وحدت نیوز(کوئٹہ) مجلس وحدت مسلمین پاکستان بلوچستان کے جاری کردہ بیان کے مطابق صوبائی ایگزیکٹیو کونسل کا اہم اجلاس صوبائی دفتر کوئٹہ میں منعقد ہوا۔ جس میں صوبائی صدر ایم ڈبلیو ایم علامہ سید ظفر عباس شمسی، صوبائی جنرل سیکریٹری علامہ سہیل اکبر شیرازی، صوبائی نائب صدر علامہ شیخ ولایت حسین جعفری، مجلس علمائے مکتب اہل بیت بلوچستان کے رہنماء علامہ موسیٰ حسینی، علامہ مبشر حسین، شعبہ عزاداری کے صوبائی صدر محمد رضا، سید وحید شاہ اور یوتھ ونگ کے ڈویژنل مسؤل محمد طفیل شریک ہوئے۔ اجلاس میں مرکزی سیکرٹری سیاسیات سید اسد عباس نقوی مرکزی، صدر عزاداری ونگ ملک اقرار حسین اور مرکزی سیکرٹری تنظیم سازی علامہ مقصود علی ڈومکی نے خصوصی طور پر شرکت کی۔ اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے ملک اقرار حسین علوی نے کہا کہ ایگزیکٹو کونسل مرکزی شوریٰ کے فیصلے کی روشنی میں قائم کی گئی ہے۔
جس کا ہدف مدر سیٹ اپ اور شعبہ جات کے درمیان ہم آہنگی کا فروغ ہے۔ اجلاس میں اتفاق رائے سے علامہ سہیل اکبر شیرازی کو ایگزیکٹو کونسل کا صوبائی کوآرڈینیٹر منتخب کیا گیا۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سید اسد عباس نقوی نے کہا کہ ہم ہر مظلوم کے حامی اور ظالم کے دشمن ہیں۔ ہم فلسطینی مظلوموں کی حمایت کو اپنی شرعی اور اسلامی ذمہ داری سمجھتے ہیں۔ علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ بلوچستان کے مومنین نے آزادی فلسطین و مسجد اقصیٰ کی راہ میں اپنے عظیم شہداء کی قربانیاں پیش کی ہیں۔ جنہیں یوم القدس کے دن مظلوم فلسطینیوں کی حمایت کے جرم میں دھشت گردی کا نشانہ بنایا گیا۔ کوئٹہ میں آزادی فلسطین مارچ تاریخی پروگرام ہوگا۔ اجلاس نے فیصلہ کیا کہ 24 دسمبر بروز اتوار کوئٹہ میں آزادی فلسطین مارچ ہوگا۔ جس میں مظلوم فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کیا جائے گا۔ اجلاس میں مدر سیٹ اپ اور شعبہ جات کے درمیان ہم آہنگی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے اسے مزید بہتر بنانے پر زور دیا گیا۔
ایم ڈبلیوایم کی صوبائی ایگزیکٹیو کونسل کا اہم اجلاس،کوئٹہ میں بھی آزادی فلسطین مارچ کے انعقاد کا فیصلہ