ایم ڈبلیوایم کی جانب سے ملک بھرمیں جلوس میلاد النبیؐ کا شاندار استقبال، 500سے زائد مقامات پر استقبالیہ کیمپس اور سبیلوں کا اہتمام

22 نومبر 2018

وحدت نیوز: ہفتہ وحدت بمناسبت ولادت باسعادت رسول ختمی مرتبت حضرت محمد مصطفیٰ ﷺ بفرمان امام خمینی ؒ اور علامہ راجہ ناصرعباس جعفری کی ہدایت پرمجلس وحدت مسلمین پاکستان کے زیر اہتمام ملک بھر میں عید میلادالنبی ﷺ کے جلوسوں کا پُرتپاک استقبال کیا گیا،درودوسلام اور لبیک یا رسول اللہ ﷺ کے نعرے ہر طرف فضا میں گونجتے رہے۔اتحاد بین المسلمین کے اس فقیدالمثال مظاہرےکو شیعہ سنی علماء کی طرف سے زبردست خراج تحسین پیش کیا گیا۔وفاقی دارالحکومت اسلام آباد سمیت چاروں صوبوں آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں ملت جعفریہ سے تعلق رکھنے والے افراد علمائے کرام اور عمائدین نے جشن عید میلاد النبی کے جلوسوں میں بھرپور شرکت کی۔ملک بھرمیں 500سے زائدمقامات پر استقبالیہ کیمپوں اور سبیلوں کا اہتمام کیا گیا۔

وزیر مملکت برائے داخلہ شہریارآفریدی نے مرکزی امام بارگاہ اثناءعشری جی سکس ٹو کے باہر مجلس وحدت مسلمین ضلع اسلام آباد کی جانب سے لگائے گئے استقبالیہ کیمپ برائے جلوس میلاد النبیؐ کا دورہ کیا اس  موقع پر ایم ڈبلیوایم کے رہنما ڈاکٹر یونس حیدری،مولانا علی شیر انصاری ، ظہیر الحسن کربلائی و دیگر نے انکا استقبال کیا اور انہیں پھولوں کے ہار پہنچائے ، اس موقع پر اہل سنت علمائے کرام بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔

کراچی میں نمائش چورنگی ،محمود آباد،بلدیہ ٹاؤن،انچولی،نیو کراچی،گلشن اقبال،گلستان جوہر ،ملیر جعفر طیار سوسائٹی،کھوکھراپار،لانڈھی ،کورنگی،بن قاسم ٹائون ،اسٹیل ٹاؤن سمیت مختلف علاقوںمیں مجلس وحدت مسلمین کے عہدیداران اور علمائے کرام نے جلوس ہائے میلاد مبار ک کے شرکاءکاوالہانہ استقبال کیا، ان پر گل پاشی ، مشروبات اور نیاز سے ان کی تواضع کی اور مٹھائیاں بھی تقسیم کی گئیں، جبکہ گلشن وقار بن قاسم ٹائون میں ایم ڈبلیوایم کی جانب سے جلوس میلاد النبیﷺ بھی نکالاگیا جس میں شیعہ سنی علمائے کرام نے خطاب کیا جبکہ تمام مسالک کےافراد نے بڑی تعدادمیں شرکت کی،مرکزی استقبالیہ کیمپ سولجر بازارمیں صوبائی سیکریٹریٹ کے باہر لگایا جہاں سیکریٹری جنرل کراچی ڈویژن علامہ صادق جعفری نے شرکائے جلوس میلاد کو خوش آمدید کہا، متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے سابق سربراہ ڈاکٹر فاروق ستار سمیت دیگر سیاسی وسماجی شخصیات نے ایم ڈبلیوایم کے استقبالیہ کیمپ کا خصوصی دورہ کیا اور ایم ڈبلیوایم کے رہنمائوں کے ہمراہ شرکائے جلوس کو سبیل پیش کی۔

مختلف مقامات پر استقبالیہ کیمپوں اور جلوسوں میں ایم ڈبلیوایم کے مرکزی رہنما علامہ سید احمد اقبال رضوی، ڈویژنل رہنما علامہ صادق جعفری، علامہ مبشر حسن، علامہ علی انور جعفری، علی حسین نقوی،ناصرحسینی، علامہ نشان حیدر، علامہ غلام محمد فاضلی، میر تقی ظفر، احسن عباس رضوی، عارف رضا زیدی سمیت دیگر رہنمائوں نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ ایک مرتبہ پھر شیعہ سنی مسلمانوں نے جشن میلاد النبیؐ مل کر مناکر دشمنان اسلام کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملادیاہے، نواسہ رسول ؐ امام حسین ؑ کا غم اور رسول خداؐ کی ولادت کا جشن امت مسلمہ کی مشترکہ میراث ہے، مملکت خداداد پاکستان کے حکمران اور سیاست دان اگر رسول کریم ﷺ کے اسوہ حسنہ پر عمل کریں تو ملک کو درپیش مشکلات اور دہشت گردی جیسے عفریت سے مکمل چھٹکارہ ممکن ہے ۔

رہنمائوںنے کہاکہ مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے سربراہ علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے پیغمبر اعظم ﷺ کی یوم ولادت کے مناسبت سے ملک بھر میں۱۲ تا۱۷ ربیع الاول تک ہفتہ وحدت منانے کا اعلان بھی کیا ہے جس کی پر نور محافلوں کا آغاز کر دیا گیاہے، سرورکائنات رحمت للعالمین کی ذات اقدس ہی مسلم امہ کے درمیان مرکزِوحدت ہے۔ عید میلادالنبی ﷺ کے جلوسوں میں جس اتحاد و یگانگت کے ساتھ شیعہ سنی عوام شریک ہوئے اس سے بخوبی اس بات کا انداز لگا یا جا سکتا ہے کہ پاکستان میں شیعہ سنی یک جان اور متحد ہیں،نفرت اور دہشت گردی پھیلانے والوں کا دونوں مکتب سے کوئی تعلق نہیں،ماہ ربیع الاول کے ان بابرکت ایام میں جس عملی وحدت کا مظاہرہ دیکھنےمیں آیا یہ اس بات کی واضح دلیل ہے کہ فرقہ پرستوں کو اپنے مذموم عزائم میں شکست ہوئی ہے،،دہشت گرد دراصل ملک میں فرقہ واریت کو ہوا دے کر مسلمانوں کو آپس میں دست و گریبان کرکے ملکی سالمیت کو نقصان پہنچانا چاہتے ہیں۔

جنوبی پنجاب بھر میں عید میلادالنبی کے موقع پر استقبالیہ کیمپ، چائے اور شربت کی سبیلوں کا اہتمام کیا گیا، ملتان میں مجلس وحدت مسلمین کی جانب سے سیکرٹری جنرل مرزا وجاہت علی کی زیر نگرانی قدیمی ومرکزی امام بارگاہ حسین آباد دولت گیٹ کے سامنے مرکزی استقبالیہ کیمپ کااہتمام، جس میں مجلس وحدت مسلمین جنوبی پنجاب کے سیکرٹری جنرل جناب علامہ اقتدار نقوی, سیکرٹری سیاسیات انجینئر مہر سخاوت علی , ندیم عباس نے شرکت اور خطاب کیا۔ استقبالیہ کیمپ میں مشیر وزیراعلی پنجاب MPA حاجی جاوید اختر انصاری، مخدوم مرید حسین قریشی اور ملک عدنان ڈوگر،سجادہ نشین بری امام سرکار مخدوم حسن رضا مشہدی سمیت مختلف سیاسی اور مذہبی رہنماں نے شرکت کی اور اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کے وحدت امت کے لیے ہمیشہ مجلس وحدت مسلمین نے اپنا بہترین کردار ادا کیا ہے جو لائق تحسین ہے۔

 اس موقع پر ایم ڈبلیو ایم جنوبی پنجاب کے سیکرٹری جنرل علامہ اقتدار حسین نقوی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ علامہ راجہ ناصر عباس جعفری اس وقت پاکستان میں شیعہ سنی وحدت کے حوالے سے بھرپور کردار ادا کررہے ہیں، ملک اس وقت کسی بھی خلفشار کا متحمل نہیں ہے، ہمیں اپنی صفوں سے ملک دشمن عناصر کو باہر کرنا ہوگا اسی میں ہم سب کی بھلائی ہے۔ وزیر اعلیٰ پنجاب کے مشیر جاوید اختر انصاری نے کہا کہ شیعہ سنی وحدت کے حوالے سے مجلس وحدت مسلمین کا کردار لائق تحسین ہے، گزشتہ کئی سالوں سے اس جماعت کی کوششوں کے ثمر آج نظر آرہے ہیں، تشیع کے علمائے اور عوام کی جانب سے میلاد کے جلوسوں کا استقبال لائق صداحترام ہے ، ایم ڈبلیو ایم کے اس اقدام پر ان کی قیادت اور مقامی ذمہ داران کو مبارکباد پیش کرتے ہیں۔ بہاولپور میں فرید گیٹ پر مجلس وحدت مسلمین کی جانب سے دیگر تنظیموں کے تعاون سے استقبالیہ کیمپ لگایا گیا، جس میں ایم ڈبلیو ایم بہاولپور کے سیکرٹری جنرل سید اظہر حسین نقوی سمیت دیگر رہنمائوں نے شرکت کی، اس موقع پر شہر بھر سے نکلنے والے جلوسوں کو خوش آمدید کہا گیا اور پھولوں کے ہار بھی پہنائے گئے، لیہ میں بھی مجلس وحدت مسلمین کی جانب سے عید میلادالنبی کے موقع پر استقبالیہ کیمپ لگایا گیا، کیمپ میں ایم ڈبلیو ایم کے مقامی قائدین ضلعی سیکرٹری جنرل ساجد حسین گشکوری، سید اجمل حسین شاہ سمیت دیگر رہنماموجود تھے۔ اس موقع پر جلوسوں کے قائدین پر پھول نچھاور کیے گئے اور ہار بھی پہنائے گئے، شرکائے جلوس کے لیے پانی کی سبیل کا اہتمام کیا گیا، ڈیرہ غازیخان اور جام پور میں بھی عید میلادالنبی کے موقع پر استقبالیہ کیمپ لگایا گیا، بھکر اور میانوالی میں بھی استقبالیہ کیمپ لگائے گئے،جنوبی پنجاب کے دیگر اضلاع کی طرح بہاولپور میں بھی عید میلادالنبی کے موقع پر دیگر ملی تنظیموں اور جماعتوں کے ساتھ مل کر فرید گیٹ پر استقبالیہ کیمپ لگایا گیا، استقبالیہ کیمپ میں ایم ڈبلیو ایم کے سیکرٹری جنرل سید اظہر حسین نقوی سمیت دیگر رہنما موجود رہے۔ بہاولپور سے جاری بیان کے مطابق12 تا 17 ربیع الاول ہفتہ وحدت کے سلسلے میں مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے پروگرام کے مطابق ملی جذبہ وحدت کے فروغ کے لیے لگائے گئے استقبالی کیمپ پر مومنین کی بھرپور شرکت کی اور عیدمیلادالنبی کے جلوسوں کا استقبال کیا گیا، پھول پہنائے گئے، پتیاں نچھاور کی گئیں اور گلے مل کر مبارکبادیں دی گئیں اور پانی کی سبیل بھی لگائی گئی، سید اظہر حسین نقوی کا کہنا تھا کہ الحمداللہ ہر سال مجلس وحدت مسلمین 12ربیع الاول کے موقع پر اپنے اہلسنت بھائیوں کو خوش آمدید کہنے کے لیے کیمپ لگاتی ہے، محبت کی یہی فضا قائم رکھیں گے۔ اس موقع پر اہلسنت علمائے کرام اور عمائدین نے مجلس وحدت مسلمین کی اس کاوش کوسراہا۔



اپنی رائے دیں



مجلس وحدت مسلمین پاکستان

مجلس وحدت مسلمین پاکستان ایک سیاسی و مذہبی جماعت ہے جسکا اولین مقصد دین کا احیاء اور مملکت خدادادِ پاکستان کی سالمیت اور استحکام کے لیے عملی کوشش کرنا ہے، اسلامی حکومت کے قیام کے لیے عملی جدوجہد، مختلف ادیان، مذاہب و مسالک کے مابین روابط اور ہم آہنگی کا فروغ، تعلیمات ِقرآن اور محمد وآل محمدعلیہم السلام کی روشنی میں امام حسین علیہ السلام کے ذکر و افکارکا فروغ اوراس کاتحفظ اورامر با لمعروف اور نہی عن المنکرکا احیاء ہمارا نصب العین ہے 


MWM Pakistan Flag

We use cookies to improve our website. Cookies used for the essential operation of this site have already been set. For more information visit our Cookie policy. I accept cookies from this site. Agree