Print this page

دین مقدس اسلام ، پیغام دین اور نظام امامت و ولایت کا دفاع ، اسوہ فاطمی کا اہم ترین پیغام ہے، علامہ مقصودڈومکی

12 مارچ 2018

وحدت نیوز(جیکب آباد) بسلسلہ میلاد با سعادت سیدہ فاطمۃ الزہراء ؑ رضا آباد میں ’’سیدۃ النساء العالمینؑ کانفرنس ‘‘منعقد ہوئی۔ کانفرنس کے اختتام پر شجرکاری مہم کے سلسلے میں خصوصی پروگرام منعقد ہوا۔اس موقع پرکانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مجلس وحدت مسلمین صوبہ سندہ کے سیکریٹری جنرل علامہ مقصودعلی ڈومکی نے کہا ہے کہ سیدۃ النساء العالمین حضرت صدیقہ کبریٰ ؑ کی حیات طیبہ عالم انسانیت خصوصا صنف نسواں کے لئے اسوہ اور قابل تقلید نمونہ عمل ہے۔ دین مقدس اسلام ، پیغام دین اور نظام امامت و ولایت کا دفاع ، اسوہ فاطمی کا اہم ترین پیغام ہے۔ مسجد نبوی ﷺ میں آپ ؑ کا خطبہ دین شناسی کا جامع نصاب ہے، جو آپ ؑ کے علم و عرفان کی عظمت کا بین ثبوت ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ عصر حاضر میں مغربی تہذیب نے صنف نسواں کی عزت و عظمت انسانی کو تاراج کرتے ہوئے حیاء اور عفت جیسے انسانی کمالات کو پامال کیا ہے، مسلم خواتین مغربی سراب کی اندھی تقلید کی بجائے سیدہ طاہرہ فاطمہ زہراء ؑ کے نقش قدم پہ چلیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں یمن کے مظلوم مسلمانوں پر جاری بمباری پر شدید تشویش ہے، آل سعود کے اقدامات اسلام دشمنی پر مبنی ہیں۔ حجاز مقدس میں ایک عالم دین کو حق گوئی کے جرم میں دوران خطبہ ذلت و رسوائی کے ساتھ گرفتار کیا جاتا ہے۔

اس موقع پر’’ سیدۃ النساء العالمین کانفرنس ‘‘سے علامہ سہیل اکبر شیرازی، مولانا ارشاد علی سولنگی، برادر فخرالدین انڑ اور سید شبیر علی شاہ نے خطاب کیا۔ کانفرنس کے اختتام پر شجرکاری کی گئی۔ شجرکاری مہم میں مجلس وحدت مسلمین صوبہ سندہ کے سیکریٹری جنرل علامہ مقصودعلی ڈومکی، ضلعی سیکریٹری سیاسیات برادر فضل حسین ، مولانا حسن رضا غدیری،مولانا منور حسین سولنگی و دیگر شریک ہوئے۔ اس موقعہ پر المصطفیٰ اسکاؤٹس کے جوانوں نے بھی شجرکاری مہم میں حصہ لیا۔

مماثل خبریں

We use cookies to improve our website. Cookies used for the essential operation of this site have already been set. For more information visit our Cookie policy. I accept cookies from this site. Agree