Print this page

کورونا کی آڑ میں عزاداری پرکسی قسم کی پابندیاں قبول نہیں کریں گے، علامہ عبدالخالق اسدی

02 جون 2020

وحدت نیوز(لاہور) مجلس وحدت مسلمین پنجاب کے سیکرٹری جنرل علامہ عبدالخالق اسدی نے وحدت سیکرٹریٹ لاہور میں نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے جھنگ میں عزاداروں کی گرفتاریوں کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ صوبے میں کورونا وائرس کی آڑ میں عزاداری کو محدود کرنے کی سازشوں کو کسی صورت بھی کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ جھنگ میں قدیمی مجلس و جلوس عزاء پر پولیس گردی ریاستی دہشتگردی کے مترادف ہے، ڈی پی او جھنگ اس شرمناک واقعہ کا ذمہ دار ہے، حکومت فوری نوٹس لے اور ڈی پی او جھنگ کو معطل کرکے انکوائری کروائی جائے۔ علامہ عبدالخالق اسدی نے کہا کہ پنجاب میں شیعیان حیدر کرار کو دیوار سے لگانے کی منظم سازش کی جا رہی ہے، جس کا سدباب نہ کیا گیا تو اس کیخلاف ہر آئینی و قانونی اقدامات کرنا ہمارا حق ہے۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب پولیس کو ریاست کے اندر ریاست بنانے کی اجازت نہیں دینگے، وفاق اور صوبائی حکومت کی ایس او پیز کی پابندی کا اطلاق عوام کیساتھ ساتھ انظامیہ پر بھی ہے۔ علامہ اسدی نے کہا کہ ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ یوم علی علیہ السلام پر عزاداروں کیخلاف بنائے گئے بوگس مقدمات حکومت فوری واپس لے، محرم الحرام میں کسی بھی قسم کی مداخلت کرنے کی کوشش کی گئی تو ہم اسے کسی صورت برداشت نہیں کرینگے۔ انہوں نے کہا کہ لاک ڈاؤن کے خاتمے کا اعلان ہونے کے باوجود پولیس کی جانب سے عبادت گاہوں پر سختیاں یہ ایک منظم سازش کا حصہ ہے، اسے کسی بھی صورت قبول نہیں کرینگے۔ علامہ عبدالخالق اسدی نے مزید کہا کہ محرم الحرام سے قبل پنجاب کی سطح پر بھرپور عزاداری کانفرنس کا انعقاد کرینگے اور اس میں عزاداری میں رکاوٹ اور عزاداروں کو ہراساں کرنیوالوں کیخلاف لائحہ عمل کا اعلان کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ کورونا وبا کے متاثرین کا کوئی پرسان حال نہیں، عوام کو ریلیف دینے کے بجائے حکومت مشکلات میں اضافے کا سبب بن رہی ہے، کورونا اور ٹڈی دل کے حملوں کے سبب پنجاب میں تباہی کا سماں ہے، حکومت زبانی جمع خرچ کے علاوہ عملی اقدامات کرے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب بھر کے کسانوں کو فوری ریلیف کے حکومتی اعلانات کا نہ ہونا افسوسناک ہے، پیرا میڈیکل اور ڈاکٹرز کو سہولیات کی فراہمی میں کوتاہیاں اس پر آشوب دور میں ایک نیا المیہ جنم لے سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم پیرا میڈیکل اور ڈاکٹرز کو سلام پیش کرتے ہیں جو کورونا وائرس کیخلاف فرنٹ لائن جہاد میں مصروف ہیں، ہمیں اپنے ان عظیم بیٹوں اور بیٹیوں پر فخر ہے، دعا ہے کہ رب العزت ان کی محافظت فرمائے اور انسانیت کی بقا کی اس جنگ میں انہیں کامیابی عطا کرے۔

مماثل خبریں

We use cookies to improve our website. Cookies used for the essential operation of this site have already been set. For more information visit our Cookie policy. I accept cookies from this site. Agree