Print this page

سیدناصرشیرازی کی سربراہی میں المجلس ڈیزاسٹرمینجمنٹ سیل کے قیام کا اعلان کردیا گیا

25 مارچ 2020

وحدت نیوز (اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان نے وطن عزیز کو درپیش کسی بھی قسم کی ہنگامی صورتحال، ناگہانی آفات اور غیر معمولی حالات سے نمٹنے کے لیے المجلس ڈیزاسٹر مینجمنٹ سیل کے قیام کا اعلان کیا ہے۔مذکورہ سیل مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل سید ناصر شیرازی کی سربراہی میں اپنی خدمات سر انجام دے گا۔اے ڈی ایم سی کے قیام کے اعلان کے بعد مجلس وحدت مسلمین کے سینکڑوں کارکنوں نے ملک بھر میں اپنی رضاکارانہ سرگرمیوں کا آغاز کر دیا ہے۔

سید ناصر شیرازی نے کہا ہے کہ کورونا وائرس جیسی وبا پر قابو پانے کے لیے اگر بروقت اقدامات نہ کیے گئے تو یہ ناقابل تلافی نقصان کا سبب بن سکتا ہے۔اس مرض کے ممکنہ پھیلاؤ کی روک تھام صرف حکومتی ذمہ داری نہیں بلکہ ہر شہری پر یہ فرض عائد ہوتا ہے کہ وہ اپنی استطاعت و اہلیت کے مطابق اپنے حصے کی ذمہ داری ادا کرے۔مجلس وحدت مسلمین نے ماضی میں بھی ہر مشکل گھڑی میں حکومت کے شانہ بشانہ خدمات سرانجام دیںہیں۔مجلس وحدت مسلمین کے ذیلی ادارے اے ڈی ایم سی کا قیام نہ صرف بروقت فیصلہ ہے بلکہ قومی مشکلات میں ایک مذہبی و سیاسی جماعت کے احساس ذمہ داری پر بھی دلالت کرتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ملک و قوم کو کورونا کی آفت سے نجات دلانے کی کوششوں میں ہمارا کردارانشا اللہ مثالی ہو گا۔اس سلسلے میں اپنے اہداف کا تعین اور مستقبل کا لائحہ عمل طے کیا جا چکا ہے اورکورونا وائرس کا مقابلہ کرنے کے لیے ہم میدان عمل میں موجود ہیں۔

We use cookies to improve our website. Cookies used for the essential operation of this site have already been set. For more information visit our Cookie policy. I accept cookies from this site. Agree