Print this page

پاراچنار، قبائل میں پولنگ اسٹیشنوں پر خواتین کیلئے خواتین عملہ ہی تعینات کیا جائے، ناصر شیرازی

08 جولائی 2018

وحدت نیوز (پاراچنار)  مجلس وحدت مسلمین کے رہنماؤں نے کہا ہے کہ پاراچنار سمیت قبائلی علاقوں میں پولنگ اسٹیشنوں پر خواتین کے لئے صرف خواتین عملہ ہی تعینات کیا جائے اور عوام انتخابی عمل کے دوران بھائی چارے اور امن کا مظاہرہ کریں۔ پاراچنار میں مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل مجلس وحدت مسلمین ناصر شیرازی، ذوالفقار علی، آصف رضا ایڈووکیٹ، شفیق طوری اور این اے 46 سے امیدوار شبیر ساجدی نے کہا کہ ملک بھر میں قیام امن کے لئے ایم ڈبلیو ایم کی خدمات کسی سے پوشیدہ نہیں اور ہمیں توقع ہے کہ پاراچنار سمیت پاکستان کے عوام وحدت کے امیدواروں کو ترجیح دیں گے۔

رہنماؤں کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن کی پالیسی کے مطابق پانچ سو ووٹرز کیلئے ایک پولنگ بوتھ رکھا گیا ہے، جبکہ این اے 46 میں ایک ہزار سے زائد ووٹرز کیلئے ایک پولنگ بوتھ قائم کیا جا رہا ہے، جس سے نہ صرف ووٹرز کا وقت ضائع ہوگا، بلکہ یہ اقدام ٹرن آؤٹ میں بھی کمی کا باعث بنے گا۔ مجلس وحدت مسلمین کے رہنماؤں کا کہنا تھا کہ پاراچنار کے قبائل انتخابی عمل کو سیاسی عمل سمجھ کر حصہ لیں، نہ کہ انتخابی عمل سے آپس کی دشمنیاں پیدا کریں۔ رہنماؤں نے کہا کہ امیدوار بھی مثبت سیاست کو فروغ دیں اور ایسے اقدامات اور تقاریر سے گریز کریں، جس سے عوام کے مابین دراڑیں پیدا ہوں۔ مجلسِ وحدت مسلمین کے رہنماؤں نے یہ بھی مطالبہ کیا کہ پولنگ اسٹیشنوں میں داخلی اور خارجی راستے الگ بنائے جائیں۔

مماثل خبریں

We use cookies to improve our website. Cookies used for the essential operation of this site have already been set. For more information visit our Cookie policy. I accept cookies from this site. Agree