Print this page

ایم ڈبلیوایم ماہ رجب کو توسیع تنظیم کے طور پر منائے گی، مسجد محور یونٹ کے ذریعے مجلس کے کارکن مسجد سے اپنے تعلق کو مضبوط بنائیں گے،علامہ مقصودڈومکی

24 دسمبر 2022

وحدت نیوز(رحیم یارخان) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری تنظیم علامہ مقصود علی ڈومکی صوبہ پنجاب کے تین روزہ دورہ کے آخری روز رحیم یار خان پہنچے۔ رحیم یار خان میں ایم ڈبلیو ایم صوبہ جنوبی پنجاب کے صوبائی نائب صدر برادر اصغر تقی کی رہائش گاہ پر انہوں نے مستحق مومنین کے درمیان گرم کپڑے اور سوئیٹر تقسیم کئے۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ کسی بھی الہی تنظیم کے کارکنوں کے لئے تعلیم اور تربیت ضروری ہے۔ مجلس وحدت مسلمین نے ملک بھر میں کارکنوں کی تعلیم و تربیت کے لئے اسٹڈی سرکل کا منظم اور مربوط سلسلہ شروع کیا ہے۔ وہی قومیں ترقی کرتی ہیں جن میں مطالعہ کی عادت ہو مطالعہ اور کتاب سے تعلق انسانی فکر میں جدت اور قوت پیدا کرتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے شعبہ تنظیم سازی کی جانب سے یونٹس کے لئے جامع پروگرام مرتب کیا گیا ہے اور ہم ماہ رجب کو توسیع تنظیم کے طور پر منائیں گے۔ مسجد محور یونٹ کے ذریعے مجلس کے کارکن مسجد سے اپنے تعلق کو مضبوط بنائیں گے۔ مسجد سے تعلق کارکنوں کے کردار کی پاکیزگی اور روحانیت کا سبب بنے گا۔

اس موقع پر مجلس وحدت مسلمین ضلع رحیم یار خان کے ضلعی جنرل سیکرٹری نے ضلعی سطح پر درس قرآن کریم اور کارکنوں کی تعلیم و تربیت سے متعلق اپنی خدمات سے آگاہ کیا اور دینی تعلیم کی اہمیت اور کارکنوں کی لئے نصاب کی افادیت اور مراحل پر تبادلہ خیال کیا۔

We use cookies to improve our website. Cookies used for the essential operation of this site have already been set. For more information visit our Cookie policy. I accept cookies from this site. Agree