Print this page

سندھ حکومت جعفرطیار سوسائٹی کے متاثرہ مکینوں کوگھروں کی تعمیر نو کیلئےمالی امدادفراہم کرے، علامہ صادق جعفری

25 اپریل 2018

وحدت نیوز (کراچی)  سندھ حکومت اور پیپلز پارٹی کی اعلیٰ قیادت جعفرطیار سوسائٹی کے عوام کو فوری ریلیف فراہم کرے،متاثرہ مکینوں کو گھروں کی تعمیر نو کیلئےمالی امدادفراہم کی جائے، تجاوزات کے خلاف آپریشن کے نام پر مکینوں کو شدید مالی نقصان کا سامنا ہے، ناجائز کے ساتھ جائز املاک کو نقصان پہنچنے کی درجنوں شکایات ہمیں موصول ہوئی ہیں، ان خیالات کا اظہار مجلس وحدت مسلمین کراچی ڈویژن کے سیکریٹری جنرل علامہ صادق جعفری نے جعفرطیارسوسائٹی کے مکینوں کے وفدسے وحدت ہائوس میں ملاقات کے دوران گفتگوکرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ مجلس وحدت مسلمین آئین اور قانون کی بالا دستی پر کامل یقین رکھتی ہے، چیف جسٹس آف پاکستان مسٹر جسٹس ثاقب نثار کے حکم پرغیر قانونی تجاوزات کے خلاف آپریشن کی مکمل حمایت کرتے ہیں، کراچی شہر کے رفاحی پلاٹس اور پارکس چائنا کٹنگ کے نام پر ہڑپ کرلیئے گئے،جنہیں واگزار کروانا اعلیٰ عدلیہ کا بہترین کارنامہ ہے، لیکن حالیہ دنوں سندھ حکومت کی ایماءپر سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی اور کے ڈی اے کے مشترکہ آپریشن کے تحت جعفرطیار سوسائٹی ملیر میں مکینوں کی جائز ناجائز املاک کو منہدم کیا گیا ، اس حوالے سے متعدد مکینوں نے ایم ڈبلیوایم سے مختلف سطح پر رابطہ کیا ہے اور اپنی جائز املاک سمیت، بجلی اور گیس کے میٹرز کے نقصانات سے بھی آگاہ کیا ہے، مکینوں کی شکایت ہے کہ متعلقہ اداروں نے بغیر کسی اعلامیئےکے بھاری مشینری سے ہمارے گھروں کا منہد کیا ہے جس سے گھروں کی بنیادوں سمیت بالائی منزلیں بھی شدید متاثرہوئی ہیں ۔

علامہ صادق جعفری نے سندھ حکومت بالخصوص پاکستان پیپلز پارٹی کی اعلیٰ قیادت آصف علی زرداری، بلاول بھٹو اور وزیر اعلیٰ سندھ سے مطالبہ کیا ہےکہ فوری طور پر جعفرطیار سوسائٹی کا دورہ کرکے عوام کو درپیش مشکلات کے ازالے کیلئےفوری ٹھوس اقدامات کیئے جائیں، پریشان حال کمینوں کی مالی امدادکی جائے،کے الیکٹرک اور سوئی سدرن گیس کمپنی جعفرطیار سوسائٹی کے متاثرین کو بلامعاوضہ نئے میٹرز فراہم کرے، انہو ں نے سندھ حکومت سے یہ بھی مطالبہ کیاکہ جن ترقیاتی منصبوبہ جات کی خاطر جعفرطیار سوسائٹی میں تجاوزات کے خلاف اقدامات کیئے گئے اور عوام کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہاہے انہیں جلد از جلد پایہ تکمیل تک پہنچایاجائے تاکہ عوام سکھ کا سانس لےسکیں ۔

مماثل خبریں

We use cookies to improve our website. Cookies used for the essential operation of this site have already been set. For more information visit our Cookie policy. I accept cookies from this site. Agree