وحدت نیوز (کراچی) مجلس وحدت مسلمین صوبہ سندھ کے سیکریٹری جنرل علامہ سید باقرعباس زیدی نے کہا ہے کہ جامعہ فاروقیہ کے پرنسپل مولا ناڈاکٹرعادل خان پر قاتلانہ حملہ پاکستان کو غیر مستحکم کرنے کی عالمی سازش کا شاخسانہ ہے۔مولا ناعادل خان پر قاتلانہ حملہ شہر کا امن تباہ کرنے کی سازش ہے۔
علامہ باقرعباس زیدی نےجامعہ فاروقیہ کے پرنسپل اور معروف دیوبند عالم دین مولاناسلیم اللہ خان کے فرزند مولانا ڈاکٹرعادل خان کے بہیمانہ قتل کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اس واقعے کو شہر کا امن تباہ کرنے کی ملک دشمن قوتوں کی سازش قرار دیا۔ انہوں نے کہاکہ سندھ حکومت واقع میں ملوث دہشتگردوں کو فوری گرفتار کرے۔
علامہ باقرعباس زیدی نے کہاکہ مولانا عادل خان کےاس افسوسناک سانحے پر اہل خانہ سے تعزیت کا اظہار کرتے ہیں ، سندھ حکومت قاتلوں کی فوری گرفتاری کو یقینی بنائےاور اس سازش کو بے نقاب کرے۔