وحدت نیوز (لاہور) مجلس وحدت مسلمین پنجاب کے صوبائی جنرل سیکریٹری علامہ عبد الخالق اسدی نے ایم ڈبلیو ایم کے صوبائی سیکریٹری سیاسیات اخلاق الحسن بخاری اور چنیوٹ کے رہنما سید عاشق حسین بخاری کی گرفتاری کو بلاجواز قرار دیتے ہوئے کہا کہ پنجاب حکومت اپنی روایتی ہتھکنڈوں پر اتر آئی ہے۔ حکومت مکتب تشیع کے خلاف اس طرح کی یکطرفہ کاروائیاں کر کے یہاں کے پُرامن حالات کو خراب کرنا چاہتی ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم پُر امن اور ذمہ دار شہری ہیں ہم نے اپنے کردار سے ہمیشہ محب وطن ہونے کا عملی ثبوت دیاہے۔ہمیں اس حب الوطنی کی سزا نہ دی جائے۔ نیشنل ایکشن پلان کی آڑ میں ہمارے خلاف کی جانے والے کاروائیوں کے پس پردہ سیاسی و انتقامی مقاصد کارفرما ہیں۔ پنجاب میں ہمارے بے قصورافراد کی پکڑ دھکڑ کا سلسلہ فورا بند کیا جائے۔انہوں نے پنجاب حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ ہمارے بے گناہ افراد کو فوری رہا کر کے ان پر بے بنیاد مقدمات خارج کیے جائیں۔