Print this page

حسینی فکر و فلسفے کو اپنا کر دنیا کو امن کا گہوارا بنایا جاسکتا ہے، علامہ مختار امامی

28 جولائی 2023

وحدت نیوز(قاضی احمد)مجلس وحدت مسلمین پاکستان صوبہ سندھ کے نائب صدر علامہ مختار احمد امامی نے کہا ہے کہ حسینی فکر و فلسفے اور کردار کو اپنا کر دنیا کو امن کا گہوارا بنایا جاسکتا ہے، یہی فکر کربلاء کے شہیدوں نے ہم تک پہنچائی اور مسلمانوں کو آج بھی استحکام کے ساتھ یکجا ہونے کی ضرورت ہے۔ عشرہ محرم کی مجلس سے خطاب کے دوران انہوں نے کہا کہ اس وقت مظلوم اور محروم طبقات کسمپرسی کا شکار ہیں اور ان کی داد رسی کرنیوالا کوئی نہیں ہے، ضرورت اس بات کی ہے کہ عدل و انصاف کا قیام ہو اور یتیم مسکین اور بے سہارا مسلمانوں کو بھی جینے کا حق دیا جائے، عوام بیدار ہوں اور اس سلسلے میں عملی اقدامات کریں۔

علامہ مختار امامی نے مزید کہا کہ مسلم امہ بیداری کے ساتھ ساتھ اپنے اندر حسینی فکر جرأت و بہادری اور صبر و تحمل کو اپنائیں تاکہ انسانیت کو ریلیف ملے اور پریشان حال مومنین بہتر زندگی گزارنے کے قابل ہوسکیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ امام حسنؑ اور امام حسینؑ جوانان جنت کے سردار ہیں اور یہ بات رسول اکرمؐ نے واضح طور پر کہی ہے خدا ان کو پسند کرتا ہے جو حسینؑ سے محبت کرتے ہیں لہٰذا ہمیں سچے عاشق رسولؐ ہونے کے ساتھ ساتھ امام حسینؑ کا عزادار بھی بننا ہوگا۔

We use cookies to improve our website. Cookies used for the essential operation of this site have already been set. For more information visit our Cookie policy. I accept cookies from this site. Agree