وحدت نیوز(لاہور) مجلس وحدت مسلمین پنجاب کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل سید اسد عباس نقوی کی قیادت میں مجلس وحدت مسلمین کے رہنماوں و کارکنان کی سول سوسائٹی کے زیراہتمام امن ریلی میں شرکت۔ ریلی کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے سید اسد عباس نقوی کا کہنا تھا کہ طالبان دہشت گردوں کی سوچ کو ہم مملکت خداداد پاکستان پر نافذ نہیں ہونے دینگے پاکستان میں انتہا پسندوں اور قتل و غارت گری کرنے والوں کے لئے کوئی جگہ نہیں، مذاکرات کا ڈھونگ رچا کر دہشت گردوں کو ہم پر مسلط کرنے کی کوشش کی ہو رہی ہے لیکن اب پاکستان میں سول سوسائٹی اور محب وطن عوام بیدار ہیں ہم ان دہشت گردوں اور ان کے حامیوں کو دنیا بھر میں رسوا کر کے دم لیں گے۔ سید اسد عباس نقوی کا کہنا تھا کہ پاکستان کے سول سوسائٹی نے دہشت گردوں کے خلاف جو بیداری مہم شروع کی ہے مجلس وحدت مسلمین انشااللہ ہر اول دستہ ثابت ہو گی۔
انہوں نے کہا کہ طالبانی شریعت دراصل شیطانی شریعت ہے جس میں معصوم لوگوں کا قتل عام اور مسلمانوں کے گلے کاٹے جاتے ہوں ایسی شریعت کا اسلام سے کوئی تعلق نہیں۔ اُن کا مزید کہنا تھا کہ شہدائے پاکستان کے ورثا اپنے پیاروں کے لہو کا سودا کرنے کی کسی کو اجازت نہیں دینگے، مذاکرات کے حامی طاقتیں دراصل طالبان کے سلیپر سیلز ہیں جو در پردہ پاکستان کی سالمیت پر وار کرنے میں مصروف ہیں ان کا مقصد خوارج کے ہاتھوں پاکستان کو یرغمال بنانا ہے۔ امن ریلی میں نامور صحافی امتیاز عالم نے بھی شرکت کی اور انہوں نے پاکستان میں دہشت گردوں کیخلاف حکومتی اقدامات کو مایوس کن قرار دیتے ہوئے دہشت گردوں سے مذاکرات کو مسترد کر دیا۔