Print this page

قرنطینہ سینٹرز میں مدت پوری کرنے والے تمام زائرین کو فوری گھربھیجاجائے،علامہ سید وحید کاظمی

31 مارچ 2020

وحدت نیوز (پشاور) مجلس وحدت مسلمین خیبر پختونخوا کے صوبائی سیکرٹری جنرل علامہ سید وحید عباس کاظمی نے کے پی کے کی حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ قرنطینہ سینٹرز میں اپنے قیام کی مدت پوری کرنے والے افراد کے کرونا ٹیسٹ کیے جائیں اور جو افراد اس مرض میں مبتلا نہیں ہیں، انہیں ان کو گھروں کی طرف روانہ کیا جائے۔ اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ غیر متاثرہ افراد کو محض خدشات کی بنیاد پر غیر معینہ مدت تک قرنطینہ سینٹرز میں ٹھہرانا کسی بھی اعتبار سے درست نہیں۔ کرونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے ضروری ہے کہ مریضوں کو صحت مند لوگوں سے دور رکھا جائے۔ صوبائی حکومت کو چاہیئے کہ وہ محکمہ صحت کو اس حوالے سے فوری پالیسی مرتب کرنے کے احکامات صادر کرے، تاکہ قرنطینہ سینٹرز میں موجود ممکنہ متاثرین اور ان کے اہل خانہ کی تشویش میں کمی واقع ہو۔

ان سینٹرز میں بیشتر زائرین ایسے ہیں، جنہیں متعلقہ عملے نے مدت پوری کرنے کے باوجود تشخیصی مراحل سے گزارے بغیر جبری طور پر روک رکھا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عملے کا کہنا ہے کہ صوبائی حکومت کی جانب سے کوئی پالیسی جاری نہیں ہوئی، ان سے اب معاشرے کو کوئی خطرہ نہیں۔ صوبائی سیکرٹری جنرل کا مزید کہنا تھا کہ اس طرح کا ناروا اور نامناسب عمل کے پی کے کی حکومت کی ساری کارکردگی کو خاک میں ملا دے گا۔ ملک کے دیگر صوبوں میں ایسے افراد کو گھروں میں بھیج دیا گیا ہے، جن کے ٹیسٹ منفی آئے ہیں۔ تاہم خیبر پختوانخوا کے اقدامات اس کے برعکس ہیں۔ انہوں نے اعلیٰ حکام سے کہا ہے کہ اس سلسلے میں زائرین کی مشکلات کا فوری ازالہ کرکے ان کے اضطراب کو ختم کیا جائے۔

We use cookies to improve our website. Cookies used for the essential operation of this site have already been set. For more information visit our Cookie policy. I accept cookies from this site. Agree