Print this page

ہمارے ملک میں مزدور آج بھی مشکل حالات سے نبرد آزما ہے،علامہ مقصودڈومکی

01 مئی 2020

وحدت نیوز (اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ترجمان مقصود علی ڈومکی نے کہا ہے کہ مزدور اللہ تعالی کا دوست ہے انبیاء کرام اور آئمہ ھدی نے رزق حلال کمانے کو عظیم ترین عبادت قرار دیتے ہوئے مزدور کی اہمیت اور عظمت کو بیان کیاہے۔ افسوس کہ ہمارے ملک میں مزدور آج بھی مشکل حالات سے نبرد آزما ہے۔ مزدور کی زحمت کا صلہ دینے کے ساتھ ساتھ اس کی قدر دانی بھی ضروری ہے۔ اس وقت مزدور کی ماہانہ اجرت ناکافی ہے جس سے مزدور کے گھر کے اخراجات پورے نہیں ہوتے نہ ہی وہ بچوں کو معیاری تعلیم دلا سکتا ہے۔انہوں نےکہا کہ حکومت مزدوروں کے لئے  ہر شہر میں لیبر کالونی کا اہتمام کرے۔ کم آمدنی اور بڑھتی مہنگائی کے باعث  مزدور گھر کا کرایہ کیسے ادا کرسکتا ہے حکومت مزدوروں کے لئے اپنا گھر اسکیم شروع کرکے انہیں گھر کا مالک بننے میں مدد کرے۔

انہوں نےکہا کہ لاک ڈاون کے باعث دھاڑی دار مزدور شدید مشکل صورتحال سے گذر رہا ہے مگر حکومت ان مشکلات کے حل کے لئے کوئی سنجیدہ اقدام نہیں کر رہی۔ موجودہ صورتحال کے پیش نظر حکومت مزدوروں کے لئے خصوصی پیکج کا اعلان کرے۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ پوری زندگی معاشرے کی خدمت کرنے والے مزدور کے لئے پینشن اور انشورنس کا بندوبست کیا جائے کیوں کہ بڑھاپے اور بیماری کی حالت میں مزدور لاوارث نظر آتا ہے حکومت ناگہانی حالات میں مزدور کی اولاد کی کفالت اور بڑھاپے اور بیماری میں سہارا بننے کی ذمہ داری پوری کرے۔

We use cookies to improve our website. Cookies used for the essential operation of this site have already been set. For more information visit our Cookie policy. I accept cookies from this site. Agree