۔ اجلاس میں اتفاق رائے سے سید آغا شاہ کو تحصیل پہاڑ پور کا سیکرٹری جنرل منتخب کیا گیا۔ جس کے بعد صوبائی سیکرٹری جنرل علامہ سید سبطین الحسینی نے تنظیمی امور اور حالات حاضرہ پر گفتگو کی اور پھر سید آغا شاہ اور ان کی کابینہ سے حلف لیا۔
وحدت نیوز(پشاور) مجلس وحدت مسلمین خیبر پختونخوا کے آرگنائزرعلامہ سید سبطین حسینی نے بزرگ عالم دین علامہ سید بادشاہ حسین شیرازی کی وفات پر تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ مرحوم ملت تشیع بالخصوص کرم ایجنسی کے مومنین کا عظیم سرمایہ تھے، ان کی وفات سے پیدا ہونے والا خلاء عرصہ دراز تک پر نہیں ہوسکے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایم ڈبلیوایم خیبر پختونخوا کے آفس پشاو میں منعقدہ تعزیتی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر مرحوم کی مغفرت کیلئے فاتحہ خوانی بھی کی گئی۔ علامہ سبطین حسینی کا کہنا تھا کہ مرحوم علامہ سید بادشاہ حسین شیرازی نے قائد شہید علامہ سید عارف حسین الحسینی جیسے عظیم المرتبت شاگرد کی تربیت کی۔ آپ کی دین مبین اسلام کیلئے خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ علامہ سید بادشاہ شیرازی کا شمار ملک کے اتہائی جید علمائے کرام میں ہوتا تھا، آپ نے طویل عرصہ تک علمی لحاظ سے ملت کی خدمت کی۔