وحدت نیوز (لاہور) لاہور ہائیکورٹ نے پنجاب میں مرحلہ وار بلدیاتی انتخابات کے شیڈول کی تبدیلی کیلئے مجلس وحدت مسلمین کی درخواست نمٹاتے ہوئے الیکشن کمیشن سے رجوع کرنے کی ہدایت کردی۔ جسٹس اعجازالاحسن کی عدالت میں مجلس وحدت مسلمین کے وکیل فدا حسین رانا نے موقف اختیار کیا کہ الیکشن کمیشن نے بلدیاتی انتخابات کے پہلے مرحلہ کا شیڈول بدنیتی کی بنیاد پر جاری کیا، محرم الحرام کے پیش نظر بلدیاتی انتخابات کے موقع پر امن و امان کے مسائل پیدا ہو سکتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اہل تشیع کی ایک بڑی تعداد بھی بلدیاتی انتخابات میں حصہ لینا چاہتی ہے لیکن محرم الحرام میں مذہبی رسومات کی ادائیگی کی وجہ سے وہ بلدیاتی انتخابات میں الیکشن مہم بہتر طور پر نہیں چلا سکیں گے۔ انہوں نے استدعا کی کہ بلدیاتی انتخابات محرم سے قبل یا بعد میں کرائے جانے کا حکم دیا جائے۔ عدالت نے ریمارکس دئیے کہ الیکشن کمیشن آزاد اور خود مختار ادارہ ہے۔ عدالت نے درخواست نمٹاتے ہوئے درخواستگزار کو الیکشن کمیشن سے رجوع کرنے کی ہدایت کر دی۔