Print this page

رمضان کے مبارک مہینے میں بھی منافع خور عوام پر مہنگائی کا قہر برسانے میں مصروف ہیں، علامہ مبشر حسن

26 مارچ 2023

وحدت نیوز(کراچی)مجلس وحدت مسلمین پاکستان کراچی ڈویژن کے سیکریٹری سیاسیات علامہ مبشر حسن نے کہا ہے کہ رمضان کے مبارک مہینے میں بھی منافع خور عوام پر مہنگائی کا قہر برسانے میں مصروف ہیں اور حکومت سندھ کا پرائس کنٹرول کا محکمہ مجرمانہ خاموشی اختیار کئے ہوئے ہیں، سندھ حکومت مہنگائی کو کنٹرول کرنے میں مکمل ناکام ہوگئی ہے، مہنگائی کے باعث غریب عوام کا جینا دوبھر ہوگیا ہے، انتہائی افسوس کی بات ہے کہ پیپلز پارٹی کے حکمران خود نہ تو مہنگائی پر قابو پاسکے ہیں اور نہ ہی عوام کو سہولتیں فراہم کررہے ہیں، رمضان کی آمد کے ساتھ ہی ذخیرہ اندوز و منافع خور عوام کو دونوں ہاتھوں سے لوٹ رہے ہیں اور پرائس کنٹرول کمیٹیاں سندھ میں غیر فعال نظر آرہی ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سیاسی کونسل کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

علامہ مبشر حسن کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت کا محکمہ پرائس کنٹرول شہر قائد میں مافیا کو لگام دینے میں بری طرح ناکام ہے، اشیائے خوردونوش کی بڑھتی ہوئی خودساختہ قیمتوں پر سندھ حکومت کی خاموشی سے واضح ہورہا ہے کہ کراچی کی عوام کا خون چوسنے میں یہ برابر کے شریک ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ اراکین اسمبلی اور بیوروکریسی کے افراد شاہانہ زندگی گزار رہے ہیں مگر بڑھتی مہنگائی اور غربت کی بدولت عوام کیلئے جسم و روح کا رشتہ قائم رکھنا محال ہوگیا ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ حکومت نے اپنی روش نہ بدلی اور مہنگائی اور بےلگام مافیاز پر قابو نہ پایا تو وہ دن دور نہیں جب غریبوں کا ہاتھ حکمرانوں کے گریبانوں پر ہوگا۔

We use cookies to improve our website. Cookies used for the essential operation of this site have already been set. For more information visit our Cookie policy. I accept cookies from this site. Agree