وحدت نیوز(اسلام آباد) سنی اتحاد کونسل کے زیراہتمام ڈی چوک پارلیمنٹ ہاؤس کے سامنے پاک فوج کی حمایت میں احتجاجی دھرنا دیا گیا، جس میں مجلس وحدت مسلمین راولپنڈی اسلام آبادکے رہنما علامہ ضیغم عباس ، علامہ علی شیر انصاری اور راحت کاظمی سمیت وائس آف شہداء کے ترجمان سید فیصل رضا عابدی نےخصوصی شرکت کی۔ اس کے علاوہ دھرنے میں سنی اتحاد کونسل کے سینکڑوں مرد و خواتین نے بھی شرکت کی اور پاک فوج کے ساتھ اظہار یکجہتی کیاجبکہ ایم ڈبلیوایم کے رہنما علامہ ضیغم عباس ، چیئرمین سنی اتحاد کونسل صاحبزادہ حامد رضااور فیصل رضا عابدی نے شرکاء سے خطاب کیا، اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے علامہ ضیغم عباس کا کہنا تھا کہ پوری قوم پاک فوج کے ساتھ کھڑی ہے، ملک کا دفاع فوج کی وجہ ہے، دشمن چاہتا ہے کہ پاک فوج کو متنازعہ بنایا جائے، لیکن بیس کروڑ عوام یہ سازش کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔ملت جعفریہ اہل سنت بھائیوں کے ہمراہ وطن عزیز کے دفاع میں پاک فوج کے شانہ بشانہ ہے، اس موقع پر پاکستان زندہ باد اور پاک فوج زندہ باد کے نعرے بھی بلند کیے گئے۔