Print this page

ماضی کی دشمن سیاسی جماعتیں اخلاقی قدروں کا جنازہ نکال کر آج ایک دوسرے کے گلے میں بانہیں ڈال کرگھوم رہی ہیں، ناصرشیرازی

02 دسمبر 2020

وحدت نیوز(اسلام آباد)مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل سید ناصر شیرازی نے گلگت بلتستان کے نومنتخب وزیر اعلی خالد خورشید کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ خطے کی ترقی میں وہ مثالی کردار ادا کریں گے۔انہوں نے کہا کہ ماضی کی حکومتوں نے اقتدار کا حصول عوام کی خدمت کی بجائے ذاتی مفاد حاصل کرنے کے لیے کیا۔ جوسیاسی جماعتیں ماضی میں ایک دوسرے کی حریف رہیں اور اقتدار کی کھینچا تانی میں اخلاقی قدروں کا جنازہ نکالا آج ایک دوسرے کے گلے میں بانہیں ڈال کرگھوم رہی ہیں۔ان کا مقصد عوام کو ایک بار پھر گمراہ کر کے اقتدار کے مزے لوٹنا ہے۔گلگت بلتستان کے عوام نے انہیں مسترد کر کے ثابت کیا کہ ان کا سیاسی شعور اب بلند ہے اور وہ شعبدوں بازوں کے جھانسے میں نہیں آئیں گے۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی حکومت نے گلگت بلتستان کے عوام کے لیے بہت سارے ترقیاتی منصوبے طے کر رکھے ہیں۔اگلے چند سالوں میں علاقے کی تقدیر بدل کر رہ جائے گی۔ وزیر اعلی خالد خورشید ایک مدبر, دوراندیش اور نوجوان سیاست دان ہیں۔انہیں علاقے کے عوام کی ضروریات زندگی اور مشکلات کا بخوبی احساس ہے۔ عوام کو ان سے کبھی مایوسی نہیں ہو گی۔

انہوں نے کہاکہ کورونا کے بڑھتے ہوئے کیسز تشویشناک صورتحال اختیار کر رہے ہیں۔ پی ڈی ایم میں شامل سیاسی جماعتیں اگر حقیقی معنوں میں عوام کی خیر خواہ ہوتیں تو وہ کورونا کے پیش نظر اپنے جلسے جلوس فور ی طور پر ملتوی کردیتیں اور عوام کی قیمتی جانوں کو یوں داؤ پر نہ لگایا جاتا لیکن ان اتحادی جماعتوں کو ہمیشہ عوامی زندگی سے زیادہ اقتدار عزیز رہا۔پوری دنیا میں ایس او پیز پر عمل کیا جا رہا ہے لیکن پی ڈی ایم کورونا کے خلاف حکومت کی ساری کوششوں کو تباہ کرنے پرتُلی ہوئی ہے ۔انہوں نے کہا کہ اگر ملک میں کورونا بے قابو ہو گیا تو اس کی ساری ذمہ داری ان اتحادی جماعتوں پر ہو گی جو ملک کے مختلف حصوں میں دھڑلے سے جلسوں میں مشغول ہے۔

We use cookies to improve our website. Cookies used for the essential operation of this site have already been set. For more information visit our Cookie policy. I accept cookies from this site. Agree