وحدت نیوز(کراچی) وفاقی وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی اور ایم کیو ایم پاکستان کے سینئر رہنما سید امین الحق کی سربراہی میں وفد نے مجلس وحدت مسلمین کے رہنما سید علی حسین نقوی سے ملاقات کی اور ایم کیو ایم کی جانب سے ہونے والی آل پارٹیز کانفرنس کا دعوت نامہ پیش کیا۔ تفصیلات کے مطابق ایم کیو ایم وفد میں سابق صوبائی وزیر عبدالحسیب سمیت دیگر رہنما جبکہ ایم ڈبلیو ایم وفد میں علامہ مبشر حسن، علامہ صادق جعفری، میثم عابدی، ناصرالحسینی اور میر تقی ظفر سمیت دیگر شامل تھے۔
وحدت ہاؤس کراچی میں ہونیوالی ملاقات کے دونوں جماعتوں کے رہنماؤں نے کراچی میں بڑھتی ہوئی مایوسی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہر دور میں اہلیان کراچی کے ساتھ زیادتی روا رکھی گئی ہے، یہاں کے پڑھے لکھے نوجوانوں بیروزگار ہیں لیکن ان کے حق پر کوٹہ سسٹم کے نام پر ڈاکہ ڈالا جارہا ہے، صوبائی اور وفاقی حکومت نے اپنے سیاسی کھیل کی آڑ میں کراچی کو تباہ کردیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ مردم شماری میں اعداد و شمار کی ہیرپھیر، کراچی کے وسائل کی لوٹ مار، شہر کے نوجوانوں کو بیروزگار رکھنے سمیت دیگر مسائل نے شہر کو دنیا کا سب سے بڑا گاؤں بنا دیا ہے، پڑھے لکھے نوجوانو بیروزگاری سے تنگ آکر خودکشی کررہے ہیں، سڑکیں تباہ حال، تعلیم اور صحت کی حالت بھی ناگفتہ بہ ہے۔
رہنماؤں نے مزید کہا کہ کراچی پورے ملک کا ستر فیصد ٹیکس ادا کررہا ہے، اس حساب سے یہاں کی سڑکیں اور ہر محلے کی گلیاں تک پکی ہونی چاہیئے تھیں، پانی کی کوئی کمی نہیں ہونی چاہیئے تھی، بجلی چوبیس گھنٹے دستیاب ہونی چاہیئے تھی، سرکاری اسکولوں کی حالت بہترین ہونی چاہیئے تھی۔ مگر افسوس کہ یہاں سب الٹا ہورہا ہے، جو جتنا ٹیکس دے رہا ہے وہ اتنا ہی رسوا ہورہا ہے، عوام کے ٹیکس پر پلنے والی حکومت کو عوام کی اور کراچی کی ترقی سے کوئی سروکار نہیں۔