وحدت نیوز (ملتان) مجلس وحدت مسلمین ملتان کے سیکرٹری جنرل علامہ قاضی نادر حسین علوی نے کہا ہے کہ سعودی عرب کی حکومت کا پہلے شام اور اب یمن کی عوام کو حج جیسے مقدس اور واجب عمل سے روکنا اُس کے کردار کو واضح کرتا ہے۔ ان خیالات کا اظہار اُنہوں نے ''اسلام ٹائمز'' کو دیئے گئے ایک خصوصی انٹرویو میں کیا۔ علامہ قاضی نادر علوی کا مزید کہنا تھا کہ گذشتہ چار سال سے شام کے شہریوں کے لئے حج کی اجازت نہیں جبکہ شام میں حکومت اور عوام کے خلاف لڑنے والے تکفیریوں اور خارجیوں کے لئے کوئی پابندی نہیں بلکہ اُن کی ہر قسم کی معاونت کی جا رہی ہے، جو کہ آل سعود حکومت کی اسلام دشمنی کا واضح ثبوت ہے، شام کے بعد یمن میں بھی یمنی قبائل اور عوام کے لئے حج ادا کرنے سے متعلق اقدامات قابل مذمت ہیں۔ جن مہینوں میں جنگ کرنا اسلام میں جائز نہیں ہے سعودی عرب انہی مہنیوں اور ایام میں بے گناہ یمنیوں پر آگ برسا رہا ہے، کوئی دن ایسا نہیں گزرا، جس دن سعودی لڑاکا طیاروں نے یمن کے عوام پر حملہ نہ کیا ہو۔