ملک میں کئی ادارے اقبال کے نام سے منسوب مگر انکی فکر سے غافل ہیں، ایم پی اے آغا رضا

22 اپریل 2016

وحدت نیوز (کوئٹہ) مجلس وحدت مسلمین کوئٹہ کے صوبائی سیکریٹری سیاسیات اور بلوچستان اسمبلی کے رکن ایم پی اے آغا رضا نے یوم وفات علامہ اقبال کے موقع پر کہا کہ شاعر مشرق کے افکار سے دوری نے ملک کی تصویر بدل دی ہے، بہت افسوس کے ساتھ کہنا پڑتا ہے کہ علامہ اقبال نے جس پاکستان کا خواب دیکھا تھا آزادی کے کئی سالوں بعد بھی ہم اس پاکستان کو حاصل نہیں کر سکے۔ علامہ اقبال نے پاکستان کو اسلام کا مرکز بنانے کا فلسفہ مسلمانوں کے سامنے پیش کیا اور آزاد وطن کی ایک امید ہمارے بزرگوں کے دلوں میں پیدا کردی ، جس نے جدو جہد کو راستہ دیا اور ہم اسلامی وطن کے حصول میں کامیاب ہو گئے۔ آج وطن عزیز میں علامہ اقبال کے نام سے منسوب سینکڑوں ادارے ہونگے مگر انکی فکر کو دفن کر دیا گیا ہے اور پاکستانی قوم انکے افکار سے محروم ہیں۔ ان کے فلسفہ خودی کے ساتھ جو سلوک ہوا وہ کسی لحاظ سے قابل فخر نہیں ہے ، آزادی اور حریت کا جو سلیقہ اقبال نے بتلایا اس پر عمل نہیں کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ اشعار کی شکل میں ہم تک پہنچنے والے ادب کے یہ حصے، شاعر مشرق کے وہ افکار و خیالات ہیں جو اس دور کے دردمند مسلمانوں کی آواز تھی، علامہ اقبال نے برصغیر کے تمام مسلمانوں کو بیدار کیا اور انہیں اسلام پر عمل پیرا ہونے، قرآنی احکامات پر کاربند ہونے، سیرت نبی ؐ سے عملی استفادہ ہونے اور اسلامی اقدار کو برقرار رکھنے کی تلقین کی اور برصغیر کے تمام مسلمانوں کو پاکستان بنانے کا بنیادی فکر دیا۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ اپنے آپ کو علامہ اقبال کے افکار و نظریات کے سانچے میں ڈھالا جائے تاکہ پاکستان انفرادی لحاظ سے ترقی کرے اور عالم اسلام کا مرکز و محور قرار پائے۔ ایم پی اے آغا رضا نے کہا کہ علامہ اقبال نے امت مسلمہ کی حالت زار بیان کرنے کے ساتھ ساتھ امت مسلمہ پر کفار کی عسکری، علمی، فکری، اور ثقافتی یلغار پر بھی متعدد مقامات پر افسردگی اور بے چینی کا اظہار کیا، مسلم عوام کو استکبار و استبداد کی غلامی سے نجات حاصل کرنے کا درس دیا اور انہیں اسلام جیسے عظیم اور آفاقی مذہب کی تعلیمات اپنے اوپر نافذ کرنے اور اپنی بہترین اور اعلی ثقافت کو اختیار کرنے کا پیغام دیا۔ علامہ اقبال کے اس وسیع اور عالمی اہمیت کے حامل نظریات کی وجہ سے انہیں دنیا کے تمام معاشروں بالخصوص مسلم معاشروں میں بے انتہا عزت و منزلت حاصل ہوئی جس کے اثرات اب بھی نظر آتے ہیں۔ بیان کے آخر میں آغا رضا نے کہا کہ شاعر مشرق علامہ محمد اقبال نے قرآن و حدیث اور تاریخ اسلام سے جس طرح مثبت انداز میں استفادہ کیا وہ قابل تعریف ہے،اس استفادے کا واضح اظہار ان کے کلام میں دیکھا جا سکتا ہے، انہوں نے جگہ جگہ پر اسلام، بانی اسلام اور اسلامی اقدار و روایات کو موضوع کلام بنایا ہے اور اسکے ساتھ ساتھ انہوں نے جوانوں میں جذبہ پیدا کرنے والے کئی نظمیں لکھیں ہیں۔



اپنی رائے دیں



مجلس وحدت مسلمین پاکستان

مجلس وحدت مسلمین پاکستان ایک سیاسی و مذہبی جماعت ہے جسکا اولین مقصد دین کا احیاء اور مملکت خدادادِ پاکستان کی سالمیت اور استحکام کے لیے عملی کوشش کرنا ہے، اسلامی حکومت کے قیام کے لیے عملی جدوجہد، مختلف ادیان، مذاہب و مسالک کے مابین روابط اور ہم آہنگی کا فروغ، تعلیمات ِقرآن اور محمد وآل محمدعلیہم السلام کی روشنی میں امام حسین علیہ السلام کے ذکر و افکارکا فروغ اوراس کاتحفظ اورامر با لمعروف اور نہی عن المنکرکا احیاء ہمارا نصب العین ہے 


MWM Pakistan Flag

We use cookies to improve our website. Cookies used for the essential operation of this site have already been set. For more information visit our Cookie policy. I accept cookies from this site. Agree