وحدت نیوز(کراچی) پاکستان عوامی تحریک کے تحت سانحہ ماڈل ٹاؤن میں14افراد کی شہادت کو سات سال مکمل ہونے پر اور اب تک انصاف نہ ملنے کے خلاف شاہین کمپلیکس سے سندھ اسمبلی تک احتجاج کیا گیا جس میں مجلس وحدت مسلمین کراچی ڈویژن کے سیکرٹری جنرل علامہ صادق جعفری اور صوبائی رہنما ناصر حسینی نے شرکت کی۔
اس موقع پرمولانا صادق جعفری نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج سانحہ ماڈل ٹاؤن کو سات سال کا عرصہ گزر گیا لیکن انصاف نہیں ملا اعلی عدلیہ اور قانون نافذ کرنے والے ادارے بتائیں ان شہیدوں کے لواحقین کو کب انصاف ملے گا؟ عمران خان حکومت میں نہیں تھے تب وہ اپنے تقریروں میں انصاف کی باتیں کرتے تھے اب یہ ملک کے وزیراعظم ہیں تو اپنے وعدے بھول گئے۔
انہوں نے مزید کہا کہ عمران خان ہوش کے ناخن لیتے ہوئے سانحہ ماڈل ٹاؤن کے شہداء کے ساتھ انصاف کریں ورنہ اللہ کی لاٹھی بے آواز ہے۔ مجلس وحدت مسلمین سانحہ ماڈل ٹاؤن سے لے کراب تک تحریک منہاج القرآن اور پاکستان عوامی تحریک کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑی ہے۔