Print this page

ابھی توامریکا سے حشد الشعبی، انصار اللہ یمن، حزب اللہ لبنان، عصائب اہلِ حق اور کتائب حزب اللہ کا انتقام بھی باقی ہے، علامہ عبدالخالق اسدی

09 جنوری 2020

وحدت نیوز(لاہور)مجلس وحدت پنجاب کے سیکرٹری جنرل علامہ عبد الخالق اسدی نے انجمن شہریان لاہور کے زیر اہتمام مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے عمائدین و تاجر انجمنوں کے صدور سے خطاب کرتے ہوئے شہید قاسم سلیمانی کو خراج عقیدت پیش کیا اور ہندوستان، اسرائیل اور امریکہ کی منحوس دہشتگردانہ مثلث کے دہشتگردانہ کردار پر روشنی ڈالی اور عالمی استکبار امریکہ کی حالیہ بربریت اور ایرانی جوابی کارروائی پر ہونیوالی امریکی خجالت سے شرکاء اجلاس کو آگاہ کیا۔

 اجلاس میں ایم ڈبلیو ایم پاکستان کے مرکزی سیکرٹری سیاسیات سید اسد عباس نقوی، انجمن شہریان لاہور کے صدر شفیق رضا قادری، لعل مہدی، فرمان علی، خرم نقوی، شعیب خان، علامہ حسن رضا ہمدانی، رائے ناصر علی، امیر عباس مرزا، عبداللہ ملک، محمودالحق، علامہ حسین نجفی، علامہ امجد جعفری، محمودالحسن سمیت مختلف مکاتب فکر کے رہنماوں نے شرکت کی۔

علامہ عبدالخالق نے کہا کہ امریکی صدر کی بیشتر گفتگو بے ربط تھی اور خود بوکھلاہٹ کا شکار تھے۔ اطلاعات کے مطابق پینٹا گون حکام نے صدر ٹرمپ کو ایران کے ساتھ ممکنہ جنگ کے نقصانات سے آگاہ کیا ہے جس کے بعد صدر ٹرمپ نے عقب نشینی کی ہے۔ ٹرمپ نفسیاتی جنگ بھی ہار چکا ہے، جب اس نے دیکھا کہ لاکھوں لوگوں نے قاسم سلیمانی کے جنازے میں شرکت کی ہے جس کو ہم دنیا کے سامنے دہشت گرد کہہ رہے ہیں۔

 انہوں نے کہا کہ دوسری جنگ عظیم کے بعد واحد ملک ایران ہے کہ جس نے براہ راست امریکی فوج پر حملہ کرکے اس حملے کی ذمہ داری قبول کی ہے اور امریکہ کے غرور کو خاک میں ملا دیا ہے، امریکہ شاید ہی کسی زمانے میں اتنا ناچار نظر آۓ کہ اپنے دسیوں فوجیوں کی میتوں کو بھی چھپاۓ اور جوابی کارروائی بھی نہ کر سکے اور پھر سے یاوہ گوئی کرے کہ میں ایران سے دوبارہ نئے مذاکرات چاہتا ہوں اور چاہتا ہوں کہ صلح ہو جائے۔

علامہ اسدی کا کہنا تھا کہ امریکیوں کیلئے امام خمینی نے بہت پہلے فرما دیا تھا کہ امریکہ کی مثال اُس کُتے کی طرح ہے، جس سے ڈر کے بھاگو تو وہ تمہارے پیچھے لگ جائے گا اور اگر اس کے سامنے کھڑے ہو جاؤ تو وہ دُم دبا کر بھاگ جاۓ گا، ابھی تو حشد الشعبی، انصار اللہ یمن، حزب اللہ لبنان، عصائب اہلِ حق اور کتائب حزب اللہ تم سے اپنے سردار کا جلد انتقام لیں گے، ایران نے صرف راستہ کھولا ہے بلکہ بہت جلد مقاومتی گروہ امریکی فوجیوں کے تابوت بھیجنا شروع کر دیں گے۔

انہوں نے کہا کہ خطے کے عرب ممالک اپنے تیل کی عالمی منڈی کی ترسیل منقطع ہو جانے کی وجہ سے خاموش ہیں کہ کہیں ایران بحیرہ ہرمز کو بند کرکے قطر اور دبئی کے تیل کی سپلائی بند نہ کر دے اور انصار اللہ یمن باب المندب کو بند کر کے سعودی عرب کے تیل کے سپلائی بند نہ کر دیں۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ کا ایک اتحادی ملک بھی خطے میں کھل کر اس کیساتھ نہیں، یہیں سے ٹرمپ کی ناکام پالیسی کا اندازہ لگایا جا سکتا ہے اور امریکہ کی سفارتی شکست کو پرکھا جا سکتا ہے۔

مماثل خبریں

We use cookies to improve our website. Cookies used for the essential operation of this site have already been set. For more information visit our Cookie policy. I accept cookies from this site. Agree