وحدت نیوز (اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین اسلام آباد نے کوئٹہ میں جاری ٹارگٹ کلنگ اور برما میں مسلمانوں پر ہونے والے ظلم و بربریت کے خلاف اسلام آباد پریس کلب کے سامنے ایک مظاہرہ کیا۔شرکا سے خطاب کرتے ہوئے ایم ڈبلیو ایم اسلام آباد کے جنرل سیکریٹری انجینئر ظہیر نقوی نے کہا کہ حکومت اگر دہشت گردی کے خاتمے میں سنجیدہ ہے تو پھر بلوچستان میں کالعدم تنظیموں کے ٹھکانوں پر بھرپور آپریشن کرے۔دہشت گردی کے یہ مراکز پاکستان کی سالمیت و بقا کے خلاف سخت خطرہ ہیں۔ ضرب عضب کا دائرہ کارکو پھیلا کر ملک کے ہر اس کونے تک وسعت دی جائے جہاں جہاں دہشت گردوں کی پناہ گاہیں ہیں۔
انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں کے سہولت کار ان گھناونی سرگرمیوں میں معاون کا کردار ادا کر رہے ہیں۔ جب تک انہیں تختہ دار پر نہیں لٹکایا جاتا تب تک ملک میں امن کا قیام ممکن نہیں۔ظہیر نقوی نے کہا کہ برما میں بے گناہ مسلمانوں کو بے دردی کے ساتھ شہید کیا جا رہا ہے۔جو مسلمان بچ گئے ہیں وہ بھی ظلم سے محفوظ نہیں ہیں۔اس صورتحال میں پاکستان سمیت تمام مسلم ممالک کو روہنگیا کے مسلمانوں کے حق میں عالمی سطح پر آواز بلند کرنے کی ضرورت ہے۔مظاہرہ میں ایم ڈبلیو ایم کے مرکزی رہنما ملک اقرار حسین، ڈپٹی مسؤل مرکزی آفس ارشاد حسین بنگش,مدثر کاظمی سمیت بیشتر کارکنان اور عہدیدران نے شرکت کی۔