وحدت نیوز(راولپنڈی) سانحہ عاشور راولپنڈی کے دوران لوٹ مار کی غرض سے جلوس میں داخل ہونے والے اشتہاری ملزم ظاہر شاہ کو مانسہرہ پولیس ہیڈکوارٹر کے ڈی ایس پی ذوالفقار خان جدون نے بھاری نفری کے ہمراہ چھاپہ مار کر گرفتار کر لیا ہے۔تفصیلات کے مطابق دس محرم سانحہ عاشور میں افراتفری کے دوران آزاد کشمیر سے تعلق رکھنے والا ظاہر شاہ نامی ایک شخص ہجوم میں گھس کر لوٹ مار میں مصروف ہو گیا ۔بعد ازاں پولیس نے اسے گرفتار کر لیا۔دوران حراست اس نے خود کو مکتب تشیع کا ایک فرد ظاہر کرتے ہوئے ضمانت کے لیے مدد کی درخواست کی۔مسلکی وابستگی کے تحت راولپنڈی کے ایک رہائشی نے اس کی ضمانت دے دی تاہم بعد میں یہ انکشاف ہو ا ہے کہ اس شخص کا تعلق مکتب تشیع سے نہیں تھا بلکہ لوٹ مار کرنے والے ایک گروہ سے تھا۔ ضمانت کے بعد یہ شخص روپوش ہو گیا۔عدالت کی طرف سے اشتہاری قرار دیے جانے کے بعد اس کی تلاش میں راولپنڈی پولیس نے متعدد بار آزادکشمیر کا بھی دورہ کیا ۔گزشتہ روز مانسہرہ پولیس کو یہ اطلاع ملی کہ پنجاب پولیس کو مطلوب یہ شخص نوگزی کے علاقے میں چھپا ہوا ہے۔ مانسہرہ پولیس کے اعلی پولیس افسر ذوالفقار خان جدون نے فوری نفری تیار کر کے اس جگہ کا محاصرہ کیا اور ظاہر شاہ کو گرفتار کر لیا۔ مجلس وحدت مسلمین ضلع راولپنڈی کے سرپرست سید علی اکبر کاظمی نے ڈی ایس پی ذوالفقار جدون اور پولیس کے دیگر اہلکاروں کی تعریف کرتے ہوئے کہا ہے اس کامیابی کو فرض شناسی اور اعلیٰ کارکردگی کا ثبوت قرار دیا ہے۔